Tag: فراہمی

  • درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا افتتاح

    درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا باضابطہ افتتاح کردیا، وزیر اعلیٰ نے درہ آدم خیل میں گرلز کالج کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں کوہاٹ کے قصبے درہ آدم خیل میں سوئی گیس سپلائی کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ منصوبہ 350 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، منصوبے سے درہ آدم خیل کے 5 قبیلوں کو گیس فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر 1 سال میں 83 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ قبائلی اضلاع کے ہر فرد کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی مفت صحت سہولت ملے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پشاور سے ڈیرہ غازی خان ایکسپریس وے تعمیر سے جنوبی اضلاع کی ترقی ہوگی۔

    محمود خان نے سوئی گیس سے محروم دیگر گاؤں کی فیزیبلٹی تیار کرنے، درہ آدم خیل اسپتال کی اپ گریڈیشن اور گرلز کالج کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

  • اسرائیل نے مقبوضہ غزہ کے بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی

    اسرائیل نے مقبوضہ غزہ کے بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی

    تل ابیب : اسرائیل نے غزہ پٹی کے فلسطین کے مقبوضہ علاقے میں قائم واحد بجلی گھر کو بھی ایندھن کی فراہمی روک دی ہے جس کے باعث غزہ کے تقریباً 20 لاکھ فلسطینیوں کے لیے توانائی کی فراہمی کی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ مقبوضہ غزہ سے فلسطینی ابھی تک آتش زنی کے لیے غبارے ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف چھوڑ رہے ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارےکا کہنا تھاکہ مظلوم عوام کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے آتشیں بموں کو غباروں کے ساتھ باندھ کر اس لیے ناجائز ریاست اسرائیل کی طرف چھوڑا جاتا ہے تاکہ وہ جہاں گریں وہاں آگ لگ جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقبوضہ غزہ کو ایندھن کی فراہمی کے ذمے دار اسرائیلی محکمے نے کہا کہ غزہ کے بجلی گھر کو فی الحال کوئی ایندھن مہیا نہیں کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظالم اسرائیلی ریاست کے اس فیصلے سے مقبوضہ غزہ کے تقریبابیس لاکھ مظلوم فلسطینیوں کے لیے توانائی کی فراہمی کی صورت حال مزید ابتر ہو جائے گی۔

  • ایران کی طرف سے عراقی ملیشیا کو میزائلوں کی فراہمی کا انکشاف

    ایران کی طرف سے عراقی ملیشیا کو میزائلوں کی فراہمی کا انکشاف

    تہران/ بغداد : ایران اورامریکا کے درمیان پائی جانے والی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان عراق بھی میدان جنگ بن سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کے ایک سینئر سیکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ ایران کی طرف سے عراقی ملیشیاﺅں کو میزائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان میزائلوں کی فراہمی کا مقصد عالمی اتحادی فوج کی تنصیبات، عراق میں امریکی سفارت خانے اور ملک کے جنوب میں پٹرولیم کمپنیوں کو نشانہ بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے یہ میزائل عراق کی تین سرحدی گذرگاہوں الشیب، الشلامجہ اور زرباطیہ سے خوراک سے لدے ٹرکوںً پر عراق منتقل کیے گئے جہاں سے وہ جرف الصخر میں ملیشیاﺅں تک پہنچائے گئے ہیں۔

    مبصرین یہ خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ ایران اورامریکا کے درمیان پائی جانے والی حالیہ کشیدگی میں دونوں ملکوںکے درمیان عراق بھی میدان جنگ بن سکتا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے میزائلوں کی ایک کھیپ شام کے شہرالانبار میں بھی اسدرجیم نواز عسکریت پسندوں تک پہنچائی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق عراقی ملیشیا کو فراہم کردہ میزائل فوج کے پاس نہیں۔عراقی فوج کے ذرائع کے مطابق ایران کی طرف سے جن ملیشیاﺅں کو میزائلوں سے لیس کیا گیا ہے ان میں حزب اللہ، عصائب اھل الحق، النجباء، الخراسانیئ، فالح الفیاض کی قیادت میں جند الام، ابو مہدی، انجینیر ھادی العامری، نوری المالکی اور دیگرشامل ہیں۔

    حال ہی میں ایرانی پاسداران انقلاب کی سمندر پار عسکری کارروائیوں کی ذمہ دار فیلق القدر کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراق میں ایرانی سفیرکے مشیر محمدی آل صادق نے بھی ملاقات کی تھی۔

    ایران عراق کی سرحدی گذرگاہوں کو عراق کے عسکریت پسندوں کو اسلحہ کی فراہمی کے لیے ایک حربے کے طورپر استعمال کرتا رہا ہے۔

    ایرانی صدرحسن روحانی اور عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے درمیان طے پائے معاہدے کے تحت دونوں ملوں کی سرحد پر دو طرفہ آمد ورفت کے لیے ایک نیا معاہدہ بھی طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سامان کی آمد وترسیل کی اجازت دی گئی ہے۔

  • ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے امریکی فوجیوں کو جدید ترین اسلحے کی فراہمی

    ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے امریکی فوجیوں کو جدید ترین اسلحے کی فراہمی

    واشنگٹن/تہران : امریکی حکام نے ایرانی خطرے سے نمٹنے کےلیے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی تعینات کردئیے، جدید ترین فوجی سازو سامان اور اسلحہ بھی فراہم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوج پر حملوں کی دھمکیوں کے بعد امریکی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔

    امریکی فوج کی طرف سے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید ترین فوجی سازوسامان اور اسلحہ فراہم کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کی طرف سے خطرات کے پیش نظر امریکا نے جو اسلحہ بھیجا ہے ان میں جدید ترین بمبار طیارے، چار بحری بمبارجہاز، بھاری بم گرانے کی صلاحیت والے طیارے، ڈرون طیارے،زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائلوں کی بیٹریاں اور دیگر جنگی آلات شامل ہیں۔

    بحری جنگی جہاز یو ایس ایس آر لنگٹن بھی اس مہم میں شامل ہے۔ خشکی اورپانی میں استعمال ہونے والے وہیکل، زمین سے فضاء میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائلوں کی بیٹریاں بھی مشرق وسطیٰ میں منتقل کی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی بحری بیڑے کو ایک میزائل سے تباہ کرسکتے ہیں، ایران

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2015 میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

    ایران کے سرکردہ عالم دین مولانا یوسف طباطبائی کا اصفھان میں جمعے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اربوں ڈالر مالیت کے طیارہ بردار بیڑے کو صرف ایک میزائل سے تباہ کرسکتے ہیں‘۔

  • اسکولوں کی تعمیر،امریکہ نےپاکستان کو155ملین ڈالرزفراہم کردیے

    اسکولوں کی تعمیر،امریکہ نےپاکستان کو155ملین ڈالرزفراہم کردیے

    کراچی : امریکہ نے یو ایس ایڈ پروگرام کے تحت سندھ میں جدید سہولتوں سے آراستہ106 اسکولوں کی تعمیر کے لیے 15کروڑپچاس لاکھ ڈالرز فراہم کیے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ حکومت کےترجمان نے ریڈیو پاکستان کو بتایاکہ پہلے مرحلے میں سندھ کے شہر روہڑی میں اسکول تعمیر کیاگیا ہے جومفت تعلیم کو فراہمی کویقینی بنائےگا۔

    ترجمان سندھ حکومت کا کہناتھا کہ اس منصوبے کےتحت پسماندہ علاقوں کے بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے حال ہی میں اسکولوں میں زیادہ سے زیادہ ممکن انرولمنٹ کو یقینی بنانے کےلیے تعلیمی ایمرجنسی عائد کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 17اکتوبر کو وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہناتھا کہ صوبے بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور صوبائی حکومت پرائمری سے لے کر یونیورسٹی سطح تک تعلیمی معیار بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

  • پنجاب میں صعنتوں اورسی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی 4 ماہ کیلئے معطل

    پنجاب میں صعنتوں اورسی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی 4 ماہ کیلئے معطل

    لاہور: پنجاب میں صعنتوں اورسی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی اگلے چار ماہ کے لئے بند کردی گئی۔

    موسم سرما میں بجلی کے ساتھ ساتھ عوام کو گیس کی لوڈشیڈنگ بھی برداشت کرنی پڑے گی، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پنجاب میں سی این جی اور انڈسٹری کواگلے چار ماہ کے لئے گیس معطل کردی۔

    ایس این جی پی این کا موقف ہے کہ سردیوں میں گیس کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے،گھریلو صارفین اور پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنا پڑ رہی ہے، لیکن وزارت خزنہ نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے کی جانے والی لوڈشیڈنگ کو معطل کردیا گیا ہے۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یہ فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کی رضامندی سے کیا ہے،ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا حتمی فیصلہ متعلقہ وزراء کی وطن واپسی پر کیا جائے گا۔

  • مسائل حل نہ ہوئےتو دھرنے کا اعلان کریں گے،سی این جی ایسوسی ایشن

    مسائل حل نہ ہوئےتو دھرنے کا اعلان کریں گے،سی این جی ایسوسی ایشن

    کراچی: آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نےکہاہےکہ دس دن میں درپیش مسائل حل نہیں ہوئےتوبیس نومبرکوایس ایس جی سی کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔

    آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون اورآل کراچی ٹرانسپورٹ اتحادکا مشترکہ اجلاس ہوا، جس کے بعد دونوں تنظیموں کے صدور نےمشترکہ نیوزکانفرنس میں بتایاکہ حکومت نےنجی کمپنی کے ذریعے ایل این جی متعارف کرنےکافیصلہ کیاہے جوسی این جی گیس ٹیرف سےتین گناہ مہنگی ہوگی۔

    اُن کاکہناتھاکہ ایل این جی آنےسےسی این جی کی فی کلوقیمت 110روپےتک پہنچ جائیگی، انہوں نےمزیدبتایاکہ ہفتےمیں سی این جی کی تین روزہ بندش کےبعد ایس ایس جی سی اب چار روزکیلئے سی این جی اسٹیشنز بندکرنے کیلئے پرتول رہی ہے۔سی این جی ایسوسی ایشن اور آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نےحکومت سےمطالبہ کیا ہےکہ مسائل کےحل کیلئے وزارت پیٹرولیم،ایم ڈی ایس ایس جی سی اور سندھ کے اسٹیک ہولڈرزپرمشتمل کمیٹی بنائی جائے ورنہ پورےکراچی میں احتجاج ہوگا۔

  • سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں،ایس این جی سی

    سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں،ایس این جی سی

    اسلام آباد: سوئی نادرن گیس کمپنی عید کے دوسرے اور تیسرے دن پنجاب میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی سے معذرت کرلی ہے، تفصیلات کے مطابق عید قربان پر عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے عید کے تینوں دنوں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی ۔

    دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشنز کو عید کے دوسرے اور تیسرے دن گیس فراہمی سے معذرت کرلی ہے ۔ سوئی نادرن گیس کمپنی کے مطابق قادر پور گیس فلیڈ کی سالانہ مرمت کےلیے بند ہے جس کے باعث سسٹم میں گیس کی فراہمی کم ہے ۔

    اس صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔