Tag: فردوس عاشق اعوان

  • میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی، فردوس عاشق اعوان

    میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر فخر ہے، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل ازم کے ساتھ اچھا انسان ہونا ضروری ہے، میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر فخر ہے، سماجی کارکن کسی منصب پر پہنچتا ہے تو اس کی ترجیح انسانیت ہوتی ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ میری تربیت میں میرے والدین کا اہم کردار ہے، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کے لیے نہیں آئی۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نا ممکن کو ممکن بنا کر پاکستان کے ایوانوں میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈنکے کی چوٹ پرکہتی ہوں عمران خان سیاست دان نہیں ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ شوکت خانم غریب اور مستحق لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے، آج کا مریض جاگیردار، سرمایہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسراس ملک میں غریب کے لیے درد سر بنا ہوا تھا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امیر کے لیے تو اتنی مشکلات نہیں کیوں کہ وہ پیسے والا ہوتا ہے، عمران خان نےغریبوں کے لیے کینسر کا اسپتال بنایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا تعارف اسلامی فلاحی ریاست کا ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو علاج کی سہولتیں دے، اسپتالوں میں 90 فیصد لوگ مریضوں کو سہولتیں دے رہے ہیں، اسپتالوں میں 10 فیصد ایسے بھی ہیں جو مریضوں کا استحصال کرتے ہیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے کو اپنے مقصد کو نہیں بھولنا چاہیے، طبی شعبے سے وابستہ ہر شخص کا فرض دکھی انسانیت کی خدمت ہے، بدقسمتی سے پبلک اسپتالوں میں مریض، ڈاکٹرز کا رشتہ کمزور ہوتا نظر آتا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسٹیٹس کو چیلنج کریں تو وہاں رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے، لیڈرشپ پرعزم ہو تو حیلے بہانے منزل پر پہنچنے سے نہیں روک سکتے۔

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے، ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2020 عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کا سال ہوگا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپنے گھر لاڑکانہ سے شکست کھانے والوں کے منہ سے نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے۔ لاڑکانہ کی حالیہ شکست کرپشن کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام نے 2 خاندانوں کے دہائیوں سے مسلط اقتدار کو زمین بوس کر کے عمران خان کی قیادت میں حقیقی عوامی راج قائم کر دیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خود اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے، عوام اقتدار عمران خان کو دیں تو ان کی طبیعت ناگوار کیوں؟

  • مافیا کی حکومت نے لفافہ کلچرشروع کیا تھا، فردوس عاشق اعوان

    مافیا کی حکومت نے لفافہ کلچرشروع کیا تھا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مافیا کی حکومت نے لفافہ کلچرشروع کیا تھا، عمران خان کی مافیا کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی ترجمان سن لیں مافیا کی حکومت نے لفافہ کلچرشروع کیا تھا، اخبارات کے دفاتر پرحملے، نیوز پرنٹ بلیک میلنگ کی جاتی تھی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لوگوں کو آج بھی سیف الرحمان کا کردار یاد ہے، اخبارات،سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے درج کرنا ان کا مشغلہ تھا، اداروں کا قانون پرعمل کرنا ڈاکو، چور، مافیا کو برا لگتا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی مافیا کے خلاف جنگ جاری رہے گی، چور لٹیروں، ڈاکوؤں سے قوم کا مال نکلوانا عبادت ہے، نیک مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، 2020 میں عوام کو بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سال بڑی مشکل میں گزارا ہے، دونوں حکومت نے 10سال میں باریاں کیں، 4 گنا قرضہ بڑھایا، ہم نے جو پہلے سال ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج جلال پور کینال منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، منصوبے سے پنجاب کے لوگ مستفید ہوں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع کیس میں نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے، فیصلے کے اندر بہت سے قانونی نقائص ہیں۔ حکومت پاکستان نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپیل عوامی مفاد کے لیے دائر کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیس میں تفصیلی فیصلے میں کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی رہائی کے تفصیلی فیصلے پر اپیل دائر کرے گی۔ اے این ایف قومی ادارہ ہے اس کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے حوالے سے مسلسل تضحیک آمیز انداز اپنایا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اے این ایف کو رانا ثنا سے ذاتی دشمنی یا عناد نہیں تھا۔ تاثر دیا گیا کہ رانا ثنا اللہ سے اے این ایف کے ذریعے سیاسی انتقام لیا گیا۔ کیس کے تفصیلی فیصلے میں میڈیا کہہ رہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بے گناہ ہیں، میڈیا پر لگنے والی عدالتیں زیادہ طاقتور ہیں تو یہ بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ اس سے لیا جاتا ہے جس سے ریکوری کرنا ہوتی ہے۔ اے این ایف کے اکثریت کیسز میں جائے وقوع پر ہی ابتدائی کارروائی ہوتی ہے۔ تصدیق کے لیے سیمپل چند گرام کا ہی بھیجا جاتا ہے۔

  • ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا، خصوصی پیکیج خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت راشن اسکیم کے ذریعے معاونت کی جائے گی، 33 ہزار498 خاندانوں میں ہر شادی شدہ خاتون کی سہ ماہی مدد کی جائے گی، جبکہ ہرسہ ماہی خاتون کو 5ہزار روپے دیے جائیں گے، رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔

    ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مار دیے۔

    واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

  • عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر شپ کا وژن اس کی کمٹمنٹ ہوتی ہے، وزیر اعظم کا وعدہ تھا کہ اداروں میں اصلاحات کی جائیں گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جو اپنی ذات کی نفی کرتا ہے وہ مشکلات کو مواقع میں بدلتا ہے، آئیڈیالوجی کے لیے کھڑے ہونے والے کے ساتھ ابتدا میں چند لوگ ہی ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہو تو قائد اعظم کی طرح خواب تعبیر میں بدل جاتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔ عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اصلاحات کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی، رہنما ذاتی مفاد نہیں بلکہ قوم کے لیے سوچتا ہے۔

  • تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے مسیحیوں خصوصاً پاکستان میں رہنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

    انہو نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کے وژن کی پاسداری کرتے ہوئے نئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ جاری رکھیں گے۔

  • کابینہ اجلاس: جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

    کابینہ اجلاس: جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ جان بچانے والی دواؤں سمیت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مشترکہ میڈیا بریفنگ دی۔

    معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں دواؤں کی قیمتوں پر نظر ثانی کے معاملے پر بات ہوئی، کابینہ نے 89 دواؤں کی قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں بہت سی جان بچانے والی دوائیں شامل ہیں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ فیصلہ 2018 کی میڈیسن پرائسنگ پالیسی کے تحت کیا گیا۔ ضروری دواؤں کی قیمتوں میں 3 سال تک 10 فیصد سالانہ کمی کرنا ہوتی ہے۔ دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ہفتے میں نظر ثانی کر کے نئی پالیسی لائی جائے گی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، حکومت نے مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کی ہدایات دی ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں 12 دسمبر 2019 کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں فرخ اقبال کو صدر اور سی ای او ویمن بینک تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے 11 ممبران کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ایل او سی کے اطراف آبادی کے لیے بھی خصوصی پیکج کی منظوری دی ہے۔ پیکج کے تحت ایل او سی کے متاثرہ گھرانوں کے لیے 67 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے راشن اسکیم متعارف کروائی جارہی ہے۔ ایل او سی پر ہر شادی شدہ خاتون کو 4 ہزار روپے ہر سہ ماہی دیے جائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس میں وفاقی شیئرز فروخت کرنے کا معاملہ ای سی سی بھجوا دیا گیا، طلحہ علی خان کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ دارالحکومت کو گندگی سے صاف کیا جائے۔ ریئر ایڈمرل ذکا الرحمان کو جنرل مینیجر کے پی ٹی تعینات کرنے اور بھارت سے پولیو فنگر مارکر درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ای سی ایل میں ناموں کے اندراج اور اخراج کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست یکسر مسترد کردی گئی ہے، ای سی ایل سے 8 نام نکالنے کی منظوری دی گئی اور 8 کو مؤخر کیا گیا ہے۔ حکومت جو بھی کام کرے گی آئین و قانون کے مطابق کرے گی۔ کابینہ نے 4 نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری بھی دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین کے اختیارات کم نہیں کررہی، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کو کابینہ نے مسترد کیا ہے۔

  • بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے بات کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع میسر ہیں، آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں امتیازی اور متعصبانہ شہریت کے قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بھارتی شہر میدان جنگ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مودی اپنی بدنیتی، بد فطرتی اور چالاکی سے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و جبر سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں مہینوں سے کرفیو نافذ ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی زندگیوں پر موت کے پہرے ہیں۔ امتیازی شہریت کے متنازع قانون نے مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت کی تصدیق کردی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

  • بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے، فردوس عاشق اعوان

    بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے، بھارت نے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی پر چھیڑ خانی کی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائداعظم نے آر ایس ایس کا نظریہ بھانپ لیا تھا، پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے والے آج اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا نظریہ وہیں ملیہ میٹ ہو رہا ہے، بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بھارت ایل اوسی پر چھیڑ چھاڑ کرکے دنیا کو غلط معلومات دے رہا ہے، بھارت نے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی پر چھیڑخانی کی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم روایتی انداز میں دہرا رہا ہے، بھارت اپنے اندرون حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارتی میڈیا جھوٹ اور پاکستان کا میڈیا حقائق دکھا رہا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک جماعت کو شہید بینظیر بھٹو کی یاد صرف برسی پر ستاتی ہے، سلیکشن پرچی پر آنے والے سیاست میں اسکائی لیب کی طرح اترے ہیں، پاکستان کی عوام اور حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب ملک میں گٹھ جوڑ، مک مکا والی جمہوریت واقعی نہیں ہے، پرچی کے ذریعے آنے والے وزیراعظم کو سلیکشن کا طعنہ دے رہے ہیں، بلاول صاحب سندھ میں جمہوریت لائیں، اپنے وزیراعلیٰ کو آزاد کریں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت کی باتیں کرنے والے بلاول پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لائیں، جمہوریت اقتدار کا نہیں بلکہ عوام کی رائے کا نام ہے۔