Tag: فردوس عاشق اعوان

  • فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں، معاون خصوصی جدہ میں تنظیم اسلام تعاون (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گی اور مختلف تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

    روانگی سے قبل انھوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔

    فردوس عاشق تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بطور بانی رکن پاکستان نے او آئی سی میں ہمیشہ فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی، مقبوضہ کشمیر اور بابری مسجد کے فیصلے پر آواز اٹھاؤں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔ اسلام کا حقیقی اور روشن چہرہ دنیا بھر میں روشناس کروانا ہے۔

  • مسلم لیگ ن  نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی

    مسلم لیگ ن نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست جمع کرا دی، جس میں کہا گیا حکومت ممنوعہ اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی، ن لیگ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت ممنوعہ اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنس الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے مترادف ہے۔

    معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ بھی درخواست کے ساتھ لگایا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن کےباہرمیڈیاسےگفتگو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نےفارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربےاستعمال کیے، پی ٹی آئی رہنماؤں نےالیکشن کمیشن کے خلاف الزامات شروع کردیے، فردوس عاشق اعوان نے کہا دال میں کچھ کالا ہے یا پوری دال کالی ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم سے بابر اعوان کی ملاقات، ’فارن فنڈنگ نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ہے

    جہانگیر جدون کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرانےبیانات دےکرالیکشن کمیشن پردباؤڈالنےکی کوشش کی ، اسکروٹنی کمیٹی کل سےروزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گی۔

    یاد رہے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کی درخواست منظور ہوگئی تھی اور الیکشن کمیشن نے چھبیس نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو کام تیزکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت اب روزانہ ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی میں دو اراکین نے یہ فیصلہ لکھا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے سابق وکیل فیصل حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ معاملہ فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے، پی ٹی آئی کوکوئی خطرہ نہیں ، تحریک انصاف کے ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کو بھی دیکھا جائے۔

  • عدالتوں کے لیے لانگ ٹرم اسٹریٹجی بننے جا رہی ہے، فردوس عاشق اعوان

    عدالتوں کے لیے لانگ ٹرم اسٹریٹجی بننے جا رہی ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتوں کے لیے لانگ ٹرم اسٹریٹجی بننے جا رہی ہے، مولانا کا پلان اے بری طرح ناکام اور پلان بی رسوائی کا سبب بنا، امید ہے نواز شریف کی حتمی بیماری سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج اللہ کی شکر گزار ہوں کہ عدالت نے ہمیں سرخروکیا اور عدالتی حقائق سےآگاہی دلائی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سائلین کو مشکلات، ضلعی عدالتوں اور ڈسٹرکٹ کورٹ میں وسائل کی کمی کاسامناہے، عدالتوں میں مؤثر میکنزم کی کمی تھی ، وزیراعظم نے اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بنائی ، کمیٹی نے تیز رفتاری کیساتھ ترجیحات کو مرتب کیا ہے، ہائی کورٹ بعد میں بنی یہ مسئلہ تو 72سال کا ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا ڈسٹرکٹ،اسلام آباداورسپریم کورٹ بارزکی شکرگزارہوں، بارز نےتمام مسائل کےتدارک سےسائلین،حکومتی کوآگاہ کیا، سب سےبڑے اسٹیک ہولڈرز وکلا ہیں ، آپ کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جون میں اسلام آباد ہائی کورٹ نئی عمارت منتقل ہوگی، ہائی کورٹ منتقلی کے بعد جوڈیشل کورٹ یہاں منتقل ہوگی، 7 ماہ میں ہنگامی بنیاد پر کام کا آغاز کر رہے ہیں، ان اقدامات سے وکلاء اور سائلین کی مشکلات کم ہوں گی جبکہ عدالتوں کیلئے لانگ ٹرم اسٹریجی بننےجارہی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت خواتین وکلاء کو سوشل کلچرل اونر شپ دے گی، فیملی کورٹس سے جڑے مسائل بھی حل کریں گے ، عدالت عالیہ کا ایک وقار،احترام اورتقدس ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مجھے آج او آئی سی میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے، جس میں 3 اہم ایشوز پاکستان اٹھانےجارہاہے، اوآئی سی میں ناروے میں قرآن پاک بےحرمتی کامعاملہ اٹھائیں گے، دوسری ترجیح مسئلہ کشمیرسے متعلق معاملات ہیں، مقبوضہ وادی میں سرعام کشمیریوں کا قتل جاری ہے، پاکستان کی تیسری ترجیح بابری مسجد سےمتعلق فیصلے پر تحفظات ہیں ، بابری مسجد کیس کے فیصلے سے کروڑوں مسلمانوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عوام، حکومت پاکستان اور او آئی سی کو ملکر حکمت عملی بنانا ہوگی، حکمت عملی سے ہی بھارت کو روکا جاسکے گا، بھارت مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا جارہا ہے، ہندو توا عالم اسلام کیلئے چیلنج بنتا جارہا ہے، اوآئی سی کا اجلاس مسلمانوں کے جذبات کی عکاسی کرے گا اور بھارتی اقدامات روکنے میں کارآمد ثابت ہوگا۔

    مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کیساتھ ان کے اپنے لوگ نہیں تو عوام کیسے ہوگی، پلان اے بری طرح ناکام اور پلان بی بھی رسوائی کا سبب بنا، مولانا جھوٹ کا سہارا لیکر خود کو تسلیاں دے رہے ہیں، انھوں نے انتہا پسند سوچ اختیار کی اور عوام نے انہیں مسترد کردیا۔

    معاون خصوصی نے کہا پاکستان نے قربانیاں دیکر انتہا پسندی اور دہشت گردی پر قابو پایا، اب کوئی پاکستان کو ترقی کرنے سے روک نہیں سکتا، مولانا اور ہمنوا کو 2018 میں ناکامی ہوئی، آئندہ بھی کوئی جگہ نہیں۔

    آصف زرداری کی صحت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی پارٹی اور ان کی فیملی کو صحت کی زیادہ فکرنہیں، زرداری صاحب عدالت میں درخواست دیں،عدالتی حکم کی پیروی ہوگی۔

    فردوس عاشق اعوان نے نواز شریف کے حوالے سے کہا میاں صاحب سےمتعلق ان سے پوچھیں جو ان کی سانسیں بھی گنتے ہیں، میاں صاحب کو پردیس گئے اتنے دن ہوگئے، پردیس سے کوئی چٹھی نہیں آئی کہ بیماری کی تشخیص کیا ہوئی، امید ہے نواز شریف کی حتمی بیماری سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

  • توہین عدالت کیس میں  غلام سرور اور فردوس عاشق اعوان کی معافی قبول

    توہین عدالت کیس میں غلام سرور اور فردوس عاشق اعوان کی معافی قبول

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی معافی قبول کرلی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اپنے سیاسی مقاصد کیلئے عدالتی فیصلے استعمال نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی۔

    چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا غلام سرورکہاں ہیں؟ جس پر وکیل غلام سرور نے بتایا غلام سرورعدالتی حکم پرساڑھے10بجےتک پہنچیں گے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا فردوس عاشق اعوان کے کیس کو بھی ساتھ سنیں گے۔

    جس کے بعد فردوس عاشق اعوان اور غلام سرورخان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے توہین عدالت کا فیصلہ سناتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی معافی قبول کرلی، فردوس عاشق اعوان نے بھی معافی نامہ تحریری طورپر لکھ کر دیا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا آپ دونوں اہم عہدوں پرہیں، آپ لوگوں کی باتوں سےلوگوں کاعدلیہ پراعتماداٹھ جاتا ہے، سیاسی لوگوں کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد خراب ہو جاتا ہے، غلام سرور خان نے کہا میرا بیان سیاسی تھا، اپنے سیاسی مقاصد کیلئے عدالتی فیصلے استعمال نہ کریں۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ کسی کوتوہین عدالت کا نوٹس جاری کرنا اچھا نہیں لگتا، ہماری ذات پر کچھ بھی کہیں ،کوئی مسئلہ نہیں، سیاسی بیان بازی سےلوگوں کے اعتماد کو کنورٹ نہ کریں ، آپ کی بیان بازی بالکل توہین عدالت ہے۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے مزید کہا غلام سروراور فردوس عاشق کیخلاف عدالتی نوٹس واپس لیتےہیں، فیصلہ خلاف آنے پرعدالتوں پر تنقید شروع ہوجاتی ہے ، وزیراعظم نے وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیا، وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا میں عدالت کا شکر گزار ہوں، جس پر جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا لپ شکر گزار ہونے کی ضرورت نہیں، عدالتیں آئین کے مطابق فیصلہ کرتی ہیں۔

    یاد رہے 14 نومبر کو توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی تھی، جس پر عدالت نے غلام سرور کی غیر مشروط معافی پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور آئندہ سماعت پرفردوس عاشق اعوان، غلام سرور ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس ، غلام سرور کی عدالت سے غیر مشروط معافی ، فیصلہ محفوظ

    دوران سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا تھا میڈیکل بورڈکی بنیادپرنوازشریف کوضمانت دی گئی، آپ کوابھی تک احساس نہیں کہ آپ نے کیا کہا تو غلام سرورخان کا کہنا تھا کہ میں نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر شک کا اظہارکیاتھا، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا آپ کی حکومت ہے آپ شک کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ کو وزیر اعظم پر بھی شک ہے، آپ منتخب حکومت کے وزیر ہیں، آپ شک پیدا کررہے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل سماعت میں عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی غیر مشروط معافی مسترد کردی تھی اور ڈیل سے متعلق بیان پر وفاقی وزیر غلام سرور خان کو طلب کرلیا تھا، اور کہا تھا کہ فردوس عاشق کا توہین عدالت کیس غلام سرور کیس کے ساتھ سنا جائے گا۔

    خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے شام کو خصوصی طور پر عدالت لگائی گئی۔

  • بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں: فردوس عاشق اعوان

    بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے، ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یکساں نظام تعلیم اور نصاب پر کام کر رہی ہے، صوبائی حکومتیں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق عمل کے لیے پرعزم ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تعلیمی پالیسی میں صرف داخلے نہیں جاب پورٹل بھی بنا رہے ہیں۔ جدید تقاضوں کے مطابق حکومت ایک نظام لا رہی ہے۔ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ای گورننس اور ای کامرس کے لحاظ سے سہولتیں ناکافی ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتیں اہداف کے مطابق استعمال کریں گے۔ سیالکوٹ کے جاب سے متعلق ماڈل کو پنجاب اور پورے ملک میں لاگو کریں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے صنعتیں چلیں گی تو غریب کے گھر کا چولہا جلے گا، کاشتکار سے صارف تک جنس پہنچنے میں ایک خلیج حائل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری کالج دن میں چلتے ہیں، شام میں عمارات استعمال نہیں ہوتیں۔ منصوبہ متعارف کروا رہے ہیں جس میں خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز ہیں۔

    سیاسی حالات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حقائق بولتے ہیں، چھپ نہیں سکتے۔ نواز شریف کہتے تھے پاکستان میں رہ کر ووٹ کو عزت دوں گا، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ اب ان کا چند دن جیل میں گزارنا مشکل ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ ترجمان آہ و بکا کر رہے تھے کہ میاں صاحب کو شدید خطرات ہیں۔ کافی دن ہوگئے ترجمان تازہ صورتحال عوام کو بتانے سے قاصر ہیں۔ اتنے دن گزر گئے باہر کے ڈاکٹروں کی حتمی سفارش نہیں آئی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کے ترجمان بتائیں کہ اب ان کے پلیٹ لیٹس کتنے ہیں؟ وہ کون سی خطرناک بیماری تھی جس کا علاج یہاں ممکن نہیں تھا؟ بیمار کے ساتھ وہ سہولت کار بھی بھاگ گیاجو نیب اور عدالتوں کو مطلوب ہے، قوم جاننا چاہتی ہے سہولت کار کو کیا بیماری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے والے کا نام صرف عمران خان ہے، باقی سب مسترد لوگوں کا ٹولہ ہے۔

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے، الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرنے والے آج سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنے، کاروبار کرنے اور علاج کروانے والے اور ان کے ہم نوا فارن فنڈنگ کیس میں بھی منہ کی کھائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پر فارم 45 اور آر ٹی ایس کے حوالے سے الزام عائد کرنے والے آج نئے بہروپ میں الیکشن کمیشن کو سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا تھا کہ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے اور گزارا صرف تسلیوں پر کرنا پڑا، مولانا نے پارلیمان کی ایک سیٹ کے لیے سیاسی رسوائی اٹھائی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا، عوام لشکر کشی اور انتشاری سیاست کے خلاف ہیں۔

  • فردوس عاشق اعوان کا یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان

    فردوس عاشق اعوان کا یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان

    سیالکوٹ : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جی سی یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہارجیت آپ میں اسپورٹس مین شپ پیداکرتی ہے، اپنےاندر تبدیلی لائے بغیر کوئی بھی تبدیلی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جی سی یونیورسٹی پاکستان کامثبت تشخص اجاگر کررہی ہے، خواتین کے حق کی آواز بن کر نمائندگی کررہی ہوں، قومی مفاد کی خاطر اپنا مفاد قربان کرنا چاہیے، حضورﷺ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ہماری ذمہ داری حکومت کا بیانیہ میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے، علامہ اقبال نے سوئی ہوئی قوم کو اپنے اشعارسےجگایا، علامہ اقبال نے عوام میں نئی روح پھونکی اور خودداری کا در س دیا، انھوں نے بہت پہلے ہندوتوا کی سوچ کو جان لیا تھا اور قائداعظم سے ملکر اپنے خواب کو تعبیر دی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان قدرتی وانسانی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن پاکستان میں اکثریت ایک فرسودہ نظام کی غلام بن گئی، قوم کوذہنی غلامی سےنجات دلانے کیلئے ہمیں جدوجہد کرنا ہوگی، خواتین مل کر گلےسڑےنظام سے نجات کیلئے کردارادا کرسکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے میدان میں دھکے کھاتے ہوئےمجھے20سال ہوگئے ، ڈاکٹر دکھی انسانیت کے زخموں پرمرہم رکھ کر کردار ادا کرتے ہیں ، اپنےاندر تبدیلی لائے بغیر کوئی بھی تبدیلی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی، آپ اور ہم سب نے مل کر اس نظام کو بدلنا ہے ، ہم نے سب سے پہلے اپنی سوچ کو بدلنا ہے ، قانون کی مؤثر حکمرانی کے لئے معاشرے کوبدلنا ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا عارضی پالیسیاں ہمارے معاشرے کا المیہ رہی ہیں، موجودہ حکومت ملک کو آگے لیکر جانا چاہتی ہے، خواتین کو سیاسی ، معاشی محاذ پر خود مختاری دیناہوگی، ملک میں یکساں نظام اور مؤثر تعلیمی پالیسی بنائیں گے ، اپنے نظریات پر کھڑے ہو کر حق، سچ کا راستہ اپنائیں، ملک کا وقار مجروح کرنیوالوں کو معاف کرنا مشکل ہوتا ہے۔

    معاون خصوصی نے جی سی یونیورسٹی کی طالبات کو 100اسکالرشپس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہار جیت آپ میں اسپورٹس مین شپ پیداکرتی ہے، سیاست دانوں سے نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں، ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جاسکتا۔

  • ’عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

    ’عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاناما کی کرپشن اورکالی کمائی کے انبار قوم بھولی نہیں ہے، عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن اندازمیں جھوٹ کا اقبال بلند کر رہی ہے، آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی فارن میں ہیں، کاروبار اور علاج بھی فارن میں ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاناما کی کرپشن اورکالی کمائی کے انبار قوم بھولی نہیں ہے، عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کراحسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، آج نئے بھیس میں پھرقوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ احسن صاحب آپ جس مشن 20،20 پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018 میں 5 سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔

    ’پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جاچکا ہے‘

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جا چکا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے بیرونی فنڈنگ پرمنی ٹریل کیوں پیش نہیں کی جاتی؟

  • رہبرکمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے، فردوس عاشق اعوان

    رہبرکمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رہبرکمیٹی کوخود رہبری کی ضرورت ہے، رہبر کمیٹی مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، اپنے مؤقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم آئین کی حکمرانی اوربلا تفریق احتساب کے داعی ہیں، قوم گواہ ہے سب سے بڑی عدالت نے کسے صادق،امین قرار دیا، کون بد دیانت ٹھہرا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ رہبرکمیٹی کوخود رہبری کی ضرورت ہے، رہبر کمیٹی مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تحریک انصاف کے خلاف غیرملکی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست احکامات کے ساتھ نمٹادی، درخواست ایکسل لوڈ کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر دائر کی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف ایکسل لوڈ کے عدالتی حکم عدولی پر درخواست کی سماعت ہوئی ، سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

    وکیل نے بتایا عدالت نے ایکسل لوڈ پر عمل در آمد معطل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف حکم امتناعہ جاری کیا تھا ، جس پر جسٹس میاں گل حسن کا کہنا تھا ایکسل لوڈ کے معاملے پر قانون پر عمل کیا جائے، جس کے بعد عدالت نے احکامات کے ساتھ درخواستیں نمٹادیں۔

    فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی ایک اور درخواست دائر کی گئی تھی ، درخواست ایکسل لوڈ کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر دائر کی گئی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت نے ایکسل لوڈ پر عمل درآمد معطل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کیا، فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہاکہ وزیراعظم نے ایم نائن موٹروے پر ایکسل لوڈ پر عمل درآمد روک دیا، ان کی ٹویٹ عدالتی حکم کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کی حکم عدولی کرنے پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

    مزید پڑھیں : فردوس عاشق کا توہین عدالت کیس غلام سرور کیس کے ساتھ سنا جائے گا،عدالت

    یاد رہے اس سے قبل بھی توہین عدالت کیس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے غیرمشروط معافی مانگی تھی ، جسے عدالت نے قبول کرلی تھی اور نیا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

    بعد ازاں فردوس عاشق اعوان نے جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا تھا ، جس میں پھر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتی ہوں، پاکستان کی ہر عدالت اور جج کا احترام کرتی ہوں، عدلیہ کی آزادی پریقین ہے، نواز شریف کی اپیل پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔

    جس پر عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی غیر مشروط معافی مسترد کردی تھی اور ان کے خلاف کیس وفاقی وزیر غلام سرور کیس کے ساتھ منسلک کردیا تھا۔

    خیال رہے  اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے شام کو خصوصی طور پر عدالت لگائی گئی۔