Tag: فردوس عاشق اعوان

  • فوج سے مل کر سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے: فردوس عاشق اعوان

    فوج سے مل کر سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی چوکیوں کو مربوط نظام سے منسلک کیا جائے گا، فوج سے مل کر سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا کہ خیبر پختون خوا کے قبائلی اضلاع میں سرحدی چوکیوں کو بہتر بنایا جائے گا، مغربی سرحدی علاقوں میں قائم چوکیوں کو جدید نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا اسمگلنگ سے قومی خزانے کو ہر سال اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، 105 ارب کی اسمگلنگ صرف ڈیزل کی ہو رہی ہے، اس لیے افواج پاکستان کی مدد سے اپنے بارڈرز کو محفوظ بنانے جا رہے ہیں، سرحدی چوکیوں پر پہلے مختلف اداروں کے اہل کار تعینات تھے، اب انھیں مربوط نظام میں منسلک کر دیا جائے گا۔

    فردوس عاشق نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کو متبادل روزگار فراہم کیا جائے گا، ٹیکس فری اقتصادی زونز فعال کیے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی، افواج کے ساتھ مل کر اسمگلنگ کے خلاف جامع حکمت عملی پر عمل درآمد ہوگا۔

    معاون خصوصی نے کہا سارا دن مولانا فضل الرحمان کا حسین چہرہ ہر چینل پر دکھایا جا رہا ہے، پھر بھی انھیں شکایت ہے، وہ پتا نہیں کون سے انداز میں چاہتے ہیں کہ دکھایا جائے، جو دستیاب چہرہ ہے وہ تو دکھایا جا رہا ہے، میڈیا سے بھی گذارش ہے ہیرو کو زیرو نہ بنائے۔

    انھوں نے مزید کہا نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلح جتھے بنانا خلاف قانون ہے، جہاں تشدد اور نفرت پر مبنی بیانیہ ملوث ہوگا تو قانون حرکت میں آئے گا، پاکستان کو اس وقت امن اور سیاسی استحکام کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے مسائل حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے مسائل حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کا آج آغاز کیا جارہا ہے ، پروگرام نوجوانوں کے روزگار اور دیگر مسائل حل کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا نوجوان قوم کاروشن مستقبل اورملک کو عظیم بنانے کی امید ہیں، کامیاب جوان پروگرام کا آج آغاز کیا جارہا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مقصد نوجوانوں کی معاشی فلاح، ترقی اور آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنا ہے، نوجوان استحصالی نظام کے خلاف عمران خان کا ہر اول دستہ بن کر ابھرے ، نوجوانوں نے قریہ قریہ ،نگرنگر تبدیلی کا پیغام پہنچایا۔

    معاون خصوصی نے کہا پروگرام نوجوانوں کےروزگار اور دیگر مسائل حل کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا، نوجوانوں کوبلاسوداور آسان شرائط پرقرضے فراہم کیے جائیں گے، پروگرام کےلیے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو معاشی خود مختار بنانے کےلیے 25 فیصد کوٹہ شامل ہے، خواتین کوطاقتور اوربااختیاربناکر ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے میں لانا وزیراعظم کا وژن ہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی منصو بے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلاسود جبکہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔

  • لٹیرا لیگ اور جعلی اکاؤنٹس پارٹی اندر سے فضل الرحمان کے خلاف ہیں، فردوس عاشق اعوان

    لٹیرا لیگ اور جعلی اکاؤنٹس پارٹی اندر سے فضل الرحمان کے خلاف ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احسن اقبال عوام کو اکسانے کے بجائے اپنے قائدین میں صلح کرائیں، لٹیرا لیگ اور جعلی اکاؤنٹس پارٹی اندر سے مولانا فضل الرحمان کے خلاف ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ لٹیرا لیگ اور جعلی اکاؤنٹس پارٹی اوپر سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں لیکن اندر سے ان کے خلاف ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کی دو دو زبانیں ہیں، لہٰذا احسن اقبال عوام کو اکسانے کے بجائے اپنے قائدین میں صلح کرائیں، معیشت کا پہیہ جام کرنے والے آج کیسے بھاشن دیتے ہیں؟ ان کو تکلیف یہ ہے کہ قانون پر عمل داری اپنا رنگ دکھارہی ہے، ذاتی معاشی ترقی سےفرصت ملتی توملکی معیشت کی بہتری کا سوچتے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مدرسے کے بچوں کو سیاسی بھٹی کا ایندھن بنانے والے جان لیں ایسےعناصر کے ساتھ نہ تو عوام ہیں اور نہ ہی اب پٹواری اور تھانیدار ساتھ ہوگا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آج پارلیمان کی بالادستی کے اصول کہاں ہیں؟ ان کے لیےصرف وہ پارلیمان بالادست ہے جس میں یہ موجود ہوں۔

  • وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملت اسلامیہ میں اتحاد و یگانگت کے داعی بن کر ابھر رہے ہیں، وہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق نے وزیر اعظم کے مختصر دورہ سعودی کے بارے میں کہا ہے کہ عمران خان سعودی قیادت سے دو طرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی صورت حال پر بات کریں گے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی روابط ہیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے آزمایش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔

    تازہ ترین:  ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کا مشن ، وزیراعظم سعودی عرب روانہ

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ سعودی قیادت کو دورۂ ایران میں پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے، عمران خان کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے اقدام کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یاد رہے اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے انھیں بتایا کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔

  • شاہی جوڑے کی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، فردوس عاشق اعوان

    شاہی جوڑے کی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑےکی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، امید ہے شاہی جوڑا خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی اجاگر کرے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہی جوڑےکی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، شاہی دورہ دنیا میں پاکستان کامثبت تشخص اجاگر کرے گا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سیاحوں کے لیے پاکستان حسین، پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے، پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین اور قدیم تہذیب کا مسکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات، شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی پاکستان کو منفرد بناتی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور اس کےعوام شاہی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے شاہی جوڑا خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جائے گا۔

    برطانوی شاہی جوڑے کا اسلام آباد کے ماڈل کالج فارگرلز کا دورہ

    برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے آج صبح ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا اور بچوں میں گھل مل گئے، برطانوی شاہی جوڑےکوپاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی شاہی جوڑا خصوصی طیارے کے ذریعے نورخان ایئربیس پر پہنچا جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا جبکہ برطانوی ہائی کمشنربھی ایئربیس پر موجود تھے۔

  • وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی: فردوس عاشق

    وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد فردوس عاشق اعوان نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے لیے پلاننگ منسٹر کو ہدایت کر دی ہے، اس سلسلے میں جمعے کو اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم نے اجلاس میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، نیب کو کہا ہے بزنس کمیونٹی اور بیورکریٹس سے متعلق ترجیحات طے کریں، نہیں چاہتے کہ کوئی کرپشن میں ملوث ہو تو اسے فائدہ ملے۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی، جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی، رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

    انھوں نے کہا سی ڈی اے کا ماسٹر پلان نہ بننے سے غیر منظم آبادیاں ہوئیں، کابینہ نے سی ڈی اے کی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دی، سیکٹر جی 6 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی، لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کابینہ کو چین اور ایران کے دوروں پر اعتماد میں لیا، پاک چین تعلقات بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، کابینہ نے چین کے ساتھ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس میں ایران اور سعودی عرب میں تعلقات میں بہتری کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    دریں اثنا، اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بات چیت سے ہی غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں لیکن مال بچاؤ پارٹیوں نے اپنا مال بچانے کا ٹھیکا مولانا کو دے دیا ہے، ہماری نظروں میں ملک کا مفاد سب سے پہلے ہے، مولانا کا اسمبلی سے باہر ہونا ثبوت ہے عوام نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف میں خط و کتابت چل رہی ہے، پہلے بھائیوں اس کے بعد ن لیگ میں تو اتفاق ہو جائے، پارٹی رہنماؤں سے موبائل تک جمع کر لیے جاتے ہیں، مسلم لیگ ن اپنے ہی رہنماؤں پر اعتبار نہیں کر رہی۔

  • پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان برادر ممالک میں اخوت ومصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے خطے میں امن واتحاد کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہ ایرانی صدر کا پاکستان کی کاوشوں کا خیرمقدم اعتماد اور قربت کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قیادت کی سطح پر احساس اسلامی دنیا کے لیے نیک فال اورعوامی جذبوں کا عکاس ہے۔

    خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

  • مولانا فضل الرحمان کو ملک کی نہیں حلوے کی فکر ہوتی ہے، فردوس عاشق اعوان

    مولانا فضل الرحمان کو ملک کی نہیں حلوے کی فکر ہوتی ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو ملک کی نہیں حلوے کی فکر ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب بدعنوان عناصر کی خاطر مذہب کارڈ استعمال کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کے ذمہ دار سابقہ حکمران ہیں، انہوں‌ نے خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے لٹیروں کو اصل جگہ پر پہنچائیں گے، ملک کا لوٹا گیا پیسہ عمران خان واپس لائیں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو سہولتیں دینے کے لیے پرعزم ہیں، آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم کا وژن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے بیروزگاری میں کمی آئے گی اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، وزیراعظم کا امت مسلمہ کے لیے کردار بھی اہمیت کا حامل ہے۔

    اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دنیا میں نیا، پرعزم، باوقار، روشن پاکستان متعارف کرا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریرعالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا، وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔

  • وزیراعظم کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    وزیراعظم کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم کا کردارامت مسلمہ اور دنیا کی طرف سے اعتماد کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم دنیا میں نیا، پرعزم، باوقار، روشن پاکستان متعارف کرا رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریرعالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا، وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران روانہ

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے، وزیراعظم کا دورہ خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے اقدامات کا حصہ ہے۔

    وزیراعظم عمران خان تہران دورے میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے۔

  • جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا: فردوس عاشق اعوان

    جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ موروثی اور آمرانہ ذہنیت کی حامل جماعت ہے، جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا، موجودہ قیادت پرچیوں اور چٹھیوں پر چلنے والی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں نواز شریف کے خط پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے جو چٹھی آئی ہے اس سے گانا یاد آتا ہے، اس خط کا حشر بھی سابقہ خط کی طرح ہوگا۔

    انھوں نے کہا 3 دہائیوں کے بعد یہ پہلی حکومت ہے جو مولانا کے بغیر چلے گی، فضل الرحمان کو صرف اپنی ذات سے غرض ہے، پی ٹی آئی کا دھرنا قانون کی بالا دستی اور قومی مقاصد کے لیے تھا، مدارس کے بچوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ حکومت سے باہر ہوں تو ان کو یہ نظام اور یہ حکومت نہیں چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف کی سمت مختلف ہے۔

    تازہ ترین:  نواز شریف کے خط کے مندرجات فضل الرحمان سے شیئر کرنے کا فیصلہ

    فردوس عاشق نے کہا پاکستان میں کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، دنیا پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرنا چاہتی ہے، بیرونی کمپنیوں کے پاکستان آنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا حکومتی معاشی پالیسیوں سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ہماری انڈسٹریلائزیشن پالیسی کو دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے نام جیل سے خط لکھ کر ان کے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے، آج ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس خط کے مندرجات جے یو آئی ف کے سربراہ سے شیئر کیے جائیں گے۔