Tag: فردِ جرم عائد

  • پارک لین ریفرنسز، آصف زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی جولائی تک مؤخر

    پارک لین ریفرنسز، آصف زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی جولائی تک مؤخر

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنسز میں آصف علی زرداری پرفرد جرم کی کارروائی 7 جولائی تک موخر کردی جبکہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ اورپارک لین ریفرنس سے متعلق سماعت ہوئی، جج محمد بشیر نے سماعت کی، دوران سماعت آصف علی زرداری اورفریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عمر رسیدہ لوگ کوروناکازیادہ شکارہوسکتے ہیں، میرے موکلان کی عمریں 60سال سے زائد ہیں اور ڈبلیوایچ او نے بھی کہا لاک ڈاؤن کیا جائے۔

    عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی آج حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا جوملزمان نہیں آ سکتے ان کاویڈیو بیان ریکارڈکر لیں گے۔

    احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں آصف زرداری پر فردجرم کی کارروائی 7 جولائی تک مؤخر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا نیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے 4 اپریل 2019 کو مقرر کیا گیا تھا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، عدالت نے جن افراد کو طلب کیا تھا ان میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی، کے ایم سی کے چار سابق اور چار اس وقت کے موجودہ افسران شامل تھے۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین بھی کی ہے، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں خرد برد کی تھی۔

    خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے۔

  • زہرہ شاہد قتل کیس، گرفتار مزید 2 ملزمان پر فردِ جرم عائد

    زہرہ شاہد قتل کیس، گرفتار مزید 2 ملزمان پر فردِ جرم عائد

    کراچی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تحریکِ انصاف کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار مزید 2 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    پولیس نے تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار ملزمان عرفان عرف لمبا اور کلیم کو پیش کیا، جن پر عدالت نے فرد جرم عائد کردی تاہم عدالتی فیصلے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

    جس کے بعد عدالت نے کیس کے گواہان کو یکم جون کو طلب کرلیا۔

    اس سے قبل زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار ملزمان راشد عرف ٹیلر، زاہد عباس زیدی سمیت دیگر پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہوچکی ہے، جس کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے مزید 2 مجرموں پر فرد جرم عائد کی گئی۔

  • بالٹی مور: سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت، ملوث 6پولیس اہلکاروں پر فردِ جرم عائد

    بالٹی مور: سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت، ملوث 6پولیس اہلکاروں پر فردِ جرم عائد

    بالٹی مور:سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت میں ملوث چھ پولیس اہلکاروں پر گرینڈ جیوری نے فرد جرم عائد کردی گئی۔

    Baltimore Police Officer Garrett Miller, Sgt. Alicia White, Officer Edward Nero. BOTTOM: Baltimore Police Officer Caesar Goodson Jr., Lt. Brian Rice, Officer William Porter

    بالٹی مور میں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف احتجاج بالآخر رنگ لے آیا، قتل میں ملوث چھ پولیس اہل کاروں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    فرد جرم میں غیرارادی قتل، دفترمیں نامناسب رویہ اور غیرقانونی حراست میں رکھے جانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

    ریاست کے اٹارنی کا کہنا تھا کہ فریڈی گرے کو پولیس وین میں لے جاتے ہوئے سیٹ بیلٹ سے نہیں باندھا گیا، وہ طبی امداد کے لئے پکارتا رہا لیکن متعلقہ افسر نے اسے طبی امداد فراہم کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا۔

    خیال رہے کہ فرَیڈی گرے کو بارہ اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اور ایک ہفتے بعد اس کی موت واقع ہو گئی تھی، جس کے بعد بالٹی مور میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور شہر میں ایمرجنسی کا نفاذ کرنا پڑا تھا۔

  • سانحہ کوٹ رادھا کشن کے 106ملزمان پر فردِ جرم عائد

    سانحہ کوٹ رادھا کشن کے 106ملزمان پر فردِ جرم عائد

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے ایک سو چھ ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جبکہ ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔

    عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے ملزمان کو پیش کرکے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش میں تمام ملزمان مسیحی جوڑے کو زندہ جلائے جانے میں قصور وار ثابت ہوئے اور اس حوالے سے چالان پیش کردیا گیا ہے۔

    عدالت نے پیش کیے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انھیں واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا۔

    تاہم پیش کیے گئے تمام افراد نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا واقعے سے تعلق نہیں، اصل ملزمان کی بجائے انھیں ناجائز طور پر واقعے میں ملوث کیا گیا

    عدالت نے کیس کی سماعت بائیس مئی تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا ہے۔

  • اکبربگٹی قتل کیس: پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد

    اکبربگٹی قتل کیس: پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد

    کوئٹہ: نواب اکبربگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

    کوئٹہ کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی ، سابق وفاقی وزیرِ داخلہ آفتاب احمد شیرپاﺅ، سابق صوبائی وزیرِ داخلہ بلوچستان شعیب احمد نوشیروانی اور سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

    صدر پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست بھی جمع کرائی، عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے ڈاکٹروں کا بورڈ تشکیل نہ دئیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ ماہ 4فروری تک ملتوی کردی، جس کے بعد مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔

    خصوصی عدالت نے آفتاب شیرپاؤ اورشعیب احمد نوشیروانی پربھی فردِ جرم عائد کردی ، آفتاب شیرپاؤ وفاقی وزیرِداخلہ اور شعیب نوشیروانی صوبائی وزیرِداخلہ تھے جبکہ سابق وزیرِاعظم شوکت عزیز پرفردِ جرم عائد نہیں کی گئی،عدالت میں پیش ہونے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شرپاﺅ اور بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی نے صحت جرم سے انکار کیا، مقدمے کی سماعت چار فروری تک ملتوی کردی گئی۔

    اس سے قبل سماعت میں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کو سابق صدرپرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل میں سندھ حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

    یاد رہے کہ نواب اکبر بگٹی چھبیس اگست دوہزار چھ کو پرویز مشرف کے دورِحکومت میں آپریشن کے دوران لقمہ اجل بن گئے تھے، پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی نے دوہزار نو میں درج کرایا تھا۔

  • ایفیڈرین کوٹہ کیس: حنیف عباسی پر فردِ جرم عائد

    ایفیڈرین کوٹہ کیس: حنیف عباسی پر فردِ جرم عائد

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی پرایفی ڈرین کوٹہ کیس میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

    اسلام آباد کی انسدادِ منشیات عدالت نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی اور ان کے بھائی سمیت آٹھ ملزمان پر ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں فردِ جرم عائد کردی ہے۔

    ن لیگی رہنماء حنیف عباسی سمیت تمام آٹھ ملزمان نے مقدمے کی صحتِ جرم سے انکار کردیا۔

    سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایفی ڈرین کوٹہ ، ادویات بنانے میں استعمال کیا، مقدمہ سیاسی ہے اور انہیں بلاجواز پھنسایا جارہا ہے۔

    عدالت نے مقدمے کی سماعت بارہ نومبر تک ملتوی کرتے ہوئےآئندہ پیشی پر استغاثہ سے شہادتیں طلب کرلیں ہیں۔