Tag: فرد جرم

  • شہباز گل پر فرد جرم کیلئے 22 مارچ کی تاریخ مقرر

    شہباز گل پر فرد جرم کیلئے 22 مارچ کی تاریخ مقرر

    اسلام آباد : ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شہباز گل کی فرد جرم موخر کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے  فرد جرم کیلئے 22 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

    مقدمہ کے ملزمان شہباز گل اور عماد یوسف عدالت کے روبرو پیش ہوئے، اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے موقف اپنایا کہ اس کیس میں فرد جرم عائد کی جائے پھر مزید دلائل سنے جائیں،ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونی ہے۔

    شہباز گل نے کہا کہ میرے وکیل کا حادثہ ہو گیا وہ پیش نہیں ہو سکیں گے،میں ذاتی طور پر عدالت کے سامنے کچھ گزارشات رکھنا چاہتا ہوں، میرے شریک ملزم ارشد شریف کو زبردستی ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم نے اس مقدمہ کے مدعی کو بھی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا، مجھے تو پھر ایسا نقصان ہو گیا جس کا ازالہ نہیں ہو سکے گا۔

    شہباز گل نے مزید کہا کہ مختلف ممالک کا سفر کرتے وقت یہ پوچھا جاتا ہے کہ آپ پر فرد جرم تو عائد نہیں ہوئی، آپ یہ لکھ دیں کہ مجھے سزائے موت نہیں بلکہ بری کرانے کیلئے فرد جرم عائد کروا رہے ہیں۔

    جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز گل کیس کو التواء کا شکار کرنا چاہ رہے ہیں، میرے وکیل میرے مقدمہ سے الگ ہو گئے ہیں، ان مقدمات میں وکیل ملنا بھی مشکل کام ہے،اگر میں تمام مقدمات میں پیش ہونگا تو کیسز میں تاخیر تو ہو گی۔

    شہباز گل نے فرد جرم موخر کرنے کی استدعا کی ، جسے عدالت نے مسترد کر دیا، عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم کیلئے 22 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

  • سدھو موسے والا قتل کیس: ملزمان انجام کے قریب

    سدھو موسے والا قتل کیس: ملزمان انجام کے قریب

    چندی گڑھ: بھارتی آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں، تمام ملزمان کے خلاف فرد جرم داخل کردی گئی جس میں ماسٹر مائنڈ لارنس بشنوئی سمیت دیگر ملزمان کے نام شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب پولیس نے جمعہ کو مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں مانسا کی ایک عدالت میں فرد جرم داخل کر دی جس میں جیل میں موجود گینگسٹر لارنس بشنوئی کو قتل کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔

    جرم میں 1850 صفحات کی فرد جرم داخل کی گئی ہے جس میں 34 شوٹرز، ملزمان، ماسٹر مائنڈ اور دیگر لوگوں کے نام ہیں۔

    اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس کے چیف پرمود بان کی قیادت میں خصوصی ٹیم قتل کی تفتیش کر رہی ہے۔ بان کا کہنا ہے کہ بشنوئی نے اعتراف کیا ہے موسے والا کا قتل، یوتھ اکالی دل لیڈر وکی مڈدوکھیڑا کے قتل کے بدلہ لینے کے لیے کیا گیا اور اس کا منصوبہ گزشتہ سال اگست میں بنایا گیا۔

    پرمود بان کے مطابق شوٹرز 25 مئی کو جائے وقعہ موسیٰ گاؤں کے پاس مانسا پہنچے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پہنچنے پر انہیں کچھ ہتھیار فراہم کیے گئے، قتل میں اے کے سیریز کی رائفلز کا استعمال کیا گیا، موسے والا کے قتل کے دن سے پہلے کئی بار ان کا پیچھا بھی کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو لارنس بشنوئی گینگ کے رکن انکیت سرسا نے پنجاب کے ضلع مانسا میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا، یہ قتل پنجاب حکومت کی جانب سے سدھو موسے والا کی سیکیورٹی واپس لیے جانے کے اگلے روز ہوا تھا۔

    ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انہیں 19 گولیاں لگی تھیں اور وہ 15 منٹ کے اندر دم توڑ گئے تھے جبکہ جیپ میں موجود 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • رانا ثنا کے خلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    رانا ثنا کے خلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ نے موجودہ حکومت کو کرونا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ 6 ماہ مزید رہ گئے تو لوگ بھوک سے مارے جائیں گے۔

    قبل ازیں، رانا ثنا اللہ آج انسداد منشیات عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے آج فرد جرم عائد کرنی تھی مگر رانا ثنا اللہ کے وکلا کی درخواست پر آج بھی کارروائی نہ ہو سکی، جس پر عدالت نے سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو فرد جرم پر بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

    رانا ثنا اللہ نے عدالت کو بتایا کہ اے این ایف نے ان کی گاڑی سے پرسنل بیگ نکالا جس میں صرف کپڑے تھے۔

    رانا ثنا اللہ نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو کرونا حکومت قرار دیا، انھوں نے کہا کہ ملک میں کرونا سے اموات 2 فی صد ہیں جب کہ حکومتی کرونا سے سو فی صد۔

    ان کا کہنا تھا حکومتی کرونا آٹا چینی کھا گیا، عوام حکومتی کرونا کے خلاف باہر نکلیں اگر یہ 6 ماہ مزید رہ گئے تو ملک کو کھا جائیں گے۔

    پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    انھوں نے مزید کہا ہم حکومت کے خلاف تحریک اس سے پوچھ کر نہیں چلا رہے، پشاور جلسہ ہر صورت ہوگا، ہمیں حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں۔

    رانا ثنا کا کہنا تھا کہ تحریک کا اگلا فیز کتنا سخت ہوگا اور اس میں کیا آپشن استعمال کیے جائیں گے یہ پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرے گی۔

  • منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ پر 12 ستمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ پر 12 ستمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    لاہور: منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنا اللہ پر 12 ستمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت کے جج شاکر حسن نے رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران معزز جج نے اسفتسار کیا کہ کیا سارے ملزمان حاضر ہیں ؟ جس پر وکیل رانا ثنا اللہ نے جواب دیا کہ رانا ثنا اللہ اور ان کے گارڈز پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ تو کوئی طریقہ نہیں کہ ملزمان پیش نہ ہوں۔

    رانا ثنا اللہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 28 اگست تک رانا ثنا اللہ قومی اسمبلی اجلاس میں مصروف ہیں۔

    عدالت نے رانا ثنا اللہ کی آج کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    سابق صوبائی وزیر قانون پر 15 کلو گرام منشیات اسمگل کرنے کا الزام ہے۔رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے یکم جولائی کو موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔

  • شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد

    شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد

    کراچی: احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی کراچی کی احتساب عدالت میں سماعت کے دوران احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

    ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحتِ جرم سے انکار کر دیا، قبل ازیں، پی ایس او بھرتیوں کے کیس میں عدالت میں شاہد خاقان عباسی، سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق، چیف فنانس آفیسر یعقوب ستار پیش ہوئے۔

    خیال رہے کہ شاہد خاقان اور دیگر ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت لے رکھی ہے، نیب کا کہنا ہے کہ بطور وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان نے شیخ عمران الحق کا غیر قانونی تقرر کیا تھا۔

    بعد ازاں شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے مجھ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا ہے، میں نیب کا شکر گزار ہوں کہ اربوں کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا، نیب ہمیں یہ تو بتا دے کہ ہمارے اختیارات ہیں کیا، سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب صرف سیاسی انجینئرنگ کرتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نیب لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، آج کشمیریوں سے یک جہتی کا دن ہے اور سارا پاکستان متحد ہونا چاہیے، عوام متحد ہیں مگر حکومت یک جہتی کا ہاتھ اپوزیشن کی طرف نہیں بڑھاتی۔

    انھوں نے کہا کشمیر پاکستان کے عوام کے دلوں میں رہے گا، مسئلہ کشمیر پر پاکستان میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

  • ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس ، آصف زرداری پر بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

    ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس ، آصف زرداری پر بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی پیشی سے معذرت پر چار اگست کو بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام اباد کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت کی۔

    ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار پھر عدالت میں پیشی سے معذرت کرلی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ کورونا اور بیماریوں کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتا۔

    جس کے بعد احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر چار اگست کو بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نیب کو فردجرم کے لیے ویڈیو لنک انتظام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قرار دے کر مقدمہ سے الگ کردیا ہے۔

    یاد رہے احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر حکم نامہ جاری کیا تھا ، جس میں آصف علی زرداری سمیت چودہ ملزمان کو چار اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے نیب نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاؤس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا اور ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

    نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں اومنی گروپ کے علاوہ گم نام اکاؤنٹس سے پیسے آتے تھے، پیسوں سے نوڈیرو ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہیں اور کھانے کے اخراجات چلتے تھے، سفری اخراجات، نوڈیرو ہاؤس میں تقریبات کے انتظامات انہی پیسوں سے ہوتے تھے۔

  • سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

    سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

    اسلام آباد: اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

    معزز جج طاہر محمود نے ریمارکس دیے کہ آج فرد جرم عائد کرنے کے لیےتاریخ مقرر ہے، سارے ملزمان حاضر ہیں جس پر وکیل نیب نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کومستقل استثنیٰ عدالت نے دیا ہے۔

    احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 اگست کی نئی تاریخ مقرر کردی۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس درج کیا تھا۔

    نیب حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے یو ایس ایف (یونیورسل سروس فنڈ) سے تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تشہری مہم چلائی، ملزمان کے اقدام سے قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

    قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق انفارمیشن سیکریٹری فاروق اعوان، سابق پبلک انفارمیشن آفیسر سلیم، حسن شیخو، حنیف اور ریاض پر بھی سابق وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کا الزام ہے۔

  • اماراتی بچی سے ہراسگی کا الزام، ایرانی شہری پر فرد جرم عائد

    اماراتی بچی سے ہراسگی کا الزام، ایرانی شہری پر فرد جرم عائد

    دبئی : اماراتی کورٹ نے کمسن بچی سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں ایرانی سیلزمین پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت نے جنسی ہراسگی کیس کی سماعت کرتے ہوئےدبئی میں سیلز مین کی ملازمت کرنے والے ایرانی شخص کو 10 سالہ اماراتی بچی کو لفٹ میں ہراساں کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی۔

    پراسیکیوٹر نے 35 سالہ ایرانی ملزم پر الزام عائد کیا کہ ملزم نے اماراتی بچی کورہائشی عمارت کی لفٹ میں تنہا پا کر ہراساں کرنا شروع کیا اور چند سیکنڈ تک لڑکی کو پکڑے رکھا۔

    متاثرہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ فریج المنیر نامی عمارت کی رہائشی متاثرہ بچی نے پولیس کو بتایا کہ سیلز مین نے مجھے اکیلا دیکھ کر چھونا شروع کردیااور چند سیکنڈ تک مجھے پکڑے رکھا، جب لفٹ رکی تو میں نے اپنے بڑے بھائی کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا ۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جب متاثرہ لڑکی کے بھائی نے باہر دیکھا تو ایرانی شہری وہاں سے جاچکا تھا جب کے بعد پولیس فیملی نے النائف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

    پولیس نے اماراتی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی تو معلوم ہوا کہ ملزم عمارت کا رہائشی نہیں تھا تاہم بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں ایرانی سیلزمین نے الزامات کی تردید کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملزم نے لڑکی کے شناخت کیے جانے کے بعد عدالت میں اپنے اقرار کیا کہ اس نے لفٹ میں 10 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی۔

    عدالت نے ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد کیس کی کارروائی 28 اگست تک ملتوی کردی۔

  • امریکا نے جولین اسانج پر مزید 17 مقدمات میں فرد جرم عائد کردی

    امریکا نے جولین اسانج پر مزید 17 مقدمات میں فرد جرم عائد کردی

    واشنگٹن : امریکی وزارت انصاف نے جولین اسانج سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ دستاویزات کو عام کرنے سے امریکی قومی سلامتی کو شدید دھچکا پہنچا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ایکواڈور کے سفارت خانے میں میٹروپولیٹن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کو گزشتہ ماہ خواتین سے زیادتی سمیت کئی الزامات میں گرفتار کیا تھا۔

    امریکی وزارت انصاف نے وکی لیکس ویب سائٹ کے بانی جولیان اسانج پر اٹھارہ الزامات کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اس میں جاسوسی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔

    وزارت انصاف نے کہا کہ وکی لیکس کا خفیہ دستاویزات کو شائع کرنا اور اسی طرح خفیہ عسکری اور سفارتی ذرائع کے ناموں کا افشاءکرنا جاسوسی کے قانون کے منافی اقدامات ہیں۔

    وزارت انصاف کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان دستاویزات کو عام کرنے سے امریکی قومی سلامتی کو شدید دھچکا پہنچا تھا۔ جولیان اسانج اس وقت لندن میں ضمانت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر جیل کاٹ رہے ہیں۔ امریکا نے ان کی حوالگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں : ضمانت کی خلاف ورزی پر جولین اسانج کو 50 ہفتے قید کی سزا

    یاد رہے کہ برطانوی عدالت نے وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کو ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر رواں ماہ کے آغاز پر 50 ہفتے قید کی سزا سنائی تھی۔

    مزید پڑھیں : امریکن نیشنل سیکورٹی ایجنسی پاکستان کے موبائل ہیک کرتی تھیں، وکی لیکس کا انکشاف

    خیال رہے کہ اپریل 2017 میں وکی لیکس نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی سیکورٹی ایجنسی نے پاکستان کے موبائل سسٹم کی ہیکنگ کی، ہیکنگ کے لئے مختلف سائبر ویپنز استعمال کئے تھے۔

    امریکی ایجنسی این ایس اے کئی عالمی رہنماؤں کی جاسوسی کے لئے وائر ٹیپنگ اور دیگر سائبر ہتھیار استعمال کرتی رہی ہے جبکہ وکی لیکس نے سیکڑوں مختلف نوعیت کے سائبر ہتھیاروں کا بھی انکشاف کیا ہے ، اُن میں پاکستانی موبائل سسٹم کی ہیکنگ کے لئے این ایس اے کی کوڈ پوائنٹنگ بھی شامل ہے ۔

    اس سے ایک ماہ قبل بھی وکی لیکس کی نئی دستاویزات سامنے آئی تھیں ، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے واٹس ایپ اور اسمارٹ فون کا ڈیٹا حاصل کررہی ہے اور میسجنگ ایپ پر نظر رکھ رہی ہے جبکہ دیگر ممالک کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر عوام کے ٹی وی اور دیگر مواصلاتی نظام کا ڈیٹا بھی حاصل کررہی ہے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ حملے کے دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ پولیس نے مساجد پر حملہ کرکے 50 سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے سفید فام دہشت گرد پر برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی دفعات عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں دو ماہ قبل سفید فام دہشت گرد نے اسلام مخالف نظریات کی بنیاد پر دو مساجد میں حملہ کرکے درجنوں بے گناہ مسلمانوں کو قتل اور زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ برینٹین ٹیرنٹ پر عائد کی گئی فرد جرم میں الزام لگایا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی کارروائی کی گئی ہے‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سفید فام دہشت گرد پر دہشت گردی کی فرد جرم کے 51 قتل اور 40 اقدام قتل کی دفعات کا بھی عائد ہیں۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی شخص پر دہشت گردی کی دفعات عائد کی گئی ہیں، نیوزی لینڈ کا دہشت گردی ایکٹ 2002 میں متعارف ہوا تھا جس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم دو ماہ بعد عائد کرنے کا فیصلہ پرسیکیوٹرز اور حکومتی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشت گرد پر مزید الزامات عائد کرنے کےلیے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور پولیس حملے کے متاثرہ افراد کو عدالتی کارروائی کے دوران مکمل معاونت کرنے کےلیے پُر عزم ہے۔

    مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں‌ جدید اسلحہ رکھنے پر پابندی کا بل منظور

    مزیدپڑھیں :کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملوں کی تحقیقاتی رپورٹ دسمبر تک موصول ہوگی، جیسنڈا آرڈرن

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا اور واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا.