Tag: فرد جرم

  • اعلیٰ فوجی افسر پر شرمناک ویڈیوز بنانے پر فرد جرم عائد

    اعلیٰ فوجی افسر پر شرمناک ویڈیوز بنانے پر فرد جرم عائد

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی عدالت نے ملک کے اعلیٰ فوجی افسر کو سفارتخانے کے بیت الخلاء میں خفیہ کیمرا نصب کرکے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کرنے کا مجرم قرار دےدیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ولنگٹن کی عدالت نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم کیوی سفارت خانے میں تعینات 59 سالہ ملٹری اتاشی پر نازیبا ویڈیو فلمانے کا الزام تھا، الزام ثابت ہونے پر عدالت نے فوجی افسر پر فرد جرم عائد کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 59 سالہ فوجی افسر پر الزام تھا کہ انہوں نے امریکا میں موجود نیوزی لینڈ کے سفارتخانے کے باتھ روم میں خفیہ کیمرا نصب کرکے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 2017 میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کیٹنگ الفریڈ نے سفارتخانے کے باتھ روم میں انتہائی چھوٹا خفیہ کیمرا نصب کیا اور بعد ازاں ان کے خلاف مقدمے کا آغاز کیا گیا تھا۔

    رواں برس کے آغاز میں ہی کیٹنگ الفریڈ کے خلاف ٹرائل کا آغاز کیا گیا تھا اور رواں ماہ اپریل کے آغاز میں ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 59 سالہ کیٹنگ الفریڈ کو مقامی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملٹری اتاشی نے لوگوں کی قابل اعتراض ریکارڈنگ کی۔

    رپورٹ کے مطابق اب سابق ملٹری اتاشی کو سزا سنائے جانے کے ٹرائل کا آغاز جون میں ہوگا اور انہیں 25 جون کو سزا سنائی جائے گی، سابق اعلیٰ فوجی افسر کو لوگوں کی شرمناک ریکارڈنگ کرنے کے جرم میں کم سے کم 18 ماہ جیل کی سزا سنائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سابق ملٹری اتاشی نے ٹرائل کے دوران عدالت سے درخواست کی تھی کہ مقدمے میں ان کی شناخت اور نام خفیہ رکھا جائے کیوں کہ اس سے نہ صرف ان کے مستقبل کو خطرہ ہے بلکہ اس سے ملک کی فوج بھی بدنام ہوگی تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مقدمے میں ان کی شناخت عام رکھی۔

  • رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

    رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

    لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں نامزد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس سماعت ہوئی، سماعت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

    قومی ادارہ احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں سرکاری خزانے سے نالہ بنایا گیا، یہ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے۔

    شہباز شریف نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو عدالت نے انہیں روک دیا اور کہا کہ آپ کو سب کچھ کہنے اور سنانے کا موقع دیا جائے گا۔ قانونی اور طریقہ کار کی چیزیں ہیں جو قانون کے مطابق ہونی ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے 10 سال میں حکومت کے کئی سو ارب روپے بچائے، کیا میں نے نالے کے لیے سرکاری خزانہ استعمال کرنا تھا؟

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ابھی آپ پر الزام ہے جسے ثابت ہونا باقی ہے۔

    عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت نے دونوں کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کے خلاف 46 افراد نے گواہی دینے کے لیے حامی بھری تھی، تمام گواہان سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ کام کرتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے خلاف چیف انجینئر نیس پاک محمد ایوب، سابق ڈی سی او چنیوٹ، احمد جاوید قاضی اور امداد اللہ بوسال گواہی دینے کو تیار ہیں۔

    علاوہ ازیں سابق سیکریٹری سید طارق شاہ، ایڈمن سیکریٹری طارق مسعود، ایس ای سی پی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پٹواری، تحصیلدار اور پولیس اہلکار بھی گواہان میں شامل ہیں۔ سابق ڈی سی او چنیوٹ ڈاکٹر ارشاد، شوکت علی اور سیکشن افسر پی ایچ ایس ذوالفقار افسر نعمت بھی گواہی دینے کو تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 11 جنوری 2018 کو رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، بعد ازاں چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل نالہ بنوایا، شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوامی مفاد کا نام لیا۔

    قومی احتساب بیورو کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا۔

  • سانحہ ساہیوال کے ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان

    سانحہ ساہیوال کے ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت میں آج سانحہ ساہیوال کے 6 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت میں گزشتہ پیشی پر ملزمان کے وکیل کی غیرحاضری کے سبب فرد جرم عائد نہیں ہوسکی تھی۔

    یاد رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں‌ کے بنایات میں واضح تضادات تھا۔

    سانحہ ساہیوال: گرفتار سی ٹی ڈی اہلکاروں کا 4افراد کو قتل کرنے سے انکار

    وزیراعظم نے ساہیوال واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تحقیقات کرکے واقعے کے ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا اور محکمہ داخلہ پنجاب نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا دی تھی۔

    سانحہ ساہیوال: پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات، مقتولین کو قریب سے نشانہ بنایا گیا

    جی آئی ٹی نے خلیل اور اس کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا تھا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں سانحہ ساہیوال میں ہلاک ہونے والے افراد کی پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا چاروں افراد کو بہت قریب سے گولیاں ماری گئیں، قریب سے گولیاں مارنے سے چاروں افراد کی جلد مختلف جگہ سے جل گئی، 13 سال کی اریبہ کو 6 گولیاں لگیں، جس سے اس کی پسلیاں ٹوٹ گئیں تھیں۔

  • نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم عائد

    نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم عائد

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    عدالت نے 11 اپریل کو کیس کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرمدعی مقدمہ اور عینی شاہدین کا بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ کو بھی طلب کرلیا۔

    خیال رہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں افسران سمیت 13 پولیس اہلکار عدالتی ریمانڈ پرجیل میں ہیں جبکہ راؤ انوار اور ڈی ایس پی قمرسمیت 5 ملزمان ضمانت پر ہیں۔

    نقیب اللہ اورساتھیوں کا قتل ماورائےعدالت قرار

    یاد رہے گزشتہ برس 13 جنوری کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلہ کا دعویٰ‌ کیا تھا۔

    ٹیم کا موقف تھا کہ خطرناک دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اس کارروائی میں‌ پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے چار ملزمان کو ہلاک کیا تھا، ہلاک ہونے والوں میں نوجوان نقیب اللہ بھی شامل تھا۔

    سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کے بعد اس واقعے کے خلاف عوامی تحریک شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں‌ پولیس مقابلے کی تحقیقات شروع ہوئیں، ایس ایس پی رائو انوار کو عہدے سے معطل کرکے مقابلہ کو جعلی قرار دے گیا۔

  • رمضان شوگرملزکیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی

    رمضان شوگرملزکیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی

    لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اورحمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگرملزکیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگرملز کیسزکی سماعت ہوئی۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز ڈیوٹی جج جواد احسن کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پررمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازکے خلاف رمضان شوگرملز ریفرنس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی۔

    اس سے قبل آج شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرعدالت کے اطراف راستے کنٹینر اورخاردار تاروں سے بند کیے گئے، پولیس کی بھاری نفری عدالت کے اندر اور باہر تعینات تھی۔

    احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران شہبازشریف، حمزہ شہبازکو ریفرنس کی نقول فراہم کی گئی تھیں۔

    نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے رمضان شوگرملزکے لیے 10کلومیٹرطویل نالہ بنوایا،شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوامی مفاد کا نام لیا۔

    قومی احتساب بیورو کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا، اتنے شواہد موجود ہیں کہ ریفرنس دائر کیا تاکہ کیس چلایا جا سکے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا حمزہ شہباز کے خلاف انکوائری جاری ہے، مکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

  • نندی پور کیس: راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد

    نندی پور کیس: راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور بابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے متعلق ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    معزز جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں فرد جرم پڑھ کر سنائی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، بابراعوان سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

    احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں ملزمان کا ٹرائل کرنے اور ان کے خلاف گواہوں کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    نندی پور پاور پراجیکٹ میں بابراعوان، سابق وزیراعظم پرویز اشرف، سابق سیکٹری قانون مسود چشتی ، ریاض کیانی، ڈاکٹر ریاض محمود، سابق ریسرچ کنسلٹنٹ وزارت قانون شمائلہ محمود ملزمان میں شامل ہیں۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر منصوبے میں تاخیر پرجوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات کے لیے معاملہ نیب کوبھیجا تھا۔

    پیپلزپارٹی کے دورمیں وزرا کی ملی بھگت سے منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ 11 فروری کو عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر بابر اعوان کی بریت پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

    نندی پور ریفرنس : بابراعوان پر پیر کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    واضح رہے نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا اور بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

    بعدازاں وزیر اعظم کے پارلیمانی مشیر بابر اعوان ایڈووکیٹ قومی احتساب بیورو کے ریفرنس میں عائد الزامات پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان کا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان نے منظور کیا تھا۔

    نندی پور منصوبے کی تاخیر سے قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔

  • پیرس : یہودی میوزیم پر حملہ کرنے والے داعشی پر فرد جرم عائد

    پیرس : یہودی میوزیم پر حملہ کرنے والے داعشی پر فرد جرم عائد

    پیرس : فرانسیسی عدالت نے برسلز میں واقع یہودی میوزیم میں گھس کر فائرنگ چار  یہودیوں کو قتل کرنے والے داعشی پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی عدالت نے برسلز میں چار یہودیوں کے قتل کرنے والے داعش کے رکن 33 سالہ مہدی نیمونچی کو قصور وار ٹہراتے ہوئے فرد جرم عائد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا ہے کہ داعشی شخص نے مئی 2014 میں برسلز میں واقع یہودی میوزیم میں داخل ہوکر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہلاک جبکہ ایک شخص اسپتال دم توڑ گیا تھا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے یہودی مخالف حملہ کرنے اور یہودیوں کو قتل کرنے کےلیے کیے گئے حملے میں ملوث ہونے اور اسلحہ کرنے کے الزام میں نیسر بیندر پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کرد۔

    برسلز حملے میں دو اسرائیلی سیاح، ایک رضا کار اور عجائب گھر کی ریسپشنسٹ ہلاک ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکومت مذکورہ شخص کو پہلے سے جانتی ہے کیوں کہ 33 اسلہ داعشی اس سے قبل چوری کے الزام میں 5 برس قید کاٹ چکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مہدی نیمونچی سنہ 2013 میں داعش میں شمولیت اختیار کرنے کےلیے شام چلا گیا تھا جہاں اس نے ایک سال داعش کے ساتھ دہشت گردانہ کارروائیوں میں حصّہ لیا۔

  • دبئی: خاتون سے جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے مصری شہری پر فرد جرم عائد کردی

    دبئی: خاتون سے جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے مصری شہری پر فرد جرم عائد کردی

    دبئی : اماراتی کورٹ نے غیر ملکی خاتون کو زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں مصری شہری پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت نے جنسی زیادتی کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملازمت تلاش کرنے والی فلپائنی خاتون کو دو مرتبہ جنسی حواس کا نشانہ بنانے پر فرد جرم عائد کی۔

    پراسیکیوٹر نے 23 سالہ مصری ملزم پر الزام عائد کیا کہ ملزم نے فلپائنی خاتون کو جاب انٹرویو کےلیے ہوٹل کے کمرے میں بلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم مصری شہری نے خود پر لگائے گئے جنسی زیادتی ریپ کے الزامات کی تردید کی ہے۔

    متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ میرا ویزہ ختم ہونے میں ایک ماہ باقی تھا اور مجھے جلد ہی کوئی ملازمت تلاش کرنی تھی، اس دوران میں نے ایک سیلون میں انٹرویو دیا جہاں مذکورہ شخص نے میرا انٹرویو لیا۔

    خاتون کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس کی خالہ ایک کاروباری خاتون ہیں اور انہیں پرسنل سیکریٹری کی ضرورت ہے، تم اپنا موبائل نمبر دے دو تاکہ وہ مینیجر کو دیا جاسکے جو دبئی سے باہر گیا ہوا ہے تین دن بعد واپس آئے گا تو تمہیں ون کرے گا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ فلپائنی خاتون نے بتایا کہ تین دن بعد مذکورہ شخص نے دوپہر ڈیڑھ بجے مجھے فون کیا اور کہا کہ میری خالہ تم سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں۔

    ملزم نے مجھے ہوٹل روم میں بلانے کے بعد کمرہ بند کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا اور میرے پرس میں 50 درہم رکھ کر کمرے سے باہر نکل گیا، ملزم کے باہر جاتے ہی میں نے ہوٹل استقبالیہ پر فون کرکے واقعے کی اطلاع دی۔

    ہوٹل انتظامیہ نے ملزم کو باہر جانے روک دیا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کو گرفتار کرکے لے گئی۔

    اماراتی عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہبازشریف سمیت دیگرملزمان پرفرد جرم عائد

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہبازشریف سمیت دیگرملزمان پرفرد جرم عائد

    لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں جج سید نجم الحسن آشیانہ ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، فواد حسن فواد اوراحد چیمہ کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

    احتساب عدالت نے شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم عائد کردی۔ ملزمان نے فرد جرم پردستخط کردیے۔

    [bs-quote quote=”اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ خدا کی قسم میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔
    ” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    معزز جج نے دوران سماعت شہبازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی طبیعت خراب ہے تو آپ بیٹھ سکتے ہیں،عدالت کی اجازت سے شہباز شریف روسٹرم چھوڑ کر کرسی پربیٹھ گئے۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ اورپی ایل ڈی سی کا جواب ریفرنس کا حصہ نہیں ہے، کارروائی نیب کی مرضی نہیں بلکہ قانون کے مطابق ہوگی۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پراستغاثہ کے گواہان کوطلب کرلیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پراحتساب عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ شہبازشریف کوکس نے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت دی، شہبازشریف کومیڈیکل کی اجازت اس لیے نہیں دی وہ عدالت نہ آئیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا تھا کہ شہبازشریف کوپیش کرنا نیب کی ذمہ داری نہیں پولیس کی ہے، احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس کیا کرے وہ تواپنا آپ بچاتی ہے۔

    احتساب عدالت کا آئندہ سماعت پرہرصورت شہبازشریف کو پیش کرنے کا حکم

    وکیل شہبازشریف نے بتایا تھا کہ شہبازشریف کو ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے لمبے سفر سے ڈاکٹرز نے روکا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ اس ڈاکٹرکو ہی طلب کرکے رپورٹ کے متعلق پوچھا جائے۔

    احتساب عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ رپورٹ کے مطابق شہبازشریف ٹھیک تھے، لگتا ہے بسترمیں پڑے پڑے بیمارہوگئے۔

    لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی

    واضح رہے کہ 14 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی رمضان شوگرملز، آشیانہ اسکینڈل میں ضمانت منظور کرلی تھی۔

  • نقیب اللہ قتل کیس:عدالت کا 19 فروری کو ملزمان پرفرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

    نقیب اللہ قتل کیس:عدالت کا 19 فروری کو ملزمان پرفرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں مفروری ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔

    تفتیشی افسر اے آئی جی ویلفیئرڈاکٹر رضوان نے عدالت میں سماعت کے دوران بتایا کہ مفرورملزمان کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی مکمل ہوگئی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے مفرور ملزمان کو باضابطہ طور پراشتہاری قرار دے دیا۔

    اشتہاری ملزمان میں سب انسپکٹر امان اللہ مروت، اے ایس آئی گدا حسین، ہیڈ کانسٹیبل محسن عباس، سب انسپکٹرشیخ محمد شعیب، عرف شعیب شوٹر، ہیڈ کانسٹیبل صداقت حسین شاہ، راجہ شمس مختار، رانا ریاض احمد شامل ہیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت 19 فروری تک کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پرفرد جرم عائد کی جائے گی۔

    نقیب اللہ اورساتھیوں کا قتل ماورائےعدالت قرار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے واقعے کو ماورائے عدالت قتل قراردیا تھا۔