اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کرونا وبا کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے شہید ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کو تمغۂ امتیاز دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹرز، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کرونا وبا کے دوران خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ان بیٹوں، بیٹیوں نے ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وبا سے جام شہادت نوش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ان فرض شناس ڈاکٹرز، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی مقروض رہےگی، ان ڈاکٹرز اورفرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے اہلخانہ قوم کا فخر ہیں۔
وزیراعظم نے کرونا وباکے دوران شہید ڈاکٹرز، ہیلتھ ورکرز کو بعدازمرگ تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں پنجاب سے 81، سندھ سے87، کے پی سے 23، بلوچستان سے 8 شہدا ڈاکٹرز کو تمغہ امتیاز دیا جائےگا۔
اس کے علاوہ آزادکشمیر سے 4، گلگت اور اسلام آباد سے ایک ڈاکٹر کو شہادت پر تمغہ امتیاز دیا جائےگا۔
کرونا وبا کے دوران ملک بھر میں 205 ڈاکٹرز اور 59 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی بازی ہار گئے تھے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کورونا وبا کے باعث معاشی طور پر بھی دنیا کو کھربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔