Tag: فروری برسی

  • گلبدن بیگم کا تذکرہ جنھیں "ہمایوں نامہ” نے شہرت دی

    گلبدن بیگم کا تذکرہ جنھیں "ہمایوں نامہ” نے شہرت دی

    برطانوی عجائب خانہ میں تاریخی اہمیت کی حامل مشہور کتاب کا قلمی نسخہ آج بھی موجود ہے جس کا تعلق مغل دور کے ہندوستان سے ہے۔ اس کے سرورق پر یہ جملہ پڑھا جاسکتا ہے: ہمایوں نامہ۔ تصنیف گلبدن بیگم بنتِ بابر بادشاہ۔

    گلبدن، مغل سلطنت کے بانی ظہیر الدّین محمد بابر کی اولاد تھیں۔ اس مغل شاہزادی کے حالاتِ زندگی بہت کم دست یاب ہیں‌، لیکن وہ اپنی تصنیف ’ہمایوں نامہ‘ کے لیے مشہور ہیں۔

    گلبدن بیگم 1523ء میں کابل میں ظہیر الدّین محمد بابر کے ہاں‌ پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی ماں کا نام دلدار بیگم تھا۔ والد کی طرف سے ان کی رگوں میں‌ تیموری اور چنگیزی خون دوڑ رہا تھا اور ترکی ان کی مادری زبان تھی۔ جب وہ ہندوستان آئیں‌ تو ان کی عمر پانچ برس رہی ہوگی۔ ان کی پیدائش اس وقت کی ہے جب بابر کو کابل پر حکومت کرتے ہوئے 19 سال بیت چکے تھے اور وہاں‌ کی زبان فارسی تھی۔ یہی زبان ہندوستان میں‌ بھی پروان چڑھ چکی تھی جس کا اظہار گلبدن بیگم نے اپنی کتاب میں کیا ہے۔ گلبدن کا ابتدائی بچپن کابل میں گزرا تھا۔ ہندوستان منتقل ہونے کے دو ڈھائی برس بعد ان کے والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا۔ گلبدن بیگم کی پرورش ان کے بھائی ہمایوں بادشاہ نے نہایت شفقت اور محبّت سے کی۔ وہ عمر کے سولھویں برس میں‌ تھیں‌ جب ان کی شادی کردی گئی تاہم اس کا ذکر گلبدن نے بھی اشارتاَ کیا ہے اور اکثر مؤرخین اس بارے میں خاموش ہیں۔

    ہمایوں نامہ میں گلبدن بیگم نے ذکر کیا ہے کہ جب ان کی عمر دو سال تھی تو انھیں ماہم بيگم کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ ماہم بیگم نے اپنے بیٹے ہمایوں اور دیگر بچّوں کے ساتھ ان کی بھی پرورش اور تربیت کی تھی۔ انہی کی سرپرستی میں‌ گلبدن بیگم نے دربار اور شاہی محل کے اطوار و آداب سیکھے۔

    تذکروں میں آیا ہے کہ وہ 50 سال کی عمر میں طوافِ بیتُ اللہ کو گئیں اور عرب کی زمین پر تین سال سے زائد قیام کے بعد ہندوستان لوٹیں۔ گلبدن بیگم 1603ء میں آج ہی کے دن 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ بخار میں‌ مبتلا گلبدن بیگم نے آگرہ میں وفات پائی۔

    انھوں نے اپنی تصنیف میں بھی اپنے حالات اور واقعات کا بہت کم ذکر کیا، لیکن کتاب کے مطالعے سے حرم اور مغل سلطنت میں اُن کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ ان کی تصنیف کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ انھوں نے حرم کے متعلق رائج خیال کو چیلنج کیا ہے۔

    ہمایوں نامہ تاریخی اہمیت کی حامل ایسی کتاب ہے جس کی حیثیت اس کی مصنّف کے تعلق سے بھی بڑھ جاتی ہے کہتے ہیں۔ یہ کتاب انھوں نے اپنے بھتیجے اکبر بادشاہ کی فرمائش پر لکھی تھی۔

    بادشاہ اکبر اپنی پھوپھی کے جنازے کے ساتھ قبرستان گئے اور انھیں قبر میں اتارا تھا۔ مؤرخین کے مطابق وہ نہایت فیاض اور دردمند تھیں۔ صدقہ خیرات کثرت سے کیا کرتی تھیں۔

    انھوں نے اپنی اس مشہور تصنیف کے بارے میں لکھا ہے کہ اس کتاب میں انھوں نے اپنی یادداشت کی مدد سے واقعات تحریر کیے ہیں، اور کچھ دوسروں کی زبانی سن کر لکھے ہیں۔

    گلبدن بانو کی یہ تصنیف بتاتی ہے کہ وہ صاف گو بھی تھیں۔ انھوں نے ہمایوں کی لغزشوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی اس کتاب میں شاہی خاندان اور اپنے دوسرے بھائیوں کی کوتاہیوں کو چھپانے کی کوئی کوشش کی ہے۔

  • "ٹوٹ بٹوٹ” کے خالق صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم کی برسی

    "ٹوٹ بٹوٹ” کے خالق صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم کی برسی

    صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم کا نام اردو ادب میں ان کی تخلیقات کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہے گا۔ وہ ادیب، شاعر اور نقّاد تھے جن کی زندگی کا سفر 7 فروری 1978ء کو ہمیشہ کے لیے تمام ہوگیا تھا۔ انھوں نے اردو، پنجابی اور فارسی زبانوں‌ میں شاعری کی اور بچّوں کے لیے خوب صورت نظمیں لکھیں جو ان کی وجہِ‌ شہرت ہیں۔

    صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم 4 اگست 1899ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے تھے۔ امرتسر اور لاہور سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد انھوں نے تدریس کا پیشہ اپنایا اور لاہور کے تعلیمی اداروں سے وابستہ رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر، لیل و نہار کے مدیر اور کئی دیگر اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوگئے۔

    وہ ادیب اور شاعر ہی نہیں استاد، شارح، مترجم اور نقّاد کی حیثیت سے بھی پہچانے گئے اور ان اصناف میں ان کی علمی و ادبی کاوشوں نے انھیں ہم عصروں میں ممتاز کیا۔ ان کا ایک نمایاں اور اہم حوالہ بچّوں کا ادب ہے جسے انھوں نے اپنی تخلیقات کے علاوہ ایسے مضامین و غیر ملکی ادب سے وہ تراجم دیے جو بچّوں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کا ذریعہ بنے۔ خاص طور پر بچّوں کے لیے تخلیق کی گئی ان کی نظمیں کھیل کھیل اور دل چسپ و پُر لطف انداز میں قوم کے معماروں‌ کو علم اور عمل کی طرف راغب کرنے کا سبب بنیں۔ آج بھی ان کی نظمیں نصاب کا حصّہ ہیں اور گھروں اور اسکولوں میں بچّوں‌ کو یاد کروائی جاتی ہیں۔

    صوفی تبسّم کی وجہِ‌ شہرت ان کا وہ کردار ہے جو گھر گھر میں پہچانا جاتا ہے۔ ایک نسل تھی جو اس کردار کے ساتھ گویا کھیل کود اور تعلیم و تربیت کے عمل سے گزری اور جوان ہوئی۔ یہ کردار ٹوٹ بٹوٹ ہے۔ صوفی تبّسم نے اپنی شاعری میں ٹوٹ بٹوٹ کو اس خوب صورتی سے پیش کیا کہ اسے بچّوں نے اپنا ساتھی اور دوست سمجھ لیا۔ ان کی یہ نظمیں نہایت ذوق و شوق سے پڑھی گئیں اور آج بھی پڑھی جاتی ہیں۔ ان کی خصوصیت یہ تھی کہ بچّوں کی تربیت اور ان کی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے مشق اور دماغ سوزی پر آمادہ کرنے کی کوشش کی اور اس کے لیے پہیلیاں، کہاوتیں، شگوفے تخلیق کیے۔ مختلف موضوعات پر ان کی متعدد کتب شایع ہوئیں جنھیں‌ بہت ذوق و شوق سے پڑھا جاتا ہے۔

    حکومتِ پاکستان نے اردو کے اس ممتاز ادیب اور شاعر کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی اور ستارۂ امتیاز سے نوازا تھا جب کہ حکومتِ ایران نے انھیں نشانِ سپاس عطا کیا تھا۔

    صوفی غلام مصطفٰی تبسّم لاہور کے میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • علم کا شیدائی، تدریس کا ماہر برٹرینڈ رسل جسے پابندِ سلاسل کیا گیا

    علم کا شیدائی، تدریس کا ماہر برٹرینڈ رسل جسے پابندِ سلاسل کیا گیا

    برٹرینڈ رسل ایک معلّم، مؤرخ، فلسفی، ادیب اور ماہرِ منطق تھے جو 2 فروری 1970ء کو برطانیہ میں وفات پا گئے تھے۔ برٹرینڈ رسل کی وجہِ شہرت ان کا وہ فلسفہ تھا جس کے مطابق وہ روایتی تعلیم کے بجائے طالبِ علموں کو اختراع اور ایجاد کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے پر زور دیتے ہیں۔

    وہ تدریسی و تعلیمی نظام میں جدّت اور آزادیٔ اظہار کو اہمیت اور فروغ دینے کے قائل تھے جس کے ذریعے ان کی نظر میں ننھّے ذہنوں میں تخیّل اور اختراع کو بلا رکاوٹ پنپنے کا موقع دیا جاسکتا تھا۔

    علم کے شیدائی اور تدریس کے اس ماہر کا اوّلین عشق ریاضی کا مضمون تھا۔ تعلیمی میدان میں‌ ان کی مہارت صرف اسی مضمون تک محدود نہ تھی بلکہ وہ متعدد علوم پر دسترس رکھتے تھے۔ برٹرینڈ رسل نے 18 مئی 1876ء انگلستان کے مشہور علاقے ویلز میں آنکھ کھولی۔ وہ کسی معمولی خاندان کا فرد نہیں‌ تھے بلکہ ان کے والد سر جان رسل انگلستان کے وزیرِ اعظم رہے ہیں۔ ان کا گھرانہ کٹّر مذہبی اور طبقۂ اشرافیہ سے تعلق رکھتا تھا۔ ابتدائی تعلیم ویلز سے ہی حاصل کی۔ دولت مند والدین کی زندگی مصروف تھی جس نے انھیں بچپن میں خاصا وقت تنہائی میں‌ کھیل کود کے ساتھ غور و فکر اور سیکھنے سمجھنے کا موقع دیا۔ ان کی ذاتی زندگی کچھ تلخ یادوں اور مشکلات سے بھی گزری، مگر اس نے ان میں‌ وہ شوق اور لگن بھر دی جس کے باعث وہ دنیا میں‌ ممتاز ہوئے۔

    وہ بچپن سے ہی نہایت ذہین طالب علم تھے۔ 1890ء میں کیمبرج یونیورسٹی سے ریاضی کی اعلیٰ سند حاصل کی۔ پھر اسی یونیورسٹی میں مدرّس کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف پیکنگ (چین)، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اور دوسرے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریسی مشغلہ ساری عمر رہا۔

    برٹرینڈ رسل کی علمی، ادبی اور فلسفیانہ خدمات کی بات کی جائے تو ان کے غور و فکر، مشاہدات اور تجربات نے ان سے فلسفہ، سائنس، تاریخ، سیاست، معاشرت، جنگ، امن، قانون اور انسانی حقوق سے متعلق کئی کتب اور مضامین تحریر کروائے جو آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں اور ہر ایک کے لیے مفید اور معلومات کا خزانہ ہیں۔ وہ ایسے بیدار مغز تھے جنھوں نے ویتنام کی جنگ میں واشگاف الفاظ میں امریکا کو مطعون کیا۔ انھیں اپنی انسان دوستی کی پاداش میں‌ پابندِ سلاسل بھی رہنا پڑا۔

    برٹرینڈ رسل کو 1950ء میں ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ 1967ء میں ان کی آپ بیتی شائع ہوئی جس کا شمار دنیا کی مقبول آپ بیتیوں میں ہوتا ہے۔ انھوں نے 1970ء میں عرب اسرائیل جنگ میں کھلم کھلا اسرائیل کی مخالفت کی اور اسے غاصب قرار دیتے ہوئے مغرب میں انسانیت کا پرچار کرنے والوں میں شمار کیے گئے۔

    وہ دمِ آخر تک لکھنے لکھانے اور اپنے افکار و خیالات کا اظہار کرنے میں‌ مصروف رہے۔ وہ کہانی کار بھی تھے، جن کے افسانوں کے دو مجموعے شائع ہوئے۔

  • تہذیبی اور ثقافتی روایات کی امین، مشہور ناول نگار بانو قدسیہ کا یومِ وفات

    تہذیبی اور ثقافتی روایات کی امین، مشہور ناول نگار بانو قدسیہ کا یومِ وفات

    بانو قدسیہ اردو ادب کی ایک قد آور شخصیت ہیں۔ ان کا شمار اُن ادبا اور اہلِ علم و دانش میں‌ ہوتا ہے جو اردو زبان کی آب یاری کے ساتھ اپنے قلم سے اپنی تہذیب اور روایات کا پرچار بھی کرتے رہے۔ انھوں نے ادب کو ایسی شاہ کار تخلیقات سے مالا مال کیا جس نے معاشرے کے مختلف طبقات کو غور و فکر پر آمادہ کیا اور سوچ کے دَر وا کیے۔

    بانو قدسیہ نے فکشن، معاشرتی اور سماجی مسائل پر اپنے قلم کے زور ہی سے شہرت حاصل نہیں کی بلکہ مختلف مجالس میں‌ اپنی گفتگو سے بھی معاشرے کی تعمیر اور اصلاح کی کوشش کی اور بے حد مقبول ہوئیں۔

    وہ اردو اور پنجابی زبان کی ناول نگار، افسانہ نگار اور ڈرامہ نویس کے طور پر مشہور تھیں۔ 28 نومبر 1928ء کو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور کے ممتاز علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہونے والی بانو قدسیہ تین سال کی تھیں جن اُن کے والد کا انتقال ہو گیا۔ تعلیم و تربیت کے مراحل طے کرتے ہوئے پانچویں جماعت میں پہنچیں تو قلم تھاما اور مختصر کہانیاں لکھنے لگیں۔ اس طرح مشق اور حوصلہ افزائی نے انھیں مزید سوچنے اور اپنے خیالات کو کاغذ پر منتقل کرنے پر آمادہ کیا جس میں وقت کے ساتھ شعور اور پختگی آتی گئی۔ تقسیمِ ہند کے بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے لاہور آ گئیں، جہاں انھوں نے 1949ء میں کینیرڈ کالج لاہور برائے خواتین سے ریاضیات اور اقتصادیات میں گریجویشن مکمل کیا۔

    اس عرصے میں وہ اپنے کالج کے میگزین اور دوسرے رسائل کے لیے بھی لکھتی رہیں۔ بعد ازاں 1951ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔ وہیں ان کی ملاقات مشہور ناول نگار اور ڈرامہ نویس اشفاق احمد سے ہوئی، جو اس وقت ان کے ہم جماعت تھے۔ اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت میں گہری دل چسپی لینے والی یہ دونوں شخصیات 1956ء میں رشتۂ ازدواج میں بندھ گئیں۔

    ایم اے کے بعد لاہور کے معروف ادبی مجلہ ’’ادبِ لطیف ‘‘ میں ان کا پہلا افسانہ شایع ہوا جس کا عنوان ’واماندگیٔ شوق‘ تھا۔ اس کے بعد یہ سلسلہ ناول نگاری تک پھیل گیا اور راجہ گدھ، بازگشت، امربیل، آتش زیرِپا، آدھی بات، دوسرا دروازہ، تمثیل، حاصل گھاٹ اور توبہ شکن جیسے ناول سامنے آئے جو بہت مقبول ہوئے۔ ’راجہ گدھ‘ ان کا سب سے مقبول ناول ہے، جس کے اسلوب اور علامتی انداز کو قارئین نے بے حد سراہا اور بانو قدسیہ کو بے مثال شہرت نصیب ہوئی۔

    وہ اردو اور پنجابی زبانوں پر عبور رکھتی تھیں اور اس زمانے میں‌ ریڈیو اور ٹیلی ویژن تفریح کا سب سے بڑا ذریعہ تھے جن کے لیے بانو قدسیہ نے بھی ڈرامے لکھے۔ ان کے ڈرامے ’آدھی بات‘ کو کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔ ان کے تحریر کردہ ڈرامے سماجی مسائل پر بامقصد اور تعمیری انداز میں نظر ڈالنے کا موقع دیتے تھے۔ ان کی تحریروں کا بڑا وصف روایات اور اقدار کی پاس داری کا درس ہے جس میں وہ مذہب اور تعلیم و تربیت کی اہمیت کے ساتھ رشتے ناتوں کے تقدس کو نہایت خوب صورتی سے پیش کرتی ہیں۔

    بانو قدسیہ کی علمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انھیں ستارۂ امتیاز اور قومی خدمات پر ہلالِ امتیاز سے نوازا تھا۔ اس کے علاوہ انھیں کمالِ فن ایوارڈ اور بعد میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    4 فروری 2017ء کو بانو قدسیہ لاہور میں وفات پاگئی تھیں۔

  • یومِ وفات: سریلی اور سدا بہار دھنیں ایم اشرف کی یاد دلاتی رہیں گی

    یومِ وفات: سریلی اور سدا بہار دھنیں ایم اشرف کی یاد دلاتی رہیں گی

    سریلی دھنوں اور سدا بہار موسیقی کے خالق، ایم اشرف کی آج برسی منائی جارہی ہے۔ انھوں نے 4 فروری 2007ء کو یہ دنیا ہمیشہ کے لیے چھوڑ دی تھی۔ پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہونے کے بعد انھوں نے کئی نغمات کی موسیقی ترتیب دی جو بہت مقبول ہوئے اور آج بھی سماعتوں میں رس گھول رہے ہیں۔

    یہ گیت تو آپ نے ضرور سنا ہوگا، تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا پلکیں‌ بچھا دوں، ساری عمر بِتا دوں۔ ایم اشرف ہی اس خوب صورت گیت کے موسیقار تھے۔

    یکم فروری 1938ء کو پیدا ہونے والے ایم اشرف نے موسیقار اختر حسین سے فنِ موسیقی کی تربیت حاصل کی اور اپنی محنت اور لگن کے سبب فلم نگری تک پہنچے جہاں انھوں نے اپنے دور کے دیگر موسیقاروں کے درمیان اپنی جگہ بنائی۔ وہ مشہور فن کار ماسٹر عنایت اور ماسٹر عبداللہ کے بھانجے تھے۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایک فن کار گھرانے کے فرد تھے اور یہی وجہ ہے کہ انھیں شروع ہی سے ساز اور سُر کا شوق تھا اور بڑے ہوئے تو فنِ موسیقی ہی کو اپنا کر نام و مقام پیدا کیا۔

    بطور میوزک ڈائریکٹر انھوں نے شباب کیرانوی کی فلم سپیرن سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک اردو اور پنجابی فلموں کے لیے دھنیں‌ تخلیق کرتے رہے۔ ایم اشرف نے اپنے کیریئر میں 400 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی اور لگ بھگ 2800 فلمی گانے کمپوز کیے۔ ان کی بدولت متعدد گلوکار بھی فلم انڈسٹری میں‌ متعارف ہوئے جن میں ناہید اختر، نیرّہ نور، رجب علی اور دیگر شامل ہیں۔ ایم اشرف 1960ء سے 70ء تک دو عشرے انڈسٹری میں مصروف رہے۔

    پاکستان کے اس مشہور موسیقار کو کئی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم، ہمارے دل سے مت کھیلو جیسے کئی گیتوں کو ان کی موسیقی نے مقبولِ عام بنایا اور فلمیں‌ بھی اپنے گانوں کی وجہ سے سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ آج بھی ان کے گیتوں کو نہایت ذوق و شوق سے سنا جاتا ہے۔

    ملکۂ ترنّم نور جہاں اور مہدی حسن سے لے کر طاہرہ سیّد، رجب علی، اخلاق احمد، نیّرہ نور اور کئی نام ور گلوکاروں نے ان کی مرتب کردہ دھنوں میں گیت گائے۔ ایم اشرف نے مجموعی طور پر 13 فلموں کے لیے بہترین موسیقار کا نگار ایوارڈ اپنے نام کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

  • یومِ وفات:‌ ملکہ پکھراج کو پہاڑی راگ گانے میں‌ کمال حاصل تھا

    یومِ وفات:‌ ملکہ پکھراج کو پہاڑی راگ گانے میں‌ کمال حاصل تھا

    برصغیر کی مشہور مغنّیہ ملکہ پکھراج 2004ء میں آج ہی کے دن اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔

    کہتے ہیں، سُر ان کے آگے گویا ہاتھ باندھے کھڑے رہتے اور جو بھی وہ گنگناتیں ذہنوں پر نقش ہو جاتا۔ وہ کلاسیکی گائیکی اور راگ راگنیوں کی ماہر تھیں اور اُن چند پاکستانی گلوکاراؤں میں‌ سے ایک تھیں‌ جن کو پہاڑی راگ گانے میں‌ کمال حاصل تھا۔

    ملکہ پکھراج کا اصل نام حمیدہ تھا۔ وہ 1910ء میں جمّوں میں پیدا ہوئیں۔ اردو اور فارسی زبانوں پر عبور اور ادب کا اعلیٰ ذوق رکھنے والی اس مغنّیہ نے پاکستان میں اپنے ہم عصر گلوکاروں میں‌ اپنی آواز اور مخصوص انداز کے سبب نمایاں‌ پہچان بنائی۔ ملکہ پکھراج نے ٹھمری، غزل اور بھجن کے ساتھ کئی اصناف میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی اور ماہر موسیقاروں نے ان کے کمالِ فن کا اعتراف کیا۔

    ان کی آواز میں اردو زبان کے معروف شاعر حفیظ جالندھری کا گیت ‘ابھی تو میں جوان ہوں’ بہت مشہور ہوا اور ملکہ پکھراج کی پہچان بنا۔ مشہور شاعر عبدالحمید عدم کی غزل ‘وہ باتیں تیری فسانے تیرے’ بھی ملکہ پکھراج کی آواز میں‌ بہت مقبول ہوئی اور ان کی شناخت بنی۔

    ملکہ پکھراج کے شوہر سید شبیر حسین شاہ اعلیٰ تعلیم یافتہ سرکاری افسر تھے جن کا ایک ناول جھوک سیال بہت مشہور ہے۔ ملکہ پکھراج نے کم عمری ہی میں گانا شروع کردیا تھا اور وہ نو سال کی تھیں جب جموں میں مہاراجہ ہری سنگھ کی تاج پوشی کا موقع آیا تو انھیں تقریب میں گانے کا موقع ملا اور وہاں ملکہ پکھراج کے سامعین میں والیٔ ریاست، وزرا اور امرا کے ساتھ عوام بھی ان کے مداح ہوگئے۔ انھوں نے مہاراجہ اور اعلیٰ‌ درباری منصب داروں کو اتنا متاثر کیاکہ انھیں دربار ہی سے وابستہ کر لیا گیا اور وہ اگلے نو سال تک وہیں مقیم رہیں۔

    ملکہ پکھراج کو حکومتِ پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔ پاکستان کی اس نام ور گلوکارہ کی سوانح عمری بھی شایع ہوئی تھی جس کا انگریزی ترجمہ بھی کیا گیا۔

    لاہور میں وفات پانے والی اس مشہور مغنّیہ کو شاہ جمال کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

  • مرزا غالب کے بڑے مخالف یگانہ چنگیزی کا تذکرہ

    مرزا غالب کے بڑے مخالف یگانہ چنگیزی کا تذکرہ

    یگانہ چنگیزی یوں تو کسی کو خاطر میں نہیں لاتے تھے، لیکن مرزا غالب کی مخالفت کی وجہ سے انھیں‌ خاص شہرت حاصل ہوئی۔ وہ ایک قادرُ الکلام شاعر تھے جس نے اپنے زمانے کے رائج ادبی تصوّرات اور شعری روایات کو مسترد کردیا اور جدید غزل کے لیے راستہ ہموار کیا۔

    بیسوی صدی کے تمام تر تہذیبی، سماجی اور فرد کے داخلی مسائل کو غزل میں‌ پیش کرنے والے یگانہ چنگیزی 4 فروری 1956ء کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ آج ان کی برسی ہے۔

    یگانہ کا اصل نام مرزا واجد حسین تھا۔ وہ 17 اکتوبر 1884ء کو صوبہ بہار کے شہر پٹنہ میں پیدا ہوئے۔ شعر گوئی کا آغاز کیا تو ابتدائی زمانے میں یاس تخلّص رکھا، بعد میں یگانہ کے نام سے پہچان بنائی۔ متعدد شہروں میں قیام رہا اور پھر 1904ء میں وہ لکھنؤ ہجرت کرگئے جہاں زندگی کا سفر تمام ہوا۔

    اس دور میں لکھنؤ میں مشاعروں اور ادبی محافل کا انعقاد عام تھا، لیکن یگانہ کے مزاج نے انھیں سبھی سے دور رہنے پر مجبور رکھا۔ وہ مرزا غالب جیسے مشہور شاعر پر بھی اعتراض اور ان کی مخالفت کرتے رہے۔ تاہم اس سے یگانہ کی شعر گوئی اور ان کے فن کی اہمیت کم نہیں‌ ہوتی۔ وہ اردو زبان کے ایسے شاعر ہیں جس نے غزل جیسی مقبول صنفِ سخن میں تجربات کیے اور اسے نیا راستہ دکھایا۔

    یگانہ نے اپنی زندگی کا آخری حصّہ لکھنؤ میں بڑی کس مپرسی کے عالم میں بسر کیا۔ ان کے شعری مجموعے نشترِ یاس، آیاتِ وجدانی، ترانہ اور گنجینہ کے نام سے اشاعت پذیر ہوئے۔

    یگانہ لکھنؤ میں کربلائے منشی تفضل حسین (وکٹوریہ گنج) میں آسودۂ خاک ہیں۔

    ان کے یہ اشعار ملاحظہ کیجیے۔

    خودی کا نشّہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا
    خدا بنے تھے یگانہ مگر بنا نہ گیا

    ہر شام ہوئی صبح کو اک خوابِ فراموش
    دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی

    مصیبت کا پہاڑ آخر کسی دن کٹ ہی جائے گا
    ہمیں سر مار کر تیشے سے مر جانا نہیں آتا

  • انتظار حسین: ان کے اسلوب کی سحر انگیزی پُراسرار پہاڑ کے بلاوے کی طرح ہے!

    انتظار حسین: ان کے اسلوب کی سحر انگیزی پُراسرار پہاڑ کے بلاوے کی طرح ہے!

    انتظار حسین وہ پہلے پاکستانی تخلیق کار ہیں جنھیں بکر پرائز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ان کے فن اور گراں قدر ادبی خدمات کے اعتراف میں پاکستان ہی نہیں‌ بھارت، مشرق وسطیٰ اور یورپ میں بھی انھیں کئی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

    ان کا شمار موجودہ عہد میں پاکستان ہی کے نہیں بلکہ اردو فکشن، خاص طور پر افسانے اور ناول کے اہم ترین تخلیق کاروں میں کیا جاتا تھا۔

    پاکستان کے معروف فکشن نگار نے زندگی کی 93 بہاریں دیکھنے کے بعد 2 فروری 2016ء میں ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں۔ انتظار حسین لاہور کے ایک اسپتال میں نمونیہ اور شدید بخار کی وجہ سے زیرِ علاج تھے۔

    انتظار حسین سنہ 1923ء میں ہندوستان کے ضلع میرٹھ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے میرٹھ کالج سے اردو میں ایم اے کیا۔ تقسیمِ ہند کے وقت ہجرت کی اور پاکستان آنے کے بعد صحافت کے شعبے سے وابستہ ہو گئے۔ ان کا تخلیقی سفر شروع ہو چکا تھا اور پاکستان آنے کے بعد 1953ء میں‌ انتظار حسین کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ’گلی کوچے‘ کے عنوان سے شائع ہوا۔ بعد کے برسوں میں افسانوں کے آٹھ مجموعے، چار ناول اور آپ بیتی کی دو جلدیں جب کہ ایک ناولٹ بھی منظرِ عام پر آیا۔ وہ اپنے اسلوب کی وجہ سے پہچان بنانے والے ادیبوں میں‌ شمار کیے جاتے ہیں جنھوں نے تراجم بھی کیے اور سفر نامے بھی لکھے۔ انتظار حسین عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ادیب تھے جن کے ناول اور افسانوں کے چار مجموعے بھی انگریزی زبان میں شائع ہوئے۔

    تاریخ، تہذیب و ثقافت اور ادبی موضوعات پر ان کے قلم کی نوک سے نکلنے والی تحریریں بہت مقبول ہوئیں۔ اس سحر طراز ادیب کی تحریریں کئی فکری مباحث کو جنم دینے کا سبب بنیں۔ ان کے یہاں ناسٹیلجیا یا ماضی پرستی بہت ہے، جس کے بیان میں وہ اپنے علامتی اور استعاراتی اسلوب سے ایسا جادو بھر دیتے ہیں جس میں ایک حسن اور سوز پیدا ہو جاتا ہے۔

    انتظار حسین کا مطالعہ بہت وسیع تھا۔ قرآن شریف، احادیث، صوفیائے کرام کے ملفوظات ہی نہیں، وہ ہندوستان کی قدیم تہذیبوں کی روایات، معاشرت اور ان کے رائج مذاہب اور عقائد پر بھی خوب بات کرتے تھے۔ رامائن اور بدھ مت وغیرہ پر ان کی گہری نظر تھی اور ساتھ ہی مغربی مفکرین کا مطالعہ بھی کیا تھا۔ ان کی وجہِ شہرت فکشن نگاری ہی نہیں ان کے انگریزی اور اردو زبان میں‌ شایع ہونے والے کالم بھی ہیں جنھیں علم و ادب کا شغف رکھنے والوں اور سنجیدہ قارئین نے بے حد پسند کیا۔ ان کے یہ کالم بھی کتابی شکل میں شائع ہوئے۔

    ممتاز نقّاد وارث علوی نے انتظار حسین سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں‌ کیا تھا:

    ’’انتظار حسین کے افسانوں میں اسلوب کا یہ جادو ملتا ہے، یعنی خوب صورت نظموں کی مانند ان کے افسانوں کے اسلوب کی سحر انگیزی پراسرار پہاڑ کے بلاوے کی طرح ہمیں اپنی طرف کھینچتی رہتی ہے۔ یہ کشش کہانی، کردار، واقعات یا دوسرے ارضی مواد کے سبب نہیں ہوتی جیسا کہ بیدی، منٹو یا موپساں کے افسانے میں ہوتا ہے۔ لیکن آپ انتظار حسین کی زبان و بیان کی جادو گری کا راز پانے کی کوشش کیجیے تو دیکھیں گے کہ ان کے اسلوب کی پوری سحر کاری ایک ایسے مواد کی زائیدہ ہے جو انسان کے ارضی، اخلاقی اور روحانی تجربات سے تشکیل پاتا ہے، اور یہ مواد اتنا ہی گاڑھا ہے جتنا کہ حقیقت پسند افسانے کا سماجی اور انسانی مواد اور اسی لیے اس کی پیش کش میں انتظار حسین گو اسطوری اور علامتی طریقِ کار اختیار کرتے ہیں، لیکن حقیقت پسند تکنیک کے ہتھکنڈوں یعنی واقعہ نگاری، کردار نگاری، جزئیات نگاری، مکالمے، تصویر کشی اور فضا بندی کا بھرپور استعمال کرتے ہیں۔ اسی سبب سے ان کے افسانے تجریدی افسانوں کی ذیل میں نہیں جاتے اور ان کا اسلوب تجریدی افسانوں کی مانند شاعری کے اسلوب سے قریب ہونے کی کوشش نہیں کرتا۔ انتظار حسین کا امتیازی وصف ہے کہ ان کے کسی جملے پر شعریت، غنایت یا شاعرانہ پن کا گمان تک نہیں ہوتا، بلکہ ایسا لگتا ہے کہ ان کی پوری کوشش غنایت سے گریز کی طرف ہے۔ ان کے باوجود ان کا اسلوب غنائی شاعری کے اسلوب کی مانند ہم پر وجد کی کیفیت طاری کرتا ہے۔ یہ نثر کی معراج ہے۔‘‘

    ان کی تحریروں میں اکثر پرانے اور ایسے الفاظ پڑھنے کو ملتے تھے جنھیں عام طور پر ترک کردیا گیا ہو۔ وہ اپنے کالموں میں کبھی کوئی قدیم حکایت اور داستان پیش کرتے یا اس میں بیان کیے گئے واقعے یا شخصیت کو اپنے مطالعے اور فکر کی بنیاد پر نہایت پُراثر موضوع بنا دیتے تھے۔

    انتظار حسین کی تصانیف میں آخری آدمی، شہر افسوس، آگے سمندر ہے، بستی، چاند گہن، گلی کوچے، کچھوے، خالی پنجرہ، خیمے سے دور، دن اور داستان، علامتوں کا زوال، بوند بوند، شہرزاد کے نام، زمیں اور فلک، چراغوں کا دھواں، دلی تھا جس کا نام، جستجو کیا ہے، قطرے میں دریا، جنم کہانیاں، قصے کہانیاں، شکستہ ستون پر دھوپ، سعید کی پراسرار زندگی سرِ فہرست ہیں۔

  • معروف اداکار خیّام سرحدی کا تذکرہ

    معروف اداکار خیّام سرحدی کا تذکرہ

    پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اور سینئر فن کار خیّام سرحدی 3 فروری 2011ء کو انتقال کرگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔

    ٹی وی اداکار خیام سرحدی کے والد اپنے زمانے کے نام ور اور باکمال ہدایت کار تھے جنھوں‌ نے ”ہم لوگ” اور ”فٹ پاتھ” جیسی شاہ کار فلمیں بنائی تھیں۔ انہی کی بدولت خیّام سرحدی فن اور آرٹ کی دنیا کی طرف متوجہ ہوئے اور یہ شوق گویا انھیں ورثے میں ملا تھا۔

    ان کا شمار منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔ حکومت نے انھیں فنی خدمات کے اعتراف میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

    خیّام سرحدی ممبئی میں پیدا ہوئے تھے جہاں ان کے والد فلمی صنعت میں‌ اپنی قسمت آزمائی کے لیے مقیم تھے۔ بعد میں ان کا خاندان ہجرت کے لاہور آگیا اور یہاں سے وہ کراچی منتقل ہوگئے۔

    وارث، ریزہ ریزہ، من چلے کا سودا، دہلیز، لازوال، سورج کے ساتھ ساتھ اور کئی دوسرے ڈراموں میں خیّام سرحدی نے اپنے کرداروں کو حقیقت کا رنگ دے کر ناظرین سے داد وصول کی۔ ان کے کردار بہت مقبول ہوئے۔ اداکار نے تین فلموں ’’اک سی ڈاکو‘‘،’’بوبی‘‘ اور ’’مہک‘‘ میں بھی کام کیا تھا۔

    پاکستان ٹیلی ویژن کے اس معروف اداکار نے امریکا سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد ستّر کے دہائی میں ڈرامہ ’ْایک تھی مینا‘ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔ خیّام سرحدی نے تحریکِ پاکستان کے پس منظر میں اور قائدِ اعظم کی زندگی پر بننے والی ایک دستاویزی فلم میں مسلمانوں کے مقبول راہ نما سردار عبدالرّب نشتر کا کردار بھی ادا کیا تھا۔

  • آج بنتِ نیل کا خطاب پانے والی گلوکارہ اُمِّ کلثوم کی برسی ہے

    آج بنتِ نیل کا خطاب پانے والی گلوکارہ اُمِّ کلثوم کی برسی ہے

    مشرقِ وسطیٰ میں گلوکارہ اُمِّ کلثوم کو لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے انھیں اپنی شخصیت اور فن کی بدولت دنیا بھر میں‌ پہچان ملی۔ وہ ‘بنتِ نیل’، ‘کوکبِ مشرق’، ‘بلبلِ صحرا’ اور ‘صوۃُ العرب’ جیسے خطابات اور متعدد اعزازات سے نوازی گئیں اور کئی نام وَر شخصیات کی موجودگی میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد وصول کی۔

    اس عظیم گلوکارہ نے 3 فروری 1975ء کو ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں۔ آج اُمِّ کلثوم کی برسی ہے۔

    ان کا تعلق مصر سے تھا جہاں انھوں نے 31 دسمبر 1898ء کو ایک کسان گھرانے میں آنکھ کھولی۔ وہ شروع ہی سے موسیقی اور گلوکاری کا شوق رکھتی تھیں۔ انھوں‌ نے عرب کلاسیکی موسیقی میں مہارت حاصل کی اور 1920ء کی دہائی میں ان کی آواز کو پہچانا جانے لگا۔ رفتہ رفتہ وہ عرب دنیا کی مقبول گلوکارہ بن گئیں۔ 1934ء میں ریڈیو قاہرہ سے ایک پروگرام نشر ہوا اور اس کے بعد ان کی آواز عرب دنیا میں گونجنے لگی۔

    امِّ کلثوم نے بدوؤں اور دیہاتیوں کی زبانی کئی لوک گیت اور کہانیاں سنی تھیں، ان کے طرزِ زندگی کو قریب سے دیکھا تھا اور عرب ثقافت کے مختلف رنگوں سے آشنا تھیں۔ انھوں نے جب گلوکاری کا آغاز کیا تو اپنے مشاہدات اور تجربات کی روشنی میں کلاسیکی عرب موسیقی کو منتخب کرتے ہوئے اپنی آواز کا جادو جگایا۔امِّ کلثوم نے قدیم اور کلاسیکی راگوں میں عرب لوک گیت گائے اور اپنے فن کی بدولت امر ہوگئیں۔ انھیں مصر ہی نہیں تمام دنیائے عرب میں لازوال شہرت ملی۔ ان کے مداحوں میں عرب دنیا کا ہر خاص و عام اور ہر طبقے کے لوگ شامل ہیں۔ اس گلوکارہ کو مصر کا سب سے بڑا اعزاز ‘الکمال’ عطا کیا گیا تھا۔

    پاکستان میں امِّ کلثوم کی ایک وجہِ شہرت شاعرِ مشرق علّامہ اقبال کی نظمیں شکوہ، جوابِ شکوہ ہیں جن کے عربی ترجمہ کو اس گلوکارہ نے اپنی آواز دی تھی۔ اس پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے مصری گلوکارہ کو ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

    امِّ کلثوم دماغ کی شریان پھٹ جانے کے سبب زندگی کی بازی ہار گئی تھیں۔ دنیائے عرب کی اس مقبول گلوکارہ کے جنازے کے شرکا کی تعداد لاکھوں میں تھی۔