Tag: فروزن

  • قربانی کے گوشت کو گرمی میں کیسے محفوظ رکھیں؟

    قربانی کے گوشت کو گرمی میں کیسے محفوظ رکھیں؟

    گرمی کے موسم میں قربانی کے گوشت کو کئی دنوں کیلیے محفوظ رکھنا ایک مشکل امر ہے خاص طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران گوشت خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    قربانی کا گوشت محفوظ رکھنے کیلیے پہلا کام فریزر کی صفائی ہے تاکہ کولنگ کا عمل متاثر نہ ہو سکے۔ گوشت کے اوپر سے چکنائی اور غیر ضروری حصے نکال کر بوٹیوں کی شکل میں کاٹنے کے بعد فریزر میں رکھیں۔

    ماہرین کے مطابق قربانی کے گوشت کو خراب ہونے سے بچانے اور فروزن یا منجمد کرنے کی صورت میں ان کی غذائیت میں کمی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ گوشت ریفریجریٹر کے باہر یا فریزر کے باہر دو گھنٹے سے زیادہ نہ چھوڑا جائے۔

    اس بات کی پابندی نہ کرنے پر درجہ حرارت بڑھنے کی صورت میں گوشت میں موجود مائیکروب بڑھ جاتے ہیں جو اس کی خرابی کا باعث بنتے ہیں۔

    اگر کوئی شخص قربانی کا گوشت فریزر میں محفوظ کرنا چاہتا ہے تو بہتر ہوگا کہ وہ اسے فریزر میں رکھنے سے قبل کم از کم چھ گھنٹے فریج میں رکھے۔ ایسا کرنے سے گوشت کی تازگی اور عمدگی برقرار رہتی ہے۔

    قربانی کے گوشت کو فریج میں رکھنے سے قبل صاف ستھری تھیلیوں میں اچھی طرح پیک کرکے رکھیں اور پیکٹ بند کرنے سے قبل حتی الامکان اس کی ہوا نکال دیں اور پھر فریزر میں رکھیں۔

    اس کے علاوہ اگر آپ کے فریزر نے اچانک کام کرنا چھوڑ دیا ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بس گوشت کو ابال کر یا پھر نمک لگا کر خشک کر لیں، اس طرح بھی گوشت کو خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

  • فروزن: برفانی پتلے کی مہم جوئی

    فروزن: برفانی پتلے کی مہم جوئی

    سنہ 2013 کی بلاک بسٹر اینی میٹڈ فلم فروزن کے سیکوئل ’اولفز فروزن ایڈونچر‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

    والٹ ڈزنی پکچرز کی اینی میٹڈ فلم فروزن کا نیا حصہ دراصل 21 منٹ پر محیط میوزیکل شارٹ فلم ہے۔

    افسانوی کہانی دی سنو کوئین سے ماخوذ فروزن کے مصنف اور ہدایت کار جینیفر لی اور کرس بک ہیں۔ فلم کی کہانی 2 بہنوں ایلسا اور انا کی محبت پر مبنی ہے۔

    فروزن میں چھوٹی بہن انا سر دھڑ کی بازی لگا کر اور تمام خطرات سے کھیلتے ہوئے اپنی بڑی بہن کو بچانے جاتی ہے جو ایک جادوئی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور جسے چھوتی ہے اسے برف کا بنا دیتی ہے۔

    اب اس حصے میں یہ دونوں بہنیں کرسمس کے موقع پر کچھ اداس دکھائی دے رہی ہیں جو بہت پہلے اپنے والدین کو کھو چکی ہیں۔

    ایسے میں ان کا دوست برفانی پتلا اولف انہیں خوش کرنے کے لیے ایک گرینڈ کرسمس پارٹی کی تیاریوں میں مصروف ہو جاتا ہے۔

    فلم میں مختلف اینی میٹڈ کرداروں کے لیے کرسٹین بیل، ایڈینا مینزل، جوناتھن گروف اور جوش گیڈ نے اپنی آوزیں پیش کی ہیں۔

    اولف کی دلچسپ مہم جوئی اور ایلسا کے جادو پر پر مبنی فلم رواں برس 22 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کارٹونز میں چھپا انسانی نفسیات کا اہم سبق

    کارٹونز میں چھپا انسانی نفسیات کا اہم سبق

    کیا آپ نے ’جادو کی جھپی‘ کے بارے میں سنا ہے؟

    فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے ذریعے یقیناً آپ نے اس لفظ سے واقفیت حاصل کرلی ہوگی۔ فلم میں دکھایا جاتا ہے کہ کس طرح منا بھائی کا کردار ادا کرنے والے سنجے دت مختلف لوگوں کو گلے لگا کر ان کو زندگی کی جدوجہد کا حوصلے سے سامنا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق قریبی رشتوں جیسے والدین، بہن بھائی، شریک حیات یا دوستوں سے گلے لگنا دماغی و جسمانی طور پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ طبی ماہرین نے باقاعدہ ریسرچ سے ثابت کیا کہ پریشانی اور ڈپریشن میں کسی عزیز کے گلے لگنا دماغی تناؤ میں کمی کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ یہ اعصاب کو پرسکون، جسمانی تکالیف میں کمی، امراض قلب میں کمی اور قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ گلے لگنا دو افراد کے رشتہ کے درمیان قربت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    یہی بات ہمیں ڈزنی موویز میں بھی نظر آتی ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔ فلم کے آخر میں تمام مسئلے مسائل ختم ہونے کے بعد کردار آپس میں گلے ملتے ہیں جس کے بعد ان کے رشتوں میں اور بھی مضبوطی پیدا ہوجاتی ہے۔

    یہاں ہم آپ کو ڈزنی موویز کی ان مشہور جھپیوں کے بارے میں بتائیں گے جو ہماری زندگی میں بھی ہمارے رشتوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

    :فروزن

    2

    دو بہنوں کی محبت پر مشتمل ڈزنی مووی ’فروزن‘ میں بڑی بہن ایلسا ایک جادوئی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے جو جس چیز کو چھو لے اسے برف کا بنا دیتی ہے۔ فلم میں وہ اپنی محبت کرنے والی چھوٹی بہن انا کو بھی چھو لیتی ہے جس کے بعد وہ آہستہ آہستہ برف میں تبدیل ہونے لگتی ہے۔

    دیگر کردار اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب تک انا کو کوئی محبت کرنے والا گلے نہیں لگائے گا وہ اپنی اصل حالت میں واپس نہیں آئے گی اور مستقل برف کا بنے رہنے کے باعث بالآخر مر جائے گی۔

    بالکل آخر وقت میں ایلسا وہاں پہنچ جاتی ہے اور روتے ہوئے بہن کو گلے لگالیتی ہے جس کے بعد انا جاگ جاتی ہے اور اس پر سے برف کا اثر ختم ہوجاتا ہے۔ فلم میں بہنوں کی محبت کی معنویت اور گہرائی کو پیش کیا گیا ہے۔

    :فائنڈنگ نیمو

    4

    باپ اور بیٹے کی محبت کی کہانی پر مشتمل ’فائنڈنگ نیمو‘ میں نیمو نامی ایک مچھلی کو شکاری پکڑ لیتے ہیں جس کے بعد اس کا باپ مارلن اسے ڈھونڈنے کے لیے پورے سمندر کی خاک چھان ڈالتا ہے۔

    ان تھک جدوجہد اور بے شمار خطرات کا سامنا کرنے کے بعد وہ بالآخر اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے اور اسے قید سے رہائی دلانے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس موقع پر دونوں باپ بیٹے کا جذباتی انداز میں گلے لگنا دیکھنے والوں کے دلوں کو موم کردیتا ہے۔

    :مانسٹر انک

    1

    فلم ’مانسٹر انک‘ خوفناک صورتوں والی عفریت کی کہانی ہے جس میں ایک بچی بو اپنے گھر سے بھاگ کر اتفاقاً ایک مانسٹر جیمز سلون سے جا ملتی ہے۔  دونوں کے درمیان گہری دوستی کا رشتہ قائم ہوجاتا ہے۔ آخر میں مانسٹر بحفاظت بو کو اس کے گھر پہنچا دیتا ہے۔

    :لائن کنگ

    5

    ہم میں سے ہر شخص نے اپنے بچپن میں مشہور فلم ’لائن کنگ‘ ضرور دیکھی ہوگی۔ عزم و ہمت اور سمبا کی جدوجہد پر مبنی کہانی میں مختلف کردار ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور اپنے رشتے کو مضبوط بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

    :ونی دا پوہ

    3

    فلم ’ونی دا پوہ‘ میں یہ زرد بھالو اپنی سب سے پسندیدہ چیز شہد کو گلے لگاتا ہوا نظر آتا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ صرف شہد کو کھانے کے چیز نہیں سمجھتا بلکہ اسے اپنی زندگی کا اہم حصہ خیال کرتا ہے۔

    تو پھر کیا خیال ہے آپ کا؟ آپ نے کتنی بار جادو کی جھپی کو مؤثر پایا؟