Tag: فروغ نسیم

  • وزیر قانون کیسے بنا؟ فروغ نسیم نے بتا دیا

    وزیر قانون کیسے بنا؟ فروغ نسیم نے بتا دیا

    لاہور: وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وہ کسی اور پارٹی میں تھے ایک اور صاحب انھیں دھکا دے کر پی ٹی آئی لائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کے دوران فروغ نسیم نے کہا کہ میں کسی اور پارٹی کا تھا جب پی ٹی آئی میں آیا تو میں نے حق حلالی کی، لا منسٹری میں بیٹھتا ہوں، سفارشیں آتی ہیں مگر میرٹ میری ترجیح ہے۔

    انھوں نے بتایا پی ٹی آئی حکومت بعد میں آئی، مجھے عمران خان پہلے سے جانتے تھے، میں لا منسٹر نہیں بننا چاہتا تھا لیکن ایک صاحب نے دھکا دیا، اور میں آج لا منسٹر ہوں، مجھے عمران خان نے پھر جانے نہیں دیا، عمران خان نے کہا لا منسٹر آپ ہی ہو، یہ چوائس تو کپتان کی ہے، میں نے 3 سال میں ڈیڑھ لاکھ کیس نمٹائے ہیں۔

    وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا میں نے پہلے انصاف لائرز فورم کا نام نہیں سنا تھا، جب 2018 میں آیا تو اس وقت آئی ایل ایف کیا تھی اب دیکھ لیں کیا ہے، سسٹم تو میں نے بنا دیا اب یہ آپ کے ہاتھ میں ہے، انصاف لائرز فورم کا ایجنڈا صرف عمران خان ہے اور کوئی نہیں، پی ٹی آئی کے جو وکیل ہیں وہ آئی ایل ایف ہیں۔

    انھوں نے کہا ہم نے بڑے زبردست سول ریفارمز کیے، دیوانی مقدمات اب صرف 6ماہ سے ایک سال کے اندر مکمل ہوں گے، انصاف کے فروغ کے لیے ہم نئے نئے قانون بنا رہے ہیں، ان قوانین کی عمل درآمد پھر جج یا وکلا کرتے ہیں۔

  • کیا فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہیں؟

    کیا فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہیں؟

    اسلام آباد: ذرائع نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سے متعلق اس خبر کی تردید کر دی ہے کہ وہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ فروغ نسیم کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ امیدوار بننے سے متعلق خبر درست نہیں، نہ ہی وزیر قانون فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان بھی وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

    ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے اہم رابطے کیے ہیں، چیئرمین سینیٹ نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، امین الحق، خالد مگسی، منظور کاکڑ اور کہدہ بابر بھی شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں حمایت بھی مانگی۔

    قبل ازیں، چیئرمین سینیٹ اور امیدوار حکومتی اتحاد صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر امین الحق کو فون کر کے ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری طرف چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی آ چکی ہے، اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی اتحادیوں سے رابطہ شروع کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے ایم کیو ایم سے حمایت اور ووٹ کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور ان سے ملاقات کی درخواست کی۔

  • وزیر قانون اور مشیر داخلہ لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے

    وزیر قانون اور مشیر داخلہ لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر آج لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھے لا پتا افراد کے اہل خانہ سے ملنے پہنچے اور ان کے ساتھ مذاکرات کیے۔

    فروغ نسیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نے لا پتا افراد کی جبری گمشدگی کے خلاف قانون سازی کی ہدایت کی ہے، لا پتا افراد جلد اپنےگھروں کو پہنچیں گے۔

    وفاقی وزیر قانون نے بلوچستان میں لا پتا افراد کے اہل خانہ سے کہا آپ لوگ دھرنا ختم کر دیں، تاہم مظاہرین نے جواب دیا کہ ہم بلوچستان سے اپنے لا پتا افراد بازیاب کرانے آئے ہیں، واپس جانے نہیں۔

    مذاکرات کے بعد لا پتا افراد کے اہل خانہ نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا، مظاہرین نے ڈاکٹر فروغ نسیم سے سوال کیا کہ آپ آئے ہیں وزیر اعظم یہاں کیوں نہیں آتے؟

    وزیر قانون نے کہا کہ آپ لوگوں سے جو مذاکرات ہوئے اس میں مجھے آنے کا کہا گیا، وزیر اعظم لا پتا افراد کی بازیابی کے لیے فکر مند ہیں، کاش میں آپ کو آج لا پتا افراد کے مسئلے پر کابینہ میں ہوئی بحث سنا سکتا۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا ہم لا پتا افراد کی بازیابی کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں، کاش جو مطالبہ کیا جا رہا ہے، وہ میرے بس میں ہوتا تو فوری پورا کر دیتا۔

  • وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت قانون کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں ںے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ میری کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، کراچی میں خود کو قرنطینہ کرلیا، گھر سے کام جاری رکھوں گا۔

    وزیر قانون نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے طبیعت بہتر ہے، فی الحال کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، انہوں نے صحت میں بہتری کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

    مزید پڑھیں: ملک میں کرونا کے وار میں مزید اضافہ، 75 جاں بحق

    خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ہلاکتوں اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 75 ہلاکتیں ہوئیں جو ساڑھے چار ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

    پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 166 ہو گئی ہے، جب کہ 2 ہزار 244 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 49 ہزار 780 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 79 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 365 ہوگئی۔

    کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 197 ٹیسٹ کیےگئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 55 لاکھ 84 ہزار 976 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم عمران خان

    کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں بارشوں کے بعد سندھ کی صورت حال اور خصوصاََ کراچی کے معاملات پر غور کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کےعوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے،کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیراعظم کا کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار

    اس سے قبل گزشتہ روز اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعمیرات، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان شعبوں سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملےگا،روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے،حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لیے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھےگی۔

  • فروغ نسیم نے وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ کیوں دیا؟

    فروغ نسیم نے وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ کیوں دیا؟

    اسلام آباد : فروغ نسیم نے وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر جسٹس قاضی فائزعیسٰی ریفرنس پر وفاق کی نمائندگی کا فیصلہ کیا ، کسی کیخلاف ذاتی عناد نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فروغ نسیم نے مستعفی ہونےکے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ بطور وزیرقانون عہدے سے استعفیٰ دے دیاہے، قانون کے خلاف کبھی کچھ نہیں کیا۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی درخواست پر وفاق کی نمائندگی کا فیصلہ کیا ، جسٹس قاضی فائزعیسٰی ریفرنس میں وفاق کی نمائندگی کروں گا، جسٹس قاضی فائزعیسٰی، بارکونسل یا کسی کیخلاف ذاتی عناد نہیں۔

    سابق وزیر قانون نے مزید کہا کہ مقدمے میں صرف بطور عدالتی معاون پیش ہوں گا، میرے دل میں عدلیہ،معزز جج صاحبان کیلئےعزت واحترام ہے، بطور وزیر ہمیشہ قرآن وحدیث، آئین کی روشنی میں فیصلے کئے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مستعفی ہوگئے

    یاد رہے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مستعفی ہوگئے تھے اور اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کوبھجوا دیا تھا۔

    خیال رہے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سےمتعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کل ہوگی، اٹارنی جنرل خالد جاوید نے حکومتی کی نمائندگی سےمعذرت کی تھی اور عدالت نے پیشی کیلئے فروغ نسیم کو لائسنس بحال کرانے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے نومبر 2019 میں بھی فروغ نسیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپریم کورٹ میں مدت ملازمت سے متعلق کیس کی پیروی کرنے کے لیے وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • وزیر اعظم کی وزیر قانون فروغ نسیم کی کارکردگی کی تعریف

    وزیر اعظم کی وزیر قانون فروغ نسیم کی کارکردگی کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران کہا کہ بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں اہم قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے فروغ نسیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ محنت کر رہے ہیں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پوری کابینہ آپ کے ساتھ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل بھی وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں فروغ نسیم کی کاوشوں کو سراہا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عوام کو آسان اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، فوری اور آسان انصاف عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔

  • حکومت کے جانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں: فروغ نسیم

    حکومت کے جانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں: فروغ نسیم

    اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں، تمام اتحادی ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ مریم والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، اس کی قانوناً کوئی گنجایش نہیں، وفاقی حکومت مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی۔

    فروغ نسیم نے کہا مریم کی ہائی کورٹ سے ضمانت ہوئی تو حکومت سپریم کورٹ جائے گی، پاکستان کو کرپشن فری بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، موجودہ حکومت شفاف ترین ہے، چینی اور آٹا مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے جانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، تمام اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کی حکومت میں لوگ کرپشن کو شکست دینا چاہتے ہیں، معیشت برے حال میں ملی اسی لیے آئی ایم ایف سے پیکج لینا پڑا۔

    صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا سر عام پھانسی آئین پاکستان سے متصادم ہے، سر عام پھانسی کا قانون کسی صورت منظور نہیں کیا جائے گا، سوشل میڈیا کنٹرول کرنے کے لیے کوئی قانون سازی نہیں ہو رہی، ایم کیو ایم حکومت میں ہے، خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے حق کی بات کی، شہباز شریف ملک سے باہر ہیں تو وہ عدالت کے حکم پر ہیں۔

  • ایم کیو ایم کے کوٹے پر وزیر نہیں ہوں، فروغ نسیم

    ایم کیو ایم کے کوٹے پر وزیر نہیں ہوں، فروغ نسیم

    اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کے کوٹے پر وزیر نہیں بنا۔

    نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے کوٹے پر وزیر نہیں ہوں، ایم کیو ایم کا رکن ہونے اور وزیر بننے میں فرق ہے، وزارت قانون میں بطور وزیر صرف پاکستان کی نمائندگی کرتا ہوں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والے خصوصی عدالت کے جج جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف وفاق کے کہنے پر ریفرنس تیار کر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور فروغ نسیم میں ناراضی کی باتیں افواہ ہیں، عامر خان

    نیب آرڈیننس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے کسی کرپٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، 99 فیصد مقامات میں ملزمان کو ریلیف نہیں ملے گا، مجموعی طور پر کرپٹ افراد کو فائدہ نہیں ہوگا۔

    مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ اگر سینیٹر مشاہد اللہ چاہیں تو میں ذاتی خرچ پر ان کا کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کروا سکتا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

  • آرمی ایکٹ میں تبدیلی پر اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہو گئی، وزیرقانون

    آرمی ایکٹ میں تبدیلی پر اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہو گئی، وزیرقانون

    اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی ہر طرح سےتسلی ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل پر پارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر فروغ نسیم نے شرکاء کو بریف کیا۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں فروغ نسیم نے بتایا کہ آرمی ایکٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کوبریفنگ دی ہے، جوسوالات تھےان کےجوابات دیئے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارےحساب سے اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہوئی تاہم کل صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ہوگا۔

    صحافی نے پوچھا کہ اپوزیشن نے مزید وقت کیوں مانگا؟ جس پر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ یہ بات آپ اپوزیشن سے پوچھیں۔

    دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے صحافیوں کو بتایا کہ چاروں سروسزچیفس سےمتعلق ترمیم پیش ہوگی جب کہ حکومت مطمئن نہ کرسکی ایسی کوئی بات نہیں۔