Tag: فروٹ سلاد

  • فروٹ سلاد : ڈپریشن سے فوری نجات کا بہترین حل

    فروٹ سلاد : ڈپریشن سے فوری نجات کا بہترین حل

    بچپن سے سنتے آئے ہیں ہیں کہ روزانہ ایک سیب ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے، بالکل ٹھیک لیکن اب ایک نئی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ پھلوں کا سلاد انسانی صحت کیلئے حیرت انگیز فوائد رکھتا ہے۔

    تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ پھلوں کا سلاد آپ کی عمر کے ساتھ ساتھ ڈپریشن کی علامات کے پیدا ہونے کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔

    تازہ ترین مطالعہ یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ کسی بھی غذا میں پھلوں کو شامل کرنے کے طویل مدتی اور وسیع پیمانے پر صحت کے فوائد ہیں۔

    درمیانی عمر میں پھل

    نیو اٹلس ویب سائٹ کی طرف سے شائع ہونے والے نیوٹریشن، ہیلتھ اینڈ ایجنگ کے مطابق، سنگاپور یونیورسٹی کے محققین نے تقریباً دو دہائیوں کے دوران 13,738 شرکا کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور دریافت کیا کہ جو لوگ روزانہ تقریباً تین سرونگ پھل کھاتے ہیں

    درمیانی عمر کے دوران ان میں ڈپریشن کی علامات پیدا ہونے کا خطرہ بعد کے سالوں میں 21 فیصد کم تھا۔ ان علامات میں نہ صرف ڈپریشن، بلکہ علمی افعال میں تاخیر، بے خوابی، کمزور ارتکاز اور بڑھتی ہوئی تھکاوٹ بھی شامل تھی۔

    فروٹ سلاد میں کون سے پھل شامل ہیں

    سنگاپور میں کیے جانے والے مطالعہ میں شامل 14 سب سے زیادہ کھائے جانے والے پھلوں میں سے بہت سے بین الاقوامی پھل بھی ہیں۔ ان پھلوں میں تربوز، نارنجی، ٹینجرین، کیلے اور سیب شامل ہیں۔

  • فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    مجھے بڑا غصہ آتا تھا جب لوگوں کو یہ کہتے سنتی تھی کہ پڑھی لکھی لڑکیاں گھر کا کام کاج نہیں کرسکتیں۔ چناں چہ میں نے آزمودہ ترکیبیں لکھی ہیں جو ملک کے مشہور زنانہ رسالوں میں چھپیں گی۔ نمونے کے طور پر چند ترکیبیں نقل کرتی ہوں۔

    لذیذ آرنج اسکواش تیار کرنا
    آرنج اسکواش کی بوتل لو۔ یہ دیکھ لو کہ بوتل آرنج اسکواش ہی کی ہے کسی اور چیز کی تو نہیں، ورنہ نتائج خاطر خواہ برآمد نہ ہوں گے۔ دوسری ضروری بات یہ ہے کہ مہمانوں اور گلاسوں کی تعداد ایک ہونی چاہیے۔ گلاسوں کو پہلے صابن سے دھلوا لینا اشد ضروری ہے۔ بعد ازیں اسکواش کو بڑی حفاظت سے گلاس میں انڈیلو اور پانی کی موزوں مقدار کا اضافہ کرو۔ مرکب کو چمچے سے تقریباً نصف منٹ ہلائیں۔ نہایت روح افزا آرنج اسکواش تیار ہو گا۔ موسم کے مطابق برف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے (لیکن برف کو صابن سے دھلوا لینا نہایت ضروری ہے)

    مزیدار فروٹ سلاد
    مہمانوں کے یک لخت آ جانے پر ایک ملازم کو جلدی سے بازار بھیج کر کچھ بالائی اور ایک ٹین پھلوں کا منگاؤ۔ اس کے آنے سے قبل ایک بڑی قاب کو صابن سے دھلوا لینا چاہیے۔ بعض اوقات فروٹ سلاد میں اور طرح کی خوش بُو آنے لگتی ہے۔ اب ٹین کھولنے کا اوزار لے کر ٹین کا ڈھکنا کھولنا شروع کرو اور خیال رکھو کہ انگلی نہ کٹنے پائے۔ بہتر ہو گا کہ ٹین اور اوزار نوکر کو دے دو۔ اب پھلوں کو ڈبے سے نکال کر حفاظت سے قاب میں ڈالو اور بالائی کی ہلکی ہلکی تہ جما لو۔ نہایت مزے دار اور مفرح فروٹ سلاد تیار ہے۔ نوش جان کیجیے۔

    (معروف مزاح نگار شفیق الرحمٰن کی کتاب مسکراہٹیں سے ایک نثر پارہ. پکوان کی یہ تراکیب ان کے ایک شگفتہ خط سے لی گئی ہیں جو ایک لڑکی کی جانب سے اپنی ماں کو لکھا گیا)