کراچی: پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب بلاگر شام ادریس نے اپنی ایک نئی ویڈیو میں دیگر اسٹارز سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اگر ہم ایک دوسرے کو معاف نہیں کریں گے تو روزہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور ہمارے اس عمل کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے۔
اطلاعات تھیں کہ شام ادریس اور دیگر یوٹیوب اسٹارز کے درمیان کشیدگی جاری ہے جس میں حالیہ دنوں اضافہ اس قدر اضافہ ہوا کہ کراچی میں پاکستانی نژاد کینیڈین بلاگر کی اہلیہ پر حملہ بھی ہوا۔ گزشتہ دنوں شام ادریس اپنی اہلیہ سحر عرف فروگی کے ساتھ کراچی کے نجی شاپنگ مال پہنچے تو وہاں پر ایک نوجوان خاتون کے منہ پر مکا مار کر فرار ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں: یوٹیوب اسٹار شام ادریس کی اہلیہ فروگی پر کراچی میں حملہ، ویڈیو وائرل
اس واقعے کے بعد یوٹیوب بلاگرز نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے جبکہ چند لوگوں کا خیال تھا کہ کراچی کے سعد عرف ڈکی بھائی فروگی پر حملے میں ملوث ہیں مگر انہوں نے بھی اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
اب اس معاملے کا ایک نیا موڑ اُس وقت سامنے آیا کہ جب شام ادریس نے اپنے یوٹیوب پر ایک نئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اُن تمام یوٹیوبرز سے معذرت کی جن پر انہوں نے گزشتہ دنوں ہونے والے حملے کا الزام عائد کیا تھا۔
پاکستانی یوٹیوب بلاگر نے ایک روز جیل میں گزارا اور اپنی اسی ویڈیو میں شام کا کہنا تھا کہ ’اگر رمضان کے مقدس مہینے میں بھی ہم اپنے غصے اور برے کاموں کو جاری رکھیں تو روزہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، میں ہر اُس شخص سے معذرت خواہ ہوں جن کو میرے الفاظ یا الزامات سے تکلیف پہنچی ہو‘۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے بالخصوص چند نامور یوٹیوبرز کے نام بھی لیے اور اُن سے ذاتی طور پر معذرت کی۔ شام نے تمام ویڈیو بلاگرز کو پیش کش کی کہ آئیں اور ماضی کو بھلا کر نئے سفر کا آغاز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد سوشل میڈیا اسٹار کار حادثے میں شدید زخمی
شام نے اپنی ویڈیو میں مزید کہا کہ یوٹیوبرز کے درمیان بڑھنے والا تنازع دنیا بھر میں پاکستان کا تشخص خراب کررہا ہے لہذا ہم سب کو ایک دوسرے کو معاف کر کے بہتر سے بہتر کام کرنا ہوگا۔