Tag: فریج

  • ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ریفریجریٹر جدید دور کی نہایت کارآمد اور فائدہ مند ایجاد ہے جس نے خوراک کو محفوظ کر کے اسے ضائع ہونے سے بچا لیا۔ فریج میں رکھی جانے والی اشیا عموماً تازہ رہتی ہیں مگر کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کو فریج میں رکھنا ان کو غذائیت سے محروم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    یہاں آپ کو ان غذائی اشیا کے بارے میں بتایا جارہا ہے جو فریج سے باہر رہ کر زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔

    کافی

    coffee

    کافی کو اگر فریج میں رکھا جائے تو یہ خشک ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں اس کی خوشبو سے فریج کی فضا میں موجود تمام جراثیم اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔

    شہد

    شہد کو فریج میں رکھنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ فریج کی ٹھنڈک شہد کے مالیکیولز کو سخت کردیتی ہے جس کے باعث اسے نکال کر استعمال کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    ڈبل روٹی

    bread

    ڈبل روٹی معمول کے درجہ حرات پر تازہ اور نرم رہتی ہے۔ فریج میں یہ سخت ہوجاتی ہے۔

    آلو

    potatoes

    آلو کی ساخت اور ذائقہ فریج میں رکھنے پر تبدیل ہوجاتا ہے۔ آلو کو ہمیشہ فریج سے باہر مگر ٹھنڈی جگہ پر رکھنا چاہیئے۔

    پیاز

    onions

    بغیر چھلی ہوئی پیاز کو فریج میں رکھنا اسے خراب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پیاز کو فریج کے علاوہ کسی اور ٹھنڈی جگہ پر اور دیگر سبزیوں سے علیحدہ رکھنا چاہیئے۔

    ٹماٹر

    tomatoes

    ٹماٹر کو عموماً فریج میں رکھا جاتا ہے۔ اسے فریج میں رکھنے سے یہ خراب ہونے سے تو بچ جاتے ہیں، مگر ٹھنڈک ان کے ذائقہ پیدا کرنے والے اجزا کو متاثر کرتی ہے جس کے باعث ٹماٹر اپنی لذت کھو دیتے ہیں۔

  • فریج میں رکھی اشیا خراب ہونے سے بچانے کی تجاویز

    فریج میں رکھی اشیا خراب ہونے سے بچانے کی تجاویز

    کیا آپ اپنے فریج میں رکھی اشیا کے خراب ہوجانے سے پریشان ہیں؟ ایک عمومی خیال یہ ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں کو اگر فریج میں رکھ دیا جائے تو وہ خراب نہیں ہوتیں۔

    لیکن ہوتا اس کے برعکس ہے۔ بعض دفعہ فریج میں رکھی اشیا بھی خراب ہوجاتی ہیں۔ آج کل مہنگائی کے اس دور میں جب غذائی اجزا کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہوں تو پھلوں اور سبزیوں کا خراب ہونا خاتون خانہ کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔

    لیکن فکرمت کریں، فریج میں رکھی اشیا کو خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل تجاویز پر عمل کرنا ہوگا۔

    سب سے پہلے تو اپنے فریج کو خالی کریں اور اس کی اچھی طرح صفائی کریں۔ اگر برتنوں کو بغیر ڈھانپے فریج میں رکھا جائے تو ان میں موجود سالن، دودھ وغیرہ گر کر نہ صرف فریج میں گندگی پھیلانے کا سبب بنتا ہے بلکہ اس میں ناگوار بو بھی پیدا کرتا ہے جو دیگر اشیا میں بھی سرائیت کرجاتی ہے۔

    فریج کی اچھی طرح صفائی کرنے کے بعد اب چیزوں کو ترتیب سے رکھیں۔

    جو چیزیں گل سڑ گئی ہیں انہیں پھینک دیں۔

    کئی دن پرانی اشیا اگر صحیح حالت میں موجود ہیں تو انہیں فریج سے نکال کر استعمال کرلیں۔

    خیال رکھیں کہ فریج میں رکھے جانے والے برتن صاف ستھرے ہوں۔ دن بھر استعمال ہونے والی غذائی اشیا کو رات میں انہی برتنوں میں فریج میں رکھنے سے گریز کریں۔ رکھنے سے پہلے انہیں دوسرے صاف ستھرے برتنوں میں منتقل کر دیں۔

    پھلوں اور سبزیوں کو پلاسٹک کی تھیلیوں میں ڈال کر مت رکھیں۔ یہ ان کے خراب ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ انہیں تھیلیوں سے نکال کر فریج کی نچلی درازوں میں رکھیں۔ اگر ایسی چیزیں زیادہ ہیں اور دراز کم، تو انہیں ٹوکریوں میں ڈال کر رکھیں جو بازار میں آسانی سے مل جاتی ہیں۔

    کبھی بھی سبزیوں اور پھلوں کو ایک ساتھ مت رکھیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد سبزیوں سے ایسی گیس خارج ہوتی ہے جو پھلوں کو خراب کر تی ہے۔ انہیں ہمیشہ الگ الگ رکھیں۔

    اگر فریج میں گوشت موجود ہے تو اسے اچھی طرح دھونے کے بعد پلاسٹک کی تھیلی میں لپیٹ کر رکھیں۔ گیلی تھیلی مت رکھیں، اس سے ٹپکتا پانی دیگر چیزوں میں گوشت کی بدبو پیدا کر سکتا ہے۔

    فریج کو زیادہ مت بھریں۔ عموماً زیادہ چیزیں رکھنے کی وجہ سے کئی اشیا پیچھے ہوجاتی ہیں جس کے بعد انہیں استعمال کرنا یاد نہیں رہتا اور کچھ عرصہ بعد وہ خراب ہوجاتی ہیں۔

    فریج میں رکھے جانے والے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ اس میں موجود چیزیں فریج میں نہ گریں اور فریج بدبو سے پاک رہے۔

    فریج کی اچھی طرح صفائی کرتے ہوئے فریج کا مین سوئچ بند رکھیں اور فریج کے دروازے مکمل کھول دیں۔

    صفائی کے بعد تمام چیزوں کو اچھی طرح سیٹ کر کے فریج کا مین سوئچ کھول دیں۔

    یہ عمل مہینے میں کم از کم ایک بار دہرائیں۔