Tag: فرینڈلی فائر

  • غزہ میں صہیونی فورسز نے اپنے ہی 20 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    غزہ میں صہیونی فورسز نے اپنے ہی 20 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    غزہ میں صہیونی فورسز نے اپنے ہی 20 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ میں حماس کے جاں بازوں کے ساتھ لڑتے ہوئے بیس اسرائیلی فوجی ’فرینڈلی فائر‘ کی بھینٹ چڑھ گئے، اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ہے۔

    اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے 105 اسرائیلی فوجیوں میں سے 20 دوستانہ فائرنگ اور اسی طرح کے دیگر واقعات میں مارے گئے۔

    ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا کہ ان میں سے 13 فرینڈلی فائر سے مارے گئے، جس میں فضائی حملے، ٹینک فائر اور گولہ باری شامل ہے۔ جب کہ کچھ فوجی حادثاتی طور پر غلطی سے گولی چلنے کی وجہ سے اور کچھ اسرائیلی فورسز کی طرف سے نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد پھٹنے کے بعد ٹکڑے لگنے سے مارے گئے۔

    اسرائیلی میڈیا نے مزید کہا کہ کچھ فوجیوں کو اس لیے گولیاں ماری گئیں کیوں کہ ان پر حماس کے جنگجو ہونے کا شبہ ہو گیا تھا۔

  • ایرانی بحریہ میں فرینڈلی فائرکا واقعہ،19 اہلکار ہلاک

    ایرانی بحریہ میں فرینڈلی فائرکا واقعہ،19 اہلکار ہلاک

    تہران: ایرانی بحریہ نے مشقوں کے دوران اپنے ہی سپورٹ شپ پر میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں نیوی کے 19 اہلکار ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی فوجی مشقوں کے دوران خلیج عمان میں میزائل کو ہدف کی طرف فائر کیا گیا لیکن وہ قریب ہی موجود ایران کی سپورٹ شپ کو جا لگا جس کے نتیجے میں 19 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

    واقعہ خلیج عمان پر تہران کے جنوب مشرق میں واقع جسک پورٹ کے قریب پیش آیا جہاں 10 مئی کو جسک اور چاہ بہار کے پانی میں نیوی کی مشقیں جاری تھیں اور اس دوران سپورٹ شپ میزائل کا نشانہ بن گئی۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاز اپنے ہدف کو نشانہ بنا رہا تھا کہ شپ ہدف کے انتہائی قریب تھی جس سے واقعہ پیش آیا۔

    مسلسل انکار کے بعد ایران کا بڑا اعتراف، یوکرین طیارہ میزائل کا نشانہ بنا

    یاد رہے کہ رواں سال 11 جنوری کو ایران نے یوکرین کے مسافر طیارے کو غلطی سے نشانہ بنانے کا اعتراف کیا تھا۔ ایران کا کہنا تھا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ نادانستہ طور پر حملے کا نشانہ بنا۔

  • اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے پر بھارتی ایئر آفیسر کمانڈنگ بر طرف

    اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے پر بھارتی ایئر آفیسر کمانڈنگ بر طرف

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے والے بھارتی فضائیہ کے اعلیٰ افسر کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا، افسر پر کرمنل کیس بھی چلایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ بھارتی فضائیہ نے سرینگر ائیر بیس کے ائیر آفیسر کمانڈنگ (AOC) کو بر طرف کر دیا ہے، افسر کو مجرمانہ قتل کے چارجز کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ 27 فروری کو ایئر بیس سری نگر نے فرینڈلی فائر میں میزائل سے اپنا ہی Mi-17 ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا، ہیلی کاپٹر میں سوار 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

    کیس کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری جاری ہے، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ واقعہ اس لیے پیش آیا کہ سری نگر ایئر بیس نے ہیلی کاپٹر کو دشمن کا سمجھ لیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: والدین کی غفلت، جواں سال لڑکی جھلس کر ہلاک

    اس واقعے میں نہ صرف بھارتی فضائیہ کے چھ اہل کار ہلاک ہوئے تھے بلکہ ایک مقامی نوجوان بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ بڈگام میں یہ ہیلی کاپٹر اسی دن گرایا گیا تھا جب ایک بھارتی پائلٹ نے پاکستان کی فضائی حدود پار کرنے کی جرأت کی تھی اور نتیجے میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں اس کا طیارہ تباہ کر دیا گیا اور وہ گرفتار ہوا۔