Tag: فضائی آپریشن

  • پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    کراچی : پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے، اندرون ملک پروازوں کی روانگی کے بعد بیرون ملک پروازوں کا آغاز آج رات سے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کیلئے بند کردیا گیا تھا ۔

    تاہم گزشتہ روز اسے کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا تھا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے655لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ پرواز پی کے305لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے225لاہورسے رات 12:45پر مسقط کیلئے روانہ ہوگی، لاہور سے دبئی کیلئے پروازوں کا آغاز کل صبح10بجے سے کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی ، تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    پی کے203لاہور سے دبئی کیلئے پیر صبح10بجے روانہ ہوگی، اس کے علاوہ لاہور سے اندورن و بیرون ملک پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی، ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

  • فضائی آپریشن کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے، ایئرمارشل ارشد ملک

    فضائی آپریشن کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے، ایئرمارشل ارشد ملک

    کراچی : سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کارکنان و عملہ فضائی آپریشن کی بحالی کو جلد از جلد مکمل کرے، بیجنگ، کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا فضائی آپریشن ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر معمول کے مطابق جاری ہے، سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پی آئی اے کارکنان و عملہ بحالی آپریشن کو جلد از جلد مکمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران فضائی بندش سے چار سو سے زائد پروازیں اور پچیس ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے، پروازوں کی بحالی کے بعد تقریباً آٹھ ہزار مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ فضائی حدود کی بندش کے دوران کراچی سے مسافروں کو زمینی راستے سے لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد پہنچایا گیا۔

    بیرون ملک مختلف ممالک میں تعینات اسٹاف مسافروں کی سہولیات کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، سی ای او کے مطابق پی آئی اے کی بیجنگ، کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی،  انہوں نے کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں، کم سے کم وقت میں مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچائیں گے۔

  • 4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملک کے 4 بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا، وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس موقع پر پی آئی اے کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف ممالک سے وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

    دوسری جانب ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 4 مارچ پیر کے روز دن ایک بجے سے بحال ہوگا، صورتحال کے مطابق ائیر پورٹ کا فلائٹ آپریشن شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔

    اس دوران لاہور سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 36 جبکہ بیرون اور اندرون ملک سے لاہور آنے والی 38 پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔

    پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    28 فروری کی رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں کل مزید توسیع کردی گئی تھی۔

  • پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ شروع

    پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ شروع

    اسلام آباد: 2 دن سے بند پاکستان کی فضائی حدود مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، آج رات تک تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کو آج سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمرشل پروازوں کے لیے ایئر پورٹس شام 6 بجے سے آپریشنل ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق پہلے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہوگا جس کے لیے ایئرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے اندرون ملک پروازوں کا آغاز ہوگا، بیرون ممالک سے پروازوں کی آمد و رفت رات سے شروع ہوگی۔

    ترجمان کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) رات 12 بجے سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کھولنے کا ناٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) جلد جاری کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح پاکستانی فضائی حدود کو اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    کل رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں آج مزید توسیع کردی گئی تھی۔

  • رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی، برٹش ہائی کمشنر

    رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی، برٹش ہائی کمشنر

    اسلام آباد : برٹش ہائی کمشنر نے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط میں کہا ہے کہ رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برٹش ہائی کمشنرنے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ اور پُرامن ملک ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کیے، پاکستان میں برٹش ائرویز کا آپریشن دس سال سے بند تھا۔

    خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ رواں ماہ برٹش ائیر ویز کا تین رکنی وفد انتیس اور تیس جنوری کو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے گا، وفد میں برٹش ائر ویز کے دنیا بھر کے ایئرپورٹس کے ہیڈ پال کونٹری، ایڈوائزر برٹش ائر ویز ڈیوڈ کریگ اور ڈائریکٹر سیفٹی جوہن مانکس شامل ہیں۔

    برٹش ہائی کمشنر نے خط میں مزید بتایا کہ رواں سال جون سے برٹش ایئرویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔

    چند روز قبل برٹش ایئرویز نے پاکستان سے فضائی آپریشن سے پہلے سیکیورٹی چیک کی شرائط رکھ دی تھیں جبکہ برطانوی ہائی کمیشن نے سیکٹری ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو تین رکنی وفد کی آمد اور بریفنگ سے متعلق خط لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں : برٹش ایئر ویز نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے سے پہلے شرائط رکھ دیں

    برطانوی وفد کے پاکستان آنے کا مقصد فضائی آپریشن کے ساتھ سیفٹی اور سیکیوریٹی اقدامات پر مکمل تسلی کرنا ہے۔

    یاد رہے دسمبر میں برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا، برٹش ایئر ویز ہفتے میں 3 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔

    خیال رہے برٹش ایئر ویز نے 10 سال قبل 2008 میں پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔

  • پی آئی اے: مزید پانچ طیارے گراؤنڈ کردئیے گئے، پروازیں متاثر

    پی آئی اے: مزید پانچ طیارے گراؤنڈ کردئیے گئے، پروازیں متاثر

    کراچی : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا ہے، اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکارہوگئیں، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی آئی اے کے مزید پانچ طیارے مرمت کی وجہ سے گراؤنڈ کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پروازیں شدید بد نظمی کا شکار ہوگئیں، انتظامیہ نے مرمت کی غرض سے پانچ طیارے گراؤنڈ کر دیئے ہیں، گراؤنڈ ہونے والے طیاروں میں تین طیارے ایئربس 320 اور دو 777 طیارے شامل ہیں۔

    فنڈ ز نہ ہونے کی وجہ سے طیاروں کے پرزہ جات بیرون ملک سے نہیں منگوائے جاسکے، پرزے نہ ہونے کے باعث طیاروں کی تاحال مرمت نہ ہوسکی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے شیک ڈاؤن آپریشن کے تحت دس اے ٹی آر طیاروں کو پہلے ہی گراؤنڈ کیا ہوا ہے، اب تک مجموعی طور پر پی آئی اے کے 15 طیارے گراؤنڈ ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب حویلیاں حادثے میں طیارہ کا ملبہ اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا، دو کلو میٹرسڑک ایک ہفتہ تک مکمل کرلی جائے گی۔

    مسلم لیگ نوازکے نو منتخب ممبرصوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے گاؤں بٹورنی سے طیارہ حادثہ کی جگہ تک دو کلو میٹرروڈ کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کروا دیا، ہیوی مشینری کے ذریعے سڑک کی تعمیر شروع کردیا گیا ہے۔

    سڑک کی تعمیر کے بعد ہی طیارہ حادثہ کی جگہ سے طیارہ کا ملبہ کو ہٹا یا جا سکے گا، سڑک کا کام ایک ہفتہ تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد طیارہ کا ملبہ اسلام آباد ٹرکوں کی مدد سے منتقل کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے حکام کے مطابق طیارہ کے ملبہ ہٹانے کا کام بھی اسی ٹھیکیدار کے سپرد کیا گیا ہے جس نے ایئر بلیو اور بھوجا ائیر لائن کا ملبہ بھی اٹھا یا تھا۔

    حویلیاں طیارہ حادثہ کے مقام تک سڑک نہ ہونے کے باعث جہاں امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا وہیں ملبہ ہٹانے کا کام شروع نہیں ہو سکا تھا۔