Tag: فضائی حملے

  • شام میں ایک بار پھر فضائی بمباری، شہریوں کی ہلاکتوں کا خدشہ

    شام میں ایک بار پھر فضائی بمباری، شہریوں کی ہلاکتوں کا خدشہ

    دمشق: شام کے صوبہ البوکمال میں فضائی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں نامعلوم طیاروں نے عراق کی سرحد کے نزدیک البوکمال کے دیہی علاقے میں ایرانی ٹھکانوں اور مراکز کو نشانہ بنایا ہے، التبہ اس حملے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد نے منگل کے روز بتائی۔ رواں ماہ ستمبر میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل البوکمال میں اسرائیلی حملوں میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤ کے 18 افراد مارے گئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کو عراق اور شام کے درمیان سرحد پر فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ عراقی شامی سرحد سے ملحق گذرگاہ کے نگراں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی تصدیق کی۔

    شام میں فضائی حملے، 20 افراد جاں بحق

    تاہم دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ عراق کے صوبے الانبار کی مقامی حکومت کے ایک سیکورٹی ذریعے نے تصدیق کی کہ صوبے کے مغرب میں عراق کی سرحدی پٹی کے نزدیک واقع شام کے علاقے البوکمال کو شدید دھماکوں نے ہلا کر رکھ دیا۔

    عراقی مقامی میڈیا کے مطابق عراقی سیکورٹی فورسز نے ہنگامی صورت حال کے اندیشے کے سبب شام کے ساتھ پوری سرحد پر احتیاطی اقدامات سخت کرد یے۔

  • شام میں فضائی حملے، 20 افراد جاں بحق

    شام میں فضائی حملے، 20 افراد جاں بحق

    دمشق: شام کے شہر ادلب میں حکومتی فورسز اور اس کے روسی اتحادی کی فضائی کارروائی میں 5 بچوں سمیت 20 شہری جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شام کے شہر ادلب میں حکومتی فورسز اور اس کے اتحادیوں کی فضائی کارروائی میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بمباری سے دو درجن سے زائد اسپتال بھی متاثر ہوئے۔

    شامی حکومت اور روس کی جانب سے اپریل سے فضائی کارروائیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران شامی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے فضائی اور زمینی حملوں میں تقریباً 730 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    شام میں امدادی کاموں میں مصروف برطانوی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا تھا کہ روسی طیاروں کی مارکیٹ پر بمباری سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔

    یاد رہے کہ ادلب میں حیات التحریر شام کے زیر تسلط ہے جو القاعدہ سے منسلک سابق النصرہ سے الگ ہونے والا گروپ ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں روسی اتحادی شامی حکومت اور ترک حمایت یافتہ گروپ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد ایک بڑے حصے پر حکومت کا کنٹرول ہے۔

    حیات التحریر نے رواں سال جنوری میں شام میں دوبارہ اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر 30 لاکھ آبادی پر مشتمل خطے میں سیکیورٹی صورت حال مسلسل ابتری کی جانب گامزن ہے۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں حکومت کے خلاف مظاہروں کے نتیجے میں شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد مارے گئے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں نقل مکانی کرچکے ہیں یا بے گھر ہیں۔

  • شام میں ایک بار پھر فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت درجنوں شہری ہلاک

    شام میں ایک بار پھر فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت درجنوں شہری ہلاک

    دمشق: شام میں روسی اور شامی فورسز کے فضائی حملے میں امدادی کارکنان سمیت درجنوں شہری ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فورسز کی جانب سے یہ فضائی حملے شام کے شمالی مغربی حصے پر کیے گئے، جبکہ اس سے قبل بھی متعدد بار فضائی کارروائی کی جاچکی ہے جس میں ریسکیو کے رضاکاروں سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی حالات پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو امدادی کارکن ہلاک ہوئے جبکہ دیگر افراد مقامی شہری ہیں۔

    آبزرویٹری کا مزید کہنا تھا کہ اس حملے میں ریسکیو عملے کے دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، وائٹ ہیلمٹ سے تعلق رکھنے والے دونوں امدادی کارکن اس ایمبولینس کو فضائی بمباری کا نشانہ بنانے میں ہلاک ہوئے۔

    گذشتہ ہفتے ہی شام میں ملکی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ ستمبر 2016 میں بھی شام میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کی حلب میں شدید بمباری کے نتیجے میں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

    شام میں فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک

    خیال رہے کہ اسرائیل اور شام کے درمیان گولان کی پہاڑیوں سے متعلق بھی شدید کشیدگی ہے جس کے باعث دوطرفہ فوجی کارروائیاں بھی ہوتی ہیں، ان حملوں میں بھی درجنوں شہری مارے جاچکے ہیں۔

  • شام میں فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک

    شام میں فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک

    ادلب: شام میں ملکی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شامی فوج کی جانب سے یہ حملے مغربی شہر معر النعمان میں کیے گئے، اس سے قبل بھی متعدد عام شہری فضائی حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شمال مغربی شہر معر النعمان میں اسدی فوج کی ایک ایمبولینس گا ڑی اور صوبہ ادلب میں دوسرے مقامات پر فضائی بمباری سے دو امدادی کارکنان سمیت چودہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے باغیوں اور انتہا پسند گروپوں کے زیر انتظام صوبے ادلب میں واقع مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے، مرنے والوں میں سات کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

    معر النعمان میں ایمبولینس گاڑی فضائی حملے میں تباہ ہوگئی ہے اور اس میں سوار دو امدادی کارکنان مارے گئے ہیں۔

    اس سے قبل گذشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز نے شام میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں شامی فوجیوں سمیت 23 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    شام: اسرائیل کی فضائی کارروائی، شامی فوجیوں سمیت 23 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ ستمبر 2016 میں بھی شام میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کی حلب میں شدید بمباری کے نتیجے میں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

    شامی شہر حلب میں فضائی کارروائی،30افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ اسرائیل اور شام کے درمیان گولان کی پہاڑیوں سے متعلق بھی شدید کشیدگی ہے جس کے باعث دوطرفہ فوجی کارروائیاں بھی ہوتی ہیں، ان حملوں میں بھی درجنوں شہری مارے جاچکے ہیں۔

  • غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ اورفضائی حملے‘ 6 فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ اورفضائی حملے‘ 6 فلسطینی شہید

    غزہ : فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور فضائی حملوں میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور راکٹ فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور فضائی حملوں میں 6 فلسطینی شہید ہوئے۔

    دوسری جانب حماس کے ترجمان نے اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کو بزدلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فضائی حملے میں شیخ نور برکی جان کی بازی ہارگئے جو خان یونس میں حماس کے کمانڈر تھے۔

    غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 20سالہ نوجوان شہید، سینکڑوں زخمی

    یاد رہے کہ دو روز قبل غزہ میں اسرائیلی افواج کے غاضبانہ قبضے کے خلاف پرامن فلسطینوں کا ہفتہ وار احتجاج جاری تھا کہ صہیونی فوج نے مظاہرین پرفائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 20 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں اسرائیلی فوج کی جانب سےغزہ میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت پر فضائی بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 18 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

  • لیبیا میں داعش کےٹھکانوں پرفضائی حملے‘ 17 دہشت گرد ہلاک

    لیبیا میں داعش کےٹھکانوں پرفضائی حملے‘ 17 دہشت گرد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے لیبیا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرکے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے لیبیا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کر کے 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

    پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حملےمیں داعش کی 3 گاڑیا ں بھی تباہ ہوئیں جبکہ تباہی کا شکار بننے والا کیمپ جنگجوؤں کولیبیا میں داخل کرنے اورباہرجانےکا بندوبست کرتا تھا۔

    ترجمان پینٹاگون کے مطابق لیبیا میں داعش اورالقاعدہ کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جنہیں دہشت گرد شدت پسند وں کی بھرتی کےلیےاستعمال کررہے ہیں،یہ دہشت گرد لیبیامیں خراب سیاسی،سیکیورٹی حالات کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔


    شام میں کارروائی‘داعش کےسربراہ کاقریبی ساتھی ہلاک


    یاد رہے کہ رواں سال 23 اپریل کو امریکی فوجی نے مشرقی شام میں میادین کےعلاقے کےنزدیک کارروائی میں دولت اسلامیہ کا اہم رکن ہلاک کردیا تھا۔

    امریکی حکام کےمطابق ازبکستان سے تعلق رکھنے والا عبدر رخمون ازبکی داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کا قریبی ساتھی تھا۔


    افغانستان میں داعش کا سربراہ ہلاک ‘اشرف غنی


    واضح رہے کہ رواں برس 8 اپریل کو داعش کا افغانستان میں سربراہ عبد الحسیب صوبہ ننگرہار میں آپریشن کےدوران اپنے35ساتھیوں کےساتھ مارا گیا تھا۔


     

  • شام، ترک فوج کی کارروائی، 18 داعش جنگجو ہلاک

    شام، ترک فوج کی کارروائی، 18 داعش جنگجو ہلاک

    انقرہ : شام کے شہر الباب پر ترک فوج کی جانب سے فضائی اور زمینی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں داعش کے 18 جنگجو ہلاک جب کہ 37 زخمی ہوگئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ رات ترک فوج کی جانب سے شام کے شہر الباب میں قائم داعش کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری اور زمینی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں داعش کے 18 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 37 جنگجوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ترک فوج نے بمباری کرکے داعش کے جنگجو ﺅں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا اور شہر کے بڑے حصے سے دہشت گردوں کا قبضہ ختم کروانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جو چا ر ماہ سے جاری آپریش میں ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رسان ایجنسی کا دعوی ہے کہ ترک فوج کی جانب سے داعش کے خلاف کیے گئے اس آپریشن میں فضائی اور زمینی دستوں نے حصہ لیا اور داعش جنگجوﺅں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا جب کہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شام کے شہر الباب میں کی گئی کارروائی میں روسی طیاروں نے بھی حصہ لیا تھا۔

    شام میں جاری کشیدگی میں متاثرہ ترین شہروں حلب اور الباب میں بشار الاسد اور اتحادی فوجوں نے مسلسل زمینی اور فضائی کارروائیاں کر کے اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جب کہ امن مذاکرات کی وجہ سے تاحال جنگ بندی کا عمل جاری ہے۔

    الباب میں ترک فوج کی کامیاب کارروائی اپنی جگہ لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ ایسی صورت حال میں فضائی کارروائیاں امن مذاکرات اور عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر کس طرح اثر انداز ہو تی ہیں؟

  • شامی شہر ’’رقہ‘‘ پر فضائی حملوں میں20افراد جاں بحق

    شامی شہر ’’رقہ‘‘ پر فضائی حملوں میں20افراد جاں بحق

    دمشق: امریکہ کی اتحادی افواج نے داعش کے گڑھ ’’رقہ‘‘ میں ایک دیہات پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق سیئرین آوبزویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی اتحادی افواج کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملوں میں 20 معصوم شہری جاں بحق ہوئے جن میں 6خواتین اور 1بچہ بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب اتحادی افواج کرنل جان ڈورین نے رقہ میں اتحادی افواج کی جانب سے منگل کےروز 7فضائی حملے کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے ان میں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔

    کرنل جان کے مطابق اس کارروائی میں 6 یونٹس نے حصہ لیا اور داعش کی تین چوکیوں،گاڑی اور بم بنانے والی فیکٹری کو تباہ کردیا۔

    خیال رہے کہ کرد عرب اتحادی افواج اور شام کی افواج نے فضائی حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات مسترد کر دی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل شامی افواج نے کہا تھا کہ دولتِ اسلامیہ کا رقہ سے نام ونشان مٹانے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔اتحادی افواج نے رقہ سے 40 کلومیٹر شمال میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی حملے کیے گئے۔

    شام کی افواج کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے سے 200 خاندان نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں:امریکی اتحادی افواج کا شامی شہر’’رقہ‘‘میں آپریشن کا اعلان

    واضح رہے کہ رواں ماہ 7 نومبر کو عرب افواج نےشام کے شہر ’’رقہ‘‘ میں دوباہ کنٹرول حاصل کرنےکے لیے داعش کے خلاف آپریشن کا اعلان کیا تھا۔

  • یمن میں سعودی اتحاد  کے فضائی حملے،کم ازکم 27افرادہلاک

    یمن میں سعودی اتحاد کے فضائی حملے،کم ازکم 27افرادہلاک

    صنعا: سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فوج کی جانب سے یمن کے جنوب مغربی صوبے تعز میں فضائی حملوں میں کم ازکم 27افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی حکومتی عہدیداروں اور شہریوں کا کہنا تھا کہ فضائی حملوں میں تعز کے،الااشرف،الصالو ضلع میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا جس میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    خیال رہے کہ تعز یمن کا تیسر بڑا شہر ہے جس کی آبادی اندازے کے مطابق خانہ جنگی سے پہلے تقریباََ تین لاکھ تھی۔تاہم ان دنوں حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز کےدرمیان اس صوبے کے کنٹرول کے لیے لڑائی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ عرب اتحاد یمنی صدر منصور ہادی کی حمایت میں تقریباً 19 ماہ سے یمن میں فضائی کارروائی کررہا ہے اور اب تک ان حملوں میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی فضائی کارروائی شروع ہونے سے اب تک ساڑھے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    عالمی سطح پر یمن کے صدر تسلیم کیے جانے والے منصور ہادی کی حامی ملیشیا اور فورسز نے عدن کو اپنا عارضی بیس بنایا ہوا ہے اور انہیں صنعا پر قابض حوثی باغیوں اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

    مزید پڑھیں:یمن میں اتحادی افواج کا فضائی حملہ: 140 افراد ہلاک پانچ سو زخمی

    واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق رواں برس 8 اکتوبر کو سعودی اتحاد کے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک جنازے کے اجتماع پر ہونے والے فضائی حملے میں 140 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

  • شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں فضائی حملے،100افراد جاں بحق

    شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں فضائی حملے،100افراد جاں بحق

    ادلب : شام میں جنگ بندی کے لیے امریکہ اور روس کی جانب سے منصوبے کے اعلان کے بعد باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے ہیں جن میں کم سے کم 100 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شامی حزبِ اختلاف کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ادلب میں ایک بازار پر حملے میں 37 افراد ہلاک ہوئے جبکہ حلب میں ہونے والے فضائی حملے میں 45 لوگ مارے گئے۔

    شام میں دس روزہ جنگ بندی پیر سے شروع ہونی ہے لیکن اس سے پہلے ہی جہادی عسکریت پسندوں کے خلاف یہ حملے کیے حملے کیے گئے۔

    ترکی اور یورپی یونین نے اس جنگ بندی کے منصوبے کا خیر مقدم کیا تاہم خبردار کیا تھا کہ اس حوالے سے مزید اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔

    شام میں حزبِ اختلاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے منصوبے کچھ امید پیدا ہوئی ہے تاہم یہ کس طرز پر لاگو ہوگا اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مذاکرات کے بعد امریکہ اور روس نے شام میں 12 ستمبر کو غروب آفتاب سے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

    روس اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں طے کیا گیا ہے کہ باغیوں کے کنٹرول میں مخصوص علاقوں کے خلاف شامی حکومت کارروائی نہیں کرے گی۔

    واضح رہے کہ شام میں شورش کا آغاز پانچ سال پہلے صدر بشارالاسد کے خلاف بغاوت سے ہوا اور اب تک اس سے کم سے کم تین لاکھ سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔