Tag: فضائی سفر

  • دوران سفر یہ غلطی بُھول کر بھی نہ کریں، ورنہ !!

    دوران سفر یہ غلطی بُھول کر بھی نہ کریں، ورنہ !!

    اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ لوگ دوران سفر احتیاط نہیں کرتے جہاز میں ہوں یا ٹرین میں اجنبی مسافروں سے علیک سلیک بڑھا کر  مختلف موضوعات پر گفگتو کرنے لگتے ہیں۔

    ایسا کرنا بظاہر کوئی بری بات تو نہیں لیکن یہ کسی کیلیے خطرناک یا نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے، کیونکہ جرائم پیشہ عناصر اس طرح باتوں میں لگا کر آپ کو اپنے سامان اور جمع پونجی سے محروم کردیتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نمائندہ صلاح الدین نے ناظرین کو دوران سفر احتیاط خصوصاً فضائی سفر سے متعلق احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔

    گزشتہ دنوں لاہور کے ایک خاندان کے ساتھ پیش آنے والے دھوکہ دہی کے واقعے کے پیش نظر انہوں نے بتایا کہ ہمیشہ فضائی سفر پر جانے سے پہلے اپنے سامان کو پلاسٹک سے اچھی طرح لپیٹ دیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    ایئر پورٹ پر جاکر پہلے ہمارا سامان اسکین ہوتا ہے اس کے بعد بورڈنگ کا عمل شروع ہوتا ہے، اس موقع پر کوشش کریں کہ اپنے سامان کی خود حفاظت کریں، نہ کہ اسے عملے کے حوالے کرکے خود مطمئن ہوجائیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کے جھوٹے الزام میں گرفتار ہونے والے ایک ہی خاندان کے 5 بے گناہ افراد کو بہت مشکل سے رہائی ملی۔

    لاہور ایئرپورٹ پر بیگ کا ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم اپنے خاندان کے دیگر 4 افراد کے ہمراہ 23 دسمبر کو سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔

    ڈرگ مافیا کے کارندوں نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے سفری بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔ فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لے لیا گیا۔

  • 2024: قومی ایئر لائن پر کیا گزری؟

    2024: قومی ایئر لائن پر کیا گزری؟

    سال 2024 میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کو کئی بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ادارے کو 29 ارب روپے کا مجموعی خسارہ ہوا۔

    رواں برس بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مسافروں کو سفر کی سہولیات کی فراہمی میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا، حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تعطل کا شکار رہا، تاہم 13 سال بعد پی آئی اے نے 8.7 ارب روپے کا آپریشنل منا فع بھی حاصل کیا۔

    قومی ایئر لائن کو سال 2024 میں بھی مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا رہا، پی آئی اے کے طیاروں میں فنی خرابی معمول بنا رہا، طیاروں کی بروقت مرمت نہ ہونے سے قومی ایئر لائن کے بیش تر طیارے اڑان بھرنے سے قاصر رہے، جس سے ادارے کو لاکھوں ڈالروں کا نقصان کا سامنا رہا۔

    پی آئی اے کے 34 جہازوں پر مشتمل بیڑے میں 17 طیارے کئی عرصے سے رواں برس بھی گراؤنڈ رہے، بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 طیارے گراؤنڈ رہے، ایئر بس 320 ساخت کے 17 طیاروں میں سے 7 طیارے اڑان بھرنے سے قاصر رہے، 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 طیارے آپریشن کا حصہ رہے، طیارے زیادہ تر انجن، لینڈنگ گیئر، APU سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ رہے۔

    گراؤنڈ طیاروں کے حوالے سے قومی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سال کے آخر میں پی آئی اے کے سی ای او تبدیل ہوئے اور سینئر موسٹ چیف خرم مشتاق نے کمان سنبھالی، جنھوں نے آتے ہی گراؤنڈ ہونے والے جہازوں کو قابل استعمال بنانے کے لیے کوشش شروع کر دی، اور اور ایک ایئر بس اور اے ٹی آر طیارے کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا اور پی آئی اے کی پرائم فلائٹس کی آن ٹائم پرفارمنس پر بھی خصوصی توجہ دی۔

    نومبر کے آخری دنوں میں پی آئی اے کے لیے اچھی خبر سامنے آئی، جب یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی ایاسا کی جانب سے پی آئی اے سمیت پاکستانی ایئر لائن پر پابندی اٹھا لی گئی۔ ایاسا نے اپنے مکتوب کے ذریعے انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔ قومی ایئر لائن کو ساڑھے 4 سال بعد یورپ پر سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد سال 2025 کے پہلے مہینے کی 10 تاریخ سے پیرس کے لیے پرواز آپریٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ سال 2025 میں پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد برطانیہ کے لیے بھی اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دے گا، جس سے مسافروں کو براہ راست سفری سہولت میسر ہوگی۔ پی آئی اے نے 20 سال بعد اس سال منافع حاصل کرنے کا بجٹ بھی بنایا ہے، جس سے پی آئی اے کا حکومت پر سے بوجھ ختم ہو جائے گا۔

  • پی آئی اے نے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کردی

    پی آئی اے نے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کردی

    عمرہ زائرین، سعودی رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ کے حامل مسافروں کے لیے اچھی خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائینز کی جانب سے کرایوں میں کمی کردی گئی، سعودی عرب کے رہائشی ویزہ اور ورک ویزہ کے حامل افراد کے لیے یکطرفہ کرایوں میں 30 فیصد رعایت کا اعلان کردیا۔

      رپورٹ کے مطابق جدہ اور مدینہ جانے والے مسافر 7 اپریل سے 11 اپریل 2024 تک فائد اٹھا سکیں گئے اس کے علاوہ ریاض اور دمام جانے والے مسافر بھی 11 اپریل تک فائدہ اٹھا سکیں گئے۔

    دوسری جانب عمرہ زائرین کے لیے 20 فیصد تک کرایوں میں کمی کی گئی، کرایوں میں کمی کا اطلاق 7 اپریل سے 11 اپریل تک رہے گا، پی آئی اے اکنامی کلاس میں 50 ہزار تک کمی کی گئی۔

    لاہور سمیت نارتھ ریجن سے جانے والے مسافروں کے لیے اکنامی کلاس کا کرایہ 1 لاکھ 3 ہزار 680 روپے مختص کردیا گیا جبکہ کراچی سمیت ساوتھ ریجن سے عمرہ زائرین کا کرایہ 95 ہزار 400 روپے مختص کردیا گیا۔

  • سعودی عرب: فضائی کمپنیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    سعودی عرب: فضائی کمپنیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد ایک سال میں 82 فیصد بڑھ گئی، مملکت میں 88 ملین افراد نے سفر کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 2022 کے دوران بین الاقوامی اور داخلی پروازوں کے ذریعے 88 ملین سے زائد افراد نے سفر کیا۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال 2021 کے مقابلے میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 2021 کے مقابلے میں 2022 کے دوران فضائی کمپنیوں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔

    کمپنیوں کی تعداد 1443 تک پہنچ گئی، ان میں مسافر ایئر لائن اور ایئر کارگو دونوں شامل ہیں۔

    فضائی کمپنیوں میں ملازمین کی تعداد 34 ہزار ہوگئی اور 38 فیصد اضافہ ہوا، ان میں خواتین کی تعداد 4 ہزار ہے۔

    پروازوں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ہوا، بین الاقوامی ایئرپورٹس پر پروازوں کی یومیہ اوسط تعداد 13 سو 13 اور داخلی ایئر پورٹس سے پروازوں کی یومیہ اوسط تعداد 5.94 ریکارڈ کی گئی۔

    سنہ 2022 کے دوران مسافروں کے حوالے سے سب سے زیادہ مصروف ایئرپورٹ جدہ کا کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل رہا، یہاں سے 32 ملین افراد نے سفر کیا۔

    پرائیوٹ پروازوں کی تعداد 64 ہزار ریکارڈ کی گئی، 2021 کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ رہیں۔

  • طیارے میں بچے کی معصومانہ حرکت نے مسافروں کے دل موہ لیے

    چھوٹے بچے فضائی سفر کے دوران بہت تنگ کرتے اور روتے ہیں کیونکہ وہ بے آرامی اور کانوں پر دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک بچہ نہایت خوش مزاجی سے سب سے ہاتھ ملا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو کس فلائٹ کی ہے یہ علم نہیں ہوسکا البتہ یہ بے حد تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ جہاز میں موجود ہے اور اپنی معصومیت میں جہاز میں سوار مسافروں سے مصافحہ کر رہا ہے۔

    بچے کے ہاتھ ملانے کے اس عمل نے مسافروں کا دل موہ لیا، وہ خوشی خوشی اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور اسے پیار بھی کر رہے ہیں۔

  • فلائٹ کے دوران جھگڑا، مسافروں نے ایک دوسرے پر تھپڑ اور مکے برسا دیے

    فضائی سفر کے دوران اکثر بدمزگی، لڑائی جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، حال ہی میں ایسے ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    مذکورہ واقعہ بنگلہ دیش کی بیمان ایئر لائنز کی فلائٹ میں پیش آیا، طیارے کی منزل کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بغیر شرٹ کے ایک نوجوان شخص سیٹ پر بیٹھے شخص سے ہاتھا پائی کر رہا ہے۔

    سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص جس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا، جواباً نوجوان کو تھپڑ مار رہا ہے لیکن نوجوان بہت غصے اور جنون کی حالت میں اس پر تشدد کر رہا ہے۔

    نوجوان سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص پر مکے بھی برسا رہا ہے۔

    چند سیکنڈ تک دونوں کے درمیان دوبدو لڑائی کے بعد دیگر مسافر بیچ میں آگئے اور نوجوان کو گلے اور بازوؤں سے پکڑ کر روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پیچھے موجود افراد بھی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو کر سارا ماجرا دیکھ رہے ہیں جبکہ کچھ ویڈیو بنانے میں بھی مصروف ہیں۔

    تاحال ایئر لائن کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا نہ ہی یہ واضح ہے کہ جھگڑنے والے نوجوان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔

  • ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ہمارے جسم کو کیا مسائل ہوسکتے ہیں؟

    ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ہمارے جسم کو کیا مسائل ہوسکتے ہیں؟

    آج دنیا بھر میں شہری ہوا بازی یا سول ایوی ایشن کا دن منایا جارہا ہے، فضائی سفر ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکا ہے لیکن بہت کم لوگ واقف ہیں کہ فضائی سفر کے دوران ہمارے جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں۔

    زمینی سفر کے مقابلے میں فضائی سفر کے دوران پیش آنے والی جسمانی تبدیلیاں کچھ مختلف ہوتی ہیں۔ آئیں ان کیفیات اور ان کے پیچھے چھپی وجوہات کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

    جسم میں پانی کی کمی

    فضائی سفر کے دوران ہمارا جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق 3 گھنٹے کی فلائٹ کے دوران ہمارے جسم سے ڈیڑھ لیٹر پانی خارج ہوجاتا ہے۔

    جسم کی سوجن

    فضائی سفر کے دوران ہمارا جسم سوج جاتا ہے، ہوا کے دباؤ کی وجہ سے ہمارے جسم کی گیس میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے جسم سوجن اور معدے کے درد میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

    آکسیجن کی کمی

    ہوائی جہاز کے کیبن میں ہوا کا دباؤ عام دباؤ سے 75 فیصد بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے آپ کو سر درد اور آکسیجن کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    جراثیموں کا حملہ

    ہوائی جہاز میں کھلی فضا کا کوئی گزر نہیں ہوتا اور کئی گھنٹے تک ایک ہی آکسیجن طیارے میں گردش کرتی رہتی ہے یوں یہ جراثیموں کی افزائش کے لیے نہایت موزوں بن جاتی ہے۔

    فضائی سفر کے دوران جراثیموں کی وجہ سے آپ کے نزلہ زکام میں مبتلا ہونے کا امکان 100 فیصد بڑھ جاتا ہے۔

    حس ذائقہ اور سماعت متاثر

    ہوائی جہاز کے سفر کے دوران آپ کے ذائقہ محسوس کرنے والے خلیات یعنی ٹیسٹ بڈز سن ہوجاتے ہیں جس سے آپ کسی بھی کھانے کا ذائقہ درست طور پر محسوس نہیں کرپاتے۔

    علاوہ ازیں کئی گھنٹے طیارے اور ہوا کا شور سننے سے جزوی طور پر آپ کی سماعت بھی متاثر ہوتی ہے۔

    تابکار شعاعیں

    فضائی سفر کے دوران آپ تابکار شعاعوں کی زد میں بھی ہوتے ہیں، 7 گھنٹے کی فلائٹ میں ایکس رے جتنی تابکار شعاعیں آپ کے جسم کو چھوتی ہیں۔

    ٹانگیں سن ہوجانا

    فضائی سفر کے دوران مستقل بیٹھے رہنے سے خون کی گردش متاثر ہوتی ہے جس سے ٹانگیں سن اور تکلیف کا شکار ہوجاتی ہیں۔

    اس سے نجات کا حل یہ ہے کہ موقع ملنے پر ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کریں اور مائع اشیا کا زیادہ استعمال کریں۔

    فضائی سفر کے دوران جسم میں پیدا ہونے والی تمام تبدیلیاں اور تکالیف عارضی اور کچھ وقت کے لیے ہوتی ہیں لہٰذا تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔

    سفر کے بعد آرام کرنے اور کچھ وقت گزرنے کے بعد جسم خود بخود معمول کی حالت پر آجاتا ہے۔

  • فضائی سفر کے دوران کانوں میں درد سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

    فضائی سفر کے دوران کانوں میں درد سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

    فضائی سفر کے دوران اکثر اوقات کان بند ہوتے محسوس ہوتے ہیں یا ان میں درد ہوتا ہے جو اگلے دن تک جاری رہتا ہے، اس سے بچنے کے لیے کچھ تجاویز پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

    جہاز میں سفر کے دوران کچھ لوگوں کو کانوں کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسا کیوں ہوتا ہے اور ایسے میں کیا کرنا چاہیئے سعودی عرب کی وزارت صحت نے اس حوالے سے اہم معلومات دی ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جہاز میں سفر کے دوران کان میں درد بلندی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بلندی پر سفر کرنے کے باعث جہاز میں ہوا کا دباؤ زیادہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات کان میں درد محسوس ہوتا ہے۔

    بعض اوقات کان بند بھی ہوتے محسوس ہوتے ہیں، کبھی کان بجنے لگتے ہیں اور کبھی چکر محسوس ہوتے ہیں۔

    وزارت کی جانب سے وضاحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ یہ ایک طبعی امر ہے اور اس کا علاج جمائیاں لینا، چیونگم چبانا یا بلغم نگلنا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران سونے سے گریز کیا جائے، نزلہ زکام کے دوران سفر نہ کیا جائے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو کانوں کے لیے خصوصی آلہ استعمال کیا جائے۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ جن لوگوں کو زیادہ مسئلہ ہوتا ہے وہ ڈاکٹر کے مشورے سے دوا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

  • پاکستان سے  فضائی سفر کرنے والوں پر آج رات 12 بجے  سے بڑی پابندی عائد

    پاکستان سے فضائی سفر کرنے والوں پر آج رات 12 بجے سے بڑی پابندی عائد

    اسلام آباد : یکم اکتوبر سے فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن کی 2ڈوز کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ، آج رات 12 بجے سے پروازوں پرصرف ویکسینیٹڈ مسافر ہی سفرکرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے یکم اکتوبر سے فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن کی 2ڈوزکاسرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ، آج رات 12 بجے سے پروازوں پرصرف ویکسینیٹڈ مسافر ہی سفرکرسکیں گے۔

    اس حوالے سے ملک بھرکےتمام ایئرپورٹس پر احکامات جاری کردیےگئے ، جس میں بورڈنگ کارڈ کے حصول کے وقت بھی سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے نے بھی یکم اکتوبرسےاندرون ملک فضائی سفر کے لئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازم قرار دیا ہے ،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بورڈنگ کارڈکےحصول کےوقت سرٹیفکیٹ چیک کیاجائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اےانتظامیہ نےمتعلقہ شعبوں کوہدایات جاری کردی ہیں۔

  • ابوظبی: شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ

    ابوظبی: شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ

    ابوظبی: ابوظبی نے آنے والے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر سے متعلق کمیٹی نے بیرون ملک سفر سے واپس آنے والے ابوظبی کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سفری طریقہ کار اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جو پیر 5 جولائی 2021 سے لاگو ہوگا۔

    اپ ڈیٹ کے مطابق گرین لسٹ ممالک سے آنے والے ایسے مسافروں کو قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی، جو ویکسینیشن کرا چکے ہیں، تاہم انھیں چھٹے دن پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

    دیگر مقامات سے پہنچے والے مسافروں کو لازمی طور پر آمد کے ساتھ پی سی آر ٹیسٹ دینے کے ساتھ 7 دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    اپ ڈیٹ کے مطابق اس پروٹوکول کا اطلاق متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں پر ہوتا ہے، جنھوں نے کم از کم 28 دن قبل دوسری ویکسن لگوائی ہو، اور یہ الحسن ایپ پر رجسٹرڈ ہو۔

    گرین لسٹ والے مقامات سے ابوظبی پہنچنے والے ایسے شہریوں اور رہائشیوں، جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے، کو آمد پر قرنطینہ کے بغیر پی سی آر ٹیسٹ لازمی طور پر کروانا ہوگا۔

    جب کہ دوسرے مقامات سے بغیر ویکسینیشن پہنچنے والوں کو آمد پر پی سی آر ٹیسٹ لازمی طور پر دینے کے ساتھ، 12 دن کے لیے قرنطینہ سے بھی گزرنا ہوگا، اور 11 دن کے بعد ان کا دوسرا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔