اسلام آباد : پاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹس،خودکارڈرونز شامل کر لئے گئے، نیول چیف نے عملےکو جدید پلیٹ فارمز سے فائدہ حاصل کرنےپرزور دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ میں نئےفضائی اثاثوں کی شمولیت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں سرکاری اداروں اور اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تقریب میں اعلیٰ تکنیکی میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹس،خودکارڈرونزپاک بحریہ کے فضائی فلیٹ میں شامل کر لئے گئے، اس موقع پر نیول چیف نے کہا ایئر کرافٹس کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے استعداد میں اضافہ ہو گا، جدید ایئرکرافٹس سے اسپیشل فورسز کے آپریشنزکو وسعت حاصل ہوگی۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عملے کو جدید پلیٹ فارمز سے فائدہ حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے بحری دفاع میں اہم کرداراداکرنے کی بھی تاکید کی۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ کشیدہ صورتحال میں بھارتی آبدوزکاسراغ لگاکرقوم کاسرفخرسےبلندکیا، خودکارڈرونزکامزید حصول بھی پاک بحریہ کےمنصوبوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں : پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں مختلف میزائلز فائر کرنے کا کامیاب تجربہ
یاد رہے چند روز قبل پاک بحریہ کی جانب سے شمالی بحیرہ عرب اور مکران کوسٹ پر مختلف میزائلز فائر کرنے کے کامیاب مظاہرے کیے گئے تھے، جنگی بحری و ہوائی جہاز نے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے۔
پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر میزائل فائر کر کے ہدف کو تباہ کیا جبکہ زیر سمندر روایتی آبدوز سے بھی زمین پر میزائل فائر کیا گیا تھا۔
میر البحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کامیاب تجربات پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، پاک بحریہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔