Tag: فضائی میزبان

  • مسافروں کو تھپڑ، پی آئی اے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری

    مسافروں کو تھپڑ، پی آئی اے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری

    کراچی: لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو تھپڑ مارنے کے افسوس ناک واقعے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کے لیے اہم احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والی پی آئی اے کی پروازوں میں مسافروں کا بلک ہیڈ سیٹوں پر قبصہ کر کے بیٹھنے کے معاملے پر انتظامیہ نے نئی ہدایات جاری کر دیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ چند دن قبل لاہور سے لندن کی پرواز میں بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں ملوث کیبن کریو کو ہیڈ آفس طلب کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس میں شو کاز یا معطل کیا جانا شامل ہو سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مینجر فلائٹ سروسز نے لندن پرواز واقعے کے بعد کیبن کریو کے نام خط لکھ کر کہا ہے کہ کچھ مسافر بورڈنگ کے بعد بلک ہیڈ سیٹوں پر اضافی چارجز دیے بغیر بیٹھ جاتے ہیں، اس کے بعد پی آئی اے کے عملے سے بد تمیزی اور بد کلامی بھی کی جاتی ہے، اس طرح کے واقعات نہ صرف کیبن کریو بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی زحمت اور فلائٹ میں تاخیر کا باعث بنتے ہیں۔

    لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں مسافروں کو عملے نے تھپڑ مار دیا

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والے خط کی کاپی میں کیبن کریو کو ہدایت کی گئی ہے کہ آیندہ اس طرح کے مسافروں سے نرمی سے بات کر کے اضافی چارجز لیے جائیں، فلائٹ سپروائزر اس طرح کے معاملات میں اپنا کردار ادا کریں، بلک ہیڈ سیٹ پر زبردستی اور اضافی چارجز کے بغیر قبضہ کرنے والوں کو اگلے ائیرپورٹ پر متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    پی آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا لیٹر

    خط میں کہا گیا ہے کہ بد تمیزی اور بد کلامی کرنے والے مسافر کی تمام تر تفصیلات نوٹ کر کے اگلے اسٹیشن پر متعلقہ اداروں کو دی جائیں گی، بلک ہیڈ سیٹ پر بغیر اضافی چارجز دیے اور بدتمیزی و بدکلامی کرنے والے مسافروں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

    ادھر ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلک ہیڈ سیٹیں اضافی چارجز پر دی جاتی ہیں، کیبن کریو مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کے چارجز ادا کرنے یا خالی کرانے کو کہتا ہے تو مسافر سیٹیں خالی کرنے سے انکار کر دیتے ہیں اور عملے سے گالم گلوچ بھی کرتے ہیں۔

  • جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    کراچی: پی آئی اےانتظامیہ نے جعلی اسناد اور غیرقانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ کردیا ، سروس ڈسپلن ریگولیشن کےتحت ملازمین کوفارغ کیا، برطرف ملازمین کوشوکازبھی دیئےگئےجس کاجواب داخل نہ کرایاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری حاصل کرنے والے اور ایئر لائن قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔

    انتظامیہ جعلی تعلیمی اسناد اور غیر قانونی چھٹیاں کرنے والے فضائی میزبانوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، پہلے مرحلے میں شعبہ فلائٹ سروسز سے تین ایئر ہوسٹسز اور دو اسٹیورڈز کو فراغت کے پروانے جاری کئے گئے۔

    ایئر ہوسٹس صدف نواز، ارم قادر،شہاب تنویر پر ایئر لائن قوانین کے برخلاف لمبی رخصت کی وجہ سے ملازمتوں سے برطرف کیا گیا جبکہ ایئر ہوسٹس تھریسا کارڈوزا پر بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروانے پر نوکری سے فارغ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کیلئے نیا حکم نامہ جاری

    پی آئی اے انتظامیہ نے سروس ڈسپلن ریگولیشن 1985 کے تحت ایئر ہوسٹس اور فلائٹ اسٹیورڈ ز کو برطرف کیا ، برطرف ملازمین کو ایئر لائن قوانین کے تحت پہلے شو کاز لیٹرز بھی جاری کیئے گئے جن کا جواب داخل نہ کروایا گیا۔

    یاد رہے پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے لئے ایمرجنسی چھٹی صرف انتہائی قریبی عزیزکےانتقال پرمنظورکرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

    اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کو ہر ماہ کی 20 تاریخ سے پہلے چھٹیوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ، احکامات کے مطابق ڈیڈ لائین کے بعد کسی چھٹی کی درخواست پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔

    انتظامیہ نے ایئرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرنے کیلئے کہا تھا اور فضائی میزبانوں سمیت جہاز کے عملے کو وزن کم کرنے کے لئے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔

  • فضائی میزبانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع

    فضائی میزبانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فضائی میزبانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک میں ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ایئر ہوسٹس کو بھی اس نیٹ میں لانے کے لیے اقدمات کا آغاز کیا ہے۔

    اس سلسلے میں فضائی میزبانوں کو اندرون ملک سلپ الاؤنس پر کیش کی ادائیگی ختم کر دی گئی ہے، فضائی میزبانوں کو اب ڈومیسٹک سلپ الاؤنس تنخواہوں میں ملے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک الاؤنسز پے رول میں لانے کا مقصد ٹیکس ادائیگی ہے، خیال رہے کہ فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی پروازوں کے الاؤنسز روپے میں دیے جا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

    واضح رہے کہ ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے، ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔

    دو دن قبل ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں شہر کے تیس بڑے اسپتالوں کو نوٹس بھی جاری کیا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

    ایف بی آر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے بھی ان صارفین کا ڈیٹا حاصل کر چکی ہے جن کے نام سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریکارڈ میں موجود نہیں۔

  • پی آئی اے پائلٹ نے روزہ رکھنے پر فضائی میزبان کو جہاز سے اتاردیا

    پی آئی اے پائلٹ نے روزہ رکھنے پر فضائی میزبان کو جہاز سے اتاردیا

    کراچی : پی آئی اے کی فضائی میزبان کو روزہ رکھنا مہنگا پڑگیا، پی آئی اے پائلٹ نے روزہ دار فضائی میزبان کو ساتھ لیجانے سے انکار کرتے ہوئے جہاز سے اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے برمنگھم جانیوالی پرواز پی کے 791 پر کپتان اور فضائی میزبان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، کپتان نے فضائی میزبان کے روزہ رکھنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تم نے روزہ رکھا ہوا ہے، اس لیے میں تمہیں فلائٹ پر نہیں لے جاسکتا۔

    فضائی میزبان کا کہنا تھا کہ کسی قانون میں نہیں لکھا کہ روزہ رکھنے پر پابندی ہے، میں نے روزہ اپنے رب کیلئے رکھا ہے، جس پر کپتان نے دعویٰ کیاکہ سرکلر کے مطابق دوران پرواز روزہ نہیں رکھا جا سکتا۔

    کپتان نے فضائی میزبان کو ہدایت کی اگر روزہ توڑ دو تو تمھیں پرواز پر لے جایا جاسکتا ہے، ورنہ تم فوری طور پر جہاز سے اتر جاوٴ ، اگر نہیں اترو گے تو میں پرواز نہیں لے جاؤں گا۔ فضائی میزبان مسافروں کا خیال رکھتے ہوئے جہاز سے رضاکارانہ طور پر اتر گیا۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق روزہ رکھنے پر کوئی پابندی نہیں، کپتان کو روزہ رکھنے پر فضائی میزبان کو آف لوڈ نہیں کر نا چاہیے تھا، پرواز سے واپسی پر کپتان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • پی آئی اے: فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری

    پی آئی اے: فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری دے دی، پالیسی کا اطلاق مستقل اور عارضی ملازمین پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ایئر ارشد ملک نے فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری دے دی، فضائی میزبانوں سے متعلق پالیسی کو ازسر نو مرتب کیا گیا ہے، پالیسی کا اطلاق مستقل اور عارضی ملازمین پر ہوگا، پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دس سال کی ملازمت پر ہی گراؤنڈ سروس کے لیےدرخواست دی جاسکتی ہے، انتظامیہ کیبن کریو کو کسی بھی شعبے میں تعینات کرنے کا فیصلہ خود کرے گی۔

    ایک بار انتظامیہ کی منظوری کے بعد فلائٹ سروس کی اجازت نہیں ہوگی، گراؤنڈ سروس پردی گئی ڈیوٹی اور شفٹ کی پابندی کرنی ہوگی، ضرورت پڑنے پر فلائنگ ڈیوٹیز کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورسز آفیسر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو بھی موصول ہوگئی ہے۔

    پالیسی کے مطابق تمام مرد و خواتین کیبن کریو پر یکسر نافذ ہوگی، دس سال سے زائد ملازمت کرنے والے فضائی میزبانوں اور اہلکار ہی گراؤنڈ سروس کے لئے حلف نامہ جمع کرا کر درخواست دے سکتے ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کیبن کریو کو کسی بھی شعبہ میں تعینات کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، ایک بار انتظامیہ کی منظوری کے بعد دوبارہ فلائٹ سروس کی اجازت نہیں ہوگی۔

    گراؤنڈ سروس کئے جانے والوں کو جو ڈیوٹی اور شفٹ دی جائے گی وہ اس کا پابند ہوگا،انتظامیہ کی جانب سے ضرورت پڑنے پر فلائنگ ڈیوٹیز کیلئے طلب کیاجاسکتا ہے۔

  • پی آئی اے نے اسناد نہ جمع کرانے والے فضائی عملے کو ڈیوٹیوں سے روک دیا

    پی آئی اے نے اسناد نہ جمع کرانے والے فضائی عملے کو ڈیوٹیوں سے روک دیا

    کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات پر پی آئی اے نے تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے والے 100 فضائی میزبانوں کو اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازوں سے گراؤنڈ کرتے ہوئے ڈیوٹیوں سے روک دیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق گراؤنڈ کیےجانے والے اسٹاف کو اسناد جمع کرانے کے لیے آج تک کا وقت دیا گیا تھا ،اسناد نہ جمع کرانے والوں میں ایئرہوسٹس ، اسٹیوارڈز، اور پرسر شامل ہیں۔مذکورہ میزبانوں کو اسناد جمع کرانے کا آج کا وقت دیاگیا تھا انہیں خط بھی تحریر کیے گئے تھے کہ اسناد جمع کرائی جائیں ، پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ سروسز نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ، 100 فضائی میزبانوں کو ڈیوٹیوں سے روک دیاگیا ہے۔

    جی ایم فلائٹ سروسز کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک ان فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق نہیں ہو گی ، تب تک مذکورہ افراد پروازوں پر ڈیوٹیاں نہیں کرسکیں گے ، ذرائع کے مطابق پہلے سے پروازوں پر تعینات فضائی میزبانوں کا ڈیوٹی روسٹربھی بلاک کردیاگیا ہے پروازوں سے ہٹائے جانے کے لیے متعلقہ حکام نے باقاعدہ ای میل بھی جاری کردی ہے ۔

    پی آئی اے کی ایئرہوسٹس فریحہ کے ٹورنٹو میں سلپ ہونے کے معاملے کے بعد سے100سے زائد فضائی میزبانوں کو برطانیہ ، یورپ اور کینیڈا نہ بھیجنے پر غور کیا جارہا تھا۔

    یاد رہے 18 ستمبر کو پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، اور پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین پولیس کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    کراچی:پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی، پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین پولیس کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ۔

    تفصیلات کے مطابق فریحہ نامی ایئر ہوسٹس جمعرات کو لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے789سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھی، پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر دیگر عملے کے ساتھ جہاز سے ہوٹل جانے کیلئے روانہ ہوئی۔

    تاہم فضائی میزبان فریحہ مختار مبینہ طور پر ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئی اور پی آئی اے حکام سے رابطے میں بھی نہیں رہی۔

    جمعرات سے لاپتہ فضائی میزبان کا پانچ دن بعد بھی سراغ نہیں لگ سکا۔

    ساتھی عملے کی جانب سے کینیڈین پولیس کو فریحہ مختار کی گمشدگی کے حوالے سے رپورٹ درج کرادی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی میزبان سیدہ فریحہ مختار کو تیرہ ستمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 782 کے زریعے لاہور پہنچنا تھا ، فضائی میزبان کے پراسرار لاپتہ ہونے پر پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان فریحہ مختار کیخلاف ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سات روز کے اندر جواب جمع نہیں کرایا گیا تو کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

    https://youtu.be/3lc1X5X8lwE

  • گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا، ڈی جی اے ایس ایف

    گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا، ڈی جی اے ایس ایف

    کراچی : ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر نے کہا ہے کہ فرانس میں گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی ہیروئن اسمگلنگ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے ایس ایف کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر تھے، اس موقع پر ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ائر پورٹ پر اے ایس ایف کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ٹیم بیرون ملک فضائی میزبانوں کی گرفتاری سے متعلق تحقیقات میں مصروف ہے

    میجرجنرل علی عباس حیدر نے مزید کہا کہ تحقیقات میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی، اس کے علاوہ اسلام آباد ائر پورٹ کے تمام متعلقہ جگہوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی جارہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام سے کوئی تعلق نہ ہونے کے باوجود اے ایس ایف نے بڑے پیمانے پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی ہیں، تاہم کارگو اور فلائٹ کچن جیسے مقامات پر اے ایس ایف عملے کا عمل دخل نہیں ہے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ ریہرسل کی تقریب سے خطاب میں ڈی جی اے ایس ایف علی عباس حیدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس پریڈ کا معیار دیکھ کربہت خوشی ہوئی۔

    انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مختلف شعبہ جات ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، سفارش پر اچھی پوسٹنگ مل بھی جائے تو اگلی پوسٹنگ بدترین ہوگی۔


    مزید پڑھیں: اے ایس ایف میں بڑے پیمانے پرترقیوں کی منظوری


    ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ آٹے میں نمک برابر لوگوں کی وجہ سے پورے ادارے کو شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے، امید ہے آپ لوگ ایسے کاموں سے اجتناب برتیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے  لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔