Tag: فضائی ٹکٹ

  • سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

    ساتھ ہی گرمیوں، حج اور عمرہ کے سیزن میں سفر کی مانگ میں اضافہ بھی قیمتوں کے بڑھنے کا باعث بنا ہے جس نے ایئرلائنز کو آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔

    سعودی عرب میں ہوابازی کے ماہرین کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا اور یہ رجحان سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ گرمیوں اور عمرہ کے سیزن کے بعد اس میں معمولی کمی ہوسکتی ہے۔

    جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور روانگی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے قبل بکنگ کروائیں تاکہ ممکنہ اضافے سے محفوظ رہ سکیں اور فائدہ اُٹھا سکیں۔

  • سعودی عرب میں پروازوں کے ٹکٹ مہنگے

    سعودی عرب میں پروازوں کے ٹکٹ مہنگے

    ریاض: سعودی عرب میں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہوگئے جس کی وجہ رمضان کے آخری عشرے اور عید الفطر کی تعطیلات میں رش ہونا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کے آخری عشرے اور عید الفطر کی تعطیلات کے باعث ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہوگئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بزنس، فرسٹ اور اکانومی کلاس کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں فرق ہے، ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    فضائی کمپنیوں اوربکنگ ویب سائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے وسط تک فضائی ٹکٹوں کے نرخ مستحکم تھے، اپریل کے آخری ہفتے اور مئی کے پہلے ہفتے کے لیے بکنگ مشکل ہوگئی ہے، اس دوران ٹکٹ مہنگے ہیں۔

    اندرون ملک سب سے زیادہ مہنگے ٹکٹ جدہ کے ہیں، جدہ، ریاض، جدہ اکانومی کلاس کا ٹکٹ 3 ہزار ریال تک میں دستیاب ہے، جدہ کے بعد مدینہ، ریاض، مدینہ کا ٹکٹ ڈھائی ہزار ریال میں مل رہا ہے۔

    سب سے سستا ٹکٹ قاہرہ کا ہے، قاہرہ، جدہ، قاہرہ ٹکٹ 12 سو ریال کا ہے۔

    دبئی اورعمان کا ریٹرن ٹکٹ 2 ہزار ریال اور دارالبیضا کا ریٹرن ٹکٹ 28 سو ریال میں دستیاب ہے، خلیجی ممالک میں سب سے سستا ٹکٹ کویت کا ہے۔

  • کویت واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمت میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ

    کویت واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمت میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ

    کویت سٹی: کویت واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمت 1400 کویتی دینار ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمتوں میں حیرت انگیز اضافہ ہو گیا ہے، کویت کی کابینہ نے اتوار سے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے اثرات ٹکٹ کی قیمتوں پر مرتب ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ غیر ملکیوں پر کویت میں داخلے کے فیصلے کے اطلاق میں صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں، اور کویت واپسی کے لیے محدود سیٹیں دستیاب ہیں، چناں چہ مسافر اس فیصلے کے اطلاق سے قبل کویت آنا چاہتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق غیر معمولی صورت حال کے دوران ایئر ٹکٹ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے باعث مسافر انھیں خریدنے سے قاصر ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک سے واپسی کے ٹکٹ کی قیمت 650 دینار تھی، پھر 720 ہو گئی، پھر قیمت میں مزید اضافہ ہوا اور قیمت 1200 دینار تک پہنچ گئی، لیکن اب اتوار سے غیر ملکیوں کی کویت میں پابندی کے بعد قیمت 1 ہزار 400 دینار تک پہنچ چکی ہے جو اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔

    خدشہ ہے کہ پروازوں کی تعداد کو کم اور معطل کرنے کے فیصلوں کا تسلسل اس معاملے کو مزید بگاڑ دے گا کیوں کہ ایک طرف پروازوں کی منسوخی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، دوسری طرف ٹکٹوں کی قیمتوں میں لگاتار تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے ٹرانزٹ کے ممالک میں بہت سارے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

  • سعودی عرب: معمر اور معذور افراد کے لیے فضائی ٹکٹوں میں رعایت

    سعودی عرب: معمر اور معذور افراد کے لیے فضائی ٹکٹوں میں رعایت

    ریاض: سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے معمر اور معذور افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع اور اسے جدید خطوط پر جلد استوار کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے فضائی نقل و حمل پر مقرر ٹیکسوں اور فیسوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے، شوریٰ کی جانب سے معمر اور معذور افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ وہ شہری ہوا بازی کی سرگرمیوں اور اداروں کی نجکاری کے لیے جامع حکمت عملی اور نظام الاوقات ترتیب دے اور اس حوالے سے اپنی ترجیحات متعین کرے۔

    مجلس شوریٰ نے توجہ دلائی کہ یہ تبدیلیاں سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وژن 2030 کے مطابق ترغیبات دینے کے لیے اشد ضروری ہیں۔

    مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی کو ہدایت کی کہ وہ طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع اور اسے جدید خطوط پر جلد از جلد استوار کروائے تاکہ حج، عمرہ اور سیاحت کے مواقع میں جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رش کو کم کیا جا سکے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کے لوکل، ریجنل اور انٹرنیشنل ہوائی اڈوں کے امیگریشن ہالز میں نماز پڑھنے کی جگہ بھی مختص کرے۔

    علاوہ ازیں محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا گیا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائیں۔

    دوسری جانب مجلس شوریٰ نے معمر افراد اور معذوروں کو اندرون و بیرون ملک سفر میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔