Tag: فضائی ٹکٹوں

  • سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

    ساتھ ہی گرمیوں، حج اور عمرہ کے سیزن میں سفر کی مانگ میں اضافہ بھی قیمتوں کے بڑھنے کا باعث بنا ہے جس نے ایئرلائنز کو آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔

    سعودی عرب میں ہوابازی کے ماہرین کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا اور یہ رجحان سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ گرمیوں اور عمرہ کے سیزن کے بعد اس میں معمولی کمی ہوسکتی ہے۔

    جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور روانگی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے قبل بکنگ کروائیں تاکہ ممکنہ اضافے سے محفوظ رہ سکیں اور فائدہ اُٹھا سکیں۔

  • متحدہ عرب امارات: فضائی ٹکٹوں کی قیمت سے متعلق اہم خبر

    متحدہ عرب امارات: فضائی ٹکٹوں کی قیمت سے متعلق اہم خبر

    متحدہ عرب امارات میں ٹریول اینڈ ٹورازم ایجنسیوں کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ موجودہ فلائٹ ریزرویشن سے معلوم ہورہا ہے کہ یو اے ای کے لئے واپسی کی پروازیں اگست کے وسط تک 100 فیصد فل ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ یو اے ای میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہونے جارہا ہے، موسم گرما کی چھٹیاں اختتام پذیر ہیں اس لیے امارات کے رہائشی جلد از جلد واپسی چاہتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ان دنوں ایئرلائنز پر امارات واپسی کے لیے رش میں اضافہ ہوجاتا ہے، ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ 50 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اس میں کچھ بڑے یورپی اور ایشیائی شہر ہیں جہاں سیٹوں کی زیادہ مانگ ہے۔

    ایک ٹورازم کمپنی کے جنرل منیجر کے مطابق موجودہ فلائٹ ریزرویشن سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ یو اے ای واپسی کی پروازیں اگست کے وسط سے 10 ستمبر تک کسی حد تک فل ہوچکی ہیں۔

    انہو ں نے بتایا کہ جن ممالک سے واپسی کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کا اضافہ ہے ان میں مصر، اردن، لبنان اور شام ہیں۔ مثال کے طور پر قاہرہ سے واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمت ان دنوں 3 ہزار درھم تک پہنچ گئی ہے اس کی وجہ تاخیر سے بکنگ ہے۔

    امارات میں موجود کم لاگت والی ایئرلائنز کی وجہ سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کی شرح کم ہے۔ اب یہ مسافر کا اختیار ہے کہ وہ کس ایئر لائن کا اپنے سفر کے لیے انتخاب کرتا ہے۔

    ٹورازم ایجنسی کے سیلز ڈائریکٹر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کچھ معروف عرب مقامات سے واپسی کے لیے ٹکٹ کی قیمت ان دنوں 1700 درھم سے بڑھ کر 2500 درھم تک پہنچی ہوئی ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک زلزلے سے لرز اُٹھے

    یورپی ممالک سے واپسی کے لیے ٹکٹ کی قیمت 2200 سے بڑھ کر 3 ہزار درھم تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ایک یورپی ملک کے لیے راونڈ ٹرپ کا ٹکٹ 5 ہزار درھم تک پہنچ گیا ہے۔