Tag: فضائی کارروائی

  • یمن میں فضائی کارروائی‘ 24 شہری ہلاک

    یمن میں فضائی کارروائی‘ 24 شہری ہلاک

    صنعاء:یمن کے شمالی علاقے میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق فضائی کارروائی سعودی سرحد کے قریب واقع یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی مصروف مارکیٹ مشنق میں کی گئی۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ مارکیٹ یمن میں کثرت سے استعمال ہونے والی نشہ آور پتی قات کی اسمگلنگ کا مرکز ہے جبکہ سعودی عرب میں اس کے استعمال پر پابندی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی اتحادی فوجی گزشتہ دو برس سے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے جو باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں زمینی کے علاوہ فضائی کارروائی بھی عمل میں لارہے ہیں۔


    یمن: فضائی حملوں اور جھڑپوں میں 176 ہلاک


    یاد رہےکہ حوثی باغیوں کے زیرقبضہ شہرصعدہ میں 2015 میں سعودی اتحادیوں نےبھاری بم باری کی تھی جس کے بعد اس علاقے میں ایک اور بڑی کارروائی کہا جارہا ہے۔

    واضح رہےکہ اتحادی فوجیوں نے اکتوبر 2016 میں باغیوں کے مرکز صنعاء میں حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جہاں 140 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاک فوج کی وادی راجگال میں فضائی کارروائی، متعدد دہشتگرد ہلاک

    پاک فوج کی وادی راجگال میں فضائی کارروائی، متعدد دہشتگرد ہلاک

    راولپنڈی : پاک فوج نے وادی راجگال میں فضائی کارروائی کے دوران کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، فضائی کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد پوری قوت سے جاری ہے، پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں سے متعلق افغان علاقے ننگرہارسے خیبرایجنسی میں داخلے کی اطلاع ملی تھی جس پر بھرپور کارروائی کی گئی۔

    پاک فوج نے وادی راجگال کےعلاقے ستارکلے اور نارائی ناؤ میں فضائی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد افراد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔

    آئی ایس پی آرکے مطابق فضائی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ زخمی اوربچ جانے والے دہشت گرد واپس افغان صوبے ننگر ہار کی طرف بھاگ گئے۔

  • شام میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی‘18اتحادی جنگجوہلاک

    شام میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی‘18اتحادی جنگجوہلاک

    واشنگٹن:شام میں اتحادی فورسز کی فضائی کارروائی میں 18اتحادی جنگجوہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کاکہناہےکہ ایس ڈی ایف نے اتحادی طیاروں کے پائلٹس کو غلط اطلاع دی جس کے نتیجے میں شامی ڈیموکریٹک فورسز کے اہلکار نشانہ بنے۔

    شام میں حملے کےبعد امریکی اتحادی افواج نے بیان میں کہا کہ طبقا میں داعش کے خلاف بمباری کے لیے اتحادیوں نے درخواست کی جبکہ ہدف شامی ڈیفنس فورسز کی یونٹ سے آگے کچھ دوری پر تھا تاہم غیر ارادی طور پر شامی ڈیفنس فورسز نشانہ بن گئے۔

    امریکی اتحادی افواج نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتےہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننےاورمستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے محفوظ اقدامات کیے جائیں گے۔

    خیال رہےکہ ایک ماہ کےدوران یہ تیسرا امریکی حملہ تھاجس میں اتحادی اور شہریوں کی ہلاکت ہوئی۔

    امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نےان حملوں کو افسوسناک قراردے دیا اورتحقیقات شروع کردی ہے۔


    امریکہ کی شام میں بمباری،80فوجی جاں بحق


    یاد رہےکہ گزشتہ سال 18ستمبرکو شام کے مشرقی علاقے میں واقع ایئر بیس پر امریکی اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں 80 سے زائد شامی حکومتی فوجی جاں
    بحق اور متعدد زخمی ہوگئےتھے۔


    شامی فوج پرفضائی حملہ غلط فہمی کی وجہ سےہوا،امریکہ


    بعدازاں امریکہ کاکہنا تھاکہ شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف لڑنے والےشامی فوجیوں پرفضائی حملہ غلط فہمی کی وجہ سےہواتھا۔


    موصل میں اتحادی طیاروں کی بمباری‘ 230افراد ہلاک


    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ عراق کےشہر موصل میں اتحادی طیاروں کی بمباری نتیجے میں 230افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئےتھے۔

  • افغانستان میں امریکی فضائی حملہ‘  القاعدہ رہنما ہلاک

    افغانستان میں امریکی فضائی حملہ‘ القاعدہ رہنما ہلاک

    واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کا کہناہےکہ افغانستان میں امریکی فضائی حملے میں القاعدہ رہنما قاری یاسین ماراگیا۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی محکمہ دفاع نےتصدیق کردی کہ القاعدہ کااہم رہنماقاری یاسین انیس مارچ کوافغانستان میں ایک حملے میں ماراگیا۔

    پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہےکہ قاری یاسین رواں ماہ 19مارچ کو افغانستان کے صوبے پکتیکا میں ہونے والی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوا۔

    بیان کےمطابق قاری یاسین کا شمار القاعدہ کے اہم رہنماؤں اوردہشتگردوں میں ہوتا تھا،اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث تھا۔


    مزید پڑھیں:امریکہ کی شام میں فضائی کارراوئی‘القاعدہ کے11افراد ہلاک


    امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے کہا کہ ’قاری یاسین اسلام کے نام پر معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر مذہب کو بدنام کرنے کا واضح ثبوت ہے،مگر ایسےلوگ بچ نہیں سکیں گے‘۔

    دوسری جانب پاکستانی دفترِ خارجہ نے بار ہا موقف اختیار کیا ہے پاکستان کے اندر حملے کرنے والے دہشت گردوں نےافغانستان میں پناہ لے رکھی ہے،قاری یاسین کی افغانستان میں ہلاکت بظاہراس دعوے کاثبوت ہے۔

    واضح رہے کہ القاعدہ کا رہنما قاری یاسین لاہور میں مارچ 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی ہوٹل میرٹ میں اکتوبر 2008 میں ہونے والے خود کش حملے میں ملوث تھا۔

  • وادی راجگال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری، متعدد ہلاک

    وادی راجگال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری، متعدد ہلاک

    خیبر ایجنسی: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے وادی راجگال میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ کارروائی خیبر ایجنسی میں گزشتہ رات کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کالعدم لشکر اسلام کے سرغنہ منگل باغ کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ فضائی بمباری میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ بھی ہوئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات خیبر ایجنسی میں ہی دہشت گردوں نے سرحد پار سے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جسے پاک فوج نے بروقت ناکام بناتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا۔

    مزید پڑھیں: ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں کاحملہ، 2 اہلکار شہید

    فوج کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ہی خیبر پختونخواہ کے علاقے شبقدر میں دہشت گردوں نے ایف سی سینٹر پر بھی حملہ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے اس حملے کو بھی ناکام بناتے ہوئے 2 خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا۔

    ڈی پی او سہیل خالد کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • یمن میں امریکہ کی فضائی کارروائی میں3ریڈارتباہ

    یمن میں امریکہ کی فضائی کارروائی میں3ریڈارتباہ

    واشنگٹن : امریکی بحری جہاز پریمن سے میزائل حملےکےبعدامریکہ نےجوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کے ساحلی علاقےمیں ریڈار تنصیبات کونشانہ بنایا جس میں تین ریڈار تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کےترجمان پیٹرکوک کاکہناہےکہ امریکی جہازوں نےیمن میں کوسٹل ریڈارسائٹس کونشانہ بنایاہے۔

    پینٹاگون کےترجمان پیٹرکوک کے مطابق امریکی فضائی کارروائی میں تین ریڈارزتباہ کردیےگئے۔جوابی کارروائی کامقصدامریکی اہداف کادفاع ممکن بنانا تھا۔

    ترجمان پینٹاگون کاکہناہےکہ ایئراسٹرائکس کامقصدیمنی تنازع کومزیدطول دینانہیں ہے۔امریکہ یمن میں تمام فریقوں کی تنازع کےحل کےلیےحوصلہ افزائی کرتاہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ ابھی واضح طور پرنہیں بتاسکتےکہ یمن میں یہ ریڈارکس کےکنٹرول میں ہیں۔

    مزید پڑھیں: یمن : امریکی بحری جہاز پر میزائل حملہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل یمن کے شہرالحدیدہ میں امریکی بحری جہاز ’ یو ایس ایس میسن‘ پر پھر میزائل حملہ کیا گیاتھا.میزائل سمندر میں گرا، جس کے باعث جہاز اور عملہ محفوظ رہے تھے۔

    پینٹاگون کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی یمن کی حدود سے ایسا ہی ایک حملہ کیا گیا تھا جو ناکام رہا تھا،پینٹاگون نے میزائل حملے کا مناسب وقت پر بھرپور انداز میں جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔

    شامی تنازع:امریکہ اور روس کادوبارہ مذاکرات شروع کرنے کااعلان

    واضح رہے کہ یہ فضائی حملے ایسے وقت پر کیے جارہے ہیں جب ایک بار پھرامریکہ اور روس نے شامی تنازعےسےمتعلق رواں ماہ معطل ہونے والے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • شامی شہر حلب میں فضائی کارروائی،30افراد جاں بحق

    شامی شہر حلب میں فضائی کارروائی،30افراد جاں بحق

    بیروت: شام میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کی حلب میں شدید بمباری کے نتیجے میں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے اور معاشی طور پر اہم شہر حلب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    برطانوی مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ حلب میں شامی فورسز اور روسی طیاروں کی جانب سے شدید بمباری جاری ہے،جس میں جنگجوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اس میں درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: شام: بم دھماکے میں اپوزیشن وزیر سمیت 12 ہلاک

    گروپ کا دعویٰ ہے کہ شہر میں تقریبا ڈھائی لاکھ شامی موجود ہیں،جن کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

    یاد رہے کہ مذکورہ کارروائی امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اپنے روسی ہم منصب سے جنگ بندی کےلیے مذاکرات کی ناکامی کے بعد کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ 19 ستمبر کو شامی فوج نے عسکریت پسندوں پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے روس اور امریکہ کے تحت ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا،جس کے بعد ملک کے دوسرے بڑے اور اہم شہر حلب میں شدید بمباری کی گئی تھی۔

    شامی فوج کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘روس کی حمایت سے 12 ستمبر 2016 کو شام 7 بجے ہونے والی جنگ بندی معاہدے کے اختتام کا اعلان کردیا گیا’۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں صدر بشار السد کی انتظامیہ کے خلاف بغاوت کا آغاز ہوا تھا اور اس وقت سے اب تک شام بھر میں خانہ جنگی جاری ہے جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • شامی شہر حلب میں باغیوں کے ٹھکانوں پرفضائی حملے

    شامی شہر حلب میں باغیوں کے ٹھکانوں پرفضائی حملے

    حلب : شامی شہر حلب کے علاقے راموسہ میں صدر بشار الاسد کی فوج کی جانب سے شدید بمباری کی گئی،فضائی حملوں میں باغیوں کے زیر انتظام علاقوں کو نشانہ بنایا گیا.

    تفصیلات کے مطابق حلب کے علاقے راموسہ میں ہونے والے فضائی حملوں میں روسی جنگی طیاروں نے بھی شرکت کی،فضائی بمباری میں باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا.

    اس سے قبل حکومت مخالف باغیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے حلب کا کئی ہفتوں سے قائم محاصرہ توڑ دیا ہے تاہم شامی حکومت اس کی تردید کی تھی.

    شامی حکومت کا کہنا ہے کہ ان کا حصار بدستور قائم ہے اورباغیوں کو کوئی اہم کامیابی نہیں ملی ہے،بہر حال ایسا نظر آ رہا ہے کہ حکومت باغیوں کو مزید کچھ حاصل کرنے سے باز رکھنے کے لیے مزید فوج تعینات کر رہی ہے.

    فضائی حملے کے بعد باغی اتحاد نے کہا ہے کہ وہ جنگجوؤں کی تعداد دوگنی کر دیں گے اور نئے حملے کرکے سارے شہر کو واپس حاصل کر لیں گے.

    واضح رہے کہ حلب کبھی شام کا کاروباری دارالحکومت تھا اور اسے اپنی فن تعمیر اور آثار قدیم پر ناز تھا،لیکن پانچ سال سے جاری جنگ میں اس کی بیشتر چیزیں تباہ و برباد ہو چکی ہیں یا لوٹ لی گئی ہیں.

  • طرابلس: امریکا کی لیبیا میں داعش کے خلاف فضائی کارروائی

    طرابلس: امریکا کی لیبیا میں داعش کے خلاف فضائی کارروائی

    طرابلس: امریکا نے دولت اسلامیہ کے خلاف لیبیا کی سیکیورٹی فورسز کو مدد فراہم کرنے لیے پہلی بار لیبیا میں فضائی حملوں کا آغاز کردیا.

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے لیبیا میں پہلی بار فضائی حملوں کا آغاز کردیا جس میں لیبیا کے شہر سرت میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا،امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے مطابق فضائی حملوں کا آغاز لیبیا حکومت کی درخواست پر کیا گیا جس میں لیبیا کے شہر سیرت میں داعش کے مظبوط گڑھ کو نشانا بنایا گیا.

    پینٹاگون کاکہناہے کہ فضائی حملوں کا مقصد لیبیا کی سیکیورٹی فورسز کو داعش کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرنا ہے جس کے لیے حملے آئندہ بھی جاری رہیں گے.

    دوسری جانب لیبیا کے وزیراعظم فیاض السراج نے قوم سے خطاب میں کہا کہ شدت پسند تنظیم داعش سے لڑنے کے لیے بالخصوص امریکا سمیت بین الاقوامی برادری سے مدد کی درخواست کی تھی اور اسی غرض سے امریکی حملے میں داعش کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے.

    یاد رہے کہ داعش کے خلاف امریکا اپنے اتحادی مغربی اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر پہلے ہی شام اور دیگر عرب ممالک میں فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اب تک متعدد شدت پسندوں سمیت ہزاروں عام شہری بھی مارے جاچکے ہیں.

  • دمشق: شام میں فضائی کارروائیاں، 51 شہری ہلاک

    دمشق: شام میں فضائی کارروائیاں، 51 شہری ہلاک

    دمشق: شام کے مختلف علاقوں میں فورسز اور ان کے اتحادی ممالک کی جانب سے کی جانے والی متعدد فضائی کارروائیوں میں51 شہری ہلاک ہوئے،جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں.

    تفصیلات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کے حوالے سے بتایا کہ دارالحکومت دمشق کے قریب مشرقی غوطہ کے علاقے میں فورسز کی فضائی کارروائی میں تیرہ شہری ہلاک ہوئے.

    سرکاری فورسز نے دومہ کی مرکزی مارکیٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے،جہاں متعدد شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے تاہم فوری طور پر اس علاقے سے تفصیلات حاصل نہیں ہوسکیں ہیں.

    اس کے علاوہ شام کے اہم شہر حلب میں فضائی کارروائی میں 15 افراد ہلاک ہوئے جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں.

    انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں سرکاری فورسز کی فضائی کارروائیوں اور شیلنگ سے 23 شہری ہلاک ہوئے، جبکہ تال مانانس کے علاقے میں شامی فورسز اور روسی فضائیہ کی کارروائیاں میں 17 افراد ہلاک ہوئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں.

    *دمشق: شام کے شہر ادلب میں جنگی طیاروں کی بمباری،نو افراد ہلاک

    واضح رہے کہ دو روز قبل شامی شہر ادلب میں جنگی طیاروں کی بمباری کےنتیجےمیں کم از کم نو افرادجان کی بازی ہار گئے اوردرجنوں زخمی ہوئے تھے.