Tag: فضائی کمپنی

  • السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    السعودیہ نے مسافروں کو خاص سہولت فراہم کردی

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر گم شدہ سامان کو ٹریک کرنے لیے نئی سہولت فراہم کردی ہے، ’شیئر آئٹم لوکیشن‘ کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئی سہولت کے ذریعے مسافر اپنے سامان کو’ایئرٹیگ‘ سے ٹریک کرسکتے ہیں جس کے لیے ’فائنڈ مائی نیٹ ورک‘ کا آپشن فراہم کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر اپنے آئی فون، آئی پیڈ یا میک پر’فائنڈ مائی‘ ایپلی کیشن کے ذریعے سامان کا ٹریکنگ لنک حاصل کرسکتے ہیں جسے السعودیہ کے ڈیجیٹل پورٹل پربا آسانی شیئرکیا جاسکتا ہے۔

    ٹریکنگ لنک سامان کی وصول کے بعد از خود ختم ہوجاتا ہے جبکہ مسافرجب چا ہیں اسے لاگ آف کرسکتے ہیں۔

    سعودیہ گروپ کے چیف ڈیٹا اینڈ ٹیکنالوجی آفیسرعبدالقادر عطیہ نے بتایا کہ نیا فیچر گروپ کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عزم اور مسافروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سعودیہ گروپ کی جانب سے عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی اور اپنے صارفین کے فضائی سفر کو بہتر بنانے کیلیے کوشش ہمیشہ جاری رہتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایک اور یورپی ملک کا غزہ کیلیے فضائی امدادی آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

  • برطانیہ کی 100 سال پرانی فضائی کمپنی دیوالیہ ہوگئی، 22 ہزار ملازمین بے روزگار

    برطانیہ کی 100 سال پرانی فضائی کمپنی دیوالیہ ہوگئی، 22 ہزار ملازمین بے روزگار

    لندن: برطانیہ کی نجی فضائی کمپنی قرضوں کے باعث دیوالیہ ہوگئی جس کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں سیاح پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے مختلف ممالک جانے والے سیاحوں کو خدمات فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی تھامس کوک نے پیر کے روز اپنے دیوالیہ ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا جس کے بعد دنیا بھر میں فضائی کمپنی کی پروازیں بند ہوگئیں۔

    برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے دیوالیہ ہونے کی وجہ سے 6 لاکھ سیاح مختلف ممالک میں پھنس گئے، پیچیدہ صورتحال اور تنقید کے بعد برطانوی حکومت نے سیاحوں کو واپس لانے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق 178 سال پرانی فضائی کمپنی گزشتہ چند سالوں سے اپنے معاشی اہداف پورے کرنے کے لیے بینکوں سے قرضے حاصل کررہی تھی، تھامس کوک نے اپنے دیوالیہ ہونے کا سبب بریگزیٹ ڈیل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یورپین یونین سے انخلا کی مہم کے باعث مسافروں نے بکنگ کم کی جبکہ سرمایہ کاروں نے 20 کروڑ پاؤنڈ کی رقم واپس لے لی ‘‘۔

    برطانوی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ تھامس کوک نے 2007 میں مائی ٹریول کمپنی کے ساتھ خود کو ضم کرلیا تھا، یہ انضمام دونوں ہی کمپنیوں کے لیے اچھا ثابت نہ ہوسکا۔ کمپنی کے دیوالیہ ہونے کی وجہ سے 22 ہزار ملازمین کو نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ گئے جبکہ سیاحت کی غرض سے بلغاریہ، ترکی اور امریکا جانے والے مسافر بھی رل گئے ہیں۔

    برطانوی وزیر گرانٹ شاپس کا کہنا تھا کہ ’’حکومت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تھامس کوک کے مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے دیگر فضائی کمپنیوں سے جہاز کرائے پر حاصل کرلیے، جو شہری بیرون ممالک میں ہیں انہیں دو ہفتے کے اندر واپس لے آئیں گے‘‘۔ دوسری جانب برطانیہ کی حزبِ اختلاف جماعت لیبرپارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے فضائی کمپنی کے دیوالیے کا قصور وار وزیراعظم بورس جانسن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بس جمہوریت کی توہین کی جس کی وجہ سے تقریباً 9 ہزار برطانوی شہریوں کو ہاتھ روزگار سے ہاتھ دھونا پڑے۔

  • ایران کے ساتھ کام کرنے کا الزام، امریکا نے تھائی کمپنی پر پابندی عائد کردی

    ایران کے ساتھ کام کرنے کا الزام، امریکا نے تھائی کمپنی پر پابندی عائد کردی

    واشنگٹن: ایرانی فضائی کمپنی کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں امریکا نے تھائی ایوی ایشن کمپنی پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد جہاں امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کررہا ہے وہیں اس کے ساتھ کام کرنے والی کمپنی پر بھی پابندی عائد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے جس فضائی کمپنی پر پابندی عائد کی ہے اس پر یہ الزام ہے کہ وہ ایرانی حکام اور ایرانی فضائی کمپنی مہان ایئر کے لیے کام کرتی تھی۔

    امریکا کی جانب سے مہان ایئر پر بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ شامی صدر کی حمایت میں لڑنے والے فوجی دستوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور رسد کا کام انجام دیتی ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مہان ایئر پر پہلے سے ہی پابندیاں عائد ہیں جبکہ لاکھوں شامی شہریوں کو بشارالاسد اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے خطرہ ہے۔

    ایران پر امریکی پابندیاں، عالمی طیارہ ساز کمپنی نے جہاز کی فروخت روک دی

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد رواں سال جون میں عالمی طیارہ ساز کمپنی نے بھی ایران کو جہاز کی فروخت روک دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔

  • دبئی، ملازمین کو بہترین تنخواہ اور پُرکشش مراعات دینے والا شہر

    دبئی، ملازمین کو بہترین تنخواہ اور پُرکشش مراعات دینے والا شہر

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں ترقی کے مواقع اور بہترین رہائشی سہولیات کے باعث ملازمین کی جنت بن چکا ہے جہاں ملازمت کے لیے دنیا بھر سے لوگ کھینچے چلے آتے ہیں۔

    یوں تو متحدہ عرب امارات کے دیگر شہر جیسے شارجہ اور ابو ظہبی بھی بیرون ملک سے آنے والے ملازمین کی پسندیدہ جگہ ہیں لیکن ملازمین کی جنت ہونے کا اعزاز دبئی کے حصے میں آیا ہے جہاں ملازمین کو تنخواہ، مراعات اور دیگر سہولیات نے ملازمین کی زندگی آسان بنا دی ہے۔

    دیگر شعبوں کی طرح دبئی میں تیزی سے ترقی کرتی ایئرلائنز کمپنیاں بھی اپنے ملازمین کے لیے پُر کشش تنخواہ اور مراعات کا اعلان کرتی ہیں چنانچہ یہ صنعت بھی ملازمین کی اولین ترجیح بن گئی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ معروف فضائی کمپنی نے اپنے نئے پروجیکٹ کے لیے ایئر ہوسٹس سمیت دیگر اسامیوں پر ملازمتوں کا اعلان کیا ہے جس کے لیے ملازمین کو بہترین مراعات اور پُر کشش تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہیں۔

    فضائی کمپنی نے دنیا بھر سے انٹر میڈیٹ کرنے والے 24 سے 28 برس کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سے فضائی میزبان اور کیبین کریو کی اسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں امیدواروں کے لیے انگریزی زبان پر عبور لازمی ہے۔

    کامیاب امیدواروں کوبنیادی طور 9500 درہم تنخواہ کی پشکش کی گئی ہے جب کہ اس میں مزید اضافہ پروازوں کی تعداد اور شیڈول کے حساب سے کیا جائے گا۔

    فضائی کمپنی کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے لیے پُر کشش تنخواہ کے علاوہ رہائش، میڈیکل، سفری ٹکٹس اور سالانہ تعطیلات جیسی دیگر مراعات بھی رکھی گئی ہیں، ملازمت کے خواہاں یہاں *اپلائی کر سکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں دیگر پُر کشش ملازمتوں میں اپلائی کرنے کے لیے درج زیل لنک پر کلک کریں۔


     دبئی میں ملازمتیں  


    *بہ شکریہ خلیج ٹائمز 


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔