Tag: فلائٹ

  • اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، مسافر سخت پریشانی کے عالم میں ایئرپورٹ پر محو انتظار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    پی کے 261 کو 9 دسمبر رات 10 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ تکنیکی فالٹ کا کہہ کر پہلے ڈھائی گھنٹے جہاز میں بٹھائے رکھا گیا، ڈھائی گھنٹے بعد لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔

    مسافروں کا مزید کہنا ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد مزید آدھے گھنٹے انتظار کا بتایا جاتا ہے۔

  • بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے مسافر خوفزدہ ہوگئے، اندر موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ طیارے کی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

    بھارتی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 دہلی سے جبل پور آرہی تھی، 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اسے اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔

    فلائٹ میں موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیبن میں دھواں بھر چکا ہے اور مسافر خوفزدہ ہو گئے۔

    مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پنکج دوبے بھی اسی فلائٹ میں سفر کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی دھواں نظر آیا تمام مسافر خوفزدہ ہیں۔

    پنکج نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام بچے رو رہے تھے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ بچوں کو کیسے سنبھالیں، سامان سنبھالیں یا خود کو بچائیں۔

    ان کے مطابق کیبن کرو نے فوری طور پر مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے کا مشورہ دینا شروع کر دیا، اس دوران طیارے کا اے سی بند تھا اور لوگوں کا دم بھی گھٹ رہا تھا۔

    بعد ازاں پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ بحفاظت دہلی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔

    واقعے کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور انہیں جلد منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔

    پرواز میں کیا تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر بلو کی پرواز پی اے 613 فنی خرابی کے باعث اڑان نہ بھر سکی، مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بلو انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، شارجہ ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے سے موجود مسافروں کو کھانے پینے سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہوٹل بھی منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی پرواز کی روانگی کے حوالے سے درست معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

    ترجمان ایئر بلو کے مطابق طیارے میں فنی خرابی ہوگئی تھی، طیارہ شارجہ ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کیا گیا ہے، انجینیئرز کی ٹیم پارٹس کے ہمراہ لاہور سے شارجہ روانہ کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن شارجہ ایئرپورٹ پر امیگریشن نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی

  • وہ فلائٹ جو آپ کو انجان منزل کی طرف لے جائے گی

    وہ فلائٹ جو آپ کو انجان منزل کی طرف لے جائے گی

    یوں تو سفر کرنے والے ہر شخص کو اپنی منزل معلوم ہوتی ہے کیونکہ آج کل کی مصروف زندگی کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ وقت نکال کر انجان منزلوں کی طرف سفر شروع کردے، تاہم کرونا وائرس نے کافی کچھ بدل دیا ہے۔

    حال ہی میں ایک ایسی اسکیم متعارف کروائی گئی ہے جس میں مسافر سفر کے لیے تیار، جہاز پر آ کر بیٹھ جاتے ہیں لیکن انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان کی منزل کیا ہے۔

    یہ اسکیم آسٹریلوی ایئر لائن کانٹس نے شروع کی ہے جس میں سفر کرنے والے کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ جہاز کہاں جا رہا ہے، وہ بس فلائٹ کا ٹکٹ خرید کر بیٹھ جاتے ہیں۔

    سنہ 1990 کی دہائی میں یہ اسکیم کافی مقبول تھی اور اس کو دوبارہ شروع کرنے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

    ایسی صورت میں مشکل یہ ہوسکتی ہے کہ جس جگہ جانا ہے وہاں کا ویزا مسافروں کے پاس نہ ہو تو کیا کیا جائے گا؟ تاہم ایئر لائن نے اس بے یقینی کی صورتحال کا بھی آسان حل نکالا ہے۔

    اس سفر کے لیے اندرون ملک ہی کسی شہر کا رخ کیا جاتا ہے۔

    یہ پروازیں کانٹس کے تین میں سے ایک بوئنگ 737 طیارے پر برسبین، میلبورن، یا سڈنی سے اڑیں گی۔ اس پرواز کا اکانومی کلاس کرایہ 577 ڈالرز (90 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) جبکہ بزنس کلاس کرایہ 12 سو 33 ڈالرز (1 لاکھ 93 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) ہوگا۔

    اس پرواز کے اختتام پر ایئر لائن کی جانب سے مزید سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں، جیسے مشروبات، پرتعیش کھانے، یا کسی جزیرے پر غوطہ خوری تاکہ اس پرواز پر آنے والوں کا دن ضائع نہ جائے اور وہ اس سے خوب لطف اندوز ہوں۔

    اس سے قبل بھی اسی ایئر لائن نے اسی نوعیت کی پروازیں چلائی تھیں جس میں مسافروں کو ایک جگہ سے جہاز پر لے جایا جاتا تھا اور پھر پرواز کے دوران زبردست نظارے کروا کر اسی مقام پر واپس اتار دیا جاتا تھا۔

    اب حالیہ دنوں میں ایسی دلچسپ اسکیمیں متعارف کروانے کا رجحان پورے مشرقی ایشیائی ایئر لائنوں میں نظر آرہا ہے کیونکہ یہ صنعت مشکل میں ہے۔

    ایئر لائنز کو امید ہے کہ یہ اسکیم مقبولیت حاصل کرے گی کیونکہ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے ایک طرف تو سیاحت کا رجحان کم ہوگیا اور اکثر ممالک کی سرحدیں بند ہیں، تو دوسری جانب لاک ڈاؤن کے باعث لوگ بھی بیزاری اور بوریت کا شکار ہیں۔

  • فلائٹ میں مسافروں کی ہنگامہ آرائی،  ویڈیو وائرل

    فلائٹ میں مسافروں کی ہنگامہ آرائی، ویڈیو وائرل

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن سے آسٹریلیا جانے والی ریان ایئر کی پرواز میں نشے میں دھت مسافروں نے کیبن کریو اور ایئرہوسٹس کے ساتھ بدتمیزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر ثاقب احمد نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 7 فروری کی ریان ایئر کی پرواز کا تجربہ بیان کیا۔ مسافر ثاقب احمد نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ کبھی دوبارہ ریان ایئر کی پرواز میں سفر نہیں کریں گے۔

    ٹویٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لندن سے آسٹریلیا جانے والی ریان ایئر کی پرواز میں نشے میں دھت مسافروں نے جہاز میں نہ صرف ہنگامہ آرائی کی بلکہ کیبن کریو اور ایئرہوسٹس کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔


    نشے میں دھت مسافروں سے دوسرے مسافر نہ صرف پریشان ہوگئے بلکہ انہیں اپنی جان بھی خطرے میں نظر آ رہی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر نے خاتون سے کسی بات پر بحث شروع کی اور چیخنے چلانے لگا جس پر دیگر مسافر بھی بحث میں شامل ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے جہاز اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگا۔

    پولیس نے لڑائی میں ملوث 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا تھا جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔

  • کیا میری اور سنیل کی لڑائی ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے؟کپل شرما

    کیا میری اور سنیل کی لڑائی ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے؟کپل شرما

    ممبئی : معروف بھارتی کامیڈین اور ’دی کپل شرماشو‘ کے میزبان کپل کاکہناہےکہ کیا میری اور سنیل کی لڑائی ملکی سلامتی کے لیےخطرہ ہے؟۔

    تفصیلات کےمطابق بھارتی ٹی وی شو’دی کپل شرماشو‘ کے میزبان جوآئےدن اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں اس بار اپنے ہی دوست اداکار سنیل گروور سےہونے والے جھگڑے کی وجہ سے خبروں کی سرخیوں میں ہیں۔

    میڈیا رپوٹس کےمطابق حال ہی میں کپل شرما کااپنے ہی شو میں ’گتھی‘اور ’ڈاکٹر گلاٹی‘ جیسے کردار ادا کرنے والےاداکار سنیل گروور سے طیارے میں جھگڑا ہوا۔اور نوبت یہاں تک آگئی کہ سنیل نے ان کا شو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی کامیڈین کپل شرمانے آج صبح فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ اگر میں سنیل گروور سے فلائٹ میں لڑاتھا تو یہ کس نے دیکھا اور آپ کو اس بات کی معلومات کس نے دی جس نے دی کیا وہ بھروسے کے قابل ہے؟‘۔

    کپل نے کہاکہ میں اپنے بھائی سے سال میں ایک بار ملتا ہوں لیکن اپنی ٹیم کے ساتھ کم و بیش ہر دن گزارتا ہوں۔انہوں نےکہاکہ میں سنیل سے محبت کرتا ہوں ان کا احترام کرتا ہوں۔

    دی کپل شرما کےمیزبان نےجھگڑے کی بات قبول کرتےہوئے کہاکہ ہاں میری ان سے تکرار ہوئی تھی لیکن کیا ہم عام لوگ نہیں ہیں؟ میں پانچ سال میں پہلی بار ان پر چللایا۔اتنا تو چلتا ہے بھائی۔

    مزید پڑھیں:کپل شرما کو نریندرمودی کے خلاف بیان مہنگا پڑگیا

    کپل شرما نے اپنی پوسٹ میں مزید کہاکہ وہ میڈیا کااحترام کرتے ہیں لیکن میرے سنیل سے جھگڑے کی خبروں کے علاوہ بھی کئی سنگین مسائل ہیں جن پر غور کرنا چاہیے۔

    واضح رہےکہ اس سےقبل بھی کپل اور سنیل گروور کے درمیان لڑائی کی خبریں میڈیا میں گردش کرتی رہیں اور کہاجارہاتھاکہ سنیل ان کے شو سے جدا ہوکر اپنا شو کرنے چلے گئے تھے لیکن بعد میں دونوں کے درمیان صلح ہوگئی۔