Tag: فلائٹس

  • 2024: قومی ایئر لائن پر کیا گزری؟

    2024: قومی ایئر لائن پر کیا گزری؟

    سال 2024 میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کو کئی بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ادارے کو 29 ارب روپے کا مجموعی خسارہ ہوا۔

    رواں برس بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مسافروں کو سفر کی سہولیات کی فراہمی میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا، حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تعطل کا شکار رہا، تاہم 13 سال بعد پی آئی اے نے 8.7 ارب روپے کا آپریشنل منا فع بھی حاصل کیا۔

    قومی ایئر لائن کو سال 2024 میں بھی مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا رہا، پی آئی اے کے طیاروں میں فنی خرابی معمول بنا رہا، طیاروں کی بروقت مرمت نہ ہونے سے قومی ایئر لائن کے بیش تر طیارے اڑان بھرنے سے قاصر رہے، جس سے ادارے کو لاکھوں ڈالروں کا نقصان کا سامنا رہا۔

    پی آئی اے کے 34 جہازوں پر مشتمل بیڑے میں 17 طیارے کئی عرصے سے رواں برس بھی گراؤنڈ رہے، بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 طیارے گراؤنڈ رہے، ایئر بس 320 ساخت کے 17 طیاروں میں سے 7 طیارے اڑان بھرنے سے قاصر رہے، 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 طیارے آپریشن کا حصہ رہے، طیارے زیادہ تر انجن، لینڈنگ گیئر، APU سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ رہے۔

    گراؤنڈ طیاروں کے حوالے سے قومی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سال کے آخر میں پی آئی اے کے سی ای او تبدیل ہوئے اور سینئر موسٹ چیف خرم مشتاق نے کمان سنبھالی، جنھوں نے آتے ہی گراؤنڈ ہونے والے جہازوں کو قابل استعمال بنانے کے لیے کوشش شروع کر دی، اور اور ایک ایئر بس اور اے ٹی آر طیارے کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا اور پی آئی اے کی پرائم فلائٹس کی آن ٹائم پرفارمنس پر بھی خصوصی توجہ دی۔

    نومبر کے آخری دنوں میں پی آئی اے کے لیے اچھی خبر سامنے آئی، جب یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی ایاسا کی جانب سے پی آئی اے سمیت پاکستانی ایئر لائن پر پابندی اٹھا لی گئی۔ ایاسا نے اپنے مکتوب کے ذریعے انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔ قومی ایئر لائن کو ساڑھے 4 سال بعد یورپ پر سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد سال 2025 کے پہلے مہینے کی 10 تاریخ سے پیرس کے لیے پرواز آپریٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ سال 2025 میں پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد برطانیہ کے لیے بھی اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دے گا، جس سے مسافروں کو براہ راست سفری سہولت میسر ہوگی۔ پی آئی اے نے 20 سال بعد اس سال منافع حاصل کرنے کا بجٹ بھی بنایا ہے، جس سے پی آئی اے کا حکومت پر سے بوجھ ختم ہو جائے گا۔

  • لاہور میں شدید دھند: درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چہار سو دھند کے باعث درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، کئی پروازیں منسوخ بھی کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر حد نگاہ بے حد کم ہوگئی جس کے باعث بیرون و اندرون ملک متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے 204 دھند کے باعث لینڈ نہ کر سکی، پرواز کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 860 تاخیر کا شکار ہے۔

    لاہور سے کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے 322 دھند کے باعث اڑان نہ بھر سکی جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    ایئر بلیو کی جدہ سے آنے والی پرواز پی اے 471 اور ابو ظہبی سے آنے والی پرواز پی اے 431 تاخیر کا شکار ہے۔

    ایئر بلیو کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 401 بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    سرین ایئر کی لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز ای آر 721 اور کراچی سے آنے والی ای آر 520 بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    عمان ایئر کی مسقط سے لاہور پہنچنے والی ڈبلیو وائی 343 بھی تاخیر کا شکار ہے۔

  • یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے دیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے لی گئی ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو پہلی 2 پروازیں پاکستانی طلبا کو لینے پولینڈ روانہ ہوں گی، پولینڈ سے طلبا کو بحفاظت ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ایئرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔

    ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑتی ہے پی آئی اے پہلے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد طلبا اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی آپریشن کے لیے تیار ہیں، پی آئی اے یوکرین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔

  • قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    کراچی: قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، اسلام آباد سے ہفتہ وار 18 اور لاہور سے ہفتہ وار 17 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، قطر ایئر ویز یکم جنوری 2022 سے ہفتہ وار 63 پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کراچی سمیت 5 شہروں سے دوحہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی، دارالحکومت اسلام آباد سے ہفتہ وار 18 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    لاہور سے ہفتہ وار 17 پروازیں آپریٹ ہوں گی، کراچی سے ہفتہ وار 14، سیالکوٹ اور پشاور سے ہفتہ وار 7،7 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ قطر ایئر ویز لاہور سے بذریعہ دوحہ 140 ممالک میں مسافروں کو رسائی فراہم کرے گا۔

    قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے 31 مئی 2022 تک اپنا شیڈول جاری کردیا۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس پربین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنےکا فیصلہ

    ملک کے 5 ایئرپورٹس پربین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے پانچ بڑے ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے دوبارہ سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ 21 مارچ کی صبح 5 بجے سے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی ہوائی آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں تک محدود کر دیا گیا تھا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کی جارہی تھیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقی بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر انتظامات کو بہتر بنانے کے بعد فلائٹ آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی سلاتمی کونسل کے اجلاس میں صرف تین ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے اجازت دی گئی تھی۔ ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ اور سیالکوٹ ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کردا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: مسافروں کیلیے کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی قرار

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سوار کرنے سے قبل تمام طیاروں کو جراثیم سے پاک کرنے کیلئے اسپرے کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    تمام ائیرلائنوں کو اسپرے سرٹفکیٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کے علاقائی روانگی پر مسافروں کی اسکریننگ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جس کا مقصد کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنا ہے۔

  • گلیکسی نوٹ سیون کے ہمراہ سفر نہ کریں،پی آئی اے

    گلیکسی نوٹ سیون کے ہمراہ سفر نہ کریں،پی آئی اے

    کراچی : پی آئی اے نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے سام سانگ گلیکسی نوٹ 7 اپنے ساتھ لے کر طیارے میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی جانب سے یہ ہدایت ان رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد جاری کی گئیں جن میں کہا گیا تھا کہ اس نئے اسمارٹ فون کی بیٹریوں میں خرابی ہے جس کہ وجہ سے وہ دھماکے سے پھٹ سکتی ہیں۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ ’سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے حوالے سے سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس اور عالمی سطح پر مسافروں کو خبردار کیے جانے کے بعد پی آئی اے بھی اپنے تمام مسافروں کو خبردار کرتا ہے کہ وہ سفر کے دوران گلیکسی نوٹ 7 ساتھ رکھنے سے گریز کریں‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ اس سیٹ کو اپنے سامان میں بھی رکھنے سے گریز کریں کیوں کہ اس سے طیارے اور مسافروں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ نےاپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ گلیکسی نوٹ 7 کی فروخت معطل کررہی ہے اور دنیا بھر میں بھیجے گئے 25 لاکھ سیٹ بھی واپس منگوائے جارہے ہیں۔

    واضح رہے اس سے قبل دیگر ملکوں کی ایئرلائنز قنطاس، ورجن آسٹریلیا اور اتحاد ایئرلائنز بھی اس حوالے سے انتباہ جاری کرچکی ہیں اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دوران پرواز مذکورہ سیٹ کو استعمال اور چارج کرنے سے گریز کریں۔