Tag: فلائٹ آپریشن

  • 46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں، ترجمان وزارت مذہبی امور

    46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں، ترجمان وزارت مذہبی امور

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ 46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں جن میں سرکاری اسکیم سے 27 ہزار اور نجی اسکیم سے 19 ہزارحجاج وطن پہنچے۔

    ترجمان کے مطابق 22 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ گئے، عازمین 8 دن قیام کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

    وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے وطن واپسی کی پروازیں شروع ہوگئیں، سرکاری حج اسکیم کے 74 ہزار حجاج مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    حج 2019 میں بدانتظامی، وفاقی وزیر کا شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہمیں 47 مکاتب دیئے گئے تھے ، دوران حج 4 سے 5 مکاتب کی شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کا اندراج کر لیا گیا ہے، شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کی جائے گی، منیٰ میں جو شکایات موصول ہوئیں ان کا فوری ازالہ کیا گیا۔

    نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ چند عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے مسائل کو سوشل میڈیا پر اچھالا، حج کو بدانتظامی کا شکار حج بنانے کی کوشش کی گئی، یکطرفہ، منفی سیاسی پروپیگنڈہ کیا گیا۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان نے پروازوں کی آمد و رفت کو متاثر کردیا، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے قریب فضا میں پرندوں کی اڑان کی وجہ سے پروازوں کی لینڈنگ متاثر ہوگئی، لاہور آنے والی کئی پروازوں کے رخ موڑ دیے گئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پیرس سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو سیالکوٹ ایئر پورٹ اتار دیا گیا۔ طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 کا رخ بھی ملتان کی طرف موڑ دیا گیا۔

    اسی طرح کچھ دیر میں لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کی جانے والی دبئی سے آنے والی غیر ملکی پرواز کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ دوحہ سے آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کا رخ پرندوں کی زیادہ اڑان کی وجہ سے موڑا گیا، حفاظتی نقطہ نظر سے یہ قدم اٹھایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق جدہ سے آنے والی پرواز خالی تھی اور اس میں مسافر نہیں تھے، اسی لیے اس کو ملتان اتارا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت لاہور ایئرپورٹ سے پروازوں کو اڑان کی اجازت نہیں دی جا رہی، پرندوں کو بھگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دو روز قبل بھی پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھی پی آئی اے کے ایک طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے سینکڑوں مسافر بیجنگ میں پھنس گئے تھے۔ اسلام آباد سے بیجنگ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 852 کو بیجنگ سے ٹوکیو جانا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے اے پی یو میں فنی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ پرواز اب آج پاکستان وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے روانہ ہوگی۔

  • لاہور ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا

    لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پرمعطل ہونے والے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ بحال کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کردیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق تمام فضائی کمپنیوں کو آپریشن شروع کرنے سے متعلق آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کی روانگی پونے10بجے تک متوقع ہے جبکہ جدہ جانے والی پرواز 11بجے اڑان بھرے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشل فلائٹس کو ری شیڈول کیا گیا ہے اور مسافروں کی ہدایت کی گئی کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل 0215 ہیلپ لائن پر کال کرکے معلومات حاصل کرلیں۔

    یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیے تھے۔

    4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ہوائی فضائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال کیے جبکہ ملتان ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن اب بھی معطل ہے جو 4 مارچ کو دوپہر ایک بجے بحال ہوگا۔

  • 4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    4 بڑے ایئر پورٹس سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحال

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملک کے 4 بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا، وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس موقع پر پی آئی اے کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزے کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک 5 ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف ممالک سے وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

    دوسری جانب ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 4 مارچ پیر کے روز دن ایک بجے سے بحال ہوگا، صورتحال کے مطابق ائیر پورٹ کا فلائٹ آپریشن شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔

    اس دوران لاہور سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 36 جبکہ بیرون اور اندرون ملک سے لاہور آنے والی 38 پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔

    پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    28 فروری کی رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں کل مزید توسیع کردی گئی تھی۔

  • پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں جمعے تک مزید توسیع

    پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں جمعے تک مزید توسیع

    لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی، فضائی حدود جمعے کی دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے نیا نوٹم جاری کر دیا، اب فضائی حدود کل دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

    [bs-quote quote=”غیر ملکی ایئر لائنز کے خالی طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    نوٹم کے مطابق ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر آپریشن یکم مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔

    ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تمام ایئر لائنز نے بھی پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے اور فلائٹ آپریشن کے متعلق مسافروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سِول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج رات بارہ بجے تک پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا نوٹم جاری کیا تھا لیکن اس میں اب مزید توسیع کی گئی ہے۔

    دوسری جانب لاہور، پشاور، اور ملتان ایئر پورٹس سے غیر ملکی ایئر لائنز کے خالی طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    غیر ملکی ایئر لائنز نے درخواست کی تھی کہ ان کے خالی طیارے پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس پر کھڑے ہیں انھیں واپس جانے دیا جائے، اس سلسلے میں دو جہاز لاہور ایئر پورٹ، اور ملتان سے ایک خالی جہاز کو جانے کی اجازت دی گئی۔

    لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے والے دو جہاز سعودی ایئر لائن کے تھے، سعودی ائیر لائن کے دونوں جہاز جدہ کے لیے روانہ ہوئے۔

  • بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    بھارتی شر انگیزی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک کے لیے بند

    اسلام آباد: موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان ایئر اسپیس کل رات 12 بجے تک کے لیے بند کردی گئی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا باقاعدہ ناٹم جاری کردیا۔ تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنوں کو ناٹم کے ذریعے آگاہ کردیا گیا ہے۔

    لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنوں نے مسافروں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کل رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔

    دوسری جانب پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751 اور اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پی کے 701 روکی ہوئی ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور سے دلی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 270 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

  • زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئرویز حکام کی ملاقات

    زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئرویز حکام کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد اور برٹش ایئر ویز حکام نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری سے برطانوی سفارت خانے کے وفد نے ملاقات کی، برطانوی وفد میں برٹش ایئر ویز کے آفیشلز بھی شامل تھے۔

    [bs-quote quote=”برٹش ایئر ویز پاکستان میں سیاحت بڑھانے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”زلفی بخاری”][/bs-quote]

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت ہوئی، برٹش ایئر ویز کے آفیشلز نے معاونِ خصوصی زلفی بخاری کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، برطانوی وفد نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سہولتوں کی بھی تعریف کی۔

    ملاقات میں برٹش ایئر ویز کے پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع ہونے پر بھی گفتگو کی گئی، معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی وفد کو مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ برٹش ایئر ویز پاکستان کے مثبت امیج کو پھیلانے میں مدد کرے، برٹش ایئر ویز پاکستان میں سیاحت بڑھانے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد سے فضائی آپریشن پر برٹش ہائی کمشنر کا بڑا بیان

    خیال رہے کہ برٹش ایئر ویز اپنا فلائٹ آپریشن رواں سال جون میں شروع کر رہا ہے، اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل برٹش ہائی کمشنر نے سیکریٹری ایوی ایشن کو خط میں کہا تھا کہ رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔

  • برطانیہ کا پاکستان کے لیے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    برطانیہ کا پاکستان کے لیے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: برطانیہ نے 10 سال بعد پاکستان سے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ برٹش ایئر ویز نے 10 سال قبل 2008 میں پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی سفارتی حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ برٹش ایئر ویز پاکستان سے دوبارہ پروازیں شروع کر رہا ہے۔

    برطانوی سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن کی بحالی خوش آئند ہے، آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ برٹش ایئر ویز ہفتے میں 3 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔

    سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ڈیڑھ ملین لوگوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔ پاک فوج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں اور وزارت اطلاعات کو مبارکباد دیتا ہوں، فرانس کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری مثبت کردی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ جو اقدامات ہو رہے ہیں اس سے پاکستان میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔ برطانوی حکام کی جانب سے پاکستان کے لیے مثبت رویے پر شکر گزار ہیں۔ برٹش ایئر ویز کی واپسی میں زلفی بخاری کا اہم کردار ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے، خوشی ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پروازیں بحال کرنے پر برٹش ایئر ویز کے شکر گزار ہیں۔

    دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں پر مبنی جدوجہد رنگ لانے لگی۔ پاکستان میں امن اور استحکام آرہا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئر ویز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • پی آئی اے ملازمین تنخواہوں سے محروم

    پی آئی اے ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی : پی آئی اے کے ملازمین ایک بار پھر تنخواہوں سے محروم ہوگئے، پی آئی اے کا سلوگن باکمال لوگ، لاجواب سروس صرف سلوگن ہی رہ گیا،

    پی آئی اے کا بنک اکاؤنٹ پہلے کی طرح اب بھی خالی ہے، ملازمین ایک بار پھر تنخواہوں سے محروم ہوگئے۔ پی آئی اے ملازمین کو یکم مئی کو ملنے والی تنخواہ تاحال نہ مل سکی۔

    پاکستان ائیرلائنز میں گریڈایک سے نو تک سولہ ہزار ملازمین کام کرتے ہیں، مرکزی صدر پیپلز یونٹی ہدایت اللہ خان نے کہا ہے کہ رواں سال میں پی آئی اے نے ملازمین کو متعدد بار تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی ہے۔

    دو روز میں تنخواہ ادا نہ کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا، آئندہ72 گھنٹے میں تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوئی تو فلائٹ آپریشن بند کرسکتے ہیں۔