راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فلاحی کاموں سے ہی دنیا میں نام باقی رہتا ہے، 20 سالہ جدوجہد کے بعد آج زچہ بچہ اسپتال کا افتتاح کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں 11 جدید ترین آپریشن تھیٹر ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں خواتین کی تعلیم کے 60 ادارے بنائے ہیں، نالہ لئی پر 21 کلو میٹر طویل لئی ایکسپریس بنانے جارہے ہیں، 9 ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن میں سے 2 ہزار کلو میٹر لائن غائب ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی دیانت داری کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے، مہنگائی شریف برادران اور زرداری کی لوٹ مار کی وجہ سے ہوئی ہے، عمران خان 2 سال کے اندر ملک کو مسائل سے نجات دلائیں گے، اللہ کا شکر ہے ملک میں عمران خان جیسا ایماندار وزیراعظم ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کو کمزور کرنے کے لیے عالمی سازش ہورہی ہے، شیخ رشید
وزیر ریلوے نے کہا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون اور ٹو منصوبوں سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، ریلوے بحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو کمزور کرنے کے لیے عالمی سازش ہورہی ہے، اللہ کا شکر ہے موجودہ دور حکومت میں کسی چیز کا خسارہ نہیں بڑھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 ہزار بچیاں کالج میں داخلے سے محروم ہیں، 30 جون کے بعد راولپنڈی میں کالج کا افتتاح کریں گے، احمد آباد میں بھی اسکول اور کالج بنا رہے ہیں۔