Tag: فلاڈیلفیا

  • امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، مزید 10 افراد ہلاک، 40 زخمی

    امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، مزید 10 افراد ہلاک، 40 زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، مختلف واقعات میں مزید 10 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف امریکی ریاستوں میں ماس شوٹنگ کے واقعات تیزی سے رونما ہو رہے ہیں، جن میں انسانی جانیں تلف ہو رہی ہیں۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید دو امریکی شہروں فلاڈلفیا اور فورٹ ورتھ میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، فلاڈلفیا ماس شوٹنگ میں 5 افراد ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے ہیں، ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔

    پولیس نے منگل کو بتایا کہ فورٹ ورتھ میں امریکی یوم آزادی کی تعطیل کے موقع پر مقامی تہوار کے بعد لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ پیر کی شام کو امریکی شہر فلاڈلفیا میں بلٹ پروف جیکٹ پہنے ایک شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور دو بچے زخمی ہوئے۔ 40 سالہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لیا گیا ہے، وہ ایک AR-15 طرز کی رائفل، ایک ہینڈگن، ایک پولیس اسکینر اور گولہ بارود لے کر جا رہا تھا۔

    تین روز قبل اتوار کو ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور ماس شوٹنگ کا نشانہ بن گیا تھا جس میں کئی حملہ آوروں نے ایک پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور 28 کو زخمی کر دیا تھا، جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس تاحال فائرنگ کرنے والے مجرموں تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال فائرنگ کے 340 واقعات پیش آ چکے ہیں، امریکی صدر بائیڈن نے اساتذہ سے خطاب میں گن کنٹرول کے لیے قانون سازی کا مطالبہ پھر کر دیا ہے، انھوں نے کہا کانگریس طلبہ اور اساتذہ کی جان بچانے کے لیے سخت قانون سازی کرے، جب کہ ریپبلکنز ارکان کانگریس کا مؤقف ہے کہ اسلحہ رکھنے کی اجازت امریکی آئین دیتا ہے۔

  • امریکا: پل کے نیچے ٹرک میں آگ لگنے سے ہائی وے کا پُل گر گیا

    امریکا: پل کے نیچے ٹرک میں آگ لگنے سے ہائی وے کا پُل گر گیا

    فلاڈیلفیا: امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں ایک ہائی وے پر پُل کے نیچے ٹرک میں شدید آگ لگنے کے باعث پُل کا ایک بڑا حصہ گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلاڈیلفیا کی مصروف ترین ہائی وے کا پُل گر گیا ہے، پل کے نیچے آتش گیر مادہ لے جانے والے ایک ٹینکر ٹرک میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے پل متاثر ہو کر منہدم ہو گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کے نتیجے میں گرنے والے پُل کی مرمت میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

    فلاڈیلفیا فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق انھیں اتوار کی صبح ساڑھے چھ بجے ہائی وے پر کسی گاڑی میں آتش زدگی کی اطلاع ملی تھی، ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ آگ ایک ٹینکر ٹرک میں لگی ہے، فائر ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

    واضح رہے کہ انٹراسٹیٹ 95 مشرقی امریکا کی مرکزی شاہراہ ہے، جو بڑے مراکز جیسے نیویارک سٹی، فلاڈیلفیا اور واشنگٹن ڈی سی کو جوڑتی ہے، اور جنوب میں فلوریڈا ریاست تک چلتی ہے۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے ہونے کی اطلاع نہیں، جب کہ منہدم پل کے ملبے کے نیچے ٹرک اب بھی دبا ہوا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے تجارتی ٹینکر ٹرک میں 87 آکٹین فیول کے 8,500 گیلن موجود تھے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اتوار کی رات تک ٹرک ڈرائیور لاپتا تھا، ڈرائیور کی شناخت کے بارے میں بھی ابھی تک کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ وہ ایک تجربہ کار ڈرائیور تھا۔

  • انجام سے بے خبر لڑکا اپنا نام سن کر دروازے پر آیا تو …

    انجام سے بے خبر لڑکا اپنا نام سن کر دروازے پر آیا تو …

    فلاڈیلفیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک لڑکے کے افسوس ناک قتل کی خبر کی گونج دو دن گزرنے کے بعد اب بھی سنائی دے رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اتوار کو فلاڈیلفیا کے علاقے فرینکفرڈ میں 12 سال کے ایک لڑکے کو اس وقت سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا جب وہ آدھی رات کو اپنے نام کی پکار سن کر دروازے پر آیا، نامعلوم شخص نے دروازہ کھلنے کا انتظار کیے بغیر شیشے ہی میں گولی مار دی جو لڑکے کے سر میں لگی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گولی مارنے والے نے رات کے اندھیرے میں دروازے کے سامنے سے فائر کیا، گولی بارہ سالہ صدیق کلارک کے سر میں لگی اور وہ موقع ہی پر مر گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈٹمین اسٹریٹ کے ایک بلاک میں رات کو دو بج کر پینتالیس منٹ پر پیش آیا تھا، ڈپٹی کمشنر میلون سنگلٹن کا کہنا تھا کہ دروازے پر دستک کے بعد جب صدیق کلارک دروازے پر آیا تو شوٹر نے ایک ہی فائر کیا اور بھاگ گیا، پولیس چند ہی منٹ بعد جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔

    فرینکفرڈ، فلاڈیلفیا کا رہائشی 12 سالہ صدیق کلارک جسے سر میں گولی ماری گئی

    رپورٹس کے مطابق صدیق موت کے وقت گھر پر اپنی دادی اور دس سالہ بہن کے ساتھ موجود تھا، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قاتل کو یقیناً یہ بھی پتا نہیں تھا کہ بند دروازے کے پیچھے کون ہے۔ واقعے کے بعد رات ہی کو گھر کے دیگر افراد بھی پہنچ گئے اور لڑکے کی موت پر گھر کے باہر صف ماتم بچھ گیا، پڑوسی بھی لڑکے کی موت پر دکھی تھے۔

    صدیق کی فیملی کا کہنا تھا کہ انھیں قاتل کا نہیں پتا تاہم آواز سے پتا چلتا تھا کہ کوئی بالغ آدمی تھا، اس نے بار بار صدیق کا نام پکارا تھا۔

    صدیق کلارک کی غم زدہ ماں

    لڑکے کی غم زدہ ماں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا چھیننے والوں نے میری دنیا میں اندھیرا کر دیا ہے، میرا بیٹا تو لوگوں کی مدد کے لیے مشہور تھا، وہ دوسروں کے لیے سودا سلف لایا کرتا تھا، چرچ جانے والوں اور ہر ایک کی مدد کرتا تھا۔

    پڑوسی ٹونی کولن نے میڈیا کو بتایا کہ ایک بار صدیق نے ایک میڈیکل ایمرجنسی میں اس کی جان بچائی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق صدیق کی موت فلاڈیلفیا میں رواں سال کا 437 واں قتل ہے، گزشتہ برس یہاں 118 لوگوں کو قتل کیا گیا تھا۔

  • فلاڈیلفیا : ٹرین پٹری سے اُتر گئی، 5 افراد ہلاک،50 زخمی

    فلاڈیلفیا : ٹرین پٹری سے اُتر گئی، 5 افراد ہلاک،50 زخمی

    فلاڈیلفیا: امریکہ کی ریاست فلاڈیلفیا میں  ٹرین پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

    واشنگٹن سے نیویارک جانے والی ٹرین کو یہ واقعہ فلاڈیلفیا میں پیش آیا۔

    فلاڈیلفیا کے میئر مائیکل نٹر نے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم ازکم 49 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔

    ٹرین کمپنی ایمٹریک کے مطابق ٹرین میں 240 مسافر سوار تھے، اس حادثے کے بعد فلاڈیلفیا سے نیویارک کے لیے ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچے جہاں ریل گاڑی کا انجن اور سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں۔

    اس حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں جب کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی "ایف بی آئی” کے اہلکار بھی تفتیش میں مدد دینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔