Tag: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

  • فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں کا 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں کا 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

    غزہ کے نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں نے 26 اپریل کو ملک گیرہڑ تال کا اعلان کردیا۔

    اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی، تاجر تنظیموں نے یہودی کمپنیوں کی مصنوعات کے رضاکارانہ بائیکاٹ کی اپیل بھی کی ہے، آل پاکستان انجمن تاجران اور تنظیم تاجران نے پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا۔

    22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    تاجر رہنما اجمل بلوچ نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچے بھی محفوظ نہیں ہیں، اقوام متحدہ اس ظلم و بربریت پر کیا کردار ادا کر رہا ہے؟

    انھوں نے کہا کہ پوری دنیا قابض اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت پاکستان غزہ سے متعلق کشمیر کی طرح پالیسی کا اعلان کرے۔

    تاجر رہنما کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو جذبے کے ساتھ کھڑے ہیں، غزہ میں اسپتال اور مساجد کو بھی ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/palestinian-national-and-islamic-forces-announces-global-general-strike/

  • فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، وزیراعظم نے نئے سال کی تقریبات پر پابندی لگادی

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، وزیراعظم نے نئے سال کی تقریبات پر پابندی لگادی

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے سلسلے میں نگراں وزیراعظم نے نئے سال کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے سال کے آغاز سے قبل نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ فلسطین کی صورتحال کے باعث پوری قوم رنج و غم کا شکار ہے۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ پاکستانیوں سے اپیل ہے نئے سال پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

    انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سرکاری سطح پر نئے سال سے متعلق کوئی تقریب نہیں ہوگی۔ تمام شہریوں سے گزارش ہے نئے سال کی آمد کو سادگی سے منایاجائے۔ اللہ سے دعاگو ہوں نئے سال کا سورج امن و آشتی کا پیغام لے کر طلوع ہو۔

    وزیراعظم نے کہا کہ 7 اکتوبر سے اب تک 21 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ رنج کے عالم میں ہے۔ فلسطین میں خونریزی روکنے کیلئے پاکستان عالمی سطح پرآواز بلند کرتا رہےگا،

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ فلسطین کیلئے امدادی کھیپ کے سلسلے میں اردن اور مصر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کیلئے 2 امدادی کھیپ بھجوائی جا چکی ہیں۔ فلسطین کیلئے تیسری امدادی کھیپ جلد بھجوائی جارہی ہے۔

  • فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی : لندن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی : لندن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ

    لندن : اسرائیلی مظالم کے شکار نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لندن میں ایک مرتبہ پھر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف جنگ مخالف تنظیموں کے زیراہتمام سینٹرل لندن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر جنگ بندی کے حامیوں نے سیز فائراور فری فری فلسطین کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

     london

    مسلسل چوتھے ہفتے ہونے والےاحتجاجی مظاہرے میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک تھے، لندن کے علاوہ برطانیہ کے دیگر مقامات پر بھی لوگ اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔

    لندن کے مختلف مقامات سے ریلیاں ٹریفالگر اسکوائر پہنچیں، مظاہرین کے فری فری فلسطین کے نعروں سے سینٹرل لندن کی فضا گونج اٹھی۔

    مظاہرین کے ایک گروپ نے آکسفورڈ سرکس پردھرنا دے کر سڑک بند کردی، مظاہرے کے شرکاء نے برطانوی وزیرداخلہ کے بیان پر بھی کڑی تنقید کی۔

    شرکا کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی طرف سے جنگ بندی کا مطالبہ نہ کیا جانا افسوسناک عمل ہے، فلسطین میں یوکرین سے زیادہ مظالم ڈھائےجارہے ہیں مگر حکومت اب تک خاموش ہے۔

    Protest

    مظاہرین نے کہا کہ جنگوں کیخلاف احتجاج کرنا ہماراحق ہے، برطانوی وزیرداخلہ کو مظاہروں کو ہیٹ مارچ کہنے پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ہر ہفتے مظاہرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پولیس کیلئے مسئلہ بن گئی، مطاہرین پر قابو پانے کیلئے اہلکار کم پڑنے لگے، میٹ پولیس چیف کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی تعداد بڑھتی رہی تو پولیس کو فورسز سے مدد لینا پڑے گی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلےمظاہرے میں500 اور گزشتہ ہفتہ کے مظاہرےمیں1500 اہلکار تعینات تھے، لندن پولیس نے سینٹرل لندن میں3مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے۔

  • فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی : امریکا سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی : امریکا سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے

    نیویارک : مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لئے امریکا سمیت مختلف ملکوں میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

    اس حوالے سے غیرملکی میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے جارحانہ حملوں کے خلاف وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    شکاگو اور نیویارک سمیت دیگر شہروں میں بھی سینکڑوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

    مظاہرین نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم روکنے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

    یمن اور اردن سمیت دیگر اسلامی ممالک میں بھی صہیونی جارحیت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کے قتل عام کو فوری روکنے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کی امریکی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی رہائی اور شہریوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی۔ شکاگو میں بھی ہزاروں افراد فسلطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ٹیکس کے پیسوں سے فلسطین میں معصوم بچوں کا قتل عام نہیں ہونے دیں گے۔

    بیروت میں بھی فلسطینیوں کے حق میں عظیم و شان مظاہرہ کیا گیا حماس اور فلسطین سےیکجہتی کا اظہار کیا گیا قطر میں فلسطینوں کے حق میں عمارتیں روشن کی گئیں۔

    آسٹریلیا میں بھی فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے لوگ سڑکوں پر نکلے اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے اس کے علاوہ بھارت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ نے حماس کے حق میں ریلی نکالی۔

  • وزیراعظم  کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

    وزیراعظم کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر فلسطین کیساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں،یہ دن فلسطین پر غیر قانونی قبضے اور فلسطینیوں پر مظالم کو اجاگرکرتی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ظلم و ستم اور جابرانہ اقدامات کی مثال نہیں ملتی، مسئلہ فلسطین ایک ایسا مسئلہ ہے، جس کا عالمی امن پربھی اثرہے، ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق دو ریاستی حل کے خواہاں ہیں۔

  • ‘پاکستان کا وزیراعظم  ہوں اور فلسطین کیساتھ کھڑا ہوں’

    ‘پاکستان کا وزیراعظم ہوں اور فلسطین کیساتھ کھڑا ہوں’

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا پاکستان کا وزیراعظم ہوں اورفلسطین کیساتھ کھڑا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نامور دانشور نام چومسکی کی پوسٹ شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں اورفلسطین کیساتھ کھڑا ہوں۔

    وزیراعظم عمران خان نے اسٹینڈ ود غزہ اور اسٹینڈ ود فلسطین کا ہیش ٹیگ شیئر کیا۔

    دوسری جانب انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی بلا روک ٹوک جاری ہے ، فلسطینیوں کو القدس میں نماز ادا کرنے سے روک دیا گیا ، غزہ میں بچوں سمیت فلسطینیوں کوقتل کیا گیا، اقوام متحدہ کو فلسطینیوں کے قتل پر محض تشویش ہے۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اوردنیامحض تشویش کےاظہارپراکتفانہیں کرسکتے، اوآئی سی کوبھی فلسطین اورکشمیرپرروایتی اندازسےہٹ کرآگےبڑھناہوگا۔

    یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان کا مؤقف مسئلہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ پر واضح ہے ، نہتے نمازیوں پر فائرنگ قابل افسوس ہے، عالمی برادری اسرائیلی تشدد بند کرانے کیلئے اقدامات کرے۔