Tag: فلسطینیوں

  • یمن پر حملہ: روس کا سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    یمن پر حملہ: روس کا سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمن کے مختلف مقامات پر حملے کے بعد روس نے سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی ہے تاکہ امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے یمن پر فوجی حملوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

    روس کا کہنا ہے کہ امریکا کے یمن پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ سعودی عرب نے بھی امریکا اور برطانیہ کے یمن پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    خلیجِ عدن میں حوثیوں نے تجاری جہاز پر میزائل حملہ کر دیا

    یمن میں حوثیوں پر امریکی و برطانوی حملوں پر کانگریس میں ڈیموکریٹک اراکین کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا سے ڈیموکریٹک رکن کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف  فوجی آپریشن شروع کرنے اور مشرق وسطیٰ میں ایک نیا تنازعہ شروع کرنے سے قبل امریکی صدر کو کانگریس سے منظوری لینی چاہیے تھی۔

    امریکا اور برطانیہ کی یمن پر بمباری، نیا محاذ کھول دیا گیا

    ایک اور رکن کانگریس نے کہا کہ ان حملوں کی کانگریس سے منظوری نہیں لی گئی ہے اور امریکی آئین اس سے متعلق بہت واضح ہے کہ کسی بھی غیر ملکی تنازعے میں ملکی فوج کی مداخلت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اور صرف کانگریس کے پاس ہے اور ہر صدر کو پہلے کانگریس سے منظوری لینی چاہیے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے خلاف نیا محاز کھول دیا، فلسطینیوں سے حمایت کے اظہار میں پیش پیش رہنے والے یمنی حوثیوں کے خلاف امریکی اور برطانوی طیاروں نے بمباری شروع کردی، دارالحکومت صنعا میں بھی دھماکوں کی آوازیں گونجنے لگی۔

  • عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر کرکٹ آسٹریلیا کا بیان

    عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر کرکٹ آسٹریلیا کا بیان

    کرکٹ آسٹریلیا نے اوپنر عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر بیان جاری کیا ہے۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے  اوپنر عثمان خواجہ کے غزہ کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرنے کے حق کی حمایت کی لیکن کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی کے قوانین موجود ہیں۔

    کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی قوانین کھلاڑیوں کو ذاتی پیغامات کے اظہار سے منع کرتے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ کھلاڑی ان قوانین پر عمل کریں گے۔

    عثمان خواجہ کا فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام پر انوکھے احتجاج کا فیصلہ

    تاہم آسٹریلیا کی وزیر کھیل انیکا ویلز نے عثمان خواجہ کی مکمل حمایت کی، انہوں نے مقامی میڈیا کو کہا کہ ’میں نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو آواز اٹھانے اور ان کے لیے اہم معاملات پر بات کرنے کا حق حاصل کرنے کی وکالت کی ہے‘۔

    وزیر کھیل انیکا ویلز نے کہا کہ عثمان خواجہ ایک عظیم کھلاڑی اور عظیم آسٹریلوی ہیں، انہیں ان معاملات پر بات کرنے کا پورا حق ہونا چاہیے جو ان کے لیے اہم ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عثمان خواجہ نے ٹریننگ کے دوران جو جوتے پہن کر ٹریننگ کی تھی ان میں فلسطین کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عثمان خواجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے کرکٹ شوز پر ’تمام جانیں برابر ہیں‘ اور ’آزادی سب انسانوں کا حق ہے۔‘ کے جملے لکھے ہوں گے۔

    عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ ان کے جملے آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں۔

  • ایلون مسک کی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کو دھمکی

    ایلون مسک کی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کو دھمکی

    دنیا کے امیرترین شخص اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔

    اسرائیلی بربریت اور  فلسطینی نسل کشی پر شدید الفاظ میں مذمت کرنے والے ایلون مسک نے ایکس پر فلسطینیوں کے حق میں دو جملے لکھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    گزشتہ دنوں ہی بزنس ٹائیکون ایلون مسک نے سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی اپنی کمپنی اسٹارلنک کے ذریعے غزہ میں انٹرنیٹ فراہم کرنےکا اعلان کیا تھا اس کے بعد ایکس پر ہی انہوں نے اسرائیلی بربریت اور  فلسطینی نسل کشی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے  ہوئے کہا تھا کہ نسل کشی کرنا کسی کے لیے بھی  قابلِ قبول عمل نہیں ہے۔۔

    تاہم اب ایلون مسک نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ جو کوئی بھی ایکس پر فلسطینوں کا مقبول نعرہ ’’ دریا سے سمندر تک‘‘ یا ’’ نوآبادیات کا خاتمہ‘‘ لکھے گا اس کا اکاؤنٹ معطل کردیا جائے گا۔

    ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ ان دونوں جملوں کا اشارہ یہودیوں کی نسل کشی کی جانب ہے اس لیے کسی کو انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس طرح کے جملوں کے استعمال کے نتیجے میں ایکس اکاؤنٹ کو معطل کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ’من النہر فی البحر‘ کا نعرہ فلسطینی اپنی آزادی کے لیے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے۔ تاہم ان دو مقامات کے بیچ میں اسرائیلی علاقے ہیں اور اسرائیل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔

    ایلون مسک کے فیصلے پر ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر عمر شاکر شدید تنقید کی ہے، انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پرامن اور جائز تقریر پر صارفین کو خاموش کرنے کی دھمکی دینا ایلون مسک کی نچلی سطح ہے۔

  • سابق امریکی صدر بارک اوباما کا فلسطینیوں کے حق میں بیان

    سابق امریکی صدر بارک اوباما کا فلسطینیوں کے حق میں بیان

    واشنگٹن : سابق امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت پر بیان دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیل کی جاری جارحیت پر کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ غزہ میں مارے جانے والے عام شہریوں کا حماس سے کوئی تعلق نہیں، کسی نہ کسی حد تک ہم سب اس میں شریک ہیں۔

     انہوں نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کا حملہ ہولناک تھا، ان کا کوئی جواز نہیں، اسرائیل  حماس  جنگ کی  باریک بینی  سمجھنا ضروری ہے، کسی کے ہاتھ صاف نہیں ہیں۔

  • قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی جذبہ ایمانی اور انسانیت کے تحت مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف، اسامہ میر افتخار احمد اور محمد نواز سمیت دیگر نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی۔

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر فلسطینی جھنڈے کی تصویر لگاکر اپنے جذبے کا کھل کر اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں شاندار فتح اور اپنی سنچری کو فلسطینیوں کے نام کیا تھا جو کہ بھارتیوں اور اسرائیل کو بالکل پسند نہیں آئی تھی۔

  • ’اسرائیلی وزیراعظم اس کے جوابدہ ہے‘ باکسر عامر خان اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے

    ’اسرائیلی وزیراعظم اس کے جوابدہ ہے‘ باکسر عامر خان اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان  نے اسرائیل کی فلسطین پر جاری بربریت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر حملوں کو روکنے کے لیے کیوں کچھ نہیں کیا جا رہا؟۔

    باکسر عامر خان  نے غزہ کی صورتحال پر کہا کہ غزہ میں گزشتہ رات اسپتال پر بمباری کی گئی ہے، معصوم بچوں سمیت لوگوں کا قتل کیا جارہا ہے، جو لوگ حملوں میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں تھے ان پر حملہ کیا جارہا ہے۔

    انہوں  نے مزید لکھا کہ ان سب کو روکنے کے لیے کچھ کرنا ہوگا، عالمی رہنماؤں کو غزہ پر آواز اٹھانی چاہیے اور ایکشن لینا چاہیے، ہمارے آنکھوں کے سامنے نسل کشی ہورہی ہے اور کوئی مدد نہیں کررہا۔

    عامر خان نے کہا کہ روزانہ یہ ویڈیوز دیکھ کر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے اور میں بے بس محسوس کرتا ہوں، کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں زندگی میں وار کرائم دیکھوں گا اور دنیا بس دیکھ رہی ہو گی، ان سب کا جوابدہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہیں۔

  • اسرائیل عام فلسطینیوں کو مارنے سے گریز کرے، امریکیوں کی رائے

    اسرائیل عام فلسطینیوں کو مارنے سے گریز کرے، امریکیوں کی رائے

    واشنگٹن : امریکیوں کی اکثریت نے غزہ میں فلسطینی شہریوں کو ہونے والے نقصانات کو روکنے اور جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے امریکا میں کرائے گئے سروے کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا کی اکثریت جن کا تعلق ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں جماعتوں سے ہے چاہتی ہے کہ امریکا غزہ میں فلسطینی شہریوں کو ہونے والے نقصانات کو روکنے میں مدد کرے اور اسرائیل کی طرف سے حماس کے خلاف چھیڑی گئی جنگ ختم کی جائے۔

    2 دن تک جاری رہنے والے سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتاہےکہ 78 فیصد شرکا جن میں 94 فیصد ڈیموکریٹس اور 71 فیصد ریپبلکن شامل ہیں نے اس بیان سے اتفاق کیا کہ امریکی سفارت کاروں کو فعال طور پر ایک منصوبے پر کام کرنا چاہیےجس میں شہریوں کو غزہ میں لڑائی چھوڑ کر دوسرے ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

    22 فیصد افراد نے نے اس رائے سے اختلاف کیا۔ سروے کے مطابق تنازعہ میں اسرائیل کے موقف کے لیے امریکی شہریوں کی حمایت 2014 کی رائے شماری کے مقابلے میں زیادہ تھی۔

    نئی رائے شماری میں 81 فیصد شرکا نے اس بیان سے اتفاق کیا کہ اسرائیل کو حماس کے خلاف اپنے انتقامی حملوں میں شہریوں کو ہلاک کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور 19 فیصد نے اس بیان سے اختلاف کیا۔

    41فیصد شرکانے کہا کہ وہ اس بیان سے متفق ہیں کہ حماس کے ساتھ تنازع میں امریکاکو اسرائیل کا ساتھ دینا چاہیے اور 2 فیصد نے کہا کہ امریکا کوفلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہیے۔

    سال 2014کے تنازعے کے دوران کرائے گئے رائٹرز کے سروے میں 22 فیصد شرکاء نے کہا تھا کہ امریکا کو اسرائیلی موقف کی حمایت کرنی چاہیے اور 2 فیصد نے فلسطینی موقف کی حمایت کی تھی۔

    سروے میں اسرائیل کے موقف کے لیے ریپبلکنز کی حمایت 54 فیصد رہی،اسرائیلی پوزیشن کے لیے ڈیموکریٹس کی حمایت 37 فیصد رہی۔ 27 فیصد نے کہا کہ امریکا کو ایک غیر جانبدار ثالث ہونا چاہیے اور 21 فیصد نے کہا کہ امریکا کو بالکل مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

    40سال سے کم عمر کے 40 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ امریکا کو ایک غیر جانبدار ثالث ہونا چاہیے۔ سروے میں 1003 افراد نے حصہ لیا۔

  • اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی فوری ضروریات کیلئے کروڑوں ڈالر کا مطالبہ کردیا

    اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی فوری ضروریات کیلئے کروڑوں ڈالر کا مطالبہ کردیا

    اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی فوری ضروریات کیلئے 29 کروڑ  40 لاکھ ڈالر کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہوگئی جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 200 سے تجاوز کرگئی ہے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے انسانی امدادی اداروں کی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں ریلیف ورکرز اور پیرا میڈیکس کے اب تک 17 رضاکار شہید ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی ناکابندی کرکے بجلی، پانی، خوراک، ایندھن کی فراہمی بند کر دی ہے، اسرائیلی بمباری سے وسیع تباہی سے غزہ پٹی میں ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

    تاہم اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی فوری ضروریات کیلئے 29 کروڑ  40 لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا ہے، جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  غزہ میں 84 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق 4 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ افراد پناہ لینے پر مجبور ہیں، غزہ کی پٹی میں رہائشیوں کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے۔

    اقوام متحدہ نے مزید بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والےکارکنوں، اسپتالوں پر حملے ہو رہے ہیں، غزہ میں 50 ہزار حاملہ خواتین بھی موجود ہیں۔

  • محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف اننگز فلسطینیوں کے نام کردی

    محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف اننگز فلسطینیوں کے نام کردی

    قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف اننگز فلسطین کے بہن اور بھائیوں کے نام کردی۔

    حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 345 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

    محمد رضوان نے ناقابل شکست 130 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق نے بھی 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ خوشی ہےکہ جیت میں اپنا کردار ادا کیا، جیت کا کریڈٹ عبداللہ شفیق اور حسن علی کے ساتھ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

    محمد رضوان نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ حیدر آبادکی مہمان نوازی اور سپورٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

  • او آئی سی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر دی

    او آئی سی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر دی

    اسلامی تعاون کی تنظیم (اوآئی سی) نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق او آئی سی نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع پر کہا کہ عالمی برادری مداخلت کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے۔

    او آئی سی نے جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، او آئی سی نے موجودہ حالات کا ذمے دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔

    آپریشن طوفان الاقصیٰ جاری، ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 530 سے تجاوز کر گئی

    اسلامی تعاون کی تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ کرے، اسرائیلی قبضہ ختم کروا کر فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔

    خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ 1700سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ 480 فلسطینی بھی شہید ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا اسرائیل نے غزہ کے لیے تمام سپلائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے لیے فیول، اشیا اور بجلی کی سپلائی بھی معطل کر دی ہے جس کے بعد غزہ تاریکی میں ڈوب گیا۔