Tag: فلسطینی مہاجرین

  • حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی، یو این ادارے کی سینیٹر مشتاق کو یقین دہانی

    حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی، یو این ادارے کی سینیٹر مشتاق کو یقین دہانی

    قاہرہ: جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد نے دورہ مصر کے دوران اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کی سربراہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان فلسطینی شہریوں کی امداد کے سلسلے میں دورہ مصر پر ہیں، جہاں انھوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کی سربراہ سحر الجبوری سے ملاقات کی، جس میں غزہ میں ریلیف سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مشتاق احمد خان نے کہا کہ غزہ میں 14 لاکھ افراد بے گھر اور ہزاروں محاصرے میں ہیں، ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کے 72 اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ غزہ میں 23 لاکھ افراد کو خوراک فراہم کرتا تھا، اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے باعث غزہ کے عوام کے لیے امداد رک گئی ہے، سینیٹر مشتاق نے کہا کہ ہم نے ادارہ برائے مہاجرین کو بتایا کہ ہم پاکستان سے مدد لانا چاہتے ہیں، جس پر انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی۔

    سینیٹر مشتاق احمد نے ہلال احمر مصر کے سی ای او ڈاکٹر رامی سے بھی ملاقات کی، سی ای او نے کہا کہ انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری سیز فائر ناگزیر ہے۔

  • مصر کے دروازے فلسطینی مہاجرین پربند

    مصر کے دروازے فلسطینی مہاجرین پربند

    حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران مصر کی جانب سے غزہ کے پناہ گزینوں کو جنگ زدہ غزہ کی پٹی سے واحد خارجی راستے رفح بارڈر کے ذریعے محفوظ گزرنے کی اجازت دینے سے منع کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلسطینی شدید اذیت میں مبتلا ہیں کیونکہ اسرائیل کی جانب سے بے دریغ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    رفح بارڈر کے ذریعے غزہ کو انسانی امداد پہنچانے کے منصوبے کے حوالے سے مصری سکیورٹی حکام نے امریکہ سمیت مختلف فریقوں کے ساتھ جاری مذاکرات کی تصدیق کی ہے، مگر پناہ کے طلبگار افراد کو غزہ سے مصر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

    رفح بارڈر کی بندش کے باعث غزہ کے معصوم بچوں اور عورتوں کو کٹھن وقت کا سامنا ہے، جو ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا کررہے ہیں۔

    اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے حملوں کے بعد شدت آگئی ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لئے بجلی، پانی اور ایندھن کی سپلائی جیسی اہم سہولیات کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے فلسطینیوں سے غزہ خالی کرنے کے مطالبہ کیا ہے، جس پر روسی صدر پیوٹن کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسرائیلی وزیر اعظم کے مطالبے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ فلسطینیوں کی زمین ہے جہاں انہیں رہنا ہے، غزہ فلسطین کی تاریخی سرزمین کا حصہ ہے۔

    روسی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ سمیت آزاد فلسطینی ریاست قائم کرنی ہوگی، فلسطینیوں کوغزہ پٹی سے نکل کر مصر کے علاقے سنیائی جانے کا کہنے سے امن قائم نہیں ہوسکتا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے غزہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے وارننگ دی گئی تھی کہ فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے یہ دھمکی دی گئی تھی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں، حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل کی جانب سے ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

  • فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    غزہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مہاجرین کی امداد بند کرنا فلسطینی عوام پر حملہ ہے، امریکی اقدام قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنے کی صدر محمود عباس نے سختی سے مذمت کی ہے، فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے امریکی اقدام کو فلسطینی عوام کے خلاف کھلا حملہ قرار دیا۔

    ترجمان نے کہا ہے یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے، محمود عباس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قسم کی سزا سے یہ حقیقت نہیں بدلے گی کہ امریکا کا اب خطے میں کوئی کردار نہیں اور یہ کسی حل کا حصہ بھی نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت پر مامور اقوام متحدہ کے ادارے ’اونروا‘ کی 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک دی۔

    اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کو امریکی امداد کی منسوخی کے بعد کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ مذکورہ ایجنسی غزہ سمیت اردن، لبنان، شام اور غرب اردن میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں کی کفالت پر مامور ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یواین آر ڈبلیو اے کو دی جانے والی فنڈنگ بند کرنے کے اعلان پر ادارے کے ترجمان کرس گنس کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔