Tag: فلم اینیمل

  • جاوید اختر نے فلم اینیمل کو پسند کرنے والے شائقین سے متعلق کیا کہا؟

    جاوید اختر نے فلم اینیمل کو پسند کرنے والے شائقین سے متعلق کیا کہا؟

    معروف بھارتی مصنف جاوید اختر نے بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کے مداحوں کو فلم سے بھی بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔

    سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں ریلیز ہونے والی فلم اینیمل 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک ہے لیکن اس فلم میں خونی مناظر پر کئی لوگوں نے تنقید بھی کی۔

    فلم ریلیز ہونے کے بعد بھارت کے معروف مصنف جاوید اختر نے اس وقت کہا تھا کہ اینیمل جیسی فلموں کی کامیابی ایک خطرناک بات ہے، تاہم اب انہوں نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنقید ان شائقین کے لیے تھی جنہوں نے فلم کو پسند کیا۔

    جاوید اختر کے مطابق فلم کی کامیابی نے ظاہر کیا کہ فلموں کے حوالے سے ناظرین کی ترجیحات کیا ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے اینیمل کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا تھا میں نے اسے دیکھنے والے سامعین کے بارے میں بات کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پورا معاشرہ ایک ساتھ نہیں بدلتا، بلکہ اسے بدلنے میں وقت لگتا ہے، اینیمل جیسی فلمیں معاشرے کو بدلنے کے لیے چھوٹے قدم جیسی ثابت ہوتی ہیں۔

    انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ فلم کامیاب کیوں ہوئی، تو اس پر انہوں نے کہا کہ اس کا جواب فلم کے عنوان میں ہے، عنوان خود اس کی وضاحت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر 15 لوگوں نے غلط اقدار کے ساتھ ایک فلم بنائی ہے، اگر 10-12 لوگ فحش گانے بناتے ہیں تو یہ مسئلہ نہیں ہے، اگر 140 کروڑ کی آبادی میں 15 لوگ خراب کردار کے حامل ہیں، تو اس سے فرق نہیں پڑتا، مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب وہ چیز مارکیٹ میں جا کر سپر ہٹ بن جاتی ہے۔

    جاوید اختر کا کہنا تھا کہ آج کل معاشرے میں فحاشی کو معمول سمجھا جا رہا ہے، جو پہلے نہیں تھا، 1920 اور 30 کی دہائی میں بھی فحش گانے موجود تھے، لیکن انہیں گھروں کے اندر نہیں چلایا جاتا تھا۔

    بھارتی مصنف نے مزید کہا کہ فحاشی گزشتہ دس سال میں ایجاد نہیں ہوئی، یہ ہمیشہ سے موجود تھی،  تاہم، درمیانی طبقے میں فحاشی کی  ایسی قبولیت پہلے نہیں تھی جو اب موجود ہے۔

  • فلم اینیمل کی ٹیم نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    فلم اینیمل کی ٹیم نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’اینیمل‘ کی ٹیم نے بھارت کے لکھاری، نغمہ نگار و شاعر جاوید اختر کے بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    جاوید اختر نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی جس انہوں نے کسی فلم کا نام لیے بغیر فلم کے سین پر تنقید کی، تاہم ناظرین سنتے ہی پہچان گئے کہ جاوید اختر فلم ’اینیمل‘ سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

    جاوید اختر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    جاوید اختر نے کہا تھا کہ ’ایک فلم میں دکھایا کہ مرد کسی عورت سے اپنا جوتا چاٹنے کا مطالبہ کرتا ہے اور فلم میں یہ بھی کہا گیا کہ عورت کو مارنا بالکل درست ہے، ایسی فلم کا کامیاب ہوجانا معاشرے کے لیے بہت خطرہ ہے‘۔

    جاوید اختر کی فلم پر تنقید کے بعد اینیمل کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرکے اپنا ردعمل دیا اور ساتھ ہی اس پوسٹ میں جاوید اختر کو مینشن بھی کردیا۔

    فلم اینمل کی ٹیم نے پوسٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ جیسا بہترین لکھاری زویا اور رن وجے کے درمیان دکھائے گئے دھوکے کو نہیں سمجھ پارہا تو پھر آپ کا تمام تر فن جھوٹا ثابت ہوجاتا ہے‘۔

    ٹیم نے جاوید اختر کو  آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’جب محبت میں مرد کے ہاتھوں دھوکہ کھانے کے بعد عورت مرد سے جوتے چاٹنے کو کہتی ہے تو آپ اس کو حقوقِ نسواں کا نام دیتے ہیں‘۔

     ٹیم نے مزید لکھا کہ ’’محبت کو صنفی سیاست سے دور رکھا جائے، اس فلم کو مرد اور عورت کے فرق کو سوچ کر نہ دیکھیں بلکہ انہیں باحیثیت عاشق دیکھیں اور عاشق دھوکہ بھی دیتے ہیں اور جھوٹ  بھی بولتے ہیں اور میرا جوتا چانٹو بھی کہہ سکتے ہیں۔ بات ختم‘‘۔

  • ’’فلم اینیمل میں ڈائریکٹر نے عورتوں کی تضحیک والے ڈائیلاگ شامل کیے‘‘

    ’’فلم اینیمل میں ڈائریکٹر نے عورتوں کی تضحیک والے ڈائیلاگ شامل کیے‘‘

    بالی وڈ میں ریلیز کے ساتھ ہی تہلکہ مچانے والی فلم ’اینیمل‘ کے کچھ ڈائیلاگ شائقین بالخصوص خواتین کو پسند نہیں آئے۔

    فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دینے والے سندیپ ریڈی وانگا پر سوشل میڈیا صارفین نے الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے اپنی فلم میں عورتوں کی تضحیک کرنے والے ڈائیلاگز رکھے ہیں۔ ’اینیمل‘ میں رنیر کپور کو الفا میل (ایک طاقتور مرد) کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

    بعض مناظر میں رنبیر کپور فلم میں اپنی بیوی کا کردار نبھانے والی رشمیکا مندانہ سے ’نامناسب‘ الفاظ کہتے نظر آتے جو خصوصی طور پر عورتوں سے متعلق ہیں۔

    کئی سوشل میڈیا صارفین ’اینیمل‘ میں موجود اس طرح کے ڈائیلاگز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عورتوں کی تضحیک قرار دے رہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ یہ فلم مسائل سے بھرپور ہے، اس میں نفرت، انتقام اور انا کو فخریہ طور پر پیش کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

    تمام تر تنقید اور پرتشدد مناظر کے باجود رنبیر کپور کی فلم نے باکس آفس پر کمال کردیا ہے اور محض تین دنوں میں عالمی باکس آفس پر 300 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔ شائقین فلم میں رنبیر کی پرفارمنس کو بہترین قرار دے رہے ہیں۔

  • رنبیر کپور کی فلم اینیمل کے حوالے سے اہم بات منظر عام پر آ گئی

    رنبیر کپور کی فلم اینیمل کے حوالے سے اہم بات منظر عام پر آ گئی

    نئی دہلی: بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور کی فلم اینیمل یکم دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے تیار ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کو سینسر بورڈ کی جانب سے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ مل گیا، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ ہے۔

    فلم کے پریمیئر سے پہلے سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے اینیمل کو ’اے‘ کیٹیگری میں رکھا ہے جبکہ فلم کا رن ٹائم بھی 3 گھنٹے سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کیونکہ آج کے دور میں کسی فلم کا اتنا لمبا دورانیہ ہونا غیر معمولی بات ہے۔

    فلمساز نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ انکشاف کیا کہ فلم کو سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے ’اے‘ سرٹیفیکٹ دیا ہے، جس کا رن ٹائم 3 گھنٹے 21 منٹ 23 سیکنڈ ہے۔

    واضح رہے کہ فلم اینیمل کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے جو یکم دسمبر 2023 کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔

     سندیپ ریڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں بوبی دیول، انیل کپور اور رشمیکا مندنا بھی شامل ہیں۔