Tag: فلم فیسٹیول

  • کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    ریاض: سعودی عرب میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے مدنظر فیسٹول ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیسٹول 12 سے 21 مارچ تک جدہ شہر میں ہونے والا تھا۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسٹیول رواں سال ہی کسی تاریخ میں منعقد کیا جائے گا، جب بھی حالات بہتر ہوں گے فیسٹول کے انعقاد کا اعلان کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ التوا کا فیصلہ مشکل تھا، ہمیں اس کا دکھ ہے تاہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اگر یہ رکاوٹ حائل نہ ہوتی تو فیسٹول ضرور ہوتا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی 6 مختصر فلمیں نیٹ فلکس پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ فلمیں بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    مذکورہ فلمیں رواں ماہ کے آخر تک نیٹ فلکس پر 190 ممالک میں دیکھی جاسکیں گی۔

  • بھارتی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم کی نمائش کے خلاف مقدمہ

    بھارتی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم کی نمائش کے خلاف مقدمہ

    ممبئی: بھارت میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں ایک پاکستانی فلم کی نمائش روک دی گئی۔ منتظمین نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فلم کی اسکریننگ کے دوران انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاج کیا جاسکتا ہے۔

    جیو مامی ممبئی فلم فیسٹول میں 1959 کی ایک پاکستانی فلم ’جاگو ہوا سویرا‘ کی نمائش کی جانی تھی تاہم انتظامیہ کے مطابق اس فلم کے خلاف شکایت درج کروا دی گئی ہے جس کے بعد اب فلم کی نمائش کو روک دیا گیا ہے۔

    festival-post-1

    فلم کا اسکرین پلے معروف شاعر فیض احمد فیض نے لکھا تھا جبکہ فلم میں بھارتی اداکاروں اور ٹیکنیشنز نے بھی کام کیا تھا۔

    فلم کے خلاف شکایت ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ہے جسے ’سنگھرش‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے درج کروائی ہے۔

    تنظیم کا کہنا ہے کہ 1960 میں یہ فلم پاکستان کی جانب سے آسکر ایوارڈز کی نامزدگی میں بھیجی جانے والی فلم تھی اور اس موقع پر جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے کیے جا رہے ہیں، اس فلم کی نمائش نامناسب ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی فنکاروں کی وجہ سے نہیں، پریانکا چوپڑا *

    واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند پہلے ہی دھمکی دے چکے ہیں کہ وہ ان بالی ووڈ فلموں کی نمائش نہیں ہونے دیں گے جن میں پاکستانی اداکار شامل ہیں۔ اس دھمکی کے بعد انڈین سینما ایسوسی ایشن نے کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کو سینما گھروں میں پیش کرنے سے انکار کردیا۔

    فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب ماہرہ خان اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ کی ریلیز کے بارے میں بھی خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ انتہا پسند اس کی ریلیز میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔

    اس سے قبل بھارتی فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن بھی پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کرچکی ہے۔