Tag: فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن

  • پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے خوش خبری، فلم پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی

    پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے خوش خبری، فلم پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں فلمی صنعت کی بحالی کے لیے طویل عرصے سے التوا کی شکار فلم پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے آج اسلام آباد میں فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار، اور سینیٹر فیصل جاوید شریک تھے۔

    وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین جرجیس سیجا کر رہے تھے، شیخ امجد رشید، سنتیش آنند، چوہدری کامران، فضا علی مرزا، عرفان ملک اور بدر اقبال بھی شریک تھے۔

    اس ملاقات میں طویل عرصے سے التوا کی شکار فلم پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی، فلمی صنعت کی بحالی کے لیے تمام تر اقدامات اٹھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں شعبہ فلم کی ترقی اور بحالی حکومت کی ترجیح ہے، حکومت فلموں کی ایکسپورٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے پُر عزم ہے، فواد چودھری نے برآمدات کے حوالے سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کو فوکل گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں سعودی عرب اور چین کے ساتھ تعاون و اشتراک سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا حکومت فلمی صنعت کے لیے ٹیکس مراعات اور دیگر مراحل کی منظوری سہل بنانے کے لیے بھی اقدام اٹھا رہی ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ہم نے فلمی صنعت کی تنزلی کو ترقی کے سفر میں بدلنا ہے، جس کے لیے بہترین تخلیق، ٹیکنالوجی کے امتزاج، اور اچھے مواد پر توجہ دینا ہوگی۔

  • فلمی صنعت کی بحالی کےحوالےسےعملی اقدامات کیےجائیں گے، فردوس عاشق اعوان

    فلمی صنعت کی بحالی کےحوالےسےعملی اقدامات کیےجائیں گے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے عملی اقدامات کرے گی، ہم نے پاکستان کا روشن چہرہ پوری دنیا میں روشناس کرانا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی وفد کی سربراہی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد رشید نے کی۔

    شیخ امجد رشید نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو فلمی صنعت کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی کیلئے حکومتی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے پرعزم، پرامن اور پرکشش پاکستان کی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی ہے اور پاکستان کاروشن چہرہ پوری دنیا میں روشناس کرانا ہے۔

    ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ فلمیں معاشرے کی اصلاح اور ہماری اقدار کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں، اسٹیک ہولڈرز فلم پالیسی کا جائزہ لیں، ہم مثبت تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی وژن نئی بننے والی فلموں کے تعارف کیلئے پروگرام ترتیب دے گا اور حکومتی سطح پر فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں گے، اس ضمن میں وزارت اطلاعات فوکل پرسنز تعینات کرے گی۔