Tag: فلوریڈا

  • ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک ہائی وے پر طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والے حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر فلوریڈا کی ایک شاہراہ پر اس وقت ایک چھوٹا مسافر طیارہ کریش لینڈنگ کے وقت گاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جب اس کے دونوں انجن فیل ہو گئے تھے، اور پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔

    اس ہولناک حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں، گاڑی سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، خوف ناک شعلے اور دھواں فضا میں میلوں دور تک دیکھا گیا، حکام کے مطابق نجی مسافر بردار طیارے میں 5 افراد سوار تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے سروں پر نیچے کی طرف آتے ہوئے طیارے کو دیکھا، سڑک پر اترنے کے بعد اس کی زد میں ایک کار آئی، جسے گھسیٹتے ہوئے طیارہ سائیڈ کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ایک دھماکے سے اس میں آگ بھڑک اٹھی، اور کچھ ہی دیر بعد اس میں زبردست دھماکا ہو گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے کی شناخت بمبارڈیئر چینلجر 600 جیٹ کے طور پر کی ہے، طیارے نے کولمبس، اوہائیو میں واقع اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ہوائی اڈے سے دوپہر ایک بجے کے قریب اڑان بھری تھی۔ نیپلز ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت طیارے نے نیپلز میں لینڈ کرنا تھا۔ ایک پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کرتے ہوئے ٹاور سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کے دونوں انجن ناکارہ ہو گئے ہیں۔

    کال ٹیپ کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پائلٹ کو رن وے پر اترنے کی اجازت دے دی گئی تھی، لیکن پھر پائلٹ نے کہا کہ وہ رن وے تک نہیں پہنچ سکتے کیوں کہ دونوں انجن فیل ہو چکے ہیں۔

  • ویڈیو: چھپکلیوں‌ اور مینڈک نے خاتون کے گھر کی کھڑکی پر قبضہ جما لیا

    ویڈیو: چھپکلیوں‌ اور مینڈک نے خاتون کے گھر کی کھڑکی پر قبضہ جما لیا

    فلوریڈا: چھپکلی اور مینڈک کو دیکھ کر خواتین کا جو رد عمل ہوتا ہے، اس کے بارے میں عام طور سے ہم سبھی جانتے ہیں، لیکن امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک خاتون کے گھر کی کھڑکی پر تو کئی چھپکلیوں اور ٹری فراگ نے قبضہ جما لیا ہے، پھر بھی خاتون نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں فلوریڈا کے علاقے پورٹ سینٹ لوسی کی ایک رہائشی خاتون جیسیکا شریک کے گھر کی کھڑکی کا منظر نمایاں ہے، جہاں متعدد چھپکلیوں اور ایک ہرے رنگ کے مینڈک نے ’قبضہ‘ جمایا ہوا ہے۔

    جیسیکا نے جب گھر کی کھڑکی پر چھپکلیوں اور مینڈک کو عجیب طرح سے دیکھا تو حیران رہ گئیں، اور پھر خوشی کا اظہار کر کے اس کی ویڈیو بھی بنا لی، خاتون کا کہنا تھا کہ دراصل رات کے وقت گرم پناہ گاہ کی تلاش میں یہ چھپکلیاں اور مینڈک اس کھڑکی پر آ کر چپک جاتے ہیں۔

    اتوار کی رات کو جیسیکا شریک نے گھر کی دو کھڑکیوں پر 13 عدد چھپکلیاں چپکی ہوئی پائیں، اور وہاں ایک سبز رنگ کا مینڈک بھی تھا، جنھیں دیکھ کر خاتون ڈرنے کی بجائے بہت خوش ہو گئی تھیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ دن کے وقت یہ چھپکلیاں اور مینڈک کہیں چلے جاتے ہیں اور شام کو لوٹ آتے ہیں۔

  • فلوریڈا میں 5 شکاریوں نے17 فٹ لمبا خطرناک سانپ پکڑ لیا، تصاویر وائرل

    فلوریڈا میں 5 شکاریوں نے17 فٹ لمبا خطرناک سانپ پکڑ لیا، تصاویر وائرل

    سانپ ان رینگنے والے جانوروں میں سے ایک ہے جسے پکڑنا کوئی مذاق نہیں اور اگر 17 فٹ لمبے سانپ کو پکڑ لیا جائے تو پھر یہ واقعی حیرانی کی بات ہے۔

    سانپ اس زمین کی سب سے خوفناک اور پراسرار مخلوق میں سے ایک ہے، یہ رینگنے والے جانور کافی سفاک شکاری بھی ہوتے ہیں۔ سانپوں کی تمام اقسام میں سے ایک ’پائیتھون‘ بھی ہیں جو بہت بڑے سائز کے بھی ہوسکتے ہیں۔

    فلوریڈا کے بگ سائپرس نیشنل پریزرو میں، شکاریوں کے ایک گروپ نے ایک بہت بڑے ’پائیتھون‘ کو پکڑا ہے جو کہ 17 فٹ لمبا اور اس کا وزن تقریباً 90 کلوگرام ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس بہت بڑے سانپ کو پہلی بار 45 سالہ مائیک ایلفن بین اور ان کے 17 سالہ بیٹے کول نے دیکھا جب وہ حملہ آور ہونے والے سانپوں کی تلاش کر رہے تھے۔

    جب باپ بیٹے نے اس دیوہیکل رینگنے والے جانور کو دیکھا تو دوسرے شکاری ٹری باربر، کارٹر گیولاک اور ہولڈن ہنٹر کو بھی اسے پکڑنے کے لیے بلالیا۔

    ایلفن بین نے اس حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ ہم پانچوں ویسے تو اجنبی تھے لیکن ہم میں سے پانچوں کو معلوم تھا کہ ہمیں اس چیز کو کس طرح پکڑنا ہے۔

    ایلفن بین کے مطابق، گیولاک پہلا آدمی تھا جس نے اس بڑے سانپ کو دم سے پکڑا۔ پھر گیولاک اور کول نے اس کے سر کو پکڑ لیا تاکہ یہ حرکت نہ کرے۔ پانچ آدمیوں نے 17 فٹ کے پائتھون پر قابو پانے کے لیے کافی جدوجہد کی۔

    شکاریوں کو روکنے اور اپنے راستے سے ہٹانے کے لیے ’پائیتھوں‘ نے بار بار اپنا جسم زمین کو سے اٹھایا مگر آخر کار وہ قابو میں آگیا۔

    ایلفن بین نے انسٹاگرام پر ’پائیتھون‘ کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، "آفیشل طور پر 17 فٹ دو انچ لمبا اور 198 پاؤنڈ وزنی سانپ جس نے اتنا بڑا ہونے کے لیے بہت ساری مقامی جنگلی حیات کو کھایا۔

    ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ آپ میں سے کوئی اسے پکڑتے ہوئے زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی تلخ تجربے سے گزرنا پڑا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ میں تو ایسی چیز کو پکڑتے ہوئے روؤں گا! آپ لوگوں نے اچھا کام کیا۔ ایک اور شخص نے لکھا کہ یہ تو واقعی بہت بڑا ہے۔

  • ہیلی کاپٹر فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    ہیلی کاپٹر فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں ریسکیو ہیلی کاپٹر عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو فلوریڈا کے علاقے پومپانو بیچ پر ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر بروورڈ کاؤنٹی شیرف آفس کا تھا، اور حادثہ فنی خرابی کے سبب پیش آیا، ہلاک ہونے والوں میں طبی عملے کا رکن کیپٹن ٹیریسن جیکسن اور گھر میں موجود خاتون شامل ہیں۔

    حکام نے حادثے میں ہلاک ہونے والے پیرامیڈک کیپٹن ٹیریسن کو بعد از مرگ بٹالین چیف کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں تین افراد سوار تھے۔

  • امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان اڈیلیا کی زد پر

    امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان اڈیلیا کی زد پر

    فلوریڈا: تباہ کن سمندری طوفان اڈیلیا امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا ہے، اور کیٹیگری تھری یا پھر اس سے زیادہ طاقت کے ساتھ اس کے لینڈ کرنے کا امکان ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان کی زد پر ہے، فلوریڈا کے گورنر نے طوفانی بارشوں سے خبردار کر دیا، امریکی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹوں میں طوفان فلوریڈا سے ٹکرا جائے گا۔

    سمندری طوفان اڈیلیا فلوریڈا سے پہلے کیوبا سے ٹکرا گیا ہے، جہاں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی مچ گئی ہے، اور کاروبارِ زندگی معطل ہو گیا ہے، طوفان کی وجہ سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    فلوریڈا میں 6 کاؤنٹیز کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی گئی، طوفان اڈیلیا کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار 100 کلو میٹر فی گھنٹہ جب کہ لہروں کی بلندی 11 فٹ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

    رہائشیوں نے طوفان سے نمٹنے کی تیاری کر لی، یوٹیلیٹی اسٹورز خالی ہو گئے اور گھروں میں کھانے پینے کی اشیا ذخیرہ کر لی گئی ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ آج فردِ جرم کا سامنا کریں گے، فلوریڈا پہنچ گئے

    ڈونلڈ ٹرمپ آج فردِ جرم کا سامنا کریں گے، فلوریڈا پہنچ گئے

    فلوریڈا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فردِ جرم کا سامنا کریں گے، اس سلسلے میں وہ فلوریڈا پہنچ گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پیر کو نیو جرسی سے فلوریڈا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ میامی میں امریکی ڈسٹرکٹ جج آئلین کینن کی عدالت میں پیش ہوں گے، اور آج فوجداری الزامات میں فردِ جرم کا سامنا کریں گے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اس کے خلاف فردِ جرم عائد ہو، لیکن محکمہ انصاف ذہنی مریضوں کا گڑھ ہے جسے فوری طور پر صاف کیا جانا چاہیے۔

    ٹرمپ جو 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن نامزدگی کے لیے سب سے آگے ہیں، آج منگل کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے میامی کی وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ پر ملکی سیکیورٹی سے متعلق انتہائی خفیہ دستاویزات غیر قانونی طور پروائٹ ہاؤس سے ساتھ لے جانے کا الزام ہے، اگر وہ اس جرم میں مجرم پائے گئے تو ان کو کئی سالوں کی سزا ہو سکتی ہے۔

    دوسری طرف بدھ کو 77 سال کی عمر کو پہنچنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بے گناہی کا اعلان کیا ہے اور نومبر 2024 کے انتخابات میں دوبارہ صدارت حاصل کرنے کے لیے اپنی مہم جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

  • فلوریڈا میں طوفانی بارش سے تباہی، 24 گھنٹوں میں 635 ملی میٹر بارش ریکارڈ

    فلوریڈا : امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ، چویس گھنٹے کے دوران چھ سو پینتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی موسلادھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی، ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

    شہر میں ائیر پورٹ اور اسکول جمعے تک بند کردیے گئے ، پروازیں منسوخ کردی گئی اور ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل میں مسلسل بارش نے شہر کو کئی فٹ پانی میں ڈبو دیا، شہر کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی پانی پانی ہوگیا، جس کے باعث چارسو پروازیں منسوخ ہو گئیں ۔

    رن وے پر آنے والے جہاز کے ٹائر پانی میں ڈوب گئے، جس کے بعد رن اور ہنگر میں پانی جمع ہونے کے باعث ائیر پورٹ کوبند کر دیا گیا۔

    نیشنل ویدر سروس کے مطابق فورٹ لاڈرڈیل میں چویس گھنٹے کے دوران چھ سو پینتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اب تک کی ہزار سالہ بارشوں میں سے ایک ہے۔

    بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا، پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔

  • طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا ہے جس کے اثرات تعلیمی نصاب میں بھی در آئے، ایک امریکی استاد کو تعزیت اور فائرنگ سے متعلق اسائنمنٹ دینے پر اسکول کی جانب سے برطرف کردیا گیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں ہائی اسکول کے طالب علموں سے موت کا تعزیت نامہ لکھوانے اور ملک میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق اسائمنٹ دینے پر ٹیچر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔

    فلوریڈا کے شہر میامی کے اورنج کاؤنٹی اسکول ڈسٹرکٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیچر نے تشدد سے متعلق نامناسب اسائنمنٹ دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اسکول سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    برطرف ہونے والے اسکول کے سینئر استاد جیفری کینی نے فیس بک پر اسائنمنٹ کی کاپی شیئر کی جس میں طلبہ سے سوال کیا گیا کہ تصور کریں کہ آج آپ کا دنیا میں زندہ رہنے کا آخری دن ہے تو آپ موت سے متعلق کیا لکھیں گے؟

    اسائنمنٹ میں طلبہ سے مزید پوچھا گیا کہ سوچیں امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور اس بات پر غور کریں کہ ایسے واقعات کم کرنے کے لیے ہم کس قسم کے اقدامات کر سکتے ہیں۔

    اسائنمنٹ کے آخر میں نوٹ لکھا گیا کہ یہ سوالات کرنے کا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں ہے تاہم چند طلبہ نے اسکول کاؤنسلر سے شکایت کر دی۔

    63 سالہ استاد نے وضاحت دیتے ہوئے فاکس نیوز کو بتایا کہ ان سوالات کا مقصد طلبہ کو یہ بتانا تھا کہ دنیا میں کیا اہم ہے، اگر آپ طلبہ کو حقیقت نہیں بتا سکتے اور ان سے حقیقی سوالات نہیں کر سکتے تو پھر ہمارے ماحول میں کیا ہو رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسے سوالات کرکے کچھ غلط نہیں کیا، وہ برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست اورلینڈو میں سب سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جون 2016 میں پلس نائٹ کلب میں 29 سالہ مسلح شخص نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    جبکہ 2018 میں میامی کے ایک اسکول میں فائرنگ کا بدترین واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

  • بزرگ کی دریا میں اتر کر مگر مچھ کو ہاتھ سے کھانا کھلانے کی خطرناک ویڈیو وائرل

    بزرگ کی دریا میں اتر کر مگر مچھ کو ہاتھ سے کھانا کھلانے کی خطرناک ویڈیو وائرل

    یوں تو ہر انسان مگر مچھ سے خوفزدہ رہتا ہے لیکن دنیا میں ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو اس خطرناک جانور کو پالتے ہیں، تاہم ایک امریکی شخص نے انوکھی حرکت کر کے ایسے لوگوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تنقید کا مرکز بھی بن رہی ہے۔

    ریاست فلوریڈا سے سامنے آنے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درمیانی عمر کا ایک جوڑا ندی میں بیٹھ کر فرصت کے لمحات گزار رہا ہے۔

    اس دوران مرد جس کی شناخت بچ کے نام سے ہوئی، ہاتھ میں کھانے کی چیز دکھا کر مگر مچھ کو قریب بلاتا ہے اور اسے اپنے ہاتھ سے کھلاتا ہے۔

    مگر مچھ کے دور جانے کے بعد وہ کھانے کا ایک ٹکڑا پانی میں بھی پھینکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Only In Florida (@onlyinfloridaa)

    یہ عمل نہ صرف خطرناک بلکہ غیر قانونی بھی ہے جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نہ صرف عام لوگوں نے تنقید کی بلکہ متعلقہ حکام بھی حرکت میں آگئے۔

    اس سے چند دن قبل فلوریڈا میں ہی ایک بزرگ خاتون پر مگر مچھ نے حملہ کیا تھا جو دریا کنارے کتے کو ٹہلانے لائی تھیں۔

    مگر مچھ نے اچانک پانی سے نکل کر خاتون کے پاؤں پر جھپٹا مارا اور انہیں کھینچ کر پانی میں لے گیا تھا جس کے بعد حکام نے ایک بار پھر خطرناک جانور سے متعلق ہدایات جاری کی تھی۔

  • ٹریفک اسٹاپ کے ’معمولی‘ واقعے پر امریکی پولیس چیف نوکری سے فارغ

    ٹریفک اسٹاپ کے ’معمولی‘ واقعے پر امریکی پولیس چیف نوکری سے فارغ

    فلوریڈا: ٹریفک اسٹاپ کے ایک ’معمولی‘ واقعے پر امریکی پولیس چیف کو نوکری سے فارغ ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے ٹمپا میں ایک خاتون پولیس چیف میری اوکونر کو پیر کو اس بات پر استعفیٰ دینا پڑ گیا جب ایک باڈی کیم فوٹیج میں دیکھا گیا کہ انھوں نے ایک ٹریفک اہل کار کو ٹریفک اسٹاپ کے دوران کہا ’بس ہمیں جانے دو۔‘

    ٹریفک پولیس کے روکنے پر پولیس چیف نے اپنا پولیس بیج دکھا کر جانے کے لیے کہا، پولیس چیف کی یہ حرکت ٹریفک پولیس اہل کار کے باڈی کیم میں ریکارڈ ہو گئی تھی، نہ صرف ان سے استعفیٰ مانگا گیا بلکہ انھیں چالان بھی بھرنا پڑا۔

    پولیس چیف کے استعفے کے بعد اسسٹنٹ پولیس چیف کو عبوری سربراہ کا چارج دے دیا گیا۔

    میئر جین کاسٹر نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے واقعے کی اندرونی معاملات کی تحقیقات کے بعد چیف میری او کونر سے استعفے کی درخواست کی تھی، جس پر استعفیٰ انھیں موصول ہو گیا۔ انھوں نے کہا کسی بھی سرکاری ملازم، اور خاص طور پر شہر کے اعلیٰ قانون نافذ کرنے والے رہنما کے لیے، اپنے عہدے کی وجہ سے خصوصی سلوک کی درخواست کرنا ناقابل قبول ہے۔

    واقعے کی داخلی تفتیش کے بعد یہ سامنے آیا کہ پولیس چیف نے محکمے کی پالیسی کی خلاف ورزی کی تھی، اور اپنے عہدے کا استعمال کر کے عہدے اور شہر ٹمپا کی پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقیات سے سمجھوتہ کیا گیا۔