Tag: فلوریڈا

  • خواتین نے گھر میں گھس آنے والے مگر مچھ کو کیسے باہر نکالا؟

    خواتین نے گھر میں گھس آنے والے مگر مچھ کو کیسے باہر نکالا؟

    امریکی ریاست فلوریڈا میں خطرناک جانوروں کا گھروں میں گھس آنا معمول کی بات ہے، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک خاتون کا سامنا مگر مچھ سے ہوگیا۔

    فلوریڈا کی رہائشی ایریکا ونزا نامی یہ خاتون اپنے گھر پر اکیلی تھیں اور گھر کا شیشے کا سلائیڈنگ دروازہ کھلا ہوا تھا جب اچانک ان کے کتے نے بھونک کر خبردار کیا کہ گھر میں کوئی گھس آیا ہے۔

    ایریکا نے اندر جا کر دیکھا تو وہاں ایک مگر مچھ کے ننھے بچے کو ٹہلتے دیکھ کر ان کی سانس رک گئی، مگر مچھ کا 1 فٹ طویل بچہ دروازہ کھلا پا کر گھر کے اندر گھس آیا تھا۔

    ایریکا نے مدد کے لیے اپنی پڑوسن کو بلایا، اس کے بعد دونوں خواتین نے خالی ڈبے رکھ کر باہر کی طرف جانے کا ایک راستہ بنا دیا۔

    اس کے بعد ایریکا نے ایک پونچھے کی مدد سے مگر مچھ کو ہشکار کر باہر کا راستہ دکھایا۔

    پڑوسن اس دوران اس ساری کارروائی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر لائیو اسٹریم بھی کرتی رہی۔

    20 منٹ کی کوششوں کے بعد مگر مچھ کا بچہ گھر سے باہر چلا گیا جس کے بعد خواتین نے فوراً شیشے کا دروازہ بند کیا تاکہ وہ واپس نہ آجائے۔

  • پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے خوفناک مگر مچھ برآمد

    پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے خوفناک مگر مچھ برآمد

    گھر سے نکل کر اپنی گاڑی تک جانا اور بیٹھ جانا ایک معمول کا عمل ہے لیکن اگر اس گاڑی کے نیچے سے کوئی خوفناک شے نکل آئے تو یقیناً یہ ایک غیر معمولی واقعہ بن سکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ایک امریکی شہری کے ساتھ ہوا جس کی پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے ایک مگر مچھ نکل آیا۔

    ریاست فلوریڈا میں پیش آنے والے اس واقعے میں مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی جس میں شہری نے بتایا کہ اس کی گاڑی کے نیچے ایک 10 فٹ لمبا مگر مچھ موجود ہے۔

    کال کے بعد ڈپٹی شیرفس اور وائلڈ لائف اہلکار فوراً موقع پر پہنچے، وائلڈ لائف اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر اس 10 فٹ سے بھی زیادہ لمبے مگر مچھ کو احتیاط سے باہر نکالا۔

    مگر مچھ کو قریب واقع ایلی گیٹر فارم پر منتقل کردیا گیا، واقعے کے دوران مگر مچھ یا کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • ناک اور کان کے بغیر ملنے والی لاش، اعضا کس کی جیب سے برآمد ہوئے؟ ناقابلِ یقین خبر

    ناک اور کان کے بغیر ملنے والی لاش، اعضا کس کی جیب سے برآمد ہوئے؟ ناقابلِ یقین خبر

    امریکا میں ایک 30 سالہ شخص نے اپنے دادا کو قتل کر کے ان کے کان کاٹ کر اپنی جیب میں رکھ لیے، اور پولیس کی تلاشی کے دوران انہیں فخریہ دکھایا۔

    یہ ہولناک واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا، پولیس کے مطابق 30 سالہ کولبی ایلن پارکر اپنے 77 سالہ دادا کے ساتھ گھر میں منشیات استعمال کر رہا تھا جب دونوں کے درمیان کسی بات پر تکرار شروع ہوئی۔

    پارکر کا کہنا ہے کہ دادا اس دوران چھری لے کر اس کی طرف بڑھے تھے۔

    بعد ازاں نشے کی حالت میں پارکر سڑک پر کھڑے ایک ٹرک پر بیٹھ گیا، پولیس نے مشکوک جان کر روکا تو نشے میں دھت پارکر نے اپنی جیب سے 2 انسانی کان نکالے، اور کہا کہ یہ اس کے دادا کے کان ہیں۔

    وارننگ: کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    اس کے بعد اس نے پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو گھر کے داخلی حصے میں بیس بال کا بلا ملا جس پر خون کے دھبے تھے، کچن کے فرش پر ایک بڑا چھرا بھی رکھا ہوا تھا جبکہ فرش بھی خون سے آلودہ تھا۔

    دوران حراست پولیس کی پوچھ گچھ پر پارکر نے اعتراف جرم کرلیا اور بتایا کہ اس نے بلے سے کئی بار اپنے دادا کے سر پر وار کیے جبکہ کئی بار ان کے جسم میں چھرے گھونپے۔

    اس کا کہنا تھا کہ وہ چاہتا تھا کہ دادا، دادی کے پاس چلے جائیں۔ پولیس نے گھر کے پورچ سے دادا کی لہولہان لاش بھی برآمد کرلی۔

    فی الوقت ملزم جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، اس پر قتل اور پولیس افسران پر حملے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

  • دنیا کی پہلی بچی کی پیدائش جس پر کرونا بے اثر ہے

    دنیا کی پہلی بچی کی پیدائش جس پر کرونا بے اثر ہے

    فلوریڈا: امریکا میں ایک ایسی بچی کا جنم ہوا ہے جس کے خون میں کرونا وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز موجود ہیں، اس حوالے سے اس بچی کو دنیا کی پہلی نوزائیدہ بچی قرار دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے پام بیچ کاؤنٹی میں رواں برس جنوری کے آخر میں پیدا ہونے والی بچی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی بچی ہے جو کو وِڈ 19 کے اینٹی باڈیز کے ساتھ پیدا ہوئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس بچی کی ماں کو دوران حمل کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگائی گئی تھی۔

    پام بیچ کے مقامی ماہرین امراض اطفال ڈاکٹر پال گلبرٹ اور ڈاکٹر چاڈ روڈنِک نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے علم کے مطابق یہ ایسی پہلی بچی ہے، اور اس کی ماں ایک فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکر ہے، جنھیں 36 ہفتوں کے حمل کے وقت موڈرنا ویکسین دی گئی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ بچی کی پیدائش کے بعد اس کے آنول نال سے خون کا نمونہ لیا گیا، تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ ماں سے بچی کو اینٹی باڈیز منتقل ہوئی ہیں یا نہیں، کیوں کہ حمل کے دوران دوسری ویکسینز میں بھی ایسا ہوتا ہے، خون کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ بچی میں نئے کرونا وائرس کے اینٹی باڈیز موجود ہیں۔

    اسرائیل میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ معلوم ہوا تھا کہ وائرس کے خلاف ویکسین لینی والی حاملہ خواتین اپنے بچوں کو بھی یہ تحفظ منتقل کر دیتی ہیں۔ یروشلم یونی ورسٹی کی تحقیق میں فروری میں ایسی 20 حاملہ خواتین کو فائزر کی ویکسین دی گئی تھی، اور ان سب کے بچوں میں پلیسینٹا (آنول نال) کے ذریعے اینٹی باڈیز منتقل ہوئیں۔

    تاہم گلبرٹ اور روڈنِک کا کہنا ہے کہ ویکسین لینے والی ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کو پھر بھی کرونا وائرس انفیکشن کا خطرہ لاحق رہتا ہے، اس سلسلے میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے کہ ایسے بچوں کو کتنے عرصے تک تحفظ فراہم ہوتا ہے، نیز یہ بھی تعین کرنا ہے کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خون میں کتنے اینٹی باڈیز کا ہونا ضروری ہے۔

    گزشتہ ماہ فائزر کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک تحقیقی مطالعے کے لیے 4 ہزار حاملہ خواتین کو کلینکل ٹرائل کے لیے رجسٹرڈ کرے گی، تاکہ ان پر کرونا ویکسین کے اثرات کا تفصیلی مطالعہ کیا جا سکے۔

  • جوتا نگلنے والے مگر مچھ کی سرجری کرنی پڑ گئی

    جوتا نگلنے والے مگر مچھ کی سرجری کرنی پڑ گئی

    امریکا میں ایک مگر مچھ ایک جوتا نگل گیا جسے نکالنے کے لیے ڈاکٹرز کو اس کی سرجری کرنی پڑگئی۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے زولوجیکل پارک میں ایک مگر مچھ اس وقت مشکل میں پڑگیا جب اوپر سے گزرنے والے ایک زپ لائنر کے پاؤں کا جوتا نیچے مگر مچھ کے منہ میں جا گرا۔

    یہ جوتا مگر مچھ کے معدے میں پھنس گیا اور وہ سخت تکلیف میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹر ز کو اس کی سرجری کرنی پڑی۔

    یونیورسٹی آف فلوریڈا کالج آف ویٹرنری میڈیسن کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 11 فٹ طویل مگر مچھ کو 5 فروری کو لایا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ابتدا میں مگر مچھ نے جوتے کو اگل دیا تھا لیکن کچھ دیر بعد وہ اسے دوبارہ کھا گیا اور اس وقت وہ اس کے معدے میں پھنس گیا۔

    ڈاکٹرز نے مگر مچھ کو قے کروانے کی کوشش بھی کی لیکن جوتا باہر نہ نکل سکا جس کے بعد اس کی سرجری کرنی پڑی۔

    سرجری کے بعد مگر مچھ ایک رات ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا گیا، اس کے اگلے دن اسے واپس اس کے انکلوژر میں منتقل کردیا گیا جہاں پارک کا عملہ اس کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

  • گولف کھیلتے ہوئے گیند مگر مچھ کے منہ میں چلی گئی

    گولف کھیلتے ہوئے گیند مگر مچھ کے منہ میں چلی گئی

    امریکا میں ایک شخص گولف کھیلتے ہوئے حیران و پریشان رہ گیا جب گیند ایک مگر مچھ کے منہ میں چلی گئی، مگر مچھ گیند لے کر واپس پانی میں اتر گیا۔

    یہ حیران کن واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے پیلکن ساؤنڈ گولف کلب میں پیش آیا جہاں مارک گولڈ اسٹین نامی شخص گولف کھیل رہا تھا۔

    ایک شاٹ کھیلتے ہوئے گیند قریب موجود تالاب کے پاس جا گری، جب مارک اسے وہاں سے لینے گیا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ ایک مگر مچھ گیند کو منہ میں دبائے بیٹھا تھا۔

    مارک نے اپنی جیب سے موبائل فون نکالا اور اس کی ویڈیو بنائی، بعد ازاں مگر مچھ گیند سمیت واپس پانی میں چلا گیا۔

    مارک کی بنائی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔

  • برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    امریکا میں ایک برتھ ڈے پارٹی اس وقت ایک قیامت خیز موقع میں بدل گئی جب وہاں پر فائرنگ ہوئی اور 6 سالہ بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں یہ پارٹی ایک بچے کی سالگرہ کی تھی، تاحال پولیس اس بارے میں اندھیرے میں ہے کہ پارٹی میں ایسا کیا ہوا کہ کچھ دیر بعد فائرنگ شروع ہوگئی، فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    ہلاک افراد میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں جن کی عمریں 20 سال کے قریب تھیں، ایک 6 سالہ بچی بھی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی۔

    واقعے کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے، پولیس کو جائے وقوع سے گولیوں کے خول ملے ہیں، واقعے کی تفصیلات اور ملزمان کے بارے میں جاننے میں ناکام رہنے کے بعد پولیس نے معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 5 ہزار ڈالرز انعام کا اعلان کیا ہے۔

    واقعے میں کم عمر بچی کی موت نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ بچی کی اسکول انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بچی کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

    بچی کے ایک رشتے دار کا کہنا ہے کہ کچھ سال قبل ان کا کم عمر بیٹا بھی ایک اندھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا تھا اور اب ان کا غم پھر سے تازہ ہوگیا ہے۔

    پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • ٹرمپ کے حامی کی عجیب حرکت، سوشل میڈیا پر سخت تنقید

    ٹرمپ کے حامی کی عجیب حرکت، سوشل میڈیا پر سخت تنقید

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے بے حسی اور جارحیت کی تمام حدوں کو پار کردیا، امریکی کانگریس پر ان کے حملے کے بعد اب ٹرمپ کے ایک اور حامی کی نہایت افسوسناک حرکت سامنے آئی ہے جس میں ایک بے زبان جانور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے دریا میں ایک مینٹی (جسے سمندری گائے کہا جاتا ہے) دیکھی گئی ہے جس کی پشت پر ٹرمپ کا نام کھدا ہوا ہے۔

    امریکی وفاقی اداروں نے اس مذموم حرکت کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اس مینٹی کو سب سے پہلے فلوریڈا کے دریا میں موجود ایک کشتی کے کپتان نے دیکھا تھا، کپتان کا کہنا ہے کہ مینٹی کی پشت پر غیر معمولی نشانات نے انہیں متوجہ کیا جس کے بعد انہوں نے حکام کو اس کی اطلاع دی۔

    تفتیش کے بعد علم ہوا کہ مینٹی کی پشت کی جلد پر ٹرمپ کا نام کھودا گیا تھا۔

    ماہرین آبی حیات کے مطابق مینٹی کی پشت کی بیرونی جلد کائی جیسی ہوتی ہے اور ٹرمپ کا نام اسی پر کھودا گیا ہے۔ یقیناً اس عمل کے دوران یہ بے زبان جاندار نہایت تکلیف سے گزرا ہوگا۔

    وفاقی اداروں نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور ایسی مذموم حرکت کرنے والے کو تلاش کیا جارہا ہے، تفتیش میں امریکی آبی و جنگلی حیات سروس کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مینٹیز معدومی کے خطرے کا شکار جانداروں کی فہرست میں شامل ہیں اور ایسے جانوروں کو نقصان پہنچانا 50 ہزار ڈالر جرمانے اور ایک سال قید کا سبب بن سکتا ہے۔

    ان کے مطابق اس واقعے میں ملوث افراد کو تلاش کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

  • امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کا پائلٹ معجزاتی طور پر محفوظ رہا، ایوی ایشن حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں حادثے کا شکار یہ طیارہ سیسنا 172 تھا جس نے دوپہر 2 بجے ہالی ووڈ ایئر پورٹ سے اڑان بھری۔ 10 منٹ فضا میں رہنے کے بعد طیارے کو ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان کے مطابق بظاہر جہاز کے انجن میں کوئی خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے پائلٹ اسے واپس ایئر پورٹ نہ لے جاسکا اور اسے ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    ساحل پر موجود ایک شخص نے اس کی ویڈیو بھی بنائی، اس کا کہنا تھا کہ زمین کو چھونے کے بعد طیارے کی ناک ریت میں دھنستی ہوئی آگے چلی گئی اور بالآخر وہ رک گیا۔

    حادثے میں پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • کرین ڈرائیور نے جہاز کس طرح اڑایا؟ ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کرین ڈرائیور نے جہاز کس طرح اڑایا؟ ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

    فلوریڈا: امریکی شہر میامی میں ایک کرین ڈرائیور نے ہوائی جہاز اڑانے کا شوق عجیب طرح سے پورا کیا، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی اور لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے اوپالوکا ایگزیکٹو ایئرپورٹ پر پیش آیا، کھدائی کرنے والی کرین کے ڈرائیور نے ناقابل یقین طریقے سے جہاز کو اڑایا، ایئرپورٹ پر تعینات ایوی ایشن انڈسٹری کے ایک ورکر نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی، جو نہایت تیزی کے ساتھ وائرل ہو گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرین ڈرائیور نے طیارے کو کرین کے پنجے میں پکڑ کر ہوا میں اس طرح گھمایا جیسے جہاز کو اڑا رہا ہو، اسے اس عمل میں اتنا مزا آیا کہ وہ بار بار جہاز کو ہوا میں گھماتا رہا۔

    معلوم ہوا کہ یہ چھوٹا جہاز ناکارہ ہو گیا تھا اور اسے تباہ کیا جانا تھا، ایسے میں کرین ڈرائیور نے سوچا کہ کیوں نہ آخری مرتبہ اس کی اڑان کا کا لطف لیا جائے، فیس بک پر اس کی ویڈیو شیئر ہوئی تو 50 لاکھ لوگوں نے اسے دیکھا۔

    ایوی ایشن کے ورکر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آپ کی روزمرہ کی فلائٹ نہیں ہے، بلکہ کوئی ایسا ہے جو اس کام سے بے حد مزا لے رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ایئرپورٹ کے احاطے میں حال ہی میں اسکریپ کیے گئے بوئنگ 707 کو دیکھنے گیا تھا، لیکن یہ منظر دیکھنے کو ملا۔

    یہ ویڈیو جب سے شیئر ہوئی ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلسل شیئر کی جا رہی ہے، لوگ اس پر عجیب عجیب تبصرے کرتے جا رہے ہیں۔