Tag: فلوریڈا

  • نوعمر کھلاڑی کو تشدد کا نشانہ بنانے والا کوچ سخت مشکل میں پھنس گیا

    نوعمر کھلاڑی کو تشدد کا نشانہ بنانے والا کوچ سخت مشکل میں پھنس گیا

    امریکا میں بچوں کی فٹبال ٹیم کے کوچ نے ایک نو عمر کھلاڑی کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا جس کے بعد کوچ کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، پولیس نے بھی اس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے لوگوں کو سخت پریشان کردیا، ویڈیو ریاست فلوریڈا کی ایک کاؤنٹی میں ہونے والے ینگ فٹبال ٹیم کے میچ کی ہے جس میں جارجیا کی ٹیم کا کوچ ایک کھلاڑی (بچے) سے مار پیٹ کر رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک کھلاڑی کو زور سے ہٹ کرتا تھا جس کے بعد بقیہ بچے پریشان ہو کر کوچ کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔

    اس دوران کوچ گراؤنڈ کی طرف منہ کر کے کسی کی طرف چلاتا بھی دکھائی دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ پلٹ کر دوبارہ اسی بچے کو دھکے دیتا ہے جبکہ اس کا ہیلمٹ پکڑ کر زور سے جھٹکے بھی دیتا ہے۔

    اس ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا گیا اور لوگوں نے اس ویڈیو پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں بے شمار بے افراد نے یہ ویڈیو بھیج کر معاملے میں مداخلت کرنے کے لیے کہا، ایک شکایت کرنے والے کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو میں موجود نو عمر کھلاڑیوں یا دیگر افراد میں سے کسی کو بھی نہیں جانتا لیکن وہ اسے دیکھ کر سخت پریشان ہے۔

    پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس کی جانب سے امریکن یوتھ فٹبال لیگ کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا گیا۔

    لیگ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ کوچ کی شناخت گیرل ولیمز کے نام سے ہوئی ہے، ان کے مطابق ویڈیو سامنے آنے کے بعد وہ مذکورہ کوچ کو برطرف کر چکے ہیں اور آئندہ اس کے کسی بھی کھیل میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ کوچ کی حرکت کھیل کے اصولوں کے خلاف ہے، کوچ کو جونیئر پلیئرز کا رول ماڈل ہونا چاہیئے۔

    دوسری جانب وائرل ویڈیو پر تنقید کے بعد کوچ ولیمز نے اپنی ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس نے معذرت کی ہے، ویڈیو میں کوچ کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ بچے کے والدین سے بھی بات کر کے ان سے معذرت طلب کی جبکہ وہ ان تمام افراد سے بھی معافی مانگنا چاہتے ہیں جن کی دل آزاری ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیقات جاری ہیں اور اگر کوچ پر الزامات ثابت ہوگئے تو اسے مقدمے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    امریکا میں ایک عادی چور کو اور کچھ نہ ملا تو وہ سڑک پر پڑا بجلی کا کھمبا چرا کر چلتا بنا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں متعدد افراد نے پولیس کو کال کر کے شکایت کی کہ ایک شخص نے اپنی چھوٹی سی گاڑی کے اوپر ایک یوٹیلٹی پول (ٹیلی فون و بجلی کی تاروں کا کھمبا) رسی سے باندھا ہوا ہے اور خطرناک طریقے سے اسے لے کر جارہا ہے۔

    پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ کھمبا اپنی جگہ سے گر چکا تھا، مذکورہ ڈرائیور نے گرا ہوا پول اپنی گاڑی کی چھت پر لوڈ کیا اور اسے لے کر ہائی وے پر ایک ری سائیکلنگ فیکٹری میں لے جانے لگا۔

    اس دوران متعدد افراد غیر محفوظ انداز میں پول گاڑی پر لوڈ ہوا دیکھ کر پریشان ہوگئے اور انہوں نے پولیس کو کالز کیں۔

    مذکورہ ڈرائیور اسے ری سائیکلنگ فیکٹری تک لے گیا تاہم اسے وہاں سے یہ کہہ کر لوٹا دیا گیا کہ اس کے پاس پول کے حوالے سے مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں۔

    واپسی پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور پول اپنے قبضے میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی عمر 71 سال ہے اور وہ اس سے قبل بھی چوری شدہ اشیا فروخت کرتا ہوا پکڑا جاچکا ہے۔

  • پستول فروخت کرتے ہوئے تاجر کے ہاتھ سے گولی چل گئی، گاہک ہلاک

    امریکا میں آتشیں اسلحہ فروخت کرنے والے ایک شخص نے خریداری کے لیے آئے فائر مین کو پستول دکھاتے ہوئے گولی چلادی، فائر مین موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد اسلحہ فروخت کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ مقتول اس کا جاننے والا تھا اور اپنی ڈیوٹی ختم کر کے اس کے گھر گن خریدنے کے لیے آیا تھا۔

    63 سالہ ملزم مقتول فائر مین کو گن دکھا رہا تھا کہ اچانک اس کے ہاتھ سے وہ چل گئی اور گولی فائر مین کے پیٹ میں لگی۔

    اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ مقتول گزشتہ 21 سال سے کاؤنٹی کے فائر ریسکیو ڈپارٹمنٹ سے وابستہ تھا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس پر قتل اور اسلحے کی غیر محتاط نمائش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

  • کار کے انجن پر خوفناک مخلوق کا قبضہ (ویڈیو دیکھیں)

    کار کے انجن پر خوفناک مخلوق کا قبضہ (ویڈیو دیکھیں)

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ساحلی علاقے میں ایک شہری کی کار کے انجن پر پائتھن سانپ نے قبضہ جما لیا، جسے دیکھ کر شہری خوف زدہ ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا میں دانیا بیچ پر ایک گاڑی کے انجن پر 10 فٹ لمبے برمیز پائتھن نے قبضہ جما لیا، کار کے مالک نے جب بونٹ اٹھا کر اتنا بڑا سانپ دیکھا تو اس کے اوسان خطا ہو گئے۔

    فلوریڈا کے جنگلی حیات کے کمیشن کا کہنا تھا کہ برووارڈ کاؤنٹی کے ایک شہری نے انھیں کال کی تھی کہ اس کی گاڑی کے بونٹ کے اندر بڑا سانپ موجود ہے، وائلڈ لائف اہل کار جب موقع پر پہنچے تو انھوں نے دس فٹ لمبا برمیز پائتھن دیکھا۔

    اس سلسلے میں وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے فیس بک پر ایک پوسٹ بھی کی، جس میں واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے، اہل کاروں نے کچھ ہی دیر میں پائتھن کو محفوظ طریقے سے قابو کر کے تھیلے میں بند کر دیا۔

    واضح رہے کہ فلوریڈا میں پائتھن کو خطرناک اور ناگوار سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ مقامی پرندوں، ممالیہ اور رینگنے والے جانوروں کا کثرت سے شکار کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پوسٹ میں وائلڈ لائف کی جانب سے شہریوں کو شکریہ بھی ادا کیا گیا جنھوں نے سانپ سے متعلق اطلاع دی تھی۔

  • امریکا میں ننھا بچہ سپر اسٹار بن گیا، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ننھا بچہ سپر اسٹار بن گیا، ویڈیو وائرل

    فلوریڈا: ملک کی خاطر ناقابل فراموش کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کے لئے ننھا بچہ میدان عمل میں آگیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے بارہ سالہ زیکریا کارلٹیج ملک کی خاطر ناقابل فراموش خدمات سر انجام دینے والے رضاکاروں کے لئے فنڈ ریزنگ کررہا ہے، اس مقصد کے لئے بارہ سالہ بچہ ایک میل دوڑ لگاتا ہے، اس دوران جمع ہونے والی رقم کو وہ ان رضاکاروں کو دیتا ہے، جنہوں نے امریکا کے لئے جانوں کا نذرانہ دیا یا کسی ناخوش گوار واقعے میں زخمی ہوئے۔

    زیکریا کارلٹیج نے یہ سلسلہ دو ہزار انیس سے شروع کررکھا ہے، اب تک یہ ننھا اسٹار سات سو میل کی مسافت طے کرچکا ہے، اس دوران وہ بیس ہزار ڈالر کی خطیر رقم بھی جمع کرچکا ہے، یہ رقم وہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت کے طور پر پیش کررہا ہے۔

    گذشتہ ہفتے زیکریا نے کیلیفورنیا ہائی وے پر زخمی ہونے والے پیٹرولنگ آفیسر ڈیوڈ گورڈن کو ان کی خدمات پر 5000 ڈالر کا چیک دیا تھا۔

    اس انوکھی مہم سے متعلق کارلٹیج کا کہنا تھا کہ مجھے ڈور لگانے کے دوران جو پیسے ملتے ہیں، میں انہیں اپنے جوانوں جو کہ ملک کی خاطر اپنی جان داؤ پر لگاتے ہیں ، ان کی مدد کرتا ہوں ، مجھے اس سے راحت حاصل ہوتی ہے۔

    ننھے بچے کا یہ قابل ستائش کارنامہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوچکا ہے، جس کے بعد کارلیٹیج کے اس عمل کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

  • گھر میں دو منہ والا سانپ دیکھ کر خاتون کے ہوش اڑ گئے

    گھر میں دو منہ والا سانپ دیکھ کر خاتون کے ہوش اڑ گئے

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک علاقے میں ایک خاتون کے ہوش اس وقت اڑ گئے جب انھوں نے اپنے گھر میں دو منہ والا سانپ رینگتے دیکھ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے علاقے پام ہاربر میں ایک گھر میں دو منہ والا نایاب سانپ دیکھ کر خاتون خانہ گھبرا گئیں، خاتون کی بچی کا کہنا تھا کہ یہ سانپ اس کی بلی گھسیٹ کر لائی ہے۔

    فلوریڈا کے جنگلی حیات کے حکام نے بھی کہا ہے کہ پام ہاربر کے ایک گھر پر ایک غیر معمولی سانپ دیکھا گیا ہے جس کے دو سر ہیں۔

    کے روجرز نامی خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی اولیو نامی بلی ایک سانپ لیونگ روم میں لائی، جب ہم نے اسے بلی سے بچا لیا تو معلوم ہوا کہ اس کے دو سر ہیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے تو انھوں نے بیٹی کی بات کا یقین نہیں کیا لیکن جب خود دیکھ لیا تو ان کی چیخ نکل گئی، پھر جب میں نے دیکھا کہ وہ دو منہ والا سانپ ہے تو حیران رہ گئی کیوں کہ اس سے قبل ایسی چیز میں نے کبھی نہیں دیکھی تھی۔

    فلوریڈا وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ سانپ سیاہ ریسر (racer) تھا، جسے اب ایک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لے جایا گیا ہے۔دو سروں والا یہ سانپ غیر معمولی ہوتا ہے، تاہم یہ ایمبریو (جنین بننے) کے دوران ایک ہی بیضے سے پیدا ہونے والے جڑواں سانپوں کے جدا نہ ہو سکنے کی وجہ سے بنتے ہیں۔

    اس کے سر الگ الگ بن جاتے ہیں لیکن باقی جسم جدا نہیں ہو پاتا، اور یوں دو سروں والا سانپ بن جاتا ہے۔ دونوں سروں کی زبان حرکت کرتی ہے لیکن ایک ساتھ، ایک سمت میں نہیں۔ یہ دو الگ دماغ ہوتے ہیں اس لیے مختلف فیصلہ کر جاتے ہیں اور اسی سبب یہ جنگل میں زندہ نہیں رہ پاتے۔

  • امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک خاتون رات کے 2 بجے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر پڑوسی کے بچے کو اغوا کرنے پہنچیں، پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ ہنا برن رات کے 2 بجے پڑوسی کے گھر پہنچیں۔

    گھر کے افراد کے مطابق ہنا ان کے گھر میں داخل ہوئی اور 9 ماہ کے بچے کو اس کی ماں کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کھینچا تانی کے دوران بچے کے والدین نے پولیس کو طلب کرلیا۔

    پولیس کے پہنچنے پر ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ ہنا کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں بھی داخل ہو کر ایسی ہی حرکت کرچکی ہے۔ مذکورہ پڑوسی کے مطابق ہنا نے ان کے 1 سالہ پوتے کو اسی طرح اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس نے ہنا کا گھر چیک کیا تو وہاں بھی 2 بچے موجود تھے، ہنا سے ان کا رشتہ فی الحال معلوم نہیں ہوا۔

    تاحال ہنا کی اس کوشش کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا، پولیس نے ہنا کو اغوا کی کوشش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔

  • امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا میں ایک شخص نے ریستوران میں ایک چھوٹے بچے کو ماسک اتارنے کا کہا اور نہایت قریب جا کر اس سے کہا کہ تم کرونا وائرس کا شکار ہوجاؤ گے، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں 47 سالہ جیسن کوپن ہیور نامی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جیسن ریستوران میں موجود ایک بچے کے پاس گیا اور اس سے فیس ماسک اتارنے کا کہا، جب بچے نے ماسک اتارا تو جیسن نے اس کا سر زور سے پکڑا اور اس کے منہ کے نہایت قریب جا کر کہا کہ اب تمہیں کوویڈ ہوجائے گا۔

    پولیس کے مطابق وہ بچے کے اتنا قریب تھا کہ اس کے لعاب کے چھینٹے بھی بچے کے چہرے پر پڑے۔

    ریستوران عملے کے مطابق جیسن نشے میں لگ رہا تھا، اس نے ریستوران کے ایک ملازم سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے اس پر نامناسب رویے کی دفعہ عائد کی، فی الحال اسے 650 ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی۔

  • کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جاری کیے جانے والے قرض سے مہنگی اسپورٹس کار خرید لی، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے رہائشی، 29 سالہ ڈیوڈ ہائنز نے وفاقی حکومت کی قرض اسکیم میں درخواست دی تھی۔

    یہ قرض اسکیم (پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون) وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے شروع کی گئی اور اس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو کم سود پر قرض فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے ملازمین اور زیر دست افراد یا اداروں کو تنخواہیں دے سکیں۔

    ڈیوڈ نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون میں 13.5 ملین قرض کی درخواست کی تھی جس میں اس نے مختلف کمپنیز کے نام اپنی درخواست میں لکھے اور کہا کہ اسے ان کمپنیز کو ادائیگی کرنی ہے۔ ڈیوڈ کی درخواست کے بعد اسے 3.9 ملین (39 لاکھ) ڈالر کا قرض دیا گیا۔

    قرض کی ادائیگی کے کچھ ہی دن بعد ڈیوڈ نے اسپورٹس کار لمبورگنی کا جدید ماڈل خریدا جس کی مالیت 3 لاکھ 18 ہزار ڈالر تھی۔

    محکمہ انصاف کے مطابق ڈیوڈ کی درخواست میں بیان کی گئی ایک کمپنی نے شکایت درج کروائی کہ ڈیوڈ نے ان کی رقم انہیں ادا نہیں کی۔

    دوسری جانب ڈیوڈ نے اس رقم سے لمبورگنی کے علاوہ میامی کے مہنگے اسٹورز اور ریزورٹس سے خریداری کی، اس نے ڈیٹنگ سائٹس پر ہزاروں ڈالر خرچ کیے جبکہ مہنگے ملبوسات اور زیورات بھی خریدے۔

    علاوہ ازیں ڈیوڈ نے میامی کے پرتعیش ہوٹلوں میں قیام بھی کیا۔

    تمام انکشافات سامنے آنے کے بعد پولیس نے ڈیوڈ کو گرفتار کرلیا، ڈیوڈ پر بینک فراڈ کرنے، اپنی مالی حالت کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے اور رقم کے غیر قانونی استعمال کے الزمات عائد کیے گئے ہیں۔

    حکام نے ڈیوڈ کی اسپورٹس کار اور اس کے بینک اکاؤنٹ میں موجود 34 لاکھ ڈالر ضبط کرلیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈیوڈ اس سے قبل بھی پولیس کی گرفت میں آچکا ہے، جب اس نے اپنی پرانی لمبورگنی سے ایک شخص کو زخمی کیا اور فرار ہوگیا، اس وقت ڈیوڈ پر 1 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

  • پولیس اہل کار نے بچے کو شارک کے جبڑوں سے کیسے بچایا؟ ویڈیو وائرل

    پولیس اہل کار نے بچے کو شارک کے جبڑوں سے کیسے بچایا؟ ویڈیو وائرل

    اورلانڈو: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک پولیس اہل کار نے بر وقت ایکشن لیتے ہوئے ایک بچے کو شارک کی خوراک بننے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے شہر اورلانڈو میں ایک پولیس اہل کار ایڈریان کوسیکی اپنی بیوی کے ساتھ چھٹی کا دن منا رہا تھا کہ پانی میں اس نے ایک خطرناک شارک کو بچے کے بالکل قریب دیکھ لیا۔

    16 جولائی کو رونما ہونے والے اس واقعے کی ایک دہشت زدہ کر دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شارک بچے کے بے حد قریب پہنچ گئی تھی کہ پولیس اہل کار نے بروقت حرکت میں آ کر اسے بچا لیا۔

    یہ ویڈیو کوکوا بیچ پولیس نے فیس بک پر پوسٹ کی تھی، پولیس اہل کار ایڈریان اپنی اہلیہ کے ساتھ ساحل پر چھٹی کا دن منا رہا تھا کہ اس نے دیکھا کہ پانی میں ایک بچہ بوگی بورڈ پر پانی میں مزے کر رہا ہے، اچانک اس کی نظر ایک شارک پر پڑی جو تیزی سے کنارے پر نہاتے بچے کی طرف بڑھ رہی تھی۔

    یہ خوف ناک منظر دیکھ کر پولیس اہل کار نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، اور پانی میں چھلانگ لگا دی، شارک بچے کے بہت قریب تھی، اہل کار نے بچے کو بازو سے پکڑ کر تیزی سے ساحل کی طرف بہ حفاظت کھینچا اور شارک کے جبڑے سے بچا لیا۔

    یہ ویڈیو فیس بک پر پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہو گئی، صرف فیس بک پر اس کے ویوز کی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار تک پہنچ گئی ہے، یہ ویڈیو دیکھنے والوں کو بھی اپنی سانسیں رکتی محسوس ہوتی ہیں، جب ایک خطرناک شارک نہایت تیزی سے بچے کی طرف بڑھ رہی ہے اور پولیس اہل کار بچے کو کھینچتا ہوا ساحل کی طرف لے جا رہا ہے۔