Tag: فلوریڈا

  • کرونا سے پریشان شخص نے بیوی اور بیٹے کو موت کےگھاٹ اتار دیا

    کرونا سے پریشان شخص نے بیوی اور بیٹے کو موت کےگھاٹ اتار دیا

    فلوریڈا: امریکا میں کرونا وائرس سے پریشان شخص نے اپنی بیوی اور 21 سالہ بیٹے کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں کرونا وائرس کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہونے والے 59 سالہ شخص اسمتھ رویرا نے اپنی بیوی اور بیٹے کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ اتوار کی رات 1 بجکر 10 منٹ پر فلوریڈا کے علاقے ڈرالنگٹن ڈرائیو کے 11600 بلاک کے ایک مکان سے فائرنگ سے متعلق کال موصول ہوئی۔پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں 57 سالہ خاتون جوڈی رویرا اور 21 سالہ میتھیو رویرا کی لاشیں موجود تھیں، دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔

    پولیس ابھی جائے وقوعہ سے ‌ثبوت اکٹھے کر رہی تھی کہ اسی دوران 59 سالہ استمھ نے کار سے نکلنے کے بعد پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی بیوی اور بیٹے کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے اسمتھ رویرا کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرنے کے بعد اپنے دوسرے بیٹے کو بھی مارنے کی کوشش کی تاہم وہ جائے وقوعہ سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ استمھ رویرا کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے،اسے2017 میں نشہ کرنے اور سرکاری ملازم کو دھمکی دینے کے الزام میں اسے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

  • گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے سب کو خوف زدہ کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے سب کو خوف زدہ کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک گھر کے سوئمنگ پول میں تیرتے مگرمچھ نے گھر والوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کی کاؤنٹی ہلزبورف میں ایک مگرمچھ گھر میں گھس کر عقبی صحن میں بنے سوئمنگ پول میں تیراکی کے مزے لینے لگا، تاہم گھر والے اسے دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے۔

    گھر کے مالک کارلوس ریورا کا کہنا تھا کہ اس نے دیکھا کہ عقبی صحن کے پول میں ایک مگرمچھ مزے سے تیر رہا ہے، اس نے فوراً گھر کے دیگر افراد کو خبردار کر دیا کہ سوئمنگ پول میں مگرمچھ ہے، تاہم سب یہ سمجھے کہ وہ مزاق کر رہا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارلوس ریورا نے کہا فیملی کے دوسرے افراد کو یقین نہیں آیا، تاہم جب انھوں نے دیکھا تو سب خوف زدہ ہو گئے، پھر میں نے اپنی بیٹی ویرونیکا اور اس کے دوست کی مدد سے مگرمچھ کو نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    ریورا کے مطابق انھوں نے وائلڈ لائف حکام کو اطلاع نہیں دی، اور خود ہی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔ بیٹی ویرونیکا نے بتایا کہ شروع میں ہم مگرمچھ کو دیکھ کر پریشان ہو گئے کہ کس سے مدد طلب کریں لیکن پھر اسے ایک بے بی مگرمچھ پا کر ہم نے اسے خود نکالنے کا فیصلہ کیا۔

    رپورٹ کے مطابق گھر والوں نے بے بی مگرمچھ کو پکڑ کر کچرے کے ایک بڑے ڈبے میں ڈالا اور پھر قریب میں موجود تالاب میں چھوڑ دیا، جہاں مگرمچھ رہتے آ رہے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران ڈکیتی کی کوشش، گھر کے مالک نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی

    لاک ڈاؤن کے دوران ڈکیتی کی کوشش، گھر کے مالک نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی

    امریکا میں ایک شخص نے اپنے گھر میں داخل ہونے والے 3 مسلح ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، پولیس کا کہنا ہے کہ اپنے دفاع میں کی جانے والی فائرنگ پر گھر کے مالک کو کسی قسم کی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں ہوگا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 3 مسلح ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تینوں ڈاکو زبردستی گھر میں داخل ہوئے اور پھر چند ہی سیکنڈ بعد بھاگتے ہوئے گھر سے نکلتے دکھائی دیے۔

    پولیس کے مطابق گھر کے مالک نے ڈاکوؤں پر 5 گن شاٹ فائر کیے، فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو کر نیچے گر پڑا۔ گولی اس کے سینے پر لگی بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے اسپتال منتقل کیا۔

    بقیہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، پولیس زخمی ڈاکو کی حالت بہتر ہونے پر اس سے تفتیش کرے گی اور اس کے ذریعے اس کے ساتھیوں تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں پر فائرنگ کرنے پر گھر کے مالک کو کسی قسم کی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں ہوگا، مالک نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی، دوسری صورت میں اسے اور اس کے اہلخانہ کی جان کو خطرہ ہوسکتا تھا۔

  • ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    امریکا میں ایک 4 فٹ لمبا مگر مچھ شاپنگ مال کے باہر گھومتا ہوا پایا گیا جس نے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑا دی۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں مقامی افراد نے ایک 4 فٹ لمبے مگر مچھ کو شاپنگ مال کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا۔

    مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا اور جلد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نہایت احتیاط سے اسے پکڑا اور وہاں سے دور لے گئے، بعد ازاں مگر مچھ کو قریبی ندی میں چھوڑ دیا گیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سڑک پار کرتے ہوئے ایک مگر مچھ نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں مگر مچھ ایک طرف سے چلتا ہوا چاٹیاؤبریند ایونیو کی سڑک کنارے کھڑی گاڑی کے نیچے آیا۔

    انٹرنیٹ پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد خوب وائرل ہوئی اور لوگوں نے مگر مچھ کی خود اعتمادی کو بھی سراہا۔

  • 9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک 9 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے زخمی کردیا، بچے کا ارادہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا تھا۔ پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔ 9 سالہ بچے پر اقدام قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ بچے نے اپنی 5 سال بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران وہ چیختا رہا، ’مرو، مرو‘۔

    بچے کا کہنا ہے کہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا خیال اچانک ہی اس کے دماغ میں آگیا اور وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے بارے میں سوچتا رہا۔ جج نے فوری طور پر بچے کا نفسیاتی چیک اپ اور ٹریٹمنٹ کروانے کی ہدایت کی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے بچے کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ عمارت میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی بہن اور ماں کے ساتھ رہتا ہے۔ ماں صرف 10 منٹ کے لیے کسی کام سے گھر سے باہر نکلی تھی۔ ماں کے جاتے ہی بچے نے کچن سے چھری اٹھائی اور اسے اپنے پیچھے چھپا کر بہن کے کمرے میں پہنچا۔

    بچے نے ننھی بہن کو گردن سے پکڑا اور اس پر چھریوں سے وار کرنا شروع کیے۔ اسی دوران ماں واپس آگئی اور اس نے چیختے ہوئے بچے کو روکا اور فوری طور پر پولیس کو کال کی۔

    ماں کے مداخلت کرتے ہی لڑکا وہاں سے بھاگ گیا اور چھپنے کی جگہیں ڈھونڈنے لگا۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال کا کہنا ہے کہ بچی کے جسم پر گہرے زخم ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے حراست میں لینے کے ایک دن بعد بچے کو مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا، فی الوقت بچہ حفاظتی بچہ جیل میں ہے۔ ملزم کی کم عمری کی وجہ سے اس کا نام اور تصویر جاری نہیں کی گئی۔

  • جاپانی براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے جدید سیٹلائٹ لے کر مشہور راکٹ خلا میں روانہ

    جاپانی براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے جدید سیٹلائٹ لے کر مشہور راکٹ خلا میں روانہ

    فلوریڈا: جاپانی براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے جدید سیٹلائٹ لے کر مشہور راکٹ خلا میں روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا سے اسپیس X فیلکن 9 راکٹ نے 11 دن بعد دوسری بار خلا کی طرف پرواز کی ہے، یہ راکٹ خلا میں موبائل فونز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کے لیے جدید سیٹلائٹ خلا میں چھوڑے گا۔

    اس سے قبل فیلکن نائن 5 دسمبر کو خلا میں روانہ ہوا تھا، 4 روز بعد ماحولیات کے بارے میں اہم ڈیٹا لے کر بہ حفاظت واپس آ کر زمین پر لینڈ کر گیا تھا۔

    خیال رہے کہ اسپیس ایکس نے رواں سال خلا میں اپنا یہ تیرہواں مشن لانچ کیا ہے، جب کہ فالکن نائن اس سے قبل دو بار خلا کی سیر کر چکا ہے، گزشتہ روز اس نے تیسری بار سیٹلائٹ لے کر خلا میں اڑان بھری، یہ سیٹلائٹ سنگاپور کی ایک کمپنی اور جاپان کی براڈ بینڈ فراہم کرنے والی کمپنی کا ہے۔

    اسپیس ایکس فالکن نائن راکٹ دو بار خلا میں جانے اور واپس زمین پر لینڈ کرنے کا منظر

    یہ ہیوی ویٹ کمیونی کیشن سیٹلائٹ بوئنگ کمپنی کا تیار کردہ ہے، جو جنوبی بحرالکاہل کے 25 ممالک کو جاپانی ’کا بینڈ‘ انٹرنیٹ کوریج دے گا، اور یہ 56 ہائی پاور بیمز سے لیس ہے جو خلا سے موبائل اور براڈ بینڈ سروسز فراہم کرے گا۔

    یہ سیٹلائٹ سنگاپور کی کمپنی کیسفک براڈ بینڈ سیٹلائٹس اور جاپانی آپریٹر اسکائی پرفیکٹ کا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔ سیٹلائٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام کا کہنا تھا کہ یہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور موبائل سروسز مخصوص ممالک میں اسپتالوں اور اسکولوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔

    سنگاپور کمپنی کے مالک کا کہنا تھا کہ مذکورہ ممالک میں اگرچہ لوگ آئی پیڈز اور اسمارٹ فونز استعمال کر رہے ہیں تاہم وہ ایک عرصے سے جدید ٹیکنالوجی کا انتظار کر رہے تھے، انھیں ایسے انٹرنیٹ سروسز کا انتظار تھا جو ان کی زندگی کو مزید بہتر بنا سکے۔

  • امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والا سعودی فوجی تھا: امریکی میڈیا

    امریکی بحری اڈے پر حملہ کرنے والا سعودی فوجی تھا: امریکی میڈیا

    فلوریڈا: امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر فائرنگ کرنے والا سعودی فوجی تھا، فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا میں بحری اڈے میں مسلح حملہ آور نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک، 8 زخمی ہوئے، پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا پولیس حکام کے حوالے سے کہنا ہے کہ حملہ آور محمد سعید الشامرانی کا تعلق سعودی فوج سے ہے اور وہ امریکی نیول بیس پر زیر تعلیم تھا، حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی پرل ہاربر بیس پر فائرنگ، بھارتی ائیرچیف بال بال بچ گئے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کے بعد ٹویٹ میں کہا کہ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان نے پنساکولا بحری اڈے میں ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہم دردی کا اظہار کیا ہے، شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عوام حملے پر برہم ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق نیول بیس پر حملے کے وقت 16 ہزار اہل کار موجود تھے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد بیس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو امریکی ریاست ہوائی کے پرل ہاربر فوجی اڈے میں فائرنگ سے ایک امریکی اہل کار نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

  • امریکا میں بھی پولیس انکاؤنٹر، 2 ڈاکوؤں سمیت 4 افراد ہلاک

    امریکا میں بھی پولیس انکاؤنٹر، 2 ڈاکوؤں سمیت 4 افراد ہلاک

    فلوریڈا: امریکا میں ایک پولیس انکاؤنٹر میں 2 ڈاکوؤں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں پولیس نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے ٹرک پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار 2 ڈاکوؤں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان جیولری شاپ میں واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے دو ڈاکو مارے گئے۔

    مارے گئے افراد میں ٹرک ڈرائیور بھی شامل تھا جسے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا تھا، جب کہ موقع واردات پر ایک کار میں موجود شخص بھی فائرنگ کی زد میں آ گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا میں مسلسل فائرنگ کے واقعات، آج بھی 3 افراد ہلاک

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا پیچھا میامی سے میرامار تک کیا گیا، جہاں پارک وے پر شدید ٹریفک جام کی وجہ سے ڈاکوؤں کو جا لیا گیا، اور شدید فائرنگ میں چار افراد مارے گئے۔ ڈاکوؤں نے جیولری شاپ سے فرار ہوتے ہوئے ایک یو پی ایس ٹرک ہائی جیک کر لیا تھا۔

    حکام نے ڈاکوؤں کے علاوہ بے گناہ افراد کی ہلاکت پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، اور بھی کئی سوال ہیں جن کا جواب ان کے پاس نہیں۔

  • سمندری طوفان آج شام فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے

    سمندری طوفان آج شام فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے

    واشنگٹن: طاقتور سمندری طوفان ’ڈوریان‘ شمالی بہاماز سے ٹکرا گیا، جبکہ آج شام امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیٹگری چار کا خطرناک طوفان ڈوریان اتوار کی علی الصبح شمالی بہاماز سے ٹکراتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے، یہ طوفان امکاناً پیر کی شام یا منگل کی علی الصبح ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق سمندری طوفانوں پر نگاہ رکھنے والے امریکی ادارے نے بتایا کہ اس طوفان کے ساتھ چلنے والے زوردار جھکڑوں کی رفتار 240 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

    ایسا امکان ہے کہ طوفان ڈوریان کا رخ بہاماز کے بعد شمال مشرق کی جانب ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکی ریاست فلوریڈا خاص طور پر اس خطرناک طوفان کے راستے پر ہے۔

    ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے رہائشیوں کی محفوظ مقام پر منتقلی شروع کردی گئی ہے۔ سمندری طوفان ڈوریان امکاناً پیر کی شام یا منگل کی علی الصبح امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے۔

    ماہرین کو امید ہے کہ آئندہ دنوں میں اس طوفان کی شدت ایک سے کم ہو کر تین ہو جائے گی۔ یہ طوفان بدھ کو امریکا کے جزائر ورجن سے ٹکرایا تھا۔

    گذشتہ سال اکتوبر میں امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان نے تباہی مچائی تھی، جس کے باعث 17 افراد مارے گئے تھے اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔

    واضح رہے کہ مائیکل نامی ہولناک سمندری طوفان 2 اکتوبر کے روز ریاست کی شمال مغربی پٹی سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرایا تھا۔

  • امریکا میں سمندری طوفان کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    امریکا میں سمندری طوفان کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    واشنگٹن: سمندری طوفان ڈوریان کی وجہ سے امریکی ریاست فلوریڈا میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان کا خطرہ ہے، جس کے باعث حکام نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا کے گورنر رَون دے سانتِس کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالت اس امر کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کی گئی ہے کہ فلوریڈا ڈوریان کے حوالے سے مکمل تیار ہے۔

    ان کے بقول تمام شہریوں کے پاس کم از کم ایک ہفتے تک کی خوراک کا موجود ہونا ضروری ہے، اور اپنی مدد آپ بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

    ماہرین کو امید ہے کہ آئندہ دنوں میں اس طوفان کی شدت ایک سے کم ہو کر تین ہو جائے گی۔ یہ طوفان بدھ کو امریکا کے جزائر ورجن سے ٹکرایا تھا۔

    امریکا، سمندری طوفان ’مائیکل‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

    گذشتہ سال اکتوبر میں امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان نے تباہی مچائی تھی، جس کے باعث 17 افراد مارے گئے تھے اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔

    واضح رہے کہ مائیکل نامی ہولناک سمندری طوفان 2 اکتوبر کے روز ریاست کی شمال مغربی پٹی سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرایا تھا۔