Tag: فلور ملز ایسوسی ایشن

  • ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ

    ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ

    کراچی کی بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل رُک گئی جس کے سبب ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آٹے کی قیمت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم سے گندم کی ملک بھر میں ترسیل رُک گئی ہے اس حوالے سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایکسل لوڈ پر عمل کے باعث ٹرکوں پرگندم لوڈ نہیں کی جارہی۔

    ان کا کہنا ہے کہ ترسیل رُکنے سے گندم کا بحران پیدا ہوا تو آٹا بھی مزید مہنگا ہوگا، گزشتہ 48گھنٹے سے کراچی کی دونوں بندرگاہوں سے گندم کا ایک ٹرک بھی روانہ نہ ہوسکا۔

    کراچی کی دونوں بندرگاہوں پرگندم کے3جہازوں سے گندم آف لوڈ کی جارہی ہے، 2جہاز روس اور ایک جہاز رومانیہ سے گندم لے کر پہنچا ہے، تینوں جہازوں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم ملک بھر میں ترسیل کی جانی ہے۔

    ایکسل لوڈ نفاذ سے پہلےایک ٹرالر پر6ہزار بوری آتی تھی اب3ہزار300آئیں گی، گندم کی ترسیل میں مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹیشن سے نرخ میں اضافہ ہوجائے گا۔

    ٹرالرز اور ٹرکوں کے کرائے میں اضافے سے گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ایکسل لوڈ کے باعث خوردنی تیل، درآمدی لوہا سمیت دیگراشیا کی ترسیل بھی رک گئی۔

    ایوسی ایشن کے عہدیدار حماد پونا والا کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے ایکسل لوڈ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ٹرک کو صرف 27ٹن وزنی لوہا لےجانے کی شرط سے امپورٹرز پریشان ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 10وہیلر خالی لوڈنگ گاڑی کا وزن 14سے15 ٹن ہوتا ہے، امپورٹر چھوٹا اسٹیل کوائل بھی لوڈ کرے تو کم ازکم وزن35ٹن ہے، آئرن اسٹیل مرچنٹ کے مطابق ایکسل لوڈ نفاذ کی صورتحال میں درآمد کنندہ سامان کیسے لوڈ کرسکتے ہیں؟

  • فلور ملز ایسوسی ایشن کا سندھ حکومت پر بھتہ خوری کا الزام

    فلور ملز ایسوسی ایشن کا سندھ حکومت پر بھتہ خوری کا الزام

    کراچی: فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر عبداللہ نے محکمہ خوراک سندھ پر کراچی آنے والی گندم کی ٹرکوں سے بھتہ لینے کا الزام لگایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر عبداللہ نے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ خوراک سندھ نے 13 پوائنٹس پر چیک پوسٹیں قائم کی ہیں، چیک پوسٹوں نے بھتہ خوری کے سابقہ ریکارڈ توڑ  دئیے ہیں۔

     فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکمہ خوراک سندھ ان چیک پوسٹوں پر ایک ٹرک سے ایک لاکھ روپے بھتہ وصول کر کے کراچی گندم لانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

    عامر عبداللہ نے کہا کہ چیک پوسٹ کو ختم کرنے کے مطالبات منظور نہیں ہوئے تو غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے، سندھ حکومت کراچی گندم لانے پر بلیک میلنگ کی آخری حد تک چلی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گندم کا ریٹ 10400 ہے، کراچی میں گندم  1400 روپے اضافے سے 11800 روپے میں ملتی ہے۔

    چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم کی سپلائی میں حائل چیک پوسٹوں کو فوری ہٹایا جائے، آج رات 12 بجے تک مطالبات منظور نہیں کیے تو ہڑتال کا اعلان کریں گے اور کراچی میں تمام فلار ملز بند کر دی جائیں گی۔

  • لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن کا آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن کا آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    لاہور : فلور ملز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اور نہ ہی آٹے کی قلت ہوگی، ٹیکس مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین حبیب خان لغاری کی قیادت میں ملاقات کی۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قلت ہوگی نہ قیمت میں اضافہ کریں گے، آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے۔

    فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں ہمارا موقف بہترین انداز میں وفاقی حکومت تک پہنچایا۔

    وفد نے کہا کہ سردار عثمان بزدار عام آدمی کے مسائل کا ادراک اور درد رکھتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے جذبے اور کاوشوں کو سراہتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ہماری اپنی حکومت ہے اور ہم عوام کی فلاح کے مشن میں حکومت کے سا تھ ہیں۔

    وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے، فلورملز ایسوسی ایشن کی جانب سے آٹے کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

    مزید پڑھیں: لاہور، آٹے اورمیدے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا

    آٹے کے نرخ نہ بڑھانے سے عوام پر معاشی بوجھ نہیں پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور آپ کا کوئی بھی مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

  • فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

    فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

    لاہور: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کل دی جانے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے آٹے اور چوکر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے اور اس کی تمام مصنوعات کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اگر چوکر پر عائد سیلز ٹیکس ختم نہ ہوا تو کل پورے پاکستان میں فلور ملز بند کرکے ہڑتال کریں گے۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بجٹ میں گندم اور چوکر پر سیلز ٹیکس عائد کردیا گیا ہے، چوکر پر سیلز ٹیکس سے آٹے کا تھیلا 40 روپے مہنگا ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: فلور ملز مالکان کا آٹے کی فی بوری پر چھ سو روپے تک من مانا اضافہ

    ادھر سندھ سرکل کے چیئرمین جاوید یوسف کا کہنا تھا کہ اگر چوکر پر عائد سیلز ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو مجبوراً آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ ناگزیر ہوگا۔

    دوسری جانب مشیر پورٹ اینڈ شپنگ محمود مولوی کا کہنا تھا کہ چوکر پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ہے، چوکر سے متعلق ایف بی آر کل نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    مشیر پورٹ اینڈ شپنگ محمود مولوی نے کہا کہ چوکر کو جواز بنا کر فیکٹریاں بند کرنا بلاجواز ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل انجمن تاجران پاکستان کی جانب سے ٹیکس عائد کیے جانے کے خلاف ملک گیر ہڑٹال کی گئی تھی۔

    تاجروں کی جانب سے حکومت کی جانب سے لگائے گئے جی ایس ٹی اور دیگر محصولات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔