Tag: فلپائن

  • امریکا سمیت تین بڑے ملکوں نے فلپائن سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    امریکا سمیت تین بڑے ملکوں نے فلپائن سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    سنگاپور: امریکا، جاپان اور آسٹریلیا نے چین کے مقابلے کے لیے فلپائن کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں مدد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ہفتے کے روز سنگاپور میں منعقدہ چار فریقی دفاعی اجلاس میں جاپان، امریکا اور آسٹریلیا کے وزرائے دفاع نے فلپائن کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کرنے پر اتفاق رائے کیا ہے۔

    جاپان کے وزیرِ دفاع ناکاتانی گین، امریکی وزیر دفاع پِیٹ ہیگستھ، آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس اور فلپائنی وزیر دفاع گِلبیرتو تیئودورو نے اجلاس میں شرکت کی، جن کا مقصد ایک آزاد اور کھلا ہند-بحرالکاہل خطّہ بنانا ہے۔

    جاپانی وزیر دفاع نے اس اجلاس کے آغاز میں کہا کہ چین مشرقی اور جنوبی بحیرۂ چین میں اپنی سرگرمیاں بڑھا رہا ہے، اجلاس میں وزرائے خارجہ نے چین کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان سرگرمیوں کو علاقائی عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔


    روس کا نیٹو پر ممکنہ حملہ، جرمن ڈیفنس چیف نے خبردار کردیا


    وزرائے خارجہ نے اس تحفظ کی ضرورت کو تسلیم کیا کہ علاقے میں جہاز رانی اور پروازیں آزادی سے ہوں، جس کے لیے وزرائے دفاع نے فلپائن کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد دینے کی غرض سے اسے آلات برآمد کرنے پر اتفاق کیا۔

    وزرائے خارجہ نے امریکی ٹام ہاک کروز میزائلوں کو آزمائشی طور پر فائر کرنے کی غرض سے مشقیں کرنے اور اپنے میزائل دفاعی نظام کے لیے معلومات کا تبادلہ کرنے کا نظام بنانے پر بھی اتفاق کیا، انھوں نے نگرانی اور جاسوسی کے ایک مشترکہ نظام کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

  • آئی سی سی وارنٹ پر فلپائن کے سابق صدر گرفتار کر لیے گئے

    آئی سی سی وارنٹ پر فلپائن کے سابق صدر گرفتار کر لیے گئے

    منیلا: فلپائن کے سابق صدر روڈریگو ڈوٹرٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کی گرفتاری کا وارنٹ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے جاری کیا تھا۔

    روئٹرز کے مطابق فلپائن نے سابق صدر روڈریگو ڈوٹرٹے کو آئی سی سی کے وارنٹ پر آج منگل کو گرفتار کر لیا ہے، وارنٹ عالمی عدالت کی جانب سے بدنام زمانہ خوں ریز ’منشیات کے خلاف جنگ‘ میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

    سابق صدر پر الزام ہے کہ ان کی نام نہاد ’منشیات کے خلاف جنگ‘ کے دوران ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کیے گئے تھے، فلپائن کی حکومت کے مطابق ڈوٹرٹے کو منگل کو منیلا ایئرپورٹ پر ہانگ کانگ سے ان کی آمد پر حراست میں لیا گیا، حکومت کو آئی سی سی کی درخواست انٹرپول کے ذریعے موصول ہوئی تھی۔

    2016 سے 2022 تک فلپائن کی قیادت کرنے والے سابق صدر روڈریگو کو اگر ہیگ منتقل کیا جاتا ہے، تو وہ ایشیا کے پہلے ایسے سابق سربراہ مملکت بن جائیں گے، جن پر آئی سی سی میں مقدمہ چل رہا ہے۔

    بھارت چھوڑنے والے آئی پی ایل کے سابق صدر للت مودی کو نئے ملک میں بڑا جھٹکا

    ڈوٹرٹے نے بار بار کہا ہے کہ انھوں نے پولیس کو صرف اپنے دفاع میں قتل کرنے کو کہا تھا، اور کریک ڈاؤن کا دفاع کرتے ہوئے متعدد بار کہا کہ اگر اس کا مطلب فلپائن کو منشیات سے نجات دلانا ہے تو وہ اس جرم میں ’’جیل میں سڑنے‘‘ کو تیار ہیں۔

    ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی انسداد منشیات کی وحشیانہ مہم کے دوران مشتبہ افراد کو ان کے قانونی حق سے محروم رکھا، اور ہزاروں افراد بے دریغ قتل کیے، حتیٰ کہ بچے بھی مارے گئے۔ گرفتاری کے وقت سابق صدر نے گرفتاری کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا، ان کی بیٹی ویرونیکا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انھوں نے سوال کیا ’’قانون کیا ہے اور میں نے کون سا جرم کیا ہے؟‘‘

  • فلپائن کو تین ہفتوں میں پے در پے 4 سمندری طوفانوں نے تباہ کر کے رکھ دیا، 2 مزید آنے کو تیار

    فلپائن کو تین ہفتوں میں پے در پے 4 سمندری طوفانوں نے تباہ کر کے رکھ دیا، 2 مزید آنے کو تیار

    منیلا: فلپائن کو گزشتہ تین ہفتوں میں پے در پے 4 سمندری طوفانوں نے تباہ کر کے رکھ دیا ہے، اور 2 مزید آنے کو تیار ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن میں سمندری طوفان ’توراجی‘ زبردست تباہی پھیلا کر رخصت ہو رہا ہے، تاہم اس کے شدید اثرات کے باعث 2 ہزار دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں۔

    طوفان کے باعث سڑکیں دریا بن گئی ہیں، تند و تیز ہوائیں درخت اور سولر پینلز اڑا لے گئیں، اور نظام زندگی اُلٹ پلٹ ہو گیا، اسکول بند ہو گئے اور اندورنِ ملک پروازیں منسوخ ہو گئیں، جب کہ ہزاروں لوگوں نے نقل مکانی کر لی ہے۔

    ’اکو ویدر‘ کے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی بحرالکاہل میں اس ہفتے طوفانوں کے سسٹم تیزی سے بن رہے ہیں، ٹائفون توراجی تباہی پھیلا کر پیر کو فلپائن سے نکل گیا ہے تاہم 2 اضافی سسٹم ممکنہ طور پر اس ہفتے کے آخر اور اگلے ہفتے کے شروع میں علاقے کو متاثر کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آخری 3 طوفانوں — ٹائفون ینکسنگ، ٹائفون کانگ رے اور ٹراپیکل طوفان ٹرامی — کی وجہ سے فلپائن میں 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور 9 ملین سے زیادہ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے۔

    ٹائفون توراجی، جو فلپائن میں نیکا کے نام سے جانا جاتا ہے، اس وقت ملک سے دور ہٹ رہا ہے، یہ طوفان اس ہفتے کے آخر میں چین کے ساحل کے قریب پہنچے گا تاہم سست ہونے کے باعث امکان یہ ہے کہ یہ سمندر ہی میں رہے گا۔

    تین ہفتوں میں مسلسل چار طوفانوں کے باعث ہونے والی تباہی کی وجہ سے فلپائن میں شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں اور وہ اس تباہی سے نکلنے کی سخت جدوجہد کر رہے ہیں۔

  • فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے تباہی مچا دی، 14 افراد ہلاک

    فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے تباہی مچا دی، 14 افراد ہلاک

    منیلا: فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے کئی صوبوں میں تباہی مچا دی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ فلپائن میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، سمندری طوفان یاگی نے دارالحکومت منیلا اور قریبی صوبوں میں شدید بارشوں کی وجہ بننے کے بعد تباہی پھیلا دی ہے۔

    منیلا میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں، کچھ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کی چھتوں تک جمع ہو گیا، دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے، 105 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہر شے کو اڑا لے گئیں۔

    قدرتی حادثات کے ادارے کے سربراہ کا جانی نقصان کے بارے میں کہنا تھا کہ منیلا کے مشرق میں واقع علاقے اینٹی پولو ایک پہاڑی علاقہ ہے اور یہ لینڈ سلائیڈنگ کا شکار علاقہ ہے، مقامی رہائشیوں کو کافی عرصے سے ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ یہ علاقہ چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہوں۔

    حکام کے مطابق یاگی رواں سال فلپائن میں آنے والا پانچواں سمندری طوفان ہے۔ فلپائن میں عام طور پر سالانہ اوسطاً 20 سمندری طوفان ریکارڈ کیے جاتے ہیں، اور ان میں سے اکثر طوفانوں میں جو ہلاکتیں ہوتی ہیں اس کی بڑی وجہ لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے۔

  • میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، فلپائنی میئر اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں

    میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، فلپائنی میئر اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں

    فلپائن کے ایک چھوٹے قصبے کی میئر ایلس گوا کا بیان عالمی میڈیا پر بہت زیادہ نمایاں ہو رہا ہے، جس میں وہ اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور دکھائی دیتی ہیں۔

    ایلس گوا فلپائن کی ایک کاروباری خاتون اور سیاست دان ہیں، جو بامبن کی میونسپلٹی کی موجودہ میئر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق میئر ایلس گوا سے مجرمانہ کارروائیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، سینیٹ کی سماعت کے دوران اپنی خاندانی تاریخ اور پرورش کے بارے میں جن ان سے سوالات کیے گئے تو وہ ان کے جواب نہیں دے سکی تھیں۔

    اس پر ایک سینیٹر نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بیجنگ کے لیے ’’اثاثہ‘‘ ہیں؟ تو میئر ایلس گوا نے کہا ’’میں عوام کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، میں فلپائنی ہوں اور میں اپنے ملک سے پیار کرتی ہوں۔‘‘

    ان کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے باعث سوشل میڈیا پر ہفتوں تک ان پر شدید تنقید ہوتی رہی، سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ذاتی زندگی کو نشانہ بناتے ہوئے میمز بنائے اور ان کی توہین کی گئی، کہا گیا کہ چین کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں۔

    ملک کے صدر فرڈینینڈ مارکوس نے بھی ان کے خلاف ہونے والی باتوں کو ہوا دی، انھوں نے کہا کہ ایلس گوا سے اس لیے تفتیش کی جا رہی ہے کیوں کہ حکام کو پتا چلا ہے کہ ان کے قصبے بامبن میں ایک آن لائن آف شور کیسینو پکڑا گیا ہے جو سازشوں کا گڑھ تھا۔

    میئر ایلس گوا کا اپنی پیدائش سے متعلق انکشاف

    پیر کی رات میئر ایلس گوا نے فلپائن کی میڈیا کمپنی ABS-CBN کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں، انھوں نے کہا میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، اور انکشاف کیا کہ ان کی پیدائش ’ایک محبت کا نتیجہ‘ تھا۔

    میئر ایلس گوا کو نے خود ’لَو چائلڈ‘ قرار دیا، اور کہا کہ وہ اپنے چینی والد کی فلپائنی ملازمہ کے ساتھ محبت کا نتیجہ ہیں، دونوں نے کبھی شادی نہیں کی۔

    میئر ایلس نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انھیں بچپن ہی میں چھوڑ دیا تھا اور وہ دارالحکومت منیلا کے شمال میں ایک کاشت کاری والے صوبے ترلاک میں اپنے والد کے ساتھ پلی بڑھیں۔

    انھوں نے کہا ’’میرے والد ایک نوکرانی کے ساتھ پیار کرتے تھے، اور میں پیدا ہوئی، یہ ایک بہت ہی نجی معاملہ ہے، میں کسی کو یہ نہیں بتا سکتی کہ میری اپنی ماں نے مجھے چھوڑ دیا تھا۔‘‘ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے سینیٹرز سے معذرت کی کہ وہ اپنے والدین کی مکمل وضاحت کرنے میں ناکام رہی تھیں، کیوں کہ گواہی کے دوران ’’میرا دماغ خالی ہو گیا تھا۔‘‘

    واضح رہے کہ میئر ایلس گوا کا یہ معاملہ ایک ایسے وقت اچھلا ہے جب فلپائن اور بیجنگ کے درمیان قدرتی وسائل سے مالامال جنوبی بحیرہ چین پر ملکیت کے سلسلے میں کشیدگی چل رہی ہے۔

  • سعودی عرب میں فلپائن کی جڑی ہوئی بچیوں کے آپریشن کی تیاری

    سعودی عرب میں فلپائن کی جڑی ہوئی بچیوں کے آپریشن کی تیاری

    سعودی ولی عہد کے حکم پر فلپائن کی 16 ماہ کی جڑی ہوئی بچیوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کرنے کے لیے مملکت لایا جا رہا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے سبق نیوز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فلپائن میں سعودی سفیر ھشام بن سلطان القحطانی نے اپنے دفتر میں جڑی ہوئی بچیوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں سعودی عرب بھیجنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔

    ریاض کے ہسپتال میں دونوں بچیوں کا مملکت کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت آپریشن کیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے خصوصی طیارہ فلپائن پہنچ گیا ہے، فلپینی بچیوں عائشہ اور اکیزا کا اوپری حصہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ بچیوں کو ان کے والدین سمیت مملکت لایا جائے گا۔

    مملکت کی اعلٰی قیادت کی اس فیاضی اور ہمدردی پر جڑی ہوئی بچیوں کے والدین نے شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر فلپائن میں سعودی سفارتخانے میں شاہ سلمان مرکز برائے فلاح انسانیت کی ٹیم اور فلپائن کے معاون وزیر خارجہ، ریڈ کراس کے صدر اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

    جدہ انڈسٹریل سٹی کے کارخانے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی

    واضح رہے کہ 1990 سے اب تک سعودی عرب میں 25 ممالک کے 130 جڑے ہوئے بچوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا جا چکا ہے۔

  • جےایف 17تھنڈرز کے برعکس کوئی بھی ملک بھارتی تیجاس طیارہ خریدنے پرقائل نہ ہوسکا، فلپائن نے بھی سرخ جھنڈی دکھا دی

    جےایف 17تھنڈرز کے برعکس کوئی بھی ملک بھارتی تیجاس طیارہ خریدنے پرقائل نہ ہوسکا، فلپائن نے بھی سرخ جھنڈی دکھا دی

    فلپائن نے بھی بھارتی تیجاس کو سرخ جھنڈی دکھا دی ، بھارت جے ایف 17تھنڈرز کے برعکس ایک بھی تیجاس طیارہ خریدنے پر کسی ملک کوقائل نہ کر سکا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کا تیجاس یالائٹ کومبیٹ ائیرکرافٹ منصوبہ آغاز سے ہی سست روی اور تکنیکی مسائل کاشکار ہے ، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ آج تک تیجاس کے لئے ایک بھی ایکسپورٹ آرڈر حاصل نہیں کر پائی ہے۔

    فلپائن نے بھی بھارتی تیجاس کوسرخ جھنڈی دکھا دی، 2001 سے اب تک صرف 50 تیجاس بھارتی فضائیہ میں ہو سکے ہیں۔

    جےایف 17تھنڈرز کے برعکس کوئی بھی ملک بھارتی تیجاس طیارہ خریدنے پرقائل نہ ہوسکا، فلپائن نے بھی سرخ جھنڈی دکھا دی

    اس کے مقابلے پاکستان ائیرفورس کاتیار کردہ جے ایف سترہ تھنڈربیرون ملک بھی شاندار پرفارمنس دکھارہاہے۔ پاک فضائیہ کےساتھ جےایف سترہ تھنڈرزمیانماراورنائیجیریاکی فضائی افواج میں شامل ہیں۔

    جےایف سترہ تھنڈرز کے برعکس بھارت ایک بھی تیجاس طیارہ خریدنے پر کسی ملک کو قائل نہ کر سکا، مصر، ارجنٹائن، سری لنکا اور ملائیشیا جیسے ممالک کے بعد فلپائن نے بھی تیجاس کو مستردکردیا۔

    فلپائنی حکام کے مطابق اب مقابلہ صرف ایف 16بلاک 50/52 ،گریپن جے اے ایس 39 سی، ڈی ماڈل میں ہے۔

  • کویت، فلپائن: نئے گھریلو ملازمین کیلئے خوشخبری

    کویت، فلپائن: نئے گھریلو ملازمین کیلئے خوشخبری

    فلپائنی وزارت خارجہ کے انڈر سکریٹری ایڈورڈو ڈی ویگا کا کہنا ہے کہ منیلا کویت کی حکومت کے ساتھ بیٹھنے اور فلپائنی کارکنوں کو دوبارہ کویت بھیجنے کی ممکنہ بحالی پر بات کرنے کی امید ہے، جس کے باعث عوام کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بسام الشمری جوکہ گھریلو ملازمین کے امور کے ماہر ہیں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کویت میں فلپائن ایسوسی ایشن آف ریکروٹمنٹ ایجنسی سیکرٹریز نے حال ہی میں مقامی بھرتی دفاتر کے کچھ مالکان سے 12 اکتوبر کو منیلا کے نئے گھریلو ملازمین کو دوبارہ کویت بھیجنے کے امکان پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے زوم پلیٹ فارم کے ذریعے دوپہر 3 بجے بجے ایک فوری ورچوئل میٹنگ منعقد کرنے کے لئے کہا ہے۔

    گھریلو ملازمین کے امور کے ماہر کا کہنا تھا کہ فلپائن کی طرف سے ہمیں یہ دعوت نامہ اس ایسوسی ایشن کی طرف سے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کو دی گئی درخواست کی بنیاد پر دیا گیا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مشترکہ بات چیت دوبارہ شروع ہوسکے۔

    فلپائنی کارکنوں کو نئے ورکر ویزے جاری کرنے سے روکنے کے فیصلے کے بعد سے اس وقت گھریلو ملازمین کی شدید قلت سے دوچار مارکیٹ کی روشنی میں یہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے۔اس سے عوام کو وسیع بنیادوں پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    بسام الشمری کا کہنا تھا کہ کویتی مارکیٹ میں فلپائنی گھریلو ملازمین کا تخمینہ تقریباً 200,000 کارکن ہے، جو کہ مختلف قومیتوں کے ملک میں کل گھریلو ملازمین کا 50 فیصد بنتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ قدم ایک نیا ”مثبت اقدام”ہے جو تنازعہ کو ختم کرنے اور تقریباً 8 ماہ قبل منقطع ہونے والے لیبر تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کے فلپائنی فریق کے ارادوں کی عکاسی کرتا ہے۔

  • حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل

    حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل

    کویت سٹی: کویت میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی حاملہ ملازمہ کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں فلپائن کی ملازمہ کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، ملزم نے واردات کے ثبوت مٹانے کے لیے لاش جلا دی۔

    کویتی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں فلپائنی ملازمہ کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا، قانونی تقاضے پورے کر کے اس سے قتل کے محرکات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

    پولیس کو فلپائنی ملازمہ کی لاش السالمی روڈ پر ملی تھی، اس کے سر پر ضرب لگی تھی، اہلکاروں نے شواہد اکھٹے اور فنگر پرنٹس حاصل کرلیے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملازمہ کا تعلق فلپائن سے ہے اور اس کے خلاف ہروب کا کیس درج تھا۔

    سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملزم کویتی شہری ہے اور اس نے اقبال جرم کرلیا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فلپائنی ملازمہ حاملہ تھی، ملزم اور جنین کا ڈی این اے کیا جارہا ہے۔

  • فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    منیلا: فلپائن میں شدید طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے سیلاب زدہ علاقوں سے مزید لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس سے ٹراپیکل طوفان ’نلگے‘ سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم اٹھانوے ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ نصف سے زیادہ ہلاکتیں طوفانی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں، ایجنسی نے بتایا کہ تقریباً 63 افراد لاپتا ہیں، جب کہ 69 افراد زخمی ہوئے۔

    طوفان نے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے دیہات کو تباہ کر دیا ہے، بنگسامورو کے شہری دفاع کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دو دن کے بعد لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات تقریباً صفر ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اس طوفان نے پانچ مرتبہ لینڈ فال کیا ہے، اور اس نے بڑے پیمانے پر فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی ہے۔

    فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے پیر کے روز سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، انھوں نے طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پر صدمے کا اظہار کیا۔