Tag: فلپائن

  • فلپائن میں کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ

    فلپائن میں کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ

    منیلا: فلپائن میں ایک کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ پیش آیا، جس سے جہاز کو بری طرح نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی فلپائن میں کورین طیارہ رن وے سے پھسل کر سگنل کے نشانات سے ٹکرا کر بری طرح تباہ ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار تمام 173 مسافر اور عملے کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق اتوار کو سیبو ایئرپورٹ پر کورین ایئر کا مسافر طیارہ موسم کی خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سگنل کے نشانات سے ٹکرا گیا تھا، جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔

    حکام اور ایئر لائن نے بتایا کہ کورین ایئر کی پرواز KE631 پر عملے کے 11 ارکان اور 162 مسافروں نے تباہ شدہ طیارے سے نکلنے کے لیے ہنگامی سلائیڈوں کا استعمال کیا۔

    فلپائن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ تمام مسافر محفوظ رہے، حادثے کے بعد ایئر پورٹ کو بند کرنا پڑا، اور پچاس سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔

    کورین ایئر لائنز کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ انچیون، جنوبی کوریا سے روانہ ہونے والی ایئربس A330 نے تیسری کوشش میں رن وے کو اوور شوٹنگ کرنے سے پہلے دو بار لینڈ کرنے کی کوشش کی تھی۔

  • فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    منیلا: فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں 148 ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں میگی طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 148 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کئی زحمی ہیں جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

    کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا، وسطی صوبے لیتی میں زرعی زمینیں مکمل تباہ ہوگئیں، ریسکیو اہل کاروں کے مطابق خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات آ رہی ہیں۔

    اتوار کے روز لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا، فلپائن کے مشرقی اور جنوبی ساحلوں پر 65 کلومیٹر (40 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچائی۔

    فلپائن کے قومی ادارے نے کہا کہ طوفان سے 9 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 2 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، اور 35 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔

    فلپائن کے محکمہ زراعت کے مطابق میگی طوفان، جسے فلپائن میں اگاٹون کے نام سے جانا جاتا ہے، کی وجہ سے ہونے والے زرعی نقصان کا تخمینہ بدھ تک 8 ملین ڈالر (423.8 ملین فلپائنی پیسو) سے زیادہ لگایا گیا ہے۔

  • پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر فلپائن نے کیا قدم اٹھا لیا؟

    پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر فلپائن نے کیا قدم اٹھا لیا؟

    منیلا: فلپائن نے بھارت سے پاکستان میں میزائل گرنے سے متعلق جواب طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پر میزائل گرنے کے بعد فلپائن بھارت کے ساتھ ایک ڈیل کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہو گیا ہے۔

    واقعے کے بعد اس سوال نے کہ کیا بھارت کے ہتھیار محفوظ ہیں یا نہیں؟ بھارت کی فلپائن کے ساتھ سب بڑی دفاعی ڈیل خطر ے میں ڈال دی ہے۔

    فلپائن نے بھارت سے پاکستان میں میزائل گرنے سے متعلق جواب طلب کر لیا، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے سینیئر وزیر اور سیکریٹری دفاع نے بھارتی سفیر کو طلب کیا اور واقعے سے متعلق وضاحت مانگی۔

    بھارتی سفیر نے بتایا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جس کے نتائج فلپائن کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ فلپائن بھارت سے براہموس میزائل کی خریداری کے 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کر چکا ہے۔

  • 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    منیلا: فلپائن کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے گھیر لیا ہے، یہ سال کا پندرہ واں طوفان ہے جس کے باعث ایک لاکھ فلپائنی بے گھر ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن سال کے بدترین طوفان کی زد میں ہے، سپر طوفان رائی فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا، ماہرین نے اسے کیٹیگری فور کا سمندری طوفان قرار دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فلپائن میں 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ساحلی علاقوں سے تقريباً ایک لاکھ افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔

    شدید طوفان کے باعث ملک کے بيش تر حصوں ميں پروازيں منسوخ کی جا چکی ہیں، فلپائن کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ انتہائی تباہ کن سمندری طوفان کے باعث ملک کے کچھ حصوں میں تيز رفتار جھکڑوں کی وجہ سے شديد جانی و مالی نقصانات ہو سکتے ہيں، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے فلپائن میں آنے والے اس طوفان کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے لاکھوں لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    فلپائن میں ایک شہری پر اس وقت مگر مچھ نے حملہ کردیا جب وہ اسے مجسمہ سمجھ کر اس کے ساتھ تصویر کھینچ رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 68 سالہ چپاڈا نامی شہری اپنے خاندان کے ساتھ اس تھیم پارک میں آئے تھے، انہیں تالاب میں ایک 12 فٹ طویل مگر مچھ دکھائی دیا جسے وہ مجسمہ سمجھے۔

    68 سالہ بزرگ اس کے ساتھ سیلفی بنانے کے لیے تالاب کے قریب چلے گئے اور اسی وقت مگر مچھ میں حرکت پیدا ہوئی، اس نے اچانک چپاڈا کا بازو اپنے جبڑوں میں دبوچا اور انہیں کھینچ کر تالاب میں لے گیا۔

    ویڈیو یہاں دیکھیں

    چپاڈا کے گھر والے اور وہاں موجود دیگر افراد خوف سے چلانے لگے۔

    خوش قسمتی سے چپاڈا اپنا ہاتھ چھڑا کر تیزی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بازو سے خون ٹپک رہا ہے۔

    اہل خانہ نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی سرجری کی۔

    واقعے کے بعد چپاڈا کے اہل خانہ نے پارک انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا کہ تالاب کے قریب کسی قسم کے کوئی وارننگ سائنز نصب نہیں تھے۔ اگر وہاں وارننگ سائنز ہوتے تو وہ کبھی تالاب کے نزدیک نہ جاتے۔

    دوسری جانب پارک انتظامیہ نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص خود اعتراف کرچکا ہے کہ وہ مگر مچھ کو مجسمہ سمجھے تھے اسی لیے اس کے قریب گئے۔

    انتظامیہ نے چپاڈا کے علاج کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش بھی فراہم کی ہے۔

  • فلپائن : حادثے کا شکار ہونے والے  ملٹری طیارے کا بلیک باکس مل گیا

    فلپائن : حادثے کا شکار ہونے والے ملٹری طیارے کا بلیک باکس مل گیا

    منیلا: فلپائن میں حادثے کا شکار ہونے والے ملٹری طیارے کا بلیک باکس مل گیا جبکہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد52 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد باون ہوگئی، حادثے میں تیس سے زیادہ افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا، عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارے نے دو بار اڑان بھرنے کی کوشش کی لیکن طیارے کا پر درخت سے ٹکرا گیا۔

    آرمی چیف کا کہنا ہے طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے،مزید تحقیقات کی جائیں گی ۔

    یاد رہے اتوار کے روز جنوبی فلپائن میں فوجی طیارہ سولو صوبے میں واقع جولو نامی جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، فوجی حکام نے بتایا تھا کہ سی ون تھرٹی طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

    فلپائن کے وزیر دفاع ڈیلفن لورینزانا نے بتایا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 92 افراد سوار تھے، جن میں تین پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان بھی شامل ہیں، اس سے قبل فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سری لیتو سوبیجانا نے طیارے میں 85 افراد کے سوار ہونے کی اطلاع دی تھی۔

  • فلپائن میں فوجی طیارہ حادثہ،  ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی

    فلپائن میں فوجی طیارہ حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی

    منیلا : فلپائن میں فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی جبکہ انچاس افراد زخمی ہیں ، طیارے میں فوجی افسران سمیت چھیانوے فوجی اور عملے کے ارکان سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی فلپائن میں جولو نامی جزیرے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے فوجی طیارے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی۔

    گذشتہ روز جنوبی فلپائن میں فوجی طیارہ سولو صوبے میں واقع جولو نامی جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، فوجی حکام نے بتایا تھا کہ سی ون تھرٹی طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تاہم طیارے سے پچاس افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    فلپائن کے وزیر دفاع ڈیلفن لورینزانا نے بتایا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 92 افراد سوار تھے، جن میں تین پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان بھی شامل ہیں، اس سے قبل فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سری لیتو سوبیجانا نے طیارے میں 85 افراد کے سوار ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائنی فوج کے سربراہ نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ منڈاناؤ کے جنوبی جزیرے پر واقع کیگائن ڈی اورو کے علاقے سے فوجیوں کو لے جانے والا طیارہ رن وے پر اترنے میں ناکام رہا، طیارے نے دوبارہ فضا میں بلند ہونے کی کوشش لیکن کامیاب نہ ہوسکا۔

  • بچے کے نام میں ایسا کیا ہے جسے 50 ہزار افراد بھی دہرانے میں ناکام رہے

    بچے کے نام میں ایسا کیا ہے جسے 50 ہزار افراد بھی دہرانے میں ناکام رہے

    منیلا: دنیا کے ہر خطے میں والدین اپنے بچوں کے لیے اچھا نام رکھنے کی چاہت رکھتے ہیں، کچھ والدین منفرد ناموں کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن فلپائن میں ایک بچے کو ایسا نام دیا گیا ہے جسے کوئی زبان سے ادا نہیں کر پا رہا ہے۔

    کچھ دنوں قبل دنیا کے امیر ترین انسان ایل مسک نے اپنے بیٹے کا نہایت انوکھا نام X Æ A-Xii رکھا تھا، جس پر لوگوں نے خوب مذاق اڑایا کیوں کہ سبھی پریشان تھے کہ اس نام کو کیسے ادا کیا جائے۔

    اب فلپائن کی ایک فیملی نے نوزائیدہ بچے کا بہت انوکھا لیکن نہایت مشکل ترین نام رکھا ہے، اس نام کی ادائیگی کی کوشش میں اب تک 50 ہزار سے زیادہ لوگ ناکام ہو چکے ہیں۔

    27 اپریل کو پیدا ہوئے اس بچے کا نام اس کے دادا روغل فیرولن استریرا نے Ghlynnyl Hylhyr Yzzyghyl Mampuan Buscato رکھا ہے، یہ اتنا مشکل نام ہے کہ بچے کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ بنانے والے سرکاری اہل کار نے اس کی ہجے میں متعدد مرتبہ غلطیاں کیں، جس کی وجہ سے اسے بار بار پرنٹ کیا گیا۔

    غلینل ہلہائر یزیغل مامپوان بوسکاٹو کی ادائیگی اتنی مشکل ثابت ہو رہی ہے کہ دادا نے خود ہی لوگوں کی آسانی کے لیے اس سے بھی عجیب نک نیم (عرف) consonant رکھ دیا، کانسونینٹ بولی کی ایک آواز کو کہتے ہیں، جو vowel نہیں ہوتی۔

    بچے کے والد کے دوست نے جب فیس بک پر بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کیا تو دیکھتے ہی دیکھتے اس پوسٹ کو 50 ہزار سے زیادہ مرتبہ شیئر کیا گیا۔

    لوگ بچے کا نام ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کوئی بھی اس میں کامیاب نہیں ہو پایا، بچے کے والد کا کہنا ہے کہ جب ان کا بیٹا بڑا ہو جائے گا تب وہ اس کو اس کا نام لینا سکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ بچے کے والد کا نام Lhyrlon ہے، جب کہ بیٹے کا نام Ghlynnyl رکھا گیا ہے، بچے کے بڑے ہونے کے بعد اس کو نام کا مطلب اور ایسا نام رکھے جانے کی وجہ بتائی جائے گی۔

  • 5 سالہ بچہ پچاس سال کی عمر تک عجیب شوق پالتا رہا

    5 سالہ بچہ پچاس سال کی عمر تک عجیب شوق پالتا رہا

    منیلا: فلپائن کے ایک پانچ سالہ بچے کو جب پہلی بار ایک ریسٹورنٹ میں تحفے میں کھلونا ملا تو وہ خوشی سے پھولا نہ سمایا، لیکن یہ خوشی اتنی تھی کہ اس کے بعد سے کھلونے جمع کرنا اس کا اولین شوق بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے ایک شخص نے اپنے دل چسپ شوق کے سبب مختلف ریسٹورنٹس سے پینتالیس سال کے دوران 20 ہزار کھلونے جمع کر کے ایک ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

    یہ فلپائنی ہیں ایک گرافک آرٹسٹ، جن کا نام پرسیول لُوگ ہے، اور یہ فاسٹ فوڈ سینٹرز سے کھانوں کے ساتھ بچوں کو تحفے میں ملنے والے کھلونے جمع کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔

    کھلونے جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ تو انھوں نے 2014 میں بنا لیا تھا، تاہم اب ان کھلونوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے 20 ہزار سے بھی زائد ہو چکی ہے، جب کہ پرسیول کی عمر بھی 50 سال سے زائد ہو گئی ہے، انھوں نے 5 سال کی عمر سے کھلونے جمع کرنا شروع کیا تھا۔

    جب انھیں پہلی بار کھانے کے ساتھ کھلونا ملا تو وہ بہت خوش ہوئے، پھر انھوں نے معروف برانڈز کے برگر اور فاسٹ فوڈ کھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کے عوض تحفے میں ملنے والے کھلونوں کو بھی جمع کرتے چلے گئے۔

    فلپائن کے شہری کا گھرتین منزلہ ہے، جس کے ایک کمرے کو انھوں نے کھلونوں سے بھر کر رکھا ہوا ہے، اور وہ اب بھی ان کھلونوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

    پرسیول نے ان کھلونوں کے حوالے سے بڑی دل چسپ بات بتائی، انھوں نے کہا کہ ان میں سے ہر کھلونا کہانی نویس کی طرح ایک کہانی بیان کرتا ہے، اور یہ اس وقت کی یاد دلاتا ہے جس وقت اسے خریدا گیا تھا، صرف یہی نہیں بلکہ ان کھلونوں کے ساتھ کچھ نہ کچھ واقعات بھی منسلک ہوتے ہیں۔

  • فلپائن میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم رپورٹ

    فلپائن میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم رپورٹ

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آنے کے بعد اب فلپائن میں ایک اور نئی قسم کا انکشاف ہوا ہے، ماہرین اس نئی قسم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    فلپائن میں محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئی قسم کا پتہ تب چلا جب طبی اہلکاروں نے کرونا وائرس کے 85 نئے کیسز کا جائزہ لیا۔

    محکمہ صحت کے مطابق کرونا وائرس کی اس نئی قسم کا نام پی 3 ہے اور پورے فلپائن میں ابھی تک اس نئی قسم کے 98 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی قسم کے پھیلنے اور اس سے ہونے والی اموات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

    خیال رہے کہ فلپائن میں اب تک کرونا وائرس کے 6 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 13 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔