Tag: فلڈ ریلیف کیمپ

  • بہاولنگر فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر نام سیلاب خان رکھ دیا گیا

    بہاولنگر فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر نام سیلاب خان رکھ دیا گیا

    بہاولنگر: پنجاب کے شہر بہاولنگر میں فلڈ ریلیف کیمپ میں بچے کی پیدائش پر اس کا نام سیلاب خان رکھ دیا گیا، بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کو ضلعی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے قریب فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرہ محنت کش خاندان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی، ننھے مہمان کی آمد سے متاثرہ خاندان کا غم خوشیوں میں بدل گیا۔

    سیلاب سے متاثرہ خاندان نے بچے کا نام بھی سیلاب خان رکھ دیا ہے، بچے کے والد مناظر نے خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی، فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود دیگر خاندان بھی بچے کی پیدائش پر خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے شہری بدستور بے گھری کا شکار ہیں، دریائے ستلج کے علاقوں کی صورت حال گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ناگفتہ بہ چلی آ رہی ہے۔

    اس وقت چشتیاں کے قریب دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس سے متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے سے 30 موضع جات کی 100 بستیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں، سیلابی پانی میں سڑکیں بہہ گئیں، متعدد بستیوں کے زمینی رابطے بھی منقطع ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق 50 ہزار لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر چکے ہیں، 15 ہزار افراد اور 2000 مویشیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے، جب کہ 20 ہزار ایکڑ زرعی اراضی پانی میں ڈوب گئی ہے۔

    حویلی لکھا کے قریب دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 95 ہزار 238 کیوسک اور اخراج 81 ہزار 173 کیوسک ہے، ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا اخراج 74 ہزار 390 کیوسک اور پانی کا لیول 19.6 فٹ ہے۔

  • خیرپور: فلڈ ریلیف کیمپ میں 2 سالہ بچی بھوک سے دم توڑ گئی

    خیرپور: فلڈ ریلیف کیمپ میں 2 سالہ بچی بھوک سے دم توڑ گئی

    خیر پور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود 2 سالہ بچی خوراک نہ ملنے کی وجہ سے بھوک سے دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی میں قائم ریلیف کیمپ میں 2 سالہ بچی خوراک نہ ملنے کی وجہ سے انتقال کر گئی۔

    سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ 5 روز سے کیمپوں میں متاثرین کو کھانا دینا بند کر دیا ہے، خوراک نہ ملنے کی وجہ سے 2 سالہ آسیہ بھوک کی وجہ سے انتقال کر گئی۔

    ورثا کے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

    ورثا کا کہنا ہے کہ ہم خاندانی لوگ ہیں مگر ہمارا سب کچھ چھن گیا ہے، انتظامیہ نے خوراک دینا بھی بند کردی ہے، ہم کہاں سے کھائیں گے۔