Tag: فنی خرابی

  • پی آئی اے  کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا، پائلٹ کو روانگی کے 43 منٹ بعد ہی واپس لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے طیاروں میں فنی خرابیاں معمول بن گیا، پی آئی اے کی گوادر کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی اور طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑا۔

    ترجمان ایئرلائن نے بتایا کہ پرواز پی کے 503 صبح 8:13 بجے کراچی سے گوادر کے لیے روانہ ہوئی تھی ، روانگی کے بعد پائلٹ نے طیارے کے انجن میں فنی خرابی کا بتایا اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کو آگاہ کر کےپائلٹ نے 43 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اے ٹی آر 42 طیارے کا کراچی ایئرپورٹ پر معائنہ کیا جا رہا ہے، شعبہ انجینئرنگ سے کلیئرنس ملتے ہی پرواز کو واپس گوادر روانہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کی پرواز میں اچانک خرابی، کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    یاد رہے گذشتہ ہفتے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی میں لینڈ کرایا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، کپتان نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کی واپس کراچی لینڈنگ کی۔

    ترجمان کے مطابق پی کے 300 کے کراچی سے ٹیک آف کے بعد لینڈنگ گیئر بند نہیں ہو رہا تھا، قومی ایئر لائن کے سی ای اوخرم مشتاق بھی کراچی سے اسلام آبادکی پروازمیں سوارتھے۔

  • پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی کی پرواز میں فنی خرابی، جدہ میں واپس لینڈنگ

    پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی کی پرواز میں فنی خرابی، جدہ میں واپس لینڈنگ

    پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی آنے والی پرواز فنی خرابی کے باعث جدہ میں واپس لینڈ کر گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 746 نے رات 2 بجکر 23 منٹ پر جدہ سے کراچی کیلئے ٹیک آف کیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز نے شیڈول کے مطابق صبح 7 بجے کراچی پہنچنا تھا لیکن روانگی کے 30 منٹ بعد ایئر بس طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔

    طالبعلم لاریب کا قتل : ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا معطل

    ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ اے ٹی سی جدہ کی ہدایت پرپائلٹ نے واپسی کا رخ کیا اور ایئربس اے 320 طیارہ سوا گھنٹہ بعد باحفاظت جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔

  • ورجن اٹلانٹک کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    ورجن اٹلانٹک کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    ورجن اٹلانٹک کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے نے لندن سے لاس اینجلس کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم ہنگامی صورتحال کے باعث واپس ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق ورجن اٹلانٹک کی پرواز وی ایس 23 شام 6 بجکر 7 منٹ پر لندن کے ہیتھرو انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے امریکا کے لاس اینجلس ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔

    ٹیک آف کے نصف گھنٹے بعد تک بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ برطانیہ کی فضائی حدود میں ہی تھا کہ طیارے میں فنی خرابی کی اطلاع دی گئی۔

    طیارے سے فلائٹ ریڈار کو بھی ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے۔ اڑان بھرنے کے تقریباً سوا گھنٹے بعد برطانوی ائیرلائن کا طیارہ واپس ہیتھرو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

    اس سے قبل قطر سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہونے والی قطر ایئر ویز کی پرواز خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز کو واپس دوحہ اتار لیا گیا تھا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ائیرویز کی شیڈول پرواز کیو ار 614 نے دوحا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجکر 4 منٹ پر اڑان بھری، مگر طیارے میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا۔

    ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز نے صبح 8 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا تاہم روانگی کے 11 منٹ بعد پرواز 15 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ پائلٹ نے ائیر بس اے 330 میں فنی خرابی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کا رخ واپس دوحہ ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا۔ روانگی کے 22 منٹ بعد طیارہ الورکہ کے قریب سمندر پر گھوم رہا تھا کہ فلائٹ ریڈار کو طیارے سے ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے اور ٹیک آف کے 34 منٹ بعد طیارہ واپس قطر کے دوحا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے پرواز کو اڑان کے تھوڑی دیر بعد جناح ٹرمینل پر لینڈ کروا دیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں ٹیک آف کے بعد معمولی خرابی کا پتہ چلا، طیارے کو انجینئرز کی جانب سے چیک کیا جارہا ہے۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

  • فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    ریاض : انجینئر خالد الفالح کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے،بریک ڈاﺅن کی تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی، صنعت و قدرتی وسائل انجینئر خالد الفالح نے ملک کے جنوبی علاقوں میں فنی خرابی کے باعث بجلی کے عارضی تعطل پر ذاتی طور پر عوام سے معذرت کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انجینئر الفالح نے کہا کہ فنی خرابی کے باعث ملک کے جنوبی علاقوں میں کچھ دیر بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا جس پر وہ متاثرہ علاقے کی عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ میں اور میری پوری ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پرمتاثرہ علاقوں میںبجلی کی بحالی کے لیے کوششیں کیں، متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے جب باقی کچھ علاقوں کو بھی جلد ازجلد بجلی بحال کردی جائے گی۔

    سعودی وزیر نے کہا کہ بجلی بریک ڈاﺅن کے اور اس کی بحالی میں تاخیرکے اسباب کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ غفلت برتنے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • سام سنگ نوٹ 8، بیٹری سے متعلق صارفین کو مسائل کا سامنا

    سام سنگ نوٹ 8، بیٹری سے متعلق صارفین کو مسائل کا سامنا

    سام سنگ نوٹ 8 صارفین میں نہایت مقبول ہوچکا ہے بلکہ کچھ لوگ اسے آئی فون سے بہتر فون قرار دے رہے ہیں تاہم کچھ صارفین شکایات بھی رکھتے ہیں۔

    سوشل میڈیا وہ پلیٹ فارم ہے جہاں کسی بھی پراڈکٹ کی خوبیاں اور خامیاں فوری طور پر منظر عام پر آجاتی ہیں اور جہاں صارفین اپنے تجربات اور مشاہدات پر مبنی تبصروں کی لائن لگا دیتے ہیں۔

    سام سنگ نوٹ 8 کے حوالے سے سب سے زیادہ شکایات بیٹری کے حوالے سے موصول ہورہی ہیں جس میں چارجنگ کرتے ہوئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور بیٹری کی ٹائمنگ بھی زیادہ نہیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ سام سانگ نوٹ 8 کی اسکرین ٹائپنگ کے دوران خود بخود بند ہو جاتی ہے جب کہ ٹائپنگ کرتے ہوئے بھی مسائل کا سامنا ہے۔

    سام سنگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سام سنگ نوٹ 8 کامیاب ترین موبائل فون سیٹ ہے تاہم کچھ سیٹس میں خرابی کی اطلاعات آئی ہیں جنہیں دور کیا جارہا ہے لیکن ایسی شکایات کی تعداد نہایت کم ہے۔

    سام سنگ انتظامیہ نے مزید کہا کہ اگر بیٹری سے متعلق کچھ مسائل سامنے آتے ہیں تو اسے صارفین کو بھی آگاہ کیا جائے گا لیکن ابھی کوئی ایسی صورت حال نظر نہیں آتی۔

    یاد رہے اس سے قبل سام سنگ نوٹ 7 میں بھی بیٹری کے خراب ہونے، گرم ہوجانے اور کچھ سیٹس میں تو بیٹری پھٹ جانے کے واقعات بھی سامنے آئے تھے.

  • کراچی میں ایک ہفتےمیں تیسر ا بڑا بریک ڈاون ،شہری بلبلا اُٹھے

    کراچی میں ایک ہفتےمیں تیسر ا بڑا بریک ڈاون ،شہری بلبلا اُٹھے

    کراچی: کے الیکٹرک کی نااہلی کراچی کےشہریوں کے لئے درد سر بن گئی۔ رات گئے ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے شہرکا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا،کےالیکٹرک نے اس بار خرابی کی ذمے داری ہوا کی نمی پرڈال دی۔

    روشنیوں کا شہر اندھیروں کی پہچان بن گیا،کے الیکٹرک کا خستہ حال نظام ایک ہفتے کے دوران تیسری بار جواب دے گیا، بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا ۔ ملیر، شاہ فیصل ، لیاقت آباد، بفرزون ، نیو کراچی ، لانڈھی، کورنگی، بہادر آباد ،نارتھ کراچی ، ناظم آباد ،گارڈن ،میٹرول سمیت کئی علاقے اندھیروں میں ڈوب گئے۔

    شہریوں کی بڑی تعدادنے رات جاگ کر گزاری، سحری میں بھی شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا،گولیمار سمیت کئی علاقوں میں بجلی کے مارےسڑکوں پر نکال آئے اور ہاتھ تک جوڑدیئے۔

    ادھرکے الیکٹرک نے اس بارنرالی منطق اپنائی اور بہانہ بنایا کہ ہوا میں نمی کے باعث ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے دس گرداسٹیشنز ٹرپ کرگئے ہیں۔

     دوسری جانب پپری ،دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنزپر گھنٹوں بجلی معطل رہنے سے پانچ کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیاجاسکا۔جس سے شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا اور شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے۔

  • گڈو پاور پلانٹ 220 کے وی کی لائن ٹرپ، 16 یونٹ بند

    گڈو پاور پلانٹ 220 کے وی کی لائن ٹرپ، 16 یونٹ بند

    اسلام آباد: گڈو پاور پلانٹ کی دو سو بیس کے وی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بجلی گھر کے سولہ یونٹ بند ہوگئے ہیں ، پلانٹ کی بندش سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں بجلی بند ہوگی۔

    این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث گڈو پاور پلانٹ کی میں ٹرانشمیشن لائن ٹرپ کرگئی، گڈو پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    بجلی کی فنی خرابی کے باعث لاہور کے متعدد علاقے ساڑھے چار گھنٹوں سے بجلی سے محروم رہے ، مرمتی کام جاری ہوجانے کے باوجود گڈو، دادو ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی ترسیل مکمل بحال نہ ہوسکی۔

    ملتان شہر بھی اس بریک ڈاؤن سے بری طرح متاثر ہوا، ملتان میں بھی آٹھ گھنٹے بجلی غائب رہی، اس کے علاوہ ضلع بارکھان، کوہلو اور موسی خیل میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    واضح رہے کہ ملک میں 20 دسمبر کو بھی بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا تھا، بجلی کے بریک ڈاون سے لاہور ، گجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی تمام لائیٹس بندہو گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے کی وجہ سے بجلی کا دو مرتبہ بریک ڈاؤن ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق فرنس آئل کی فراہمی میں کمی، دھند کی شدت میں اضافہ اور ٹرانسمیشن لائنوں کی خرابی کے باعث بریک ڈاؤن ہو رہے ہیں۔

  • پاکستان اسٹیل کے پلانٹ میں فنی خرابی کو دور کردیا گیا

    پاکستان اسٹیل کے پلانٹ میں فنی خرابی کو دور کردیا گیا

    کراچی: پاکستان اسٹیل ملز کا بلاسٹ فرنس چند روز قبل فنی خرابی کی وجہ سے بند ہو گیا تھا۔ جسے پاکستان اسٹیل کے انجنیئرز نےبہت کم وقت میں ٹھیک کر دیا،ترجمان اسٹیل ملز نے بتایا کہ کنورٹر کی بھی مرمت کر دی گئی ہے۔

    حکومت کی جانب سے اب تک تیرہ ار ب پچاس کروڑ روپے کے بیل آؤٹ پیکیج سے تنخواہیں اور بجلی، گیس کے بل اور دوسرے اسٹورز کی خریداری پر خرچ کئے گئے۔

    اس کے علاوہ ایک لاکھ ٹن سے زائد خام لوہا،دو لاکھ بیس ہزار ٹن کوئلہ پہنچ چکا ہے۔مزید پچپن ہزار ٹن کوئلہ اورپچپن ہزار ٹن خام لوہا نومبرمیں کراچی پہنچ جائے گا۔

  • فنی خرابی :گڈو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیدوار بند

    فنی خرابی :گڈو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیدوار بند

    ملک میں بجلی کا بحران مزید شدید ہوجانے کا خدشہ ہے۔ گڈو پاور پلانٹ سے فنی خرابی کے باعث بجلی کی پیدوار بند ہوگئی ہے
    حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود رمضان میں بھی عوام گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ برداشت کر رہے ہیں۔دوسری جانب آٹھ ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گدو پاور ہاؤس میں فنی خرابی کے باعث سات سو پچاس میگاواٹ بجلی کی پیداوار بند ہوگئی ہے

    جبکہ نندی پور پاورہاوس سے بھی ایندھن کی قلت کیوجہ سے بجلی کی پیداور معطل ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے مئی دوہزار چودہ میں گدو پاور ہاؤس کا افتتاح کیا تھا اور افتتاح کے دو ماہ بعد ہی اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث گدو پاور ہاؤس بند ہوگیا ہے ۔