Tag: فوائد

  • روزانہ غسل کا وہ فائدہ جس سے آپ ناواقف تھے

    روزانہ غسل کا وہ فائدہ جس سے آپ ناواقف تھے

    روزانہ غسل کرنا نہ صرف انسان کی طبیعت میں تازگی پیدا کرتا ہے بلکہ سستی کو بھی دور بھگاتا ہے لیکن حال ہی میں ماہرین نے اس حوالے سے ایک اور خوش کن تحقیق کی ہے۔

    حال ہی میں ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ غسل کے لیے گرم پانی کا استعمال انسانی جسم کے لیے ورزش کا متبادل ہو سکتا ہے۔

    برطانیہ کی کووینٹری یونیورسٹی میں کی گئی ایک سائنسی تحقیق سے پتہ چلا کہ باقاعدگی سے گرم شاور لینے سے خون کے بہاؤ، جسمانی درجہ حرارت اور دل کے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

    گرم پانی سے غسل کے فوائد ورزش کے فوائد سے ملتے جلتے ہیں جیسے کہ گرم پانی سے مستقل طور پر نہانا دل کی صحت، خون کی رگوں اور خلیوں کی پیداوار اور ان کی بہتری کے لیے مفید ہوتا ہے۔

    اس کے دیگر فوائد میں بلڈ پریشر کنٹرول کرنا، سوزش کم کرنا اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں میں بلڈ شوگر کنٹرول کرنا شامل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے ورزش بہت کم لوگ کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس یا تو وقت کم ہوتا ہے یا کوئی ایسا محرک نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ورزش جاری رکھی جائے۔

    بوڑھوں یا دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے بھی روز ورزش ایک مشکل کام ہے۔

    اگرچہ صحت میں بہتری لانے کے لیے ورزش بہترین طریقہ ہے لیکن تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ گرم پانی سے نہانا ان لوگوں کے لیے متبادل ہو سکتا ہے جو کسی وجہ سے ورزش نہیں کر سکتے ہیں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ کووینٹری یونیورسٹی کے محققین کی ٹیم نے ایسے رضا کاروں کے کیس اسٹڈی کے نتائج کا تجزیہ کیا جو گرم ٹب اور سائیکلنگ میں برابر کا وقت گزارتے تھے۔

    اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ ورزش چربی سے چھٹکارا پانے، پٹھوں کو مضبوط کرنے میں زیادہ فائدہ مند ہے، لیکن گرم پانی سے غسل سے بھی جسمانی درجہ حرارت دل کی دھڑکن اورخون کے بہاؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔

  • آلو بخارے کے سینکڑوں فوائد

    آلو بخارے کے سینکڑوں فوائد

    رواں سیزن کا پھل آلو بخارا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، اور بے شمار جسمانی فائدے پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے شرکت کی اور انہوں نے آلو بخارے کے فوائد بتائے۔

    حکیم نذیر کا کہنا تھا کہ آلو بخارا سرد مزاج کا حامل پھل ہے، اور ٹھنڈے پہاڑی علاقوں میں پیدا ہوتا ہے۔ اس کا استعمال ہارٹ اٹیک، فالج اور غشی کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے لہٰذا بالوں کی نشونما اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین ہے جبکہ یہ اینٹی ڈپریسنٹ بھی ہے اور جسم میں خون کی کمی بھی دور کرتا ہے۔

    حکیم نذیر کے مطابق آلو بخارا معدے اور نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے جبکہ یہ یرقان، ہیپاٹائٹس اور پیٹ کے کیڑوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خشک آلو بخارے کے 4 دانے ایک گلاس پانی میں بھگو دیں اور اس میں ایک چمچ سونف شامل دیں۔ حاملہ خواتین حمل کے دوران متلی اور کمزوری کی صورت میں اسے چھان کر نہار منہ کر پی لیں۔

    علاوہ ازیں اس کے پتے ناریل کے تیل میں ایک گھنٹہ دھوپ میں رکھیں، اس کے بعد اس تیل کو بالوں میں لگائیں بالوں کے متعدد مسائل جیسے خشکی، بال جھڑکنا، بے رونقی وغیرہ کا خاتمہ ہوگا اور بال لمبے اور گھنے ہوں گے۔

  • اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے تھے

    اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے تھے

    کھٹی میٹھی اسٹرابیری بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتی ہیں، لیکن انسانی جسم اور صحت پر اس کے اثرات سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔

    دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد میں پاکستان میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔

    ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم، ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈک خصوصیات اور فلیونوائڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کے لیے مفید قرار دیئے جاتے ہیں، اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

    غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے، وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقت ور بناتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے حیرت انگیز فوائد

    کھٹی میٹھی اسٹرابیری نہ صرف کھانے میں مزیدار ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال انسان کو صحت مند بناتا ہے اور خون کی افزائش بڑھاتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے نہ صرف انسان کی قوت مدافعت بڑھتی ہے بلکہ اسٹرابیری کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خدشات کو بھی دور کرتا ہے۔

    اسٹرابیری کا استعمال خواتین کے جسم میں نسوانی ہارمون کی سطح بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے پر اضافی بالوں جیسی شکایت کا خاتمہ ہوتا ہے۔

    اسٹرابیری جوڑوں کے درد کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔

    اسٹرابیری کھانے سے کینسر جیسے مہلک بیماری سےبچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

    اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے دوا کا کام کرتا ہے، تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود اجزاء رگوں میں خون کی روانی کو کم کر کے متوازن کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

    اسٹرابیری جگر کے لیے بھی بہت مفید ہے، جگر کی کارکردگی سے متعلق شکایت جیسے کہ ہیپاٹائٹس میں خالی پیٹ 2 سے 3 کپ روزانہ اسٹرابیری جوس کا پینا جگر کو قوت دیتا ہے۔

    اسٹرابیری کے استعمال سے پھیپڑوں کی نمی دور ہونے سے خشک کھانسی دور ہوجاتی ہے۔

    اسٹرابیری کھانے سے نظر بھی واضح اور صاف ہوتی ہے۔

    اسٹرابیری کولیسٹرول کے نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے، یہ خون میں موجود کولیسٹرول کی سطح کم کر کے خون کو پتلا کرتی ہے۔

    اسٹرابیری تھکن کو دور کرتی ہے، فرحت بخش احساس جگاتی ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بھی کرتی ہے۔

  • دار چینی اور الائچی کے حیران کن فوائد

    دار چینی اور الائچی کے حیران کن فوائد

    دار چینی اور الائچی انسانی صحت کے لیے بے شمار فوائد کی حامل اشیا ہیں، معمولی مقدار میں ان کا باقاعدہ استعمال جسم کو بہت سے فوائد پہنچا سکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس، ڈاکٹر ام راحیل، ڈاکٹر بتول اور رانی آپا نے شرکت کی اور دار چینی اور الائچی کے فائدے بتائے۔

    دار چینی اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل ہے۔ موسم گرما میں ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیے دار چینی بہترین ہے۔

    رانی آپا نے بتایا کہ جلد پر داد و خارش ہونے کی صورت میں دار چینی پاؤڈر کو شہد میں ملا کر دن میں 2 دفع جلد پر لگائیں، 3 دن کے اندر داد ختم ہوجائے گی۔

    اسی طرح دار چینی کا پانی انسولین کو کنٹرول میں رکھتا ہے اور وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    الائچی بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے، علاوہ ازیں تیزابیت ختم کرنے کے لیے اگر چھوٹی الائچی کا استعمال کیا جائے تو تیزابیت میں فوراً کمی واقع ہوجاتی ہے۔

  • ناشتے میں کھائی جانے والی وہ غذا جو بے حد فائدہ مند ہے

    ناشتے میں کھائی جانے والی وہ غذا جو بے حد فائدہ مند ہے

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ روزانہ ناشتے میں دلیہ کھانا دن کے آغاز پر ایک بھرپور غذا ہے جس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔

    دلیہ ایک صحت بخش اور ہلکی پھلکی غذا ہے جو جسم کو بھرپور توانائی فراہم کرتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دلیہ امراض قلب کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے ناشتے میں دلیے کا انتخاب کیا تو گویا آپ نے ایک بہترین غذا کا انتخاب کیا ہے۔ غذائیت سے بھرپور دلیہ آپ کو سارا دن چاک و چوبند اور توانا رکھے گا اور آپ ایک متحرک اور بھرپور دن گزاریں گے۔

    صرف ناشتے میں ہی نہیں، بلکہ دن کے کسی بھی حصے میں دلیہ کھانا آپ کو یکساں فوائد فراہم کرتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ دلیے کے بے شمار فوائد ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں۔

    دلیہ کولیسٹرول میں کمی کرتا ہے۔

    امراض قلب کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

    قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

    خون میں شوگر کی سطح کو معمول کے مطابق رکھ کر ذیابیطس کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    بچوں کو استھما سے بچاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف اقسام کے فلیورڈ سیریلز میں مصنوعی مٹھاس ڈالی جاتی ہے جو موٹاپے سمیت کئی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کی جگہ سادے دلیہ کا استعمال جسم کے لیے بہترین غذا ہے۔

  • ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلوا ویرا حیرت انگیز خصوصیات کا حامل پودا ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بے حد مفید ہے، اس کے فوائد کی فہرست طویل ہے۔

    بین الاقوامی میگزین میں شائع ایک مضمون کے مطابق ایلو ویرا کے پتے میں جیل کی ایک تہہ ہوتی ہے جو 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے، اس ایلو ویرا جیل میں امینو ایسڈ اور وٹامن اے، سی اور آئی پائے جاتے ہیں۔

    ایلو ویرا جیل بہت سی بیماریوں، بالوں اور جلد کی حفاظت اور ان کے علاج میں استعمال ہونے والے انتہائی قدرتی مادوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ اس کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔

    ایلوا ویرا کیل مہاسے ختم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اس کا جیل جراثیم کش اور انسداد سوزش کی خصوصیات کی حامل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں جلد کے لیے اہم غذائی اجزا بھی شامل ہوتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر چہرے پر لگانے سے یہ کیل مہاسوں کے علاج میں واضح طور پر مفید ثابت ہوتا ہے۔

    جلی ہوئی جلد کے علاج اور اس کی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل میں خصوصی صلاحیت ہوتی ہے۔ اسے روزانہ کئی بار جلے ہوئے مقام پر لگانے سے زخم درست ہو جاتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل خشک جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو نمی بخشتا ہے اور اس کا سوکھا پن دور کرتا ہے۔

    آنکھوں کے گرد ایلو ویرا جیل کا استعمال آنکھوں کی بیماریوں اوران کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ہوتے ہیں، اس کے استعمال سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد توانا رہتی ہے۔

    ایلوویرا جیل ان تکلیف دہ زخموں کا علاج بھی کرتا ہے جو ہونٹوں کے اطراف میں بنتے ہیں، اس کا دن میں دو بار استعمال زخموں کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل پلکوں کے بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نرم اور چمکدار بناتا ہے، یہ ان کی لمبائی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل کے مضر اثرات بھی ہوسکتے ہیں، کچھ لوگوں کو اس کے استعمال سے الرجی کے مسائل یا دوسرے مضر صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کسی بھی ڈائیورٹیکس یا ذیابیطس کی دوائیاں لینے کی صورت میں اس کے استعمال سے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گردوں کے مسائل، پوٹاشیم کی کمی، کمزوری، اسہال، متلی اور پیٹ میں درد کی صورت میں بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور پیاز سے الرجی رکھنے والوں کو بھی ایلو ویرا جیل استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔ کسی بھی سرجری سے قبل بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔

  • سیاہ زیتون کے یہ فوائد جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    سیاہ زیتون کے یہ فوائد جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    ویسے تو ہر سبزی اور پھل کے کچھ نہ کچھ فوائد موجود ہیں لیکن کچھ اشیا ایسی ہیں جن کے فوائد بیش بہا ہیں، سیاہ زیتون بھی انہی میں سے ایک ہے۔

    ایک سعودی میگزین میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق ڈائیٹ آف ٹاؤن کلینک سے تعلق رکھنے والی ماہر غذائیت نے سیاہ زیتون کے حیرت انگیز فوائد بتائے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ زیتون میں وٹامن اے کی بھرپور مقدار ہوتی ہے۔ وٹامن کی یہ قسم آنکھوں کے لیے مفید ہوتی ہے، اس سے نظر درست رہتی ہے۔

    سیاہ زیتون میں ترش اجزا کی بڑی مقدار ہوتی ہے جو جلد اور بالوں کے لیے مفید ہوتی ہے اور ان میں تازگی پیدا کرتی ہے، سیاہ زیتون کے روزانہ چند دانے کھانے سے بال چمکدار ہوتے ہیں اور جلد پر نشانات ختم ہو جاتے ہیں۔

    ہاضمے کی بہتری کے لیے بھی سیاہ زیتون بہت فائدہ مند ہے، اس میں شامل غذائی ریشے آنتوں کی نقل و حرکت کو بہتر بنانے، قبض، اپھارہ اور گیس کے امکانات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    سیاہ زیتون میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو درد ختم کرنے میں معاون ہوتے ہیں، مختلف سائنسی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے کہ سیاہ زیتون کے دانے درد ختم کرنے میں اتنے ہی مفید ہوتے ہیں جتنی ایک درد کش گولی ہوتی ہے۔

    سیاہ زیتون دل کی صحت اور خون کی رگوں کے لیے نے حد فائدہ مند ہے۔ یہ خون میں کولیسٹرول کی مقدار کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سیاہ زیتون کا استعمال اعتدال سے کرنا چاہیئے، مختلف فوائد کے حصول اور وزن میں کمی کے لیے پانچ دانوں سے زیادہ مت کھائیں۔

  • گرم پانی پینے کے حیران کن فوائد

    گرم پانی پینے کے حیران کن فوائد

    پانی کسی بھی جاندار کے زندہ رہنے کے لیے نہایت ضروری ہے، طبی ماہرین کے مطابق دن میں کم از کم 8 گلاس پانی انسانی جسم کے لیے ضروری اور فائدہ مند ہے۔

    تاہم ہم میں سے بہت سے افراد نہیں جانتے کہ گرم پانی ان فوائد کو دگنا کرسکتا ہے، خصوصاً صبح اٹھنے کے بعد نہار منہ گرم پانی پینا اور عموماً دن کے کسی بھی حصے میں گرم پانی پینے کے بے شمار فوائد ہیں۔

    آئیں دیکھتے ہیں گرم پانی پینے کے کیا فوائد ہیں۔

    گرم پانی پینے کا سب سے پہلا فائدہ وزن میں کمی ہے، گرم پانی جسمانی میٹا بولزم کو تیز کرتا ہے جس سے وزن میں کمی ہوتی ہے۔ گرم پانی چربی والے ٹشوز کو توڑنے میں بھی مددگار ہے۔

    گرم پانی نزلہ زکام، گلے کی خراشوں اور ناک منہ کی دیگر بیماریوں میں کمی کرتا ہے۔ گرم پانی سے بلغم جمع ہونے کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔

    گرم پانی سے جسم میں جمع فاسد مادوں کا اخراج تیزی سے ہوتا ہے۔

    اس سے ہاضمے کا نظام بھی بہتر ہوتا ہے اور پیٹ میں مروڑ یا قبض کی شکایت دور ہوتی ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق گرم پانی جلد کے ٹوٹے پھوٹے خلیات کو مندمل کرتا ہے جس سے جلد چمکدار اور صاف ہوتی ہے جبکہ جھریاں پڑنے کی رفتار بھی کم ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں اس سے چہرے کی ایکنی میں بھی کمی آتی ہے۔

    گرم پانی جلد کی خشکی کو ختم کرتا ہے جس سے نہ صرف جسم بلکہ سر کے بالوں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

    گرم پانی رگوں اور شریانوں میں جا کر ان کی صفائی کرتا ہے جس سے دوران خون تیز اور رواں ہوتا ہے، اس سے پورے انسانی جسم اور دماغ کو فائدہ ہوتا ہے۔

  • ناشتے میں آئسکریم کھانے کے فوائد، کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ؟

    ناشتے میں آئسکریم کھانے کے فوائد، کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ؟

    ناشتہ جسم اور دماغ کو چاق و چوبند رکھنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ ساری رات سونے کے بعد صبح اٹھ کر ہمارے سست دماغ اور جسمانی اعضا کو ایک بھرپور غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ایسے میں ناشتے کا انتخاب ایسا کیا جانا چاہیئے جو جسم اور دماغ کو توانائی فراہم کرسکتا ہو۔ غیر صحت مند اشیا جیسے مرچ مصالحے دار غذائیں، میٹھی اشیا اور جنک فوڈ فوائد پہنچانے کے بجائے الٹا نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

    اس سے قبل کئی تحقیقوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ناشتے میں چاکلیٹ کھانا دماغی استعداد اور کارکردگی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، اب ایسی ہی کچھ تحقیق آئسکریم کے بارے میں بھی سامنے آئی ہے۔

    ایک جاپانی ویب سائٹ میں شائع ہونے والے مضمون میں، ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ناشتے میں آئسکریم کھانا آپ کو سارا دن چاک و چوبند اور دماغ کو فعال اور تازہ دم رکھ سکتا ہے۔

    تحقیق میں ناشتے میں آئسکریم کھانے اور نہ کھانے والے افراد کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ جن افراد نے نیند سے اٹھتے ہی آئسکریم کھائی وہ دن بھر میں دماغی الجھن کا کم شکار ہوئے جبکہ انہوں نے مختلف چیزوں پر فوری ردعمل دیا۔

    یہ تحقیق انگریزی میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، لیکن پھر اچانک ہی یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جاپانی ویب سائٹ نے ایک آئسکریم برانڈ کی تشہیر کے لیے اس تحقیق کو استعمال کیا۔

    مذکورہ ویب سائٹ نے اصل تحقیق کا لنک بھی نہیں دیا جس کے باعث اس تحقیق کی جانچ کرنا مزید مشکل ہوگیا اور یوں یہ تحقیق متنازعہ بن گئی۔

    آئیں ہم جائزہ لیتے ہیں کہ یہ تحقیق کس حد تک درست ثابت ہوسکتی ہے۔

    آئسکریم میں عمومی طور پر شامل کیے جانے والے اجزا میں انڈے کی زردی، شوگر، دودھ، کریم اور پھل شامل ہیں۔ اگر آئسکریم میں صرف یہی اجزا شامل ہوں تب تو یہ واقعی فائدہ مند ہے۔

    لیکن ہم جانتے ہیں کہ مختلف برانڈز اپنی آئسکریم میں صرف یہی اشیا استعمال نہیں کرتے۔ وہ آئسکریم میں بے تحاشہ چینی، مصنوعی مٹھاس اور مصنوعی رنگ شامل کرتے ہیں۔ یہ تمام اشیا انسانی صحت کے لیے نہایت مضر ہیں۔

    ماہرین متفق ہیں کہ ان اشیا کا صرف ایک بار بھی استعمال صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے تو ان کا روزانہ استعمال کس قدر نقصان دہ ہوگا۔ بے تحاشہ چینی اور مصنوعی رنگ موٹاپے، ذیابیطس، سر درد حتیٰ کہ امراض قلب اور فالج تک کا سبب بن سکتے ہیں۔

    لہٰذا ایک بات تو طے ہے کہ بازار میں ملنے والی عام آئسکریم کسی بھی طور صحت کے لیے مفید نہیں۔ ہاں البتہ اگر آپ گھر میں صحت بخش اشیا سے آئسکریم تیار کرنا چاہیں تو یہ آئسکریم یقیناً آپ کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

  • جادوئی ایلو ویرا کے پلک جھپکتے میں ملنے والے فوائد

    جادوئی ایلو ویرا کے پلک جھپکتے میں ملنے والے فوائد

    ایلو ویرا ایک ایسا جادوئی پودا ہے جو اپنے بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد اور بالوں کے لیے نہایت مفید ہے جبکہ اس کا پینا بھی فائدہ مند ہے۔

    آج ہم آپ کو ایلو ویرا کے چند فوائد بتا رہے ہیں جو صرف چند دن کے استعمال سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    بالوں کی خشکی کے لیے

    ایلو ویرا کا گودا، کنڈیشنر، زیتون کا تیل اور کھوپرے کا تیل ملا کر گرینڈ کرلیں۔ اس آمیزے کو بالوں میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھو لیں۔ بال نہایت صاف ستھرے اور نرم ملائم ہوجائیں گے۔

    جلد کے لیے

    باقاعدگی سے ایلو ویرا چہرے پر لگانا جلد کو شفاف اور نرم کرتا ہے۔ اگر ایلو ویرا کو چاول کے آٹے میں مکس کر کے لگایا جائے تو یہ جھائیوں اور سیاہ حلقوں کا قدرتی علاج ہوگا۔

    سن برن کے لیے

    دھوپ سے جھلسی جلد کے لیے ایلو ویرا کا گودا آئس کیوبز ٹرے میں ڈال کر جما لیں۔ جمنے کے بعد برف بنے ایلو ویرا کی جلی ہوئی جلد پر ٹکور کریں۔

    ہاتھ پاؤں کی خشکی

    موسم سرما کے علاوہ موسم گرما میں بھی پانی کی کمی کی وجہ سے جلد خشک ہوجاتی ہے۔ اس کے لیے ایلو ویرا کا پتہ شہد کے ساتھ پیس لیں اور اسے ہاتھ پاؤں کی خشک جلد پر لگائیں۔ پہلی ہی بار میں واضح فرق نظر آئے گا۔

    قدرتی میک اپ ریموور

    بازار سے میک اپ ریموور خریدنے کے بجائے گھر میں ہی ایلو ویرا کا گودا، شہد اور گلیسرول ملا کر گرینڈ کر کے قدرتی میک اپ ریموور تیار کرلیں۔ یہ نہ صرف میک اپ صاف کرے گا بلکہ جلد کو بھی ترو تازہ کردے گا۔