Tag: فوائد

  • دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر لنچ کرنے کا نقصان

    دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر لنچ کرنے کا نقصان

    کیا آپ اپنے دفتر میں روزانہ اپنی ڈیسک پر کھانا کھاتے ہیں اور شاذ ہی کہیں باہر کھانے جاتے ہیں؟ تو پھر آپ کی زندگی کی بے اطمینانی اور ناخوشی کا ایک اہم سبب یہی ہے۔

    یونیورسٹی آف سسکیس میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ملازمین کا روزانہ اپنی ڈیسک پر بیٹھ کر لنچ کرنا انہیں اپنے کام کے حوالے سے بوریت کا شکار کردیتا ہے۔

    اس کا یہ مطلب نہیں کہ روزانہ کہیں باہر، کسی ریستوران میں جا کر کھانا کھایا جائے۔ دراصل اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کھلی جگہ، تازہ ہوا میں مثلاً کسی پارک یا ساحل سمندر پر بیٹھ کر لنچ کرنا آپ کو اپنی ملازمت سمیت زندگی کے دیگر معاملت میں بھی مطمئن بنا سکتا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے ماہرین نے متعدد دفتری ملازمین کے کھانے کے معمول اور ان کے رویے کی جانچ کی۔ ماہرین نے دیکھا کہ روزانہ اپنی ڈیسک پر یا دفتر کے کیفے میں بیٹھ کر کھانا کھانے والے افراد میں ذہنی تناؤ کی سطح بلند تھی۔

    اس کے برعکس وہ افراد جنہوں نے کھلی فضا سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کھانا کھایا، ان میں خوشی کے جذبات پیدا ہوئے جبکہ زندگی کے مختلف معاملات کے حوالے سے ان کا مثبت نقطہ نظر سامنے آیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دراصل فطرت سے ہمارے اس ٹوٹے ہوئے تعلق کی طرف اشارہ ہے جس کی وجہ سے ہم بے شمار مسائل میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    فطرت سے باقاعدہ تعلق رکھنا، کھلی فضا میں چہل قدمی، ساحل سمندر پر جانا یا پہاڑوں اور درختوں کے درمیان وقت گزارنا ہمیں بے شمار دماغی مسائل سے بچا سکتا ہے جس میں سر فہرست ڈپریشن سے نجات اور خوشی کا حصول ہے۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ دفاتر میں لنچ کے اوقات میں ملازمین کو باہر جانے کی اجازت دینی چاہیئے۔ اس سے ان کی تخلیقی صلاحیت اور کام کرنے کی رفتار اور معیار میں اضافہ ہوگا۔

  • وہ بیماریاں جن کا علاج فزیو تھراپی سے ممکن ہے

    وہ بیماریاں جن کا علاج فزیو تھراپی سے ممکن ہے

    فزیو تھراپی ورزش کرنے اور جسم کو حرکت دینے کا ایک طریقہ ہے، کیا آپ جانتے ہیں فزیو تھراپی سے آپ بے شمار بیماریوں کا علاج کر سکتے ہیں؟

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون کون سی بیماریاں ہیں۔

    امراض قلب

    فزیو تھراپی نہ صرف امراض قلب کا شکار افراد کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ یہ امراض قلب سے تحفظ بھی دے سکتی ہے۔ فزیو تھراپی میں جسم کے مختلف حصوں کی حرکت سے دوران خون تیز ہوتا ہے اور دل درست طریقے سے اپنا کام کرسکتا ہے۔

    وہ افراد جنہیں دل کا دورہ پڑ چکا ہو ان کے لیے فزیو تھراپی ری ہیبی لیٹیشن پروگرامز بہت ضروری ہیں، اس کے لیے کسی ماہر امراض قلب کی مدد لی جاسکتی ہے۔

    مثانے کی کمزوری

    مثانے کی کمزوری کسی شخص میں پیشاب کنٹرول کرنے کی صلاحیت میں کمی کرتی ہے، فزیو تھراپی مثانے کے آس پاس کے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے جس سے اس مسئلے میں کمی آسکتی ہے۔

    ہڈیوں کا بھربھرا پن

    آسٹیو پروسس یا ہڈیوں کا بھربھرا پن ایک عام بیماری ہے جس کا سب سے بڑا شکار خواتین ہیں۔ فزیو تھراپی کی مدد سے اس بیماری اور متوقع خطرات کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کی جاسکتی ہے۔

    بچوں کی نشونما میں معاون

    فزیو تھراپی سے ایسے بچوں کی نشونما میں بہتری آسکتی ہے جو پیدائشی طور پر کمزور ہوں اور دیر سے اٹھنا، بیٹھنا اور چلنا شروع کریں۔

    سر درد

    فزیو تھراپی سر درد کی کئی اقسام مثلاً میگرین، کلسٹر ہیڈ ایک اور سٹریس ہیڈ ایک وغیرہ میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے۔

    کمر درد

    کمر درد ہر عمر کے افراد کو ہوسکتا ہے، خاص طور پر ایسے افراد جو اپنے دن کا بڑا حصہ دفاتر میں بیٹھ کر گزارتے ہیں۔ فزیو تھراپی میں مساج اور ورزش کی مدد سے اس درد میں نہ صرف کمی لانا بلکہ اس سے مکمل طور پر چھٹکارہ پانا بھی ممکن ہے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی تجاویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

    مضمون بشکریہ: مرہم

  • فالسے کے حیران کن فوائد

    فالسے کے حیران کن فوائد

    فالسہ موسم گرما میں شوق سے کھایا جانے والا پھل ہے۔ اس کا جوس گرمی بھگانے اور فرحت پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    فالسے میں وٹامن بی اور سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جبکہ آئرن اور نمکیات اس کے اہم غذائی اجزا ہیں۔ اس میں 81 فیصد پانی کے علاوہ پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹس بھی موجود ہوتا ہے۔

    اس پھل کے کچھ حیران کن فوائد بھی ہیں جو شاید آپ آج سے پہلے نہیں جانتے ہوں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فالسہ کا استعمال گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے اور پیاس بجھانے کا اہم ذریعہ ہے۔

    یہ سرد تاثیر کا حامل پھل ہے جس کی وجہ سے معدے کی گرمی، سینے کی جلن، مسوڑھوں سے خون آنا، معدے کے السر اور شوگر میں کمی کرتا ہے۔

    فالسہ معدہ و جگر کو تقویت دیتا ہے اور جسم سے گرمی کا اخراج کرتا ہے۔

    فالسہ دل کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔

    یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جس سے کینسر کے خطرے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    فالسہ خون کو صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف اور صحت مند رہتی ہے۔

    فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہے۔ یہ نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول کرتا ہے۔

    یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔

    شدید گرمی اور لو میں فالسے کا شربت سن اسٹروک سے محفوظ رکھتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ترش اور نیم پختہ فالسے کا استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے اس لیے ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا فالسہ استعمال کیا جانا چاہیئے۔

  • منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    ریاض : سعودی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد و خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محنت اور سماجی ترقی کی وزارت کے سرکاری ترجمان خالد ابا الخیل کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان فوائد میں مسابقت میں اضافہ، سرمایہ کاروں کے لیے کشش اور تجارتی پردہ پوشی پر روک شامل ہے جب کہ اس سے سعودی مرد اور خواتین شہریوں کی ملازمتوں کے مواقع متاثر نہیں ہوں گے۔

    وزارت کے سرکاری ترجمان نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد اور خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    ابا الخیل نے باور کرایا کہ وزارت محنت کی جانب سے مملکت میں بہت سے پیشوں، سرگرمیوں اور سیکٹروں میں کام کو سعودی مرد اور خواتین تک محدود رکھنے کی پالیسی جاری رہے گی۔

    سعودی وزارت محنت میں باخبر ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایا تھا کہ کابینہ کی جانب سے منظور ہونے والا منفرد اقامہ پروگرام سعودی شہریوں کی ملازمتوں کو ہر گز متاثر نہیں کرے گا۔

    مذکورہ ذرائع کے مطابق منفرد اقامہ پروگرام سے مستفید ہونے والوں پر سعودیوں کے لیے مخصوص پیشوں میں کام کرنے پر پابندی ہو گی۔سعودی عرب میں منفرد اقامہ پروگرام کا فیصلہ ملک میں اقتصادی ترقی اور معاشی تنوع سے متعلق اصلاحات کے نفاذ کاحصہ ہے۔

    گذشتہ بدھ کو سعودی شوریٰ کونسل نے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری دی تھی جس کے تحت کاروباری اداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باصلاحیت تارکین وطن کو مملکت میں محدود پیمانے پر کفیل سے آزاد رہ کر زندگی گذارنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    منفرد اقامہ پروگرام دائمی اور عارضی دو اقسام پر مشتمل ہو گا۔ عارضی اقامہ پروگرام محدود اور مخصوص فیس ادا کر کے حاصل کیا جا سکے گا۔ مملکت میں رائج کئے جانے والے منفرد اقامہ پر مقیم تارک وطن کو سعودی عرب میں بعض اضافی مراعات حاصل ہوں گی۔ وہ محدود پیمانے پر سعودی عرب میں کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے سکے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ منفرد اقامہ پروگرام رکھنے والے غیر ملکی کو اپنے خاندان کو ساتھ رکھنے، رشتے داروں کو ملاقات کے لیے بلانے، مزورد منگوانے، جائیداد بنانے، نقل وحمل کے وسائل کی ملکیت حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے عوض طے شدہ ضوابط کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ منفرد اقامہ حاصل کرنے والے کو سعودی عرب میں آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔ دائمی اقامہ غیر معینہ مدت کے لیے ہو گا، یا اس کی تجدید کرائی جا سکے گی۔

  • روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

    روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

    گرمیوں کی آمد آمد ہے ایسے میں کھیرا نہ صرف کھانے کو مزیدار بنا دیتا ہے بلکہ جسم و جاں کو فرحت بھی بخشتا ہے، کھیرے کو عموماً سبزی سمجھا جاتا ہے تاہم کھیرا ایک پھل ہے جو پھول سے بنتا ہے۔

    کھیرا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، کیا آپ جانتے ہیں روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرسکتا ہے؟ آئیں جانتے ہیں۔

    اضافی نمی کی فراہمی

    گرمیوں کے موسم میں جب جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہونے لگتا ہے ایسے میں کھیرا جسم کو اضافی نمی فراہم کرتا ہے۔ کھیرا 95 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے، لہٰذا کھیرے کو کھانے کا مطلب بیک وقت اسے کھانا اور پانی پینا ہے۔

    ضروری غذائیت کا حصول

    ایک کھیرے میں صرف 15 سے 17 کیلوریز ہوتی ہیں تاہم اس میں جسم کو درکار دیگر تمام ضروری منرلز موجود ہوتے ہیں، ان میں فائبر، پروٹین، وٹامن سی، کے، بی، پوٹاشیئم، آئرن، زنک، اور میگنیشیئم شامل ہے۔ کھیرے کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ فائدہ مند ہے۔

    وزن میں کمی

    کھیرے کا باقاعدہ استعمال آپ کو کمزوری کا شکار کیے بغیر آپ کے وزن میں کمی بھی کرتا ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے ایسی غذاؤں کا استعمال ضروری ہے جن میں پانی موجود ہو اور کھیرا اس کا بہترین ذریعہ ہے۔

    کولیسٹرول میں کمی

    کھیرے میں موجود اینٹی آکسائیڈز جیسے وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور میگنیز خون میں کولیسٹرول اور شوگر کی مقدار کو کم کرتے ہیں۔ کھیرا ہر لحاظ سے ایک بہترین غذا ہے چنانچہ اسے ہر کھانے کے ساتھ کھانا معمول بنا لینا چاہیئے۔

  • سردیوں کے پھل نارنگی میں چھپے بے شمار فوائد

    سردیوں کے پھل نارنگی میں چھپے بے شمار فوائد

    سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی فضا میں خشک پتوں اور نارنگی کی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل جو صرف سردیوں میں ہی دستیاب ہوتا ہے اپنے اندر بےشمار فوائد رکھتا ہے۔

    orange-5

    آئیے دیکھتے ہیں اس پھل سے ہمیں کیا کیا فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب کی طرح اگر آپ روز ایک نارنگی کھائیں تو آپ متعدد بیماریوں سے بچے رہنے کے ساتھ ساتھ صحت مند بھی رہیں گے۔

    نارنگی وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے اور ان کے روزانہ استعمال سے جسم کا مدافعتی نظام فعال اور مضبوط ہوتا ہے۔

    نارنگی میں اینٹی آکسیڈنٹ بھی موجود ہوتا ہے جو انسانی جلد کے لیے انتہائی مفید ہے۔ روز نارنگی کھانے سے جلد کے ڈھلکنے کا عمل سست ہوجائے گا اور آپ جوان نظر آئیں گے۔

    orange-2

    اس میں پوٹاشیم، وٹامن اے اور سی ہوتے ہیں جو آنکھوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔

    نارنگی میں موجود وٹامن سی آپ کو سردیوں کے امراض جیسے نزلہ اور زکام سے بھی حفاظت دیتا ہے۔

    اس پھل میں موجود فائبر انسانی معدے کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ معدے کے جملہ امراض سے نجات دلاتا ہے۔ یہ قبض اور معدے کے السر سے بھی نجات دلاتا ہے۔

    نارنگی کھانے میں تو فائدہ مند ہے ہی لیکن اس کے چھلکے بھی اپنے اندر بے شمار خوبیاں رکھتے ہیں جنہیں مندرجہ بالا طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔

    ornage-4

    اس کے چھلکے میں اینٹی بیکٹیریل، فنگل اور کلینزنگ کی خاصیت موجود ہوتی ہے۔ اگر انہیں جلد پر رگڑا جائے تو یہ جلد کو صاف کرتے ہیں۔

    اگر گھر میں کسی قسم کی بدبو محسوس ہورہی ہو تو نارنگی کے چھلکے ابال کر ان میں دار چینی یا لونگ شامل کر کے اس کی بھاپ گھر میں دیں۔ اس کی شاندار خوشبو سے آپ کا گھر معطر ہوجائے گا۔

    نارنگی کے چھلکوں کی انتہائی معمولی مقدار کو کھانوں میں شامل کر لیا جائے تو کھانوں میں سے شاندار خوشبو آئے گی جبکہ کھانا بھی انتہائی ذائقہ دار ہو جائے گا۔

    orange-3

    جن لوگوں کو کولیسٹرول کی شکایت ہے انہیں چاہیئے کہ وہ اپنے کھانے میں نارنگی کے چھلکوں کی ذرا سی مقدار شامل کرلیں۔ یہ بہت جلد جسم کے کولیسٹرول کو معمول کی سطح پر لے آتے ہیں۔

    نارنگی کے چھلکوں کو پیس کر پاؤڈر بنا کر کھانے سے نظام انہضام فعال اور بیماریوں سے پاک ہوجاتا ہے۔

    تو پھر ان سردیوں میں خوب نارنگی کھائیں اور اس کے بے شمار فوائد حاصل کریں۔

  • ادرک کی چائے بے شمار فوائد کا باعث

    ادرک کی چائے بے شمار فوائد کا باعث

    موسم سرما کی آمد ہے اور ایسے میں گرم مشروبات کا استعمال بے حد بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس موسم میں ادرک کی چائے کا استعمال بے شمار فوائد کا باعث بن سکتا ہے۔

    ادرک میں اینٹی بیکٹریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں جبکہ اس میں وٹامن سی، میگنیشیئم اور مختلف معدنیات کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ادرک کی چائے کا روزانہ استعمال جسم کو بے شمار فوائد پہنچا سکتا ہے۔ آئیں دیکھیں وہ فوائد کون کون سے ہیں۔

    قوت مدافعت میں اضافہ

    درد میں کمی

    نظام ہاضمے میں بہتری

    امراض قلب سے حفاظت

    دمے سے حفاظت

    جگر کی صفائی کا قدرتی طریقہ

    نزلہ زکام سے نجات

    گردے کی پتھری کو توڑنے میں معاون

    فالج کے خطرے میں کمی

    کینسر کے خلیات کی افزائش میں کمی

    دوران خون میں اضافہ

  • چاکلیٹ کا عالمی دن چاکلیٹ کھا کر منائیں

    چاکلیٹ کا عالمی دن چاکلیٹ کھا کر منائیں

    کیا آپ جانتے ہیں آج دنیا بھر میں بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ چاکلیٹ کا عالمی دن منایا جارہا ہے؟

    کہا جاتا ہے کہ اب سے 467 سال قبل آج ہی کے دن یورپ میں پہلی بار چاکلیٹ متعارف کروائی گئی تھی اور یہ دن اسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

    دنیا بھر میں چاکلیٹ کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں جن میں تلخ، کھٹے اور پھیکے ذائقے جبکہ سفید، سیاہ اور بھورے رنگ کی چاکلیٹس شامل ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر دانتوں کے لیے نقصان دہ سمجھی جانے والی چاکلیٹ جسمانی و دماغی صحت پر نہایت مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔


    چاکلیٹ کھانے کے فوائد

    آئیں دیکھتے ہیں کہ چاکلیٹ کھانے سے ہم کیا کیا فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

    ایک امریکی طبی جریدے میں چھپنے والی ایک تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے چاکلیٹ کھانا دماغی کارکردگی میں اضافہ کرتا ہے۔

    چاکلیٹ کھانے والوں کی یادداشت ان افراد سے بہتر ہوتی ہے جو چاکلیٹ نہیں کھاتے یا بہت کم کھاتے ہیں۔

    دراصل چاکلیٹ دماغ میں خون کی روانی بہتر کرتی ہے جس سے یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق ناشتے میں چاکلیٹ کھانے والے افراد دن بھر چاک و چوبند رہتے ہیں اور وہ اپنے کاموں میں زیادہ صلاحیت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

    براؤن چاکلیٹ جسم کو نقصان پہنچانے والے کولیسٹرول میں کمی کر کے مفید کولیسٹرول کو بڑھاتی ہے۔

    یہی چاکلیٹ بلڈ پریشر کو معمول کی سطح پر رکھنے میں بھی مددگار ہے۔

    براؤن چاکلیٹ دماغ میں سیروٹونین نامی مادہ پیدا کرتی ہے جس سے ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔ چاکلیٹ ہمارے جسم کی بے چینی اور ذہنی تناؤ میں بھی 70 فیصد تک کمی کرسکتی ہے۔

    یہ جسم میں موجود پولی فینول کو بھی بڑھاتی ہے جس سے خون میں آکسیجن کی روانی بہتر ہوتی ہے۔

    چاکلیٹ میں موجود فلیونولز دل کی شریانوں کو آرام پہنچا کر انہیں سوزش سے بچاتے ہیں اور دوران خون میں بہتری پیدا کرتے ہیں جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

    یہ پٹھوں کے خلیات کی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے اور وہ زیادہ آکسیجن کو خون میں پمپ کرتے ہیں۔

    چاکلیٹ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتی ہے۔

    سیاہ چاکلیٹ کھانسی کے لیے نہایت مفید ہے اور یہ دائمی یا موسمی کھانسی کو ختم کرسکتی ہے۔

    تو کیا خیال ہے آپ کا، اتنے سارے فوائد جاننے کے بعد آپ کون سی چاکلیٹ کھانا پسند کریں گے؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لیموں حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    لیموں حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    لیموں بے شمار فوائد کا حامل پھل ہے جسے مختلف طرح سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لیموں مختلف وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں موجود اجزا جراثیموں کے خلاف مزاحمت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

    لیموں میں موجود وٹامن سی، ای، اے، کاپر، کرومیم، پوٹاشیئم، آئرن اور میگنیشئم جسم کے بے شمار مسائل سے بچاتے ہیں اور طبی طور پر فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    lemon-7

    آج ہم آپ کو لیموں کے ایسے فوائد بتارہے ہیں جن سے شاید آپ پہلے آگاہ نہ ہوں۔


    لیموں کی خوشبو

    لیموں کی مہک اور خوشبو بھی اپنے اندر جادوئی اثرات رکھتی ہے۔

    اگر آپ ایک لیموں کاٹ کر اسے رات بھر کے لیے اپنے کمرے میں رکھ دیں تو آپ اس سے بے شمار فائدے حاصل کرسکتے ہیں۔

    lemon-3

    لیموں کی خوشبو کسی جگہ پر تازگی کا احساس پھیلاتی ہے۔

    یہ خوشبو سانس سے متعلق امراض اور پھیپھڑوں کے مسائل کو حل کرتی ہے۔

    استھما، زکام، یا الرجی کے مرض میں لیموں کو سونگھنا گلے کو صاف کرتا ہے جس سے جسم کے اندر تازہ ہوا کی آمد و رفت بحال ہوتی ہے اور سانس کے بے شمار مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

    lemon-5

    لیموں کی مہک بے چینی یا اینگزائٹی اور ڈپریشن کو بھی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔


    کئی طبی مسائل کا حل

    لیموں کا باقاعدہ استعمال ملیریا اور پیچش سے حفاظت فراہم کرتا ہے۔

    لیموں دراصل خون کو صاف کرتا ہے جس کے بعد جسم کے افعال بہتر ہونے لگتے ہیں اور جلدی مسائل میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    lemon-6

    اس کا روزانہ استعمال جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

    روزانہ ایک گلاس لیموں کا شربت / جوس پینے سے گردوں کی پتھری سے چھٹکارہ پایا جاسکتا ہے۔

    لیموں جلد کے مسائل کے لیے نہایت فائدہ مند شے ہے۔ یہ جلد کی معمولی جھریوں، داغ دھبوں اور نشانات کو مٹانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے لیے لیموں کو کاٹیں اور آدھے حصے کو متاثرہ حصے پر رگڑیں۔

    پاؤں کی ایڑھیوں اور کہنیوں کو نرم اور صاف ستھرا کرنے کے لیے بھی ان پر لیموں رگڑا جاسکتا ہے۔

    lemon-2

    اسے ناخنوں کی صفائی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    غسل کے پانی میں 2 سے 3 قطرے لیموں کے ملا دینے سے دن بھر تازگی کا احساس رہتا ہے۔


    چھلکا بھی بے شمار فوائد کا باعث

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں کے چھلکے میں اس کے گودے سے زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔

    lemon-8

    ماہرین کے مطابق:

    لیموں کا چھلکا قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

    کولیسٹرول میں کمی کرتا ہے۔

    لیموں کا چھلکا کینسر سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

    یہ جسم کے کئی اقسام کے انفیکشن کو ٹھیک کرتا ہے۔

    lemon-4

    لیموں کا چھلکا آنتوں سے نقصان دہ جراثیم کا خاتمہ کرتا ہے۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ لیمن جوس کے بجائے لیمن سموتھی کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ اس میں چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زیتون کے تیل کے 4 حیرت انگیز فوائد

    زیتون کے تیل کے 4 حیرت انگیز فوائد

    زیتون اور زیتون کا تیل بے شمار فوائد رکھنے والی غذائی اشیا ہیں۔ زیتون کے تیل کو پکانے کے علاوہ کاسمیٹکس، دواؤں اور صابن وغیرہ بنانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

    زیتون کا تیل صحت پر بے شمار فوائد مرتب کرنے کے ساتھ حسن و خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں زیتون کا تیل آپ کو کیا کیا فوائد پہنچا سکتا ہے۔


    جلد کی خوبصورتی میں معاون

    olive-2

    زیتون کے تیل میں موجود وٹامن ای اور پولی فینولز جلد کو خوبصورت بناتے ہیں۔ روزانہ چہرے پر اس کا مساج جلد کو جھریوں، جھائیوں اور داغ دھبوں سے نجات دیتا ہے۔


    بہترین موئسچرائزر

    olive-5

    زیتون کا تیل جلد کے لیے بہترین موئسچرائزر ہے اور یہ جلد کو اس کی مطلوبہ نمی فراہم کرتا ہے۔ یہ جلد کے خلیات کو بند نہیں کرتا جس کے باعث جلد کے خلیات میں آکسیجن کی آمد و رفت بند نہیں ہوتی۔


    الزائمر سے تحفظ

    olive-1

    ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود ایک مرکب اولیو سینتھل یادداشت کو بہتر بناتا ہے اور یادداشت کی خرابی جیسے الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے امراض سے روکتا ہے۔


    بالوں کے لیے بہترین

    olive-3

    آپ کے بالوں کی صحت کے لیے سب سے بہترین شے زیتون کا تیل ہے۔ یہ آپ کے بالوں کی بے رونقی اور خشکی کو ختم کر کے انہیں جاندار اور لچکدار بناتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔