Tag: فوادچوہدری

  • پی ٹی آئی حکومت نواز شریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائے گی  ،وزیر اطلاعات

    پی ٹی آئی حکومت نواز شریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائے گی ،وزیر اطلاعات

    اسلام آباد : وزیرطلاعات فوادچوہدری نے کہا پاکستان کی مثبت کوششوں سے توہین آمیزخاکوں کا معاملہ رکا، پی ٹی آئی حکومت نوازشریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائے گی، آرمی چیف نے واضح کیا ہے فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرطلاعات فوادچوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کو گزشتہ رات بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی، پاکستان کی مثبت کوششوں سے توہین آمیزخاکوں کا معاملہ رکا۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کامقابلہ ملتوی ہوگیاہے، ہم نے معاملے پر ترکی اوراوآئی سی کو ساتھ شامل کیا اور ہالینڈ سے شدید احتجاج کیا گیا، جس پر ہمیں کامیابی ملی،اس قسم کے معاملات پر عالمی لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ اس قسم کےاقدامات کرتاہے، مخصوص ٹولے کا مقصد عالمی سطح پر کشیدگی ہوتاہے، کسی کو اجازت نہیں جومذہبی جذبات کوٹھیس پہنچائے، وزیراعظم نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔

    پاک فوج ہیڈکوارٹر کے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان نےجی ایچ کیو کا دورہ کیا ، جہاں انھیں جی ایچ کیومیں حساس معاملات پربریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے واضح کیا ہے فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے اور وزیراعظم نے کہا تمام چیلنجز سے تن تنہا نہیں نمٹا جاسکتا، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزیراطلاعات نے کہا حکومت کا کام ہے، پالیسی بنائے تو تمام ادارے اسٹیک ہولڈرہوں، پی ٹی آئی حکومت اور دیگرحکومت کی پالیسی میں فرق ہوگا، حکومت کی پالیسی ریاست کی پالیسی ہوگی، نوازشریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائیں گے۔

    پاک بھارت تعلقات سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، فائدہ کسی کا نہیں ہوگا،بھارت معاہدہ کرے غربت کیخلاف جنگ کرتے ہیں، بھارت کےساتھ تعلقات کومعمول پر لانا اہم ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرکےبغیرخطےمیں استحکام ممکن نہیں،

    انھوں نے مزید کہا ایران برادر ملک ہے، وزیرخارجہ دورےپرآئےہوئے ہیں اور چین کے ساتھ ہمارے معاشی رشتےکوبرقراررکھیں گے، یہ نہیں ہو سکتا ہے، امریکا کیلئے چین سے تعلقات ختم کردیں، پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ممالک سے بہترین تعلقات چاہتاہے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا وزیراعظم کا خواب ہے ایشیامیں غربت کاخاتمہ کیاجائے، فن کاروں کیخلاف غلط زبان استعمال نہیں کی جانی چاہیے، تاریخ میں پہلی بار تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا وزیرخارجہ نے ہالینڈ کے ہم منصب سےرابطہ کیا، ہالینڈ کے وزیرخارجہ کو کہا گیا توہین آمیز خاکے ناقابل برداشت ہیں، معاملے کو فوری طور پر رکوائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا جاپان کے ساتھ تعلقات میں مزیدمضبوطی لائیں گے، جاپانی سرمایہ کاروں کوپاکستان کی طرف راغب کرینگے، ہم تو چاہتے ہیں امریکا اور روس بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔

    افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا افغانستان کے معاملے میں پیچیدگیاں ہیں سادہ نہیں، افغانستان میں امریکا،روس اور ایران کے مفادات ہیں، ہم افغانستان میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔

  • فواد چوہدری کا نوازشریف کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار

    فواد چوہدری کا نوازشریف کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری نے نوازشریف کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نوازشریف کی جلدصحتیابی کےلئےنیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ بیگم کلثوم نواز کو بھی مکمل صحت عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ رات اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد پمز اسپتال منتقل کرکے شعبہ امراض قلب کے پرائیویٹ روم میں داخل کردیا گیا تھا۔

    نواز شریف کا پمز کارڈیک سینٹر میں ابتدائی طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا جبکہ دل اور گردوں کے ٹیسٹ آج صبح کیے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں : نوازشریف اڈیالہ سے پمز اسپتال منتقل، شعبہ امراض قلب کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار


    دوسری جانب پمز شعبہ امراض قلب کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار دے دیا گیا، سب جیل کا نوٹیفکیشن چیف کمشنر اسلام آباد نے جاری کیا۔

    پنجاب کے نگراں وزیرداخلہ شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کودودن ہسپتال میں رکھا جائے گا، انتظامیہ اورپولیس کوالرٹ رہنےکی ہدایت کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف نے پاکستان کےساتھ دشمنی کی، بیان بہت خطرناک ہے، فواد چوہدری

    نوازشریف نے پاکستان کےساتھ دشمنی کی، بیان بہت خطرناک ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی، بیان بہت خطرناک ہے، نوازشریف کا بیان بین الاقوامی سازش اور بھارتی ایما پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے بیان پر کہا کہ نوازشریف نے جو متنازع بیان دیا اس سے پہلے کسی نے نہیں دیا، سابق وزیراعظم کا بیان بہت خطرناک ہے، نوازشریف نے پاکستان کے ساتھ دشمنی کی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، کلبھوشن پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلارہاتھا، نواز شریف کا بیان بین الاقوامی سازش اور بھارتی ایما پر ہے، بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک قراردینا چاہتا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ ورکرز نوازشریف کےبیان پرسخت نالاں ہیں، کل کے بیان کے بعد ن لیگ کے بہت لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا۔

    یاد رہے آج صبح احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے اخبارمیں شائع انٹرویو کا مخصوص حصہ پڑھ کرسنایا اورکہا کہ حق بات کہوں گا چاہے کچھ بھی سہنا پڑے، میں نے ایسا کیا کہا ہے، کون سی غلط بات کی۔


    مزید پڑھیں : حق بات کہوں گا چاہے کچھ بھی سہنا پڑے‘ نوازشریف


    نواز شریف کا کہنا تھا کہ کہا کہ کہا جا رہا ہے بھارت کی طرف سے شواہد نہیں دیے گئے، ہمارے پاس بھی کم شواہد نہیں ہیں، بہت شواہد ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ 50 ہزار لوگ شہید ہوئے ہیں، سیکورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں نے قربانیاں دیں، میں کئی سالوں سے کہتا آرہا ہوں کہ اتنی قربانیاں دی ہیں لیکن دنیا میں ہمارا بیانیہ نہیں سنا جا رہا۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ملوث تھیں، یہ لوگ ممبئی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔

    جس کے بعد نواز شریف کے متنازعہ بیان کو بھارتی میڈیا نے بھارت کی فتح قرار دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کواہم عہدےسےہٹائیں،فوادچوہدری

    وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کواہم عہدےسےہٹائیں،فوادچوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کو اہم عہدے سے ہٹائیں، اشتہاری شخص کو قومی خزانے پر بٹھایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری شخص کوقومی خزانے پر بٹھایا گیا تھا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کواہم عہدے سے ہٹائیں، احتساب کےعمل کی طرف بڑھیں ہیں۔

    رہنماپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل شروع ہوتے ہی اسحاق ڈاراشتہاری ہوگئے، نوازشریف کے بچے بھی ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ کہ اسحاق ڈار بستر سے نہیں اٹھ سکتے مگر لیگی کمیٹی کے ممبرہیں، نئی کمیٹی میں 27لوگ شامل ہیں ان میں 6لوگ گھر کے ہیں۔


    مزید پڑھیں : آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس ، اسحاق ڈار اشتہاری قرار


    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیدیا اور اسحاق ڈار کے ضامن کو50لاکھ روپے زرضمانت3دن میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زرضمانت جمع نہ کرانے پر جائیداد ضبط کرلی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔