Tag: فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

  • فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست، عدالت نے نوٹس جاری کردیا

    فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست، عدالت نے نوٹس جاری کردیا

    لاہور: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ’نیب نے پی ایل ڈی سی کرپشن کیس میں فواد حسن فواد کو گرفتار کیا اور بعد میں  آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام عائد کر کے دوبارہ حراست میں لے لیا‘۔

    مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ کیس: فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز طلب

    فواد حسن فواد کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایک کیس کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتاری نیب قوانین کی خلاف ورزی ہے، میرے مؤکل کی گرفتاری سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جو بنیادی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد حسن فواد کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔

    یاد رہے کہ 5 جولائی کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، فواد حسن فواد پوچھ گچھ کے دوران تفتیشی افسران کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکے جس کے بعد انہیں قومی احتساب بیورو نے گرفتار کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

    بعد ازاں اگلے ہی روز نیب نے فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے جج نے منظور کرلیا تھا۔

    قومی احتساب بیورو نے فواد حسن فواد پرعائد کرپشن الزامات کی چارج شیٹ بھی جاری کی تھی، جس میں ان پر بطور سیکریٹری صحت موبائل اسپتال خریداری میں بڑے پیمانے پربے ضابطگیوں، وزیراعلی کے سیکٹریری کے طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کا الزام تھا۔

  • نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

    نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

    لاہور: احتساب عدالت کے حکم پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت سے درخواست کی تھی کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

    احتساب عدالت نے 21 جولائی کو نیب کی درخواست پر فواد حسن فواد کا دوسری مرتبہ 14 دنوں پر مشتمل جسمانی ریمانڈ دیا تھا، جس کے اختتام پر عدالت نے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    خیال رہے کہ نیب کی درخواست پر احتساب عدالت دو مرتبہ فواد حسن فواد کا جسمانی ریمانڈ دے چکی ہے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں نیب کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر نیب نے انھیں 5 جولائی کو گرفتار کر لیا تھا۔

    واضح رہے کہ ملزم فواد حسن فواد نے بہ طور سیکریٹری امپلیمینٹیشن پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طاہر خورشید کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کیے اور سرکاری طور پر کنٹریکٹ حاصل کرنے والے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکا معطل کرایا۔

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ، فواد حسن فواد مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    نیب کے تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے کاسا کمپنی کو ٹھیکا دلانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، جس کی بنا پر حکومت کو 60 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا جب کہ فواد حسن فواد کی وجہ سے پراجیکٹ کی قیمت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہوا۔

    ملزم فواد حسن فواد کا مؤقف ہے کہ انھوں نے کسی کمپنی کا ٹھیکا منسوخ کیا نہ کسی نئی کمپنی کو دیا، آشیانہ اقبال ٹھیکے میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے حکم پر انکوائری کا حکم دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔