اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں سوشل میڈیا قوانین پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے بیان کو سمجھ سے بالا تر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پابندیوں سے ڈیجیٹل اکانومی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
ایلز ویلز کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پابندی پاکستان کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی بدقسمتی کی بات ہوگی، انتہائی متحرک سیکٹر میں مقامی جدت کو روکنا اچھا شگون نہیں، سوشل میڈیا اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان میں سوشل میڈیا پابندیوں کو دھچکا قرار دے دیا
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے، برطانیہ اور سنگاپور میں سوشل میڈیا کے قوانین کیوں آ رہے ہیں؟
فوادچوہدری نے کہا کہ پوری دنیامیں سوشل میڈیا کو ریگولرائز کیا جا رہاہے، سوشل میڈیا کو ریگولرائز کرنےکی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں بلکہ قانون لانےکا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔