Tag: فواد چوہدری

  • پارٹی چھوڑنے والوں  کیخلاف کارروائی ہوگی اور نااہلی بھی تاحیات ہوگی، فواد چوہدری

    پارٹی چھوڑنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی اور نااہلی بھی تاحیات ہوگی، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منحرف ارکان کو خبردار کیا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے اراکین کیخلاف کارروائی ہوگی اور نااہلی بھی تاحیات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منحرف ارکین کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک پارٹی چھوڑنے اور دوسری میں جانے کیلئے قانون موجود ہے، اسپیکر کو پارٹی سربراہ کے خط کے بعد رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اراکین نے خود کہہ دیا ہے انہوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے، ان اراکین کیخلاف کارروائی ہوگی ،نااہلی بھی تاحیات ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نےغریب کے پیسے لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے بھیجے، سندھ میں پینے کا پانی نہیں، صحت نظام کا برا حال ہے، سندھ کے حکمران خرید و فروخت میں لگے ہوئے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں اس کیلئے خرید و فروخت آسان ہے، بینظیر کیخلاف عدم اعتماد آئی تو وسائل کا استعمال کرکے ناکام بنائی گئی تھی۔

  • فواد چوہدری کا شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

    فواد چوہدری کا شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

    اسلام آباد: فواد چوہدری نے شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کے خلاف آرٹیکل 63 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، انھوں نے آئین سے ماورا نظام لانے کی بات کی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا شہباز شریف کا بیان اپوزیشن لیڈر کے حلف کی خلاف ورزی ہے، اسپیکر اسمبلی کو شہباز شریف کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

    وفاقی وزیر نے سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی کہ شہباز شریف کے بیان کا نوٹس لیا جائے، اور سپریم کورٹ شہباز شریف کو طلب کر کے باز پرس کرے۔

    تاہم انھوں نے سپریم کورٹ اور اسپیکر اسمبلی سے ایکشن کے مطالبوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ شہباز شریف شیخ چلی کے خواب دیکھ رہے ہیں، اور کسی کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

    ‘تحریک عدم اعتماد میں پیسوں کا عمل دخل ہے تو مجرم ہوں’

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت کی تجویز دی ہے، انھوں‌نے کہا پی ٹی آئی کے بغیر پانچ سال کے لیے قومی حکومت بنائی جائے۔

    فواد چوہدری نے کہا اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، فضل الرحمان کو صدر لگا کر عوام نے شرمندہ نہیں ہونا اور شہباز شریف کا اس جنم میں وزیر اعظم بننا مشکل ہے۔

    انھوں نے کہا سارے جوکر ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں، اپوزیشن کو نہیں پتا کہ ملک کا نظام کیسے چلتا ہے، عدم اعتماد میں حال دیکھیں، فضل الرحمان اسمبلی ممبر بھی نہیں، اپوزیشن بالکل مایوس ہو چکی ہے، اور اب بونگیاں مار رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا اپوزیشن خود کہتی تھی کہ لوگوں میں نکل کر دیکھیں، جب لوگوں میں نکلے ہیں تو اب انھیں تکلیف ہو رہی ہے، عمران خان سے واسطہ پڑا ہے ن لیگ کی گھبراہٹ لازمی ہے۔

  • جاوید لطیف کا  ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف، فواد چوہدری کا الیکشن کمیشن سے  نوٹس لینے کا مطالبہ

    جاوید لطیف کا ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف، فواد چوہدری کا الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاویدلطیف کے ہارس ٹریڈنگ کے اعتراف کے بعد الیکشن کمیشن سے نوٹس لینےکا مطالبہ کردیا‌۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جاوید لطیف نے کھلے عام اعتراف کیا کہ ن لیگ ہارس ٹریڈنگ کررہی ہے، مسلم لیگ ن یہ سب عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے کررہی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جاویدلطیف کے ہارس ٹریڈنگ کے اعتراف جرم کےبعد الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کرنی چاہئے مگرالیکشن کمیشن کو نون کی نظر لگ گئی، انھیں صرف پی ٹی آئی نظر آرہی ہے۔

    یاد رہے مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو آئینی طریقے سے گرانے کے لیے ہارس ٹریڈنگ کررہے ہیں۔

    جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ بہت برا کیا گیا الیکشن چرا کر ہم اس سے کم برا کر رہے ہیں۔

  • ‘عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا، فواد چوہدری کی وارننگ

    ‘عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا، فواد چوہدری کی وارننگ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا عدم اعتماد کے ووٹ پر مخالف صورتحال ہوگی۔

    اسلام آباد ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے جلسے کو تحریک عدم اعتماد پر ’’چھوٹا سا ریفرنڈم‘ قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہعدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا اور ووٹ ڈالنے کے بعد بھی اسی مجمع سے گزرنا ہوگا۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کی کال پر 10 لاکھ سے زائد لوگ جلسہ عام میں شرکت کریں گے، یہ جلسہ ڈی چوک پر اسمبلی گیٹ کے سامنے ہوگا اور پوزیشن دیکھے گی کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں۔

    موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فواد نے کہا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے کیونکہ اس سے سیاست میں تلخی آئی ہے اور خدشہ ہے بڑھتی ہوئی سیاسی صورتحال ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

  • ‘اطہر من اللہ نے پاکستان کی خوش حالی کی طرف بڑا قدم اٹھا لیا’

    ‘اطہر من اللہ نے پاکستان کی خوش حالی کی طرف بڑا قدم اٹھا لیا’

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹیکسز کے زیر التوا کیسوں سے متعلق اطہر من اللہ نے کچھ تجاویز دی ہیں، پاکستان کی خوش حالی کی طرف انھوں نے بڑا قدم اٹھایا ہے، امید ہے باقی عدالتیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کی تقلید کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی زیر صدارت ٹیکس کے زیر التوا کیسوں پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، چیئرمین ایف بی آر، اٹارنی جنرل، سیکریٹری قانون نے شرکت کی، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا چیف جسٹس نے ٹیکسز کے متعلق کیسز کے حوالے سے مشورے دے ہیں، میں ان کے اقدام کو سراہتا ہوں۔

    فواد چوہدری نے کہا بہت سارے معاملات پر چیف جسٹس سے بات ہوئی، اطہر من اللہ ملک کے چند نامی گرامی چیف جسٹسز میں سے ایک ہیں، انھوں نے پاکستان کی خوش حالی کی طرف بڑا قدم اٹھایا ہے، امید ہے پاکستان کی باقی عدالتیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کی تقلید کریں گی، اور اطہر من اللہ کے طریقے سے کیسز چلائیں گی۔

    انھوں نے کہا ٹیکسز کے حوالے سے 233 ارب کے کیسوں میں 13 کیس ایسے ہیں جو اہمیت کے حامل ہیں جن میں پیسا زیادہ ہے، اور یہ پورے ملک کا پیسا ہے کسی ایک کا نہیں، لیکن بہت سے معاملات میں ایف بی آر اپنے وکلا کے تکنیکی مسائل کے باعث پھنسا ہوا ہے، ہم چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے دی گئیں تجاویز سے بھی استفادہ کریں گے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا گزشتہ کابینہ اجلاس میں بھی میں نے یہ بات کی تھی کہ ایک فورم ہونا چاہیے جہاں حکومت اور عدالت کے مسائل کے لیے تبادلہ خیال ہو سکے، وہ فورم چیف جسٹس نے فراہم کر دیا ہے، بہت جلد وزیر اعظم خوش خبری سنائیں گے۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، فواد چوہدری دفاع کیلئے میدان میں آگئے

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، فواد چوہدری دفاع کیلئے میدان میں آگئے

    اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہو تو حکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے؟

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا اپوزیشن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پرتنقیدکر رہی ہے، کسی بھی تنقیدکااہم پہلویہ ہوتاہےکہ آپ متبادل دیتےہیں۔

    فواد چوہدری نے سوال کیا کہ عالمی منڈی میں تیل مہنگاہوتوحکومت قیمت کیسے نہ بڑھائے ؟ کوئی جادوکاچراغ ہےتو بتا دیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز فاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ قیمت بڑھ گئی ہےتو پٹرول کم استعمال کریں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو زندگی پہلے جیسی نہیں گزار سکتے ، حکومت کس کس چیزکوسبسڈائزکرے، حکومت کی ترجیح کھانےپینےکی چیزوں پرسبسڈی ہے، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں 95 ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، حکومت اس میں کوئی ٹیکس نہیں ڈال رہی.

  • اسکول، تھانہ اور منبر کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں: فواد چوہدری

    اسکول، تھانہ اور منبر کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بارہا نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی ہے، اسکول، تھانہ اور منبر اگر ان تین کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کا بھی ہے اور سماج کی تنزلی کا بھی، اسکول، تھانہ اور منبر اگر ان تین کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں۔

  • پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں: فواد چوہدری

    پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے چائنہ اکنامک نیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے، منصوبے کا مقصد پاکستان کو جدید آلات میں خود کفیل بنانا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ چین کے لیے بھی اہم ہے۔ چاہتے ہیں کہ چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں، پاکستان کو سیمی کنڈیکٹرز مینو فیکچرنگ کا مرکز بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیمی کنڈیکٹر ڈیزائننگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، چینی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی زون کو سیمی کنڈیکٹرز زون میں بدل دیا جائے گا، سائنس و ٹیکنالوجی کا بہت بڑا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک تعاون کر سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں، صحت کے شعبہ میں آلات کے حوالے سے دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا کے سامان کے حوالے سے بڑا برآمد کنندہ ملک ہے، پاکستان کے پاس ہنر مند لیبر اور ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ امید ہے چینی ٹیک کمپنیاں ٹیکنالوجی زون میں ہماری مدد کریں گی۔

  • فواد چوہدری  کا  بل کی منظوری میں بلواسطہ ساتھ دینے پر یوسف رضا گیلانی کا شکریہ

    فواد چوہدری کا بل کی منظوری میں بلواسطہ ساتھ دینے پر یوسف رضا گیلانی کا شکریہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بل کی منظوری میں بلواسطہ ساتھ دینے پر یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تنہا عمران خان کے سامنے پوری اپوزیشن ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن کی شکست میں ایک اور اضافہ ہوا، اپوزیشن قومی اسمبلی میں عدم اعتماد لانے کاخواب دیکھ رہی تھی، اب سینیٹ میں نام نہاد اکثریت کے باوجود اپوزیشن کو شکست ہوئی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت اور روپے کی قدرمیں استحکام آئےگا، آئی ایم ایف سےمعاہدےمیں کریڈٹ ریٹنگ بہترہوجاتی ہے، یہ خواب ان کاوہاں بھی پورانہیں ہواجہاں انکی نام نہاد اکثریت ہے، میں نے پہلے کہا تھا نہ تیر چلے گا نہ تلوارمیرے بازوآزمائے ہوئے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں لفٹ نہ کرایاجائےتوانکی سیاسی پالیسی نہیں ہے، اس بری شکست کے بعد اپوزیشن سکون سےہوگی اور کچھ دن اچھےنکل جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کی شکست نے اپوزیشن کی سیاسی تباہی پرمہرلگادی، اپوزیشن چوں چوں کامربہ ہے، منتشر اپوزیشن کی ناکارہ حکمت عملی پرایک اور شکست ان کا مقدربنی۔

    اپوزیشن کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ تنہا عمران خان کے سامنے پوری اپوزیشن ڈھیر ہوگئی، ن لیگ میں لیڈرشپ کی لڑائی جاری ہے، اسی طرح پیپلز پارٹی میں کسی کوپتانہیں کیابات کرنی ہے اور فضل الرحمان ریلوکٹےہیں کبھی ن لیگ پکڑلیتی ہے توکبھی کوئی۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اورپی ٹی آئی نےایک بارپھرسینیٹ میں برتری ثابت کردی، سینیٹ سے جوبل آج پاس ہوااس پرقوم کومبارک باددیناچاہتاہوں ، اب اسٹیٹ بینک آزادادارہ ہوگا اسے سیاسی دباؤ سے آزاد کیاہے۔

    عمران خان سے متعلق انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ لاہور کے 2 بنیادی مقصدہیں، راوی پراجیکٹ سےمتعلق پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائرکردی، لاہور کے ساتھ نیا شہر بسایا جارہا ہے، ہائی کورٹ نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کوحق ہےکہ وہ نئےشہربسائے، پالیسی فیصلوں میں جب عدالتیں گئیں اس کا فائدہ نہیں ہوا، جب بھی عدالت نے اختیار سے تجاوز کیا ملک کو نقصان ہوا، پارلیمنٹ کا اختیارپارلیمنٹ اور جوڈیشری کاجوڈیشری کےپاس رہنا چاہئے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نئے پاکستان کا خواب شخصیات پر مبنی نہیں ہے، نئےپاکستان کاخواب وہ ہےجولوگوں نےدیکھےہیں، نئے پاکستان کےلئے لائحہ عمل شخصیات سے بڑھ کر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلی بارٹاپ لیول پرایسی حکومت آئی جس پرکوئی کرپشن کاالزام نہیں لگا، جوپالیسی ہم لائےاس نےپاکستان کوگیم چینجر بنا دیا ہے، یوسف گیلانی کا شکریہ کہ اس بل کی منظوری میں حکومت کاساتھ دیا۔

    نوازشریف سےمتعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف خود واپس نہیں آرہے انہیں لایاجارہاہے ، پورےلندن میں کوئی ریسٹورنٹ ایسانہیں جہاں نوازشریف نہ گئےہوں، اب انہیں لگ رہاہے کہ وہاں کی عدالتیں سہارا نہیں دں گے۔

    وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ شاہدخاقان،ن لیگ کےکچھ دوست نوازشریف کیخلاف عدم اعتمادلانےکاارادہ رکھتےہیں، نوازشریف کیلئے کوٹ لکھ پت جیل میں نئے باتھ روم کمرے تیار کیے ہیں۔

  • حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا

    حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا تعلیمی اداروں یا باقی جگہوں کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا ملک میں کچھ بھی بند نہیں ہوگا، اس سلسلے میں غلط فہمی نہ پھیلائی جائے، پاکستانی معیشت اس کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

    دریں اثنا، ملک میں ویکسینیشن کا ایک اور سنگ میل عبور ہو گیا ہے، 10 کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی کم ازکم ایک ڈوز اور ساڑھے 7 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی۔

    کورونا ویکسینیشن ، پاکستان نے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ابھی کام مکمل نہیں ہوا ہے، ہمیں ویکسین لگانے کی رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر شدت آنے لگی ہے، اور گزشتہ ایک دن میں 1400 سے زائد کیسز اور 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جب کہ کئی شہروں میں اومیکرون ویرینٹ بھی پھیلنے لگا ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا صورت حال کی تازہ اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 43 ہزار 540 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک ہزار 467 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس دوران کرونا کے ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 3.33 فی صد ہوگئی۔